Tag: سابق وزیراعظم

  • عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے: نواز شریف

    عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے: نواز شریف

    سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے ملاقات کی، اس موقعے پر نواز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وفاقی وزیر توانائی کو مبارک دی۔

    سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہوتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی آسان کام نہیں تھا لیکن اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے ہو رہے ہیں۔

    نواز شریف نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتاہوں، عوام کی آسانی میرے دل کا سکون ہے، ن لیگ نے عوام کے ریلیف، ملک کی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور ریلیف دینا ملکی خدمت ہی ہماری روایت ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے کہا کہ آپ کی رہنمائی میں وزیراعظم اور انکی ٹیم کامیاب ہوئی ہے، ساتھ ہی اویس لغاری نے نوازشریف کو توانائی شعبے میں اصلاحات سے آگاہ کیا۔

    اویس لغاری نے اوپن مارکیٹ کے قیام سے بجلی مزید سستی کرنے سے متعلق آگاہی دی اور بجلی چوری،گردشی قرض سے مستقل نجات پر اقدامات سے آگاہ کیا۔

  • بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم کا ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ

    بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم کا ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ

    بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم اور نیشنل پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا اور نے ملک میں فوری عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    بنگلہ دیش کی معزول اور مفرور وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی سخت سیاسی حریف اور دو بار وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والی خالدہ ضیا نے عبوری حکومت سے ملک میں فوری عام انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے لندن میں علاج کے لیے مقیم سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا نے ملک میں کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر امید ہیں کہ محمد یونس کی سربراہی میں کام کرنے والی عبوری حکومت جلد اور بنیادی اصلاحیات کے بعد سب کے لیے قابل قبول الیکشن کرائے گی۔

    بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا جو 6 سال کے طویل عرصہ بعد پارٹی کارکنوں سے پہلا خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فاشسٹ حکومت کو طلبا اور آپ کی تحریک کے نتیجے میں بھاگنا پڑا۔ اس وقت ملک ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ رہنما پارٹی کو ملک اور تحریک دونوں کی قیادت کے لیے تیار کریں۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ فاشسٹوں کے دوست اور اتحادی انقلاب کی کامیابیوں کو نقصان پہنچانے کے لیے سازشیں کر رہے ہیں۔ ہمیں ان سازشوں کو اپنے اندر اور بنگلہ دیش کے عوام میں ناقابل تنسیخ اتحاد قائم کرکے ناکام بنانا چاہیے۔

    انہوں نے اپنے خطاب میں ملک میں فوری عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ خراب ہوتی امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے لیے متحد ہو جائیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس طلبہ احتجاج کے نتیجے میں 16 سال سے مطلق العنان حکمران شیخ حسینہ واجد اپنا اقتدار اور ملک چھوڑ کر اپنے دوست ملک بھارت فرار ہوگئی تھیں اور اب تک وہیں مقیم ہیں۔

    دوسری جانب حسینہ واجد کی معزولی کے بعد محمد یونس کی سربراہی میں قائم ہونے والی عبوری حکومت نے تمام سیاسی قیدیوں بشمول خالدہ ضیا کو رہا کر دیا تھا اور وہ اپنی رہائی کے بعد علاج کے لیے لندن چلی گئی تھیں۔

    عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے ملک میں اصلاحات کے لیے کئی کمیشن قائم کیے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کا دارو مدار سیاسی جماعتوں پر ہے کہ وہ کس پر متفق ہوتے ہیں۔ جب کہ انہوں نے اس بات کی جانب سے اشارہ کیا تھا کہ انتخابات رواں برس 2025 کے آخر یا 2026 کے اوائل میں ہوں گے۔

    بنگلہ دیش کی عبوری حکومت سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کے لیے بھارت سے مطالبہ کرچکی ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کر دیے ہیں۔ ان پر کئی سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/bangladesh-students-union-big-announcement/

  • یہ اسمبلی میرے لیے شرمندگی کا باعث رہی، سابق وزیراعظم

    یہ اسمبلی میرے لیے شرمندگی کا باعث رہی، سابق وزیراعظم

    سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 5 سال کے دوران ایوان میں جو کچھ ہوا سب کے سامنے ہے، یہ اسمبلی میرے لیے شرمندگی کا باعث رہی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر اسمبلی نامکمل ہوتی ہے، 5 سالوں کے دوران ایوان میں جو کچھ ہوا سب کے سامنے ہے، یہ اسمبلی میرے لیے شرمندگی کا باعث رہی۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں ایوان میں صرف 10 دن بات کر سکا، آخری ہفتے میں 40 بل منظور کیے گئے یہ باعث شرمندگی ہے، اسپیکرکو اس طرح کے کاموں کو روکنا چاہیے تھا۔

    انھوں نے کہا کہ تاثر ہے کہ تمام اسمبلی ارکان کرپٹ ہیں، اس اسمبلی کی تنخواہ سے گاڑی کا خرچہ پورا نہیں ہوتا، گزشتہ اسپیکر نے جتنا نقصان اسمبلی کو پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا، یہ ایوان واحد ادارہ ہے جوعوام پرٹیکس لگاتا ہے۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ ٹیکس منظورنہ کرے تو مہنگائی نہیں ہوتی، سوال ہونا چاہیے عوام پر ٹیکس لگانے والے خود ٹیکس دیتے ہیں؟ نیب نے ہر سوال مجھ سے کیا سوائے یہ کہ میں نے ٹیکس دیا یا نہیں.

  • الجزائر: عدالت نے سابق وزیر اعظم نورالدین کو قید کی سزا سنا دی

    الجزائر: عدالت نے سابق وزیر اعظم نورالدین کو قید کی سزا سنا دی

    الجزائر کی عدالت نے سابق وزیراعظم نورالدین بدوی کو بدعنوانی کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی افریقا کے ملک الجزائر کے سابق وزیراعظم نورالدین بدوی کو  عدالت نے بدعنوانی کے الزام میں سزا سنائی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیر صحت عبدالمالک کو بھی بدعنوانی کے الزام میں 5 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

     رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عدالت نے دونوں افراد کو 10، 10 لاکھ الجزائری دینار کا جرمانہ ادا کرنے کا بھی پابند کیا ہے۔

  • سابق وزیراعظم بھی کورونا وائرس کا شکار

    سابق وزیراعظم بھی کورونا وائرس کا شکار

    لاہور : سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی میں بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ، ان کے بیٹے قاسم گیلانی نے کہا عمران خان حکومت،نیب کاشکریہ،میرےوالدکی زندگی خطرےمیں ڈال دی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی،یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر والد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔

    قاسم گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عمران خان حکومت،نیب کاشکریہ،میرےوالدکی زندگی خطرےمیں ڈال دی جبکہ عوام سے اپنے والد کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

    خیال رہے یوسف رضاگیلانی کورونا وباکےدوران نیب عدالت میں پیش ہوئےتھے۔

    یاد رہے آج خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

    اس سے قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی، طاہرہ اورنگزیب اور مریم اورنگزیب کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد تمام رہنماؤں قرنطینہ میں ہیں۔

  • ایم کیو ایم وفد کی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات

    ایم کیو ایم وفد کی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی سے ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم وفد کے وفد نے خالد مقبول کی قیادت میں سابق وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں سندھ کی سیاسی صورت حال سمیت وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کی پالیسیوں پر مشترکہ حکمت عملی بنانے اور سندھ اور بلوچستان میں نئے صوبوں سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔

    اس سے قبل سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی نے سندھ ،بلوچستان میں نئے صوبے بنانے کی حمایت کی تھی۔

    ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے ہر اس جگہ بننے چاہئیں جہاں ضرورت ہو، ظفراللہ جمالی کے تجربے کی پاکستان کو ضرورت ہے۔

    دوسری جانب میر ظفر اللہ جمالی کا کہنا تھا کہ میں نے کراچی صوبے کی بات نہیں کی، جو بھی آتا ہے وہ کہتا ہے سرائیکی صوبے کی بات کرتے ہیں، ایک صوبے کا حل نہیں نکال سکتے ہیں تو سندھ، بلوچستان کا کیا کریں گے۔

  • ایل این جی ریفرنس ، سابق وزیراعظم  کےجوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع

    ایل این جی ریفرنس ، سابق وزیراعظم کےجوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع

    اسلام آباد:احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کےجوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں ایل این جی ریفرنس پر سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ریفرنس پر سماعت کی، سابق وزیر اعظم کو اڈیالہ جیل سے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

    جج اعظم خان نے کہا کچھ ملزمان کے مچلکے جمع نہیں ہوئے، شاہد اسلام کے وارنٹ جاری کئے، کیا پیش رفت ہوئی؟ جس پر نیب نے ملزم شاہد اسلام سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

    نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم شاہد اسلام خود پیش ہوئےنہ ہی کوئی وکیل آیا، ملزم کی ٹریول ہسٹری کی تفصیلات بھی رپورٹ کیساتھ منسلک ہے، ملزم پاکستان میں نہیں ہے، کس اورملک میں ہے،انکوائری جاری ہے۔

    جج نے کہا اس کو نوٹس کس ایڈریس پر کیا جائے،پوری دنیامیں تونہیں کرسکتے، تو نیب پراسیکیوٹر نے بتایا تلاش کاعمل شروع کردیا ،اس کے بعد واپس لانے کیلئے کارروائی کریں گے۔

    بعد ازاں احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کےجوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع کردی۔

    خیال رہے ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت 10 ملزمان نامزد ہے جبکہ مفتاح اسماعیل سمیت 3 ملزمان کو حاضری سےاستثنیٰ حاصل ہیں۔

    واضح رہے مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو 18 جولائی کو نیب نے ایل این جی کیس میں گرفتار کیا تھا، اس کے علاوہ 7 اگست کو ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد ہونے پر مفتاح اسماعیل کو بھی عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں اس وقت کے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ سابق وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں۔

  • غیرقانونی بھرتیوں کا کیس،  سابق وزیراعظم کو بری کردیا گیا

    غیرقانونی بھرتیوں کا کیس، سابق وزیراعظم کو بری کردیا گیا

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو گیپگو میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں بری کردیا، عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر راجہ پرویزاشرف سمیت8 افسروں کو بری کیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماراجہ پرویز اشرف کیخلاف گیپگومیں غیرقانونی بھرتی کیس کی سماعت ہوئی۔

    احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے گیپکوغیرقانونی بھرتیوں کےکیس کافیصلہ سنایا، فیصلے میں عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کوبری کردیا۔

    خیال رہے نیب نے گیپکو میں غیرقانونی بھرتیوں کاریفرنس 2016 میں دائرکیا تھا، ریفرنس میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8 ملزمان کو نامزد تھے۔

    احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بریت کی درخواست منظورہونےپرخوش ہوں، اللہ کی مہربانی سے آج ہمیں انصاف مل گیا۔

    راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ ایک ایسے مقدمے میں بری ہوا جس کا کوئی سر پیر نہیں ، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، اپنےکیسز پر عدالتوں میں لڑتے ہیں،عدالتوں سے نہیں لڑتے۔

  • نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلنے میں تاخیر

    نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلنے میں تاخیر

    لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نکلنے کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلنے میں تاخیر کا سامنا ہے جس کے باعث وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی ایل سے نام نکلنے پر نوازشریف لندن روانہ ہوں گے۔ جبکہ نوازشریف کی صحت کیسی ہے، ڈاکٹرز یا ن لیگی رہنما کچھ بتانے سے قاصر ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پیر کی صبح 9 بجکر 5 منٹ پر لندن کے لیے روانہ ہوں گے، نواز شریف قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 629 سے لندن کے لیے روانہ ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ 8 نومبر کو حکومت نے کہا تھا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنا محض ایک رسمی کارراوئی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا نام 48سے 72گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

    نواز شریف پیر کی صبح لندن روانہ ہوں گے، ذرائع

    سابق وزیراعظم نواز شریف نے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست دی تھی، درخواست نواز شریف کی فیملی کی جانب سے بیماری اور بیرون ملک علاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نوازشریف بیرون ملک علاج کے لئے جانا چاہتے ہیں۔

    یاد رہے کہ نواز شریف کو عدالت کی جانب سے 8 ہفتوں کے لیے طبی بنیادوں پر ضمانت پررہا کیا گیا ہے۔

  • سابق وزیراعظم کی فوری سرجری کا فیصلہ

    سابق وزیراعظم کی فوری سرجری کا فیصلہ

    اسلام آباد: نجی اسپتال میں زیرعلاج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی فوری سرجری کا فیصلہ کیا ہے ، شاہدخاقان عباسی کو گزشتہ 4سال سے ہرنیا کی تکلیف ہے جبکہ میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ مکمل کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طبعیت ناسازی کے باعث نجی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں شاہدخاقان عباسی کےعلاج کےلیےنجی اسپتال کامیڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا اور میڈیکل بورڈ نے سابق وزیراعظم کاطبی معائنہ مکمل کرلیا ہے۔

    میڈیکل بورڈ کی ہدایت پر شاہدخاقان عباسی کے ابتدائی ٹیسٹ مکمل کرلئے گئے ، جس کے مطابق ان کا شوگر، بلڈ پریشرلیول معمول کے مطابق ہے، جس کے بعد خصوصی میڈیکل بورڈ نےسابق وزیراعظم کے فوری آپریشن کی تجویز دی۔

    اسپتال زرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے ہرنیاکاآپریشن آج شام ہوگا، شاہدخاقان عباسی کوگزشتہ4سال سےہرنیاکی تکلیف ہے۔

    مزید پڑھیں : محکمہ داخلہ پنجاب نے شاہد خاقان عباسی کو نجی اسپتال منتقل کرنے کی منظوری دے دی

    خیال رہے گزشتہ روز پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم کی نجی اسپتال منتقلی کی اجازت دی تھی، مراسلے میں کہا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے لیے اسلام آباد کے نجی اسپتال منتقل کیا جائے، ان کی اسپتال منتقلی کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

    مراسلے کے مطابق شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد ڈاکٹرز کی مشاورت سے جیل منتقل کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کو ایل این جی کیس میں 26 ستمبر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا تھا، قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا۔ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں طلب کر رکھا تھا لیکن انہوں نے نیب میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے چند روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت کی جانب سے طبی بنیادوں پر دو ماہ کی ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی طبیعت خراب ہونے کے سبب اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔