Tag: سابق صدر پرویز مشرف

  • سابق صدر پرویز مشرف کا آج ازسر نو مکمل چیک اپ کیا جائے گا

    سابق صدر پرویز مشرف کا آج ازسر نو مکمل چیک اپ کیا جائے گا

    خصوصی عدالت کے حکم پر سابق صدر پرویز مشرف کا آج ازسر نو مکمل چیک اپ کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اے ایف آئی سی کی انتظامیہ عدالتی حکم کی روشنی میں آج صدر کا ازسرنو مکمل چیک اپ کرے گی، ڈاکٹروں کی ٹیم میں اس دفعہ نئے اور سنئیر ڈاکٹر بھی شامل ہونگے۔

    سابق صدر کو عکسری ادارہ امراض قلب داخل ہوئے انیس دن گزر گئے ہیں تاہم اس کے باوجود ڈاکٹرز کی ٹیم تاحال سابق صدر کا علاج اندرون یا بیرون ملک کرانے کے لیے کوئی حتمی رائے قائم نہیں کرسکی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران خصوصی عدالت نے اے ایف آئی سی انتظامیہ کو سابق صدر پرویز مشرف کا ازسر نو مکمل چیک اپ کرانے اور چوبیس جنوری کو ان کی صحت کے حوالے رپورٹ عدالت میں جمع کرانے احکامات جاری کیے تھے۔

    ذرائع کے مطابق سابق صدر طبیعت میں بہتری کے باعث اپنے وکلا اور رشتے داروں سے بھی ملاقاتیں کرنے لگے ہیں۔

     

  • عبدالرشیدغازی قتل کیس:مشرف یکم فروری کو عدالت طلب

    عبدالرشیدغازی قتل کیس:مشرف یکم فروری کو عدالت طلب

    خصوصی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے بعد عبد الرشید غازی قتل کیس کی سماعت کرنے والے ایڈیشنل سیشن جج نے بھی پرویز مشرف کو عدالت میں طلب کرلیا، ساتھ ہی کہا وہ نہیں آسکتے تو طبی رپورٹ پیش کریں۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی آج کل کئی عدالتوں میں پکار پڑرہی ہے، اور مشرف کے وکیل ہیں کہ کہیں استثنیٰ کی بات کرتے ہیں تو کہیں بیماری کی۔

    عبدالرشید غازی کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کی، جس میں شہداء فاونڈیشن کے وکیل طارق اسد کو دھمکیاں دینے کے خلاف درخواست عدالت میں جمع کروائی گئی۔

    عدالت نے درخواست کی نقل ایس ایس پی اسلام آباد کو بھجواتے ہوئے انہیں یکم فروری کو طلب کرلیا اور ساتھ ہی حکم دیا کہ پرویز مشرف آئندہ سماعت پر حاضر ہوں۔

    مشرف کے وکیل نے کہا کہ وہ بیمار ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے ، وکیل کی دلیل پر عدالت نے کہا کہ مشرف بیمار ہیں تو ان کے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں پیش کئے جائیں، مقدمے کی آئندہ سماعت یکم فروری کو ہوگی۔

  • پرویزمشرف کی انٹرا کورٹ اپیل کیلئے قائم عدالتی بینچ تحلیل

    پرویزمشرف کی انٹرا کورٹ اپیل کیلئے قائم عدالتی بینچ تحلیل

    سابق صدر پرویز مشرف کی انٹرا کورٹ اپیل کیلئے تشکیل اسلام آباد ہائی کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے بنچ سے علیحدگی اختیار کرلی۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

    دوران سماعت جسٹس شوکت نے  بنچ سے اپنی علیحدگی اختیارکرنے کا فیصلہ سنایا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس میں کہا کہ عدالتوں نے سابق صدر پرویز مشرف کو ریلیف دیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مشرف کا نظر بندی کیس میں انھوں نے فیصلہ سنایا تھا، اس لیے وہ یہ مقدمہ نہیں سن سکتے، جسٹس شوکت کے بینچ سے علیحدہ ہونے کے بعد بینچ کی تشکیل نو کیلئے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیجوا دیا گیا، جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر پرویز مشرف کے وکلا بھی اعتراض کر چکے تھے۔
       

  • مشرف غداری کیس کی سماعت آج ہوگی، وارنٹ جاری ہونے کے امکانات

    مشرف غداری کیس کی سماعت آج ہوگی، وارنٹ جاری ہونے کے امکانات

    سابق صدر مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت آج ہوگی، سابق صدر پرویز مشرف آج بھی عدالت میں پیش ہوں گے یا پھر انہیں میڈیکل بنیاد پر پیشی سے استثنیٰ دے دیا جائے گا،عدالت آج کیا فیصلہ کرے گی، احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ آج بھی پرویز مشرف کی عدالت میں پیشی کا امکان کم ہے۔

    سابق صدر پرویزمشرف پہلی پیشی کے موقع پر عدالت جاتے ہوئے اچانک طبعیت خراب ہونے پر ملٹری اسپتال جا پہنچے، جس کے بعد سے اب تک سابق صدر اے ایف آئی سی میں زیرعلاج ہیں، عدالت میں سابق صدر کے وکلاء ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مشرف کیس کے خلاف اپنے دلائل پیش کریں گے۔

    سات جنوری کو خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران سابق صدر کی علالت سے متعلق میڈیکل رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کردی گئی، جسٹس فیصل عرب اور بینچ کے دیگر دو ارکان نے رپورٹ کا جائزہ لیا اور فریقین کے وکلا کو رپورٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ پر فیصلہ جمعرات سولہ جنوری کو سنایا جائے گا۔

    جسٹس فیصل عرب نے مشرف کے وکیل انور منصور سے استفسار کیا کہ مقدمہ توہین عدالت کا ہو یا آرٹیکل چھ کا، ملزم کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری کیے جا سکتے ہیں؟ جسٹس فیصل عرب کا کہنا تھا کہ وکیل صفائی کے مطابق اگر عدالت کو گرفتاری کا اختیار نہیں ہے تو ملزم صرف اس لیے حکم عدولی کرسکتا ہے کہ اسے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔

     

  • عدالت جاتے ہوئے پرویزمشرف کی طبیعت واقعی خراب ہوئی تھی، چوہدری نثار

    عدالت جاتے ہوئے پرویزمشرف کی طبیعت واقعی خراب ہوئی تھی، چوہدری نثار

    وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے تصدیق کردی، سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت جاتے ہوئے طبعیت واقعی خراب ہوئی تھی، اے ایف آئی سی پرویز مشرف کے اسٹاف کا اپنا انتخاب تھا۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ عدالت جاتے ہوئے پرویز مشرف کی طبیعت گاڑی میں واقعی خراب ہوئی تھی۔

    ان کی گاڑی میں موجود ایس پی سیکیورٹی نے انھیں اسلام آباد کے تین اسپتالوں میں لے جانے کا کہا۔ لیکن مشرف کے اسٹاف نے انھیں اے ایف آئی سی لے جانے کا کہا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی اہلیہ نے ان کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے درخواست دی تھی،  لیکن مشرف جب تک عدالت میں پیش نہیں ہوجاتے ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ طالبان کیے ساتھ امن مذاکرات پہلی ترجیح ہیں، طالبان سے مذاکرات اورآپریشن دونوں ہی مشکل کام ہیں، طالبان گروپس کسی ایک مقام پر نہیں، آپریشن کریں توکہاں کریں، امن مذاکرات پر تنقید کرنے والے مسئلے کا پائیدار حل بھی بتادیں، وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ مذاکرات کا جواب گولی سے دینے والوں کیخلاف جنگ کی جائے گی۔
        
       

  • سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بتدریج بہتری

    سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بتدریج بہتری

    راولپنڈی اے ایف آئی سی میں زیر علاج سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بتدریج بہتری آرہی ہے لیکن اب تک انھیں اسپتال سے فارغ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    سابق صدر پرویز مشرف کی صحت کے بارے میں میڈیکل بورڈ نے جو رپورٹ عدالت میں پیش کی تھی اسکے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔

    دل کی شریان بند ہونے سمیت ذہنی دباؤ ،گردن اور جبڑوں میں درد اور بائیں کندھے میں تکلیف شامل تھیں، انہیں اے ایف آئی سی میں انتہائی اعلیٰ طبی امداد دی گئی جس پر گزشتہ رات میڈ یکل بورڈ نے مختلف ٹیسٹ کیے جن کا موزانہ آج صبح کیے گئے ٹیسٹ کی رپورٹ سے کیا گیا جس میں بتدریج بہتری پائی گئی ہے۔

    میڈیکل بورڈ نے پرویز مشرف کو دس ہفتوں سے زائد ادویات استعمال کرنے کا مشورہ دیا لیکن میڈیکل بورڈ نے اس بات کا فیصلہ نہیں کیا کہ پرویز مشرف کو اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے یا نہیں اس پر میڈیکل بورڈ کے درمیان مشاورت جاری ہے ۔
           

  • پرویزمشرف کی عدالت طلبی کیخلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد

    پرویزمشرف کی عدالت طلبی کیخلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد

    خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت طلبی کے خلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد کردی۔

    جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی،  فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت نے سولہ جنوری کو پرویز مشرف کو طلب کر رکھا ہے، عدالت کے پاس اختیار نہیں کہ وہ اپنے کسی حکم کو تبدیل کرسکے۔

    سابق صدر کے وکلاء نے پیشی کے حکم کے خلاف امتناع کی درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی دائرہ اختیار پر فیصلہ کیا جائے، خصوصی عدالت کے رجسٹرار نے تین رکنی بنچ کا فیصلہ جاری کیا۔

    جس میں کہا گیا ہے پرویز مشرف اس حوالے سے عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کر سکتے تھے لیکن یہ نظر ثانی کی درخواست نہیں ہے، اس لئے یہ قابل سماعت بھی نہیں رہی ۔