Tag: سابق وزیر اعظم

  • بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم کو بڑا ریلیف مل گیا!

    بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم کو بڑا ریلیف مل گیا!

    بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم کو بڑا ریلیف مل گیا ہے اور عدالت نے انہیں کرپشن کے ایک مقدمے سے با عزت بری کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کےمطابق بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کو کرپشن کے ایک اور مقدمہ سے بری کر دیا ہے اور 2018 میں ہائی کورٹ کی جانب سے انہیں دی گئی سزاؤں کو بھی کالعدم قرار دیدیا ہے۔

    چیف جسٹس آف بنگلہ دیش کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے خالدہ ضیا کے ساتھ ان کے بیٹے طارق رحمان اور دیگر افراد کو بھی بری کر دیا ہے۔

    سابق وزیراعظم خالدہ ضیا اور ان کے بیٹے پر 2001 سے 2006 کے دوران غیر ملکی عطیات میں ایک لاکھ 73 ہزار ڈالر غبن کا الزام تھا۔ اس سے قبل انہیں گزشتہ سال 31. 5 ملین ٹکا کے کرپشن کیس میں بھی بری کر دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست میں طلبہ تحریک کے نتیجے میں بنگلہ دیش میں آنے والی تبدیلیوں اور شیخ حسینہ واجد کے 16 سالہ اقتدار کے خاتمے کے بعد جیل میں قید سیاسی اسیروں کو رہا کیا گیا تھا۔ ان میں سابق وزیراعظم اور حسینہ واجد کی سخت سیاسی حریف خالدہ ضیا بھی شامل تھیں۔

    خالدہ ضیا گزشتہ دنوں بغرض علاج بنگلہ دیش سے لندن گئی ہیں۔

  • کوئی صوبہ کسی صوبے کا پانی نہیں لے سکتا: شاہد خاقان عباسی

    کوئی صوبہ کسی صوبے کا پانی نہیں لے سکتا: شاہد خاقان عباسی

    سکھر: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کوئی صوبہ کسی صوبے کا پانی نہیں لے سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندھ کے عوام 6 کینالوں کے معاملے پر پریشان ہے، کوئی صوبہ کسی صوبے کا پانی نہیں لے سکتا۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کی باتیں پارلیمان کے اندر ہونی چاہیے، عوام اور ملک کی پرواہ کسی کو نہیں، آج ہر پاکستانی پریشان ہے، ملک میں نفاق ہوگا تو بیرونی مداخلت ہوگی، آج حکمرانوں کو صرف اپنے مفادات نظر آرہے ہیں۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جہاں انصاف نہ ہو وہاں نظام نہیں چل سکتا، اقتدار چھوڑ کر  آئے ہیں، اپنے مفادات کیلئے نہیں آئے، ن لیگ سے کوئی ناراضگی نہیں ہے جب ن لیگ نے اقتدار کو عزت دو کو اہمیت دی تو میں نے علیحدگی اختیار کی۔

    سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ملک میں تین جماعتیں اقتدار میں ہیں، منشور تمام جماعتوں کے پاس ہے مگر کوئی ڈیلیور نہیں کرتا، ہم مسائل کی بات نہیں حل کی بات کررہے ہیں، موقع ملنے کے باوجود انہوں نے کچھ نہیں کیا۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں تربیت ہورہی ہے اور ہر سیاستدان جیل جاتا ہے وہاں اچھی تربیت ہوتی ہے۔

  • ن لیگ کا ٹکٹ نہیں لیا اس کا مطلب ہے پارٹی میں نہیں ہوں: شاہد خاقان کا تہلکہ خیز انٹرویو

    ن لیگ کا ٹکٹ نہیں لیا اس کا مطلب ہے پارٹی میں نہیں ہوں: شاہد خاقان کا تہلکہ خیز انٹرویو

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کا ٹکٹ نہیں لیا اس کا مطلب ہے پارٹی میں نہیں ہوں۔

    سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اے آروائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ عام انتخابات میں ن لیگ کا ٹکٹ نہیں لیا اس کا مطلب ہے پارٹی میں نہیں ہوں، 35 سال  بعد ایک آدمی ٹکٹ نہ لے تو یہ غیر معمولی اور واضح  بات ہے اس کے پیچھے کوئی وجہ ہی ہوگی، شمولیت کے وقت بھی تقریب کی ضرورت نہیں تھی اور نہ آج چھوڑتے وقت ضرورت ہے۔

    شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا ٹکٹ نہ لینے کے بعد پارٹی کے کچھ دوستوں سے بات کی، حلقے کے لیے پارٹی ورکرز کے نام دیے اور کہا ان کو میں سپورٹ کروں گا لیکن ان ورکرز کو ٹکٹ نہیں ملے اور اب ن لیگی امیدوار کو سپورٹ نہیں کروں گا۔

    سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے فیصلے کے بعد میں آزاد ہوں، مجھ پر حلقے کا دباؤ تھا میں خود یا اپنے بیٹےکو آزاد الیکشن لڑاؤں، اگر ورکرز کھڑے رہے تو میں ان کی حمایت کروں گا، پارٹی ان کی ہے انہوں نے جو بہتر سمجھا فیصلہ کر دیا۔

    شاہدخاقان عباسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ آپ کیسے ایک جماعت سے انتخابی نشان لے سکتے ہیں، الیکشن ایک آئینی حق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست کرنی ہے، اگلا لائحہ عمل الیکشن کے بعد بتاؤں گا، میں جماعت بناؤں یا نہ بناؤں لیکن نئی جماعتیں بنیں گی، کیوں کہ خلا موجود ہے، نئی جماعت چند افراد کا گروپ نہیں ہوگا جو صرف الیکشن کے اردگرد پیدا ہوتا ہے۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ تینوں جماعتوں نے اپنی کارکردگی اور رویے سے نئی جماعت کیلئے خلا پیدا کیا، نئی جماعت ایسی ہوگی جو بڑے مقصد کے لیے ہو، بہت سے لوگوں نے رابطہ کیا اور میں اتفاق کرتا ہوں نئی جماعت ہونی چاہیے، یہ وہ جماعت نہیں ہوگی جو خاص مقاصد کے لیے بنائی جاتی ہے یا بنتی ہے۔

    شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ آئی پی پی، ق لیگ، پیٹریاٹ جیسے تماشے کا حصہ نہیں بننا چاہتا، تلوار کو تیر کردیا، شیر کے خلاف گائے کو کھڑا کر کے ایسی شکل بنائی کہ گائے شیر لگے، میرے خلاف گائے کو 12 ہزار ووٹ پڑ گئےجبکہ امیدوار کو کوئی جانتا نہیں تھا۔

    سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ہم نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، پرانی فائلیں نکال کرپھر وہی کام شروع کردیتے ہیں، آج کل ہر آدمی سوال کررہا ہے الیکشن ہوں گے یا نہیں حتٰی کہ امیدوار بھی پوچھتا ہے۔

  • ’خالدہ ضیاء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا‘

    ’خالدہ ضیاء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا‘

    سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو بنگلادیشی حکومت نے علاج کیلئے بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیشی حکومت نے اپوزیشن کی سب سے اہم رہنما اور دو مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز رہنے والی خالدہ ضیاء کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی۔

    حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے خالدہ ضیاء کی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے وکیل قیصر کمال نے کہا کہ 78 سالہ سابق وزیراعظم کو بیرون ملک جانے سے روکنا سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔

    خالدہ ضیاء کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگست کے اوائل سے خالدہ ضیاء جگر کی بیماری، سانس لینے میں دشواری اور ذیابیطس کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں، اس کے علاوہ انہیں دیگر بیماریاں بھی لاحق ہیں۔

    سابق وزیر اعظم کے اہل خانہ کی جانب سے گزشتہ ماہ حکومت خط لکھا گیا تھا کہ خالدہ ضیاء کو علاج کے لئے بیرون جانے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کا تسلی بخش علاج ہوسکے۔ تاہم حکومت کی جانب سے ان کی درخواست مسترد کردی گئی۔

    یاد رہے کہ بنگلادیش کی عدالت کی جانب سے 2008 میں خالدہ ضیاء کو بدعنوانی کے الزام میں 17 سال قید کی سزا سنائی گئی اور پھر انہیں گھر میں نظر بند رہنے سے قبل دو سال کیلئے جیل روانہ کردیا گیا تھا۔

  • سپریم کورٹ کو آسان کام بتانا چاہتا ہوں نیب کو ختم کرے، شاہد خاقان عباسی

    سپریم کورٹ کو آسان کام بتانا چاہتا ہوں نیب کو ختم کرے، شاہد خاقان عباسی

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو آسان کام بتانا چاہتا ہوں نیب کو ختم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کرنا غلط کام تھا۔

    لیکن ایسی مثال نہیں کہ جو کرپشن الزام میں ریمانڈ پر ہو اور اس کو بلاکر ضمانت دی جائے، صرف ضمانت نہیں بلکہ تین کمرے کا گیسٹ ہاؤس دیا گیا، اعلیٰ ترین عدالت ملزمان کو تحفظ فراہم کررہی ہے‘۔

    شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے نیب ریمانڈ بھی کاٹا اور جیلیں بھی تب عدالتیں کہاں تھیں؟، عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کابینہ کے فیصلے کے ذریعے معاملات کو حل کرنے میں دیدیا، پورے معاملے کی کوئی سمری نہیں، ریکارڈ میں کیا ہے کچھ نہیں پتہ۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان کو عدالتی احاطے سے گرفتار کرنا غلط تھا، سپریم کورٹ کو آسان راستہ بتاتے ہیں نیب کو ختم کردیا جائے، ہمارے خلاف بنائے گئے کیسز میں کوئی حقیقت نہیں، میں نے 100 پیشیاں بھگتی ہیں، عمران خان کیخلاف تفتیش نہیں ہونے دیتے۔

    شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان سامنے آئیں اور تفتیش کا سامنا کریں، یہ ممکن نہیں نواز شریف، شہباز شریف یوسف گیلانی کیلئے انصاف الگ ہو اور عمران خان کیلئے اور ہو، ہمیں پتہ ہے آج سپریم کورٹ کیا کرے گی۔

     انہوں نے مزید کہا کہ جب سپریم کورٹ نیب کے ملزموں کو خوش آمدید کرینگے تو کون یقین کرے گا، کیا دوسرے ملزمان عمران خان سے کم پاکستانی ہیں؟، ملزم کو خوش آمدید کہنا عدالت کا کام نہیں ہے۔

  • امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں غلامی نہیں چاہتے، عمران خان

    امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں غلامی نہیں چاہتے، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں غلامی نہیں چاہتے۔

    عمران خان نے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صحافیوں کے سوال کا جواب دیا، امریکیوں کے ساتھ میٹنگز ہونے کے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ 27  سال ہو گئے، ہم ہر ملک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ میں پانچ رکنی بینچ کا نام بتایا ہے جس سے جان کو خطرہ ہے، اس کا نام لوں گا تو وہ آپ کو اخبار نام نہیں چھاپے گا، اسی لیے میں اس کو ڈرٹی ہیری کہتا ہوں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کیئر ٹیکر گورنمنٹ وہ چلا رہا ہے، بلاول کے انڈیا کے دورہ کرنے پر انہوں نے کہا کہ بلاول کے لیے کشمیر کا ایشو نہیں ہے؟

    عمران خان نے مزید کہا کہ دوستی سب سے چاہتے ہیں، امریکہ کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں غلامی نہیں چاہتے۔

  • اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا: عمران خان

    لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میری پیش گوئی ہے کہ انتخابات مارچ اپریل تک ہو جائیں گے، اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، حکومت میں آنے کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری پیش گوئی ہے کہ انتخابات مارچ اپریل تک ہو جائیں گے، مسلم لیگ ق کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ساتھ دیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ سوموار کو قومی اسمبلی اراکین استعفوں کی تصدیق کے لیے جائیں گے، اقتدار کی خاطر عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا، حکومت میں آنے کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مجھ سے زیادہ بیرونی دورے کیے، اگر اپنے پیسے پر دورے کر رہے ہیں تو کیا یہ بلاول کے نجی دورے ہیں؟

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس فنڈنگ کی کوئی رسید نہیں، ہمارے پاس 40 ہزار ڈونرز کا ڈیٹا بیس موجود ہے، سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ سب جماعتوں کا کیس ایک ساتھ چلے۔

    انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ سمجھتے رہے کہ تحریک انصاف کا عروج کم ہوگا لیکن ہوا نہیں، صحیح آدمی ہوتا تو ہم ملک میں صفائی کر دیتے، الیکشن کمیشن کنٹرولڈ ہے، جنرل (ر) باجوہ نے زرداری اور مراد علی شاہ سے ڈیل کر رکھی تھی۔

  • کرپشن وہ کینسر ہے جو قوم کو تباہ کر دیتا ہے: عمران خان

    کرپشن وہ کینسر ہے جو قوم کو تباہ کر دیتا ہے: عمران خان

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن وہ کینسر ہے جو قوم کو تباہ کر دیتا ہے، بدعنوانی ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہمارے قائد نے ٹھیک کہا تھا، انفرادی چوری کے مقابلے میں کرپشن کینسر کی طرح ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن وہ کینسر ہے جو قوم کو تباہ کر دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ملک کی ترقی کو جکڑ لیتی ہے اور کرپشن ملک میں سرمایہ کاری کو آنے سے روکتی ہے خاص طور پر جہاں ملک کی قیادت خود کرپٹ ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ غدار وہ ہیں جو ملک کا پیسہ چوری کر کے آف شور اکاؤنٹس میں ڈالتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ جب یہ لوگ اقتدار میں نہیں ہوتے تو اسٹیبلشمنٹ کو برا بھلا کہتے ہیں، جو دشمن ملک کو توڑنا چاہتے ہیں وہ چاہیں گے کہ تحریک انصاف کمزور ہو۔

  • کراچی کی حالت زرداری اور اس کے خاندان کی 14 سالہ کرپشن کی مثال ہے: عمران خان

    کراچی کی حالت زرداری اور اس کے خاندان کی 14 سالہ کرپشن کی مثال ہے: عمران خان

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کی ابتر حالت مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بارش نے پھر سندھ میں زرداری اور اس کے خاندان کی کرپٹ حکمرانی کو بے نقاب کردیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی رقم جعلی اکاؤنٹس میں گئی اور دبئی میں جائیدادوں کے لیے سرمایہ کاری میں لگی، برائی کے اس گٹھ جوڑ کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔

  • عمران خان کی تحریک انصاف کی جدوجہد کے لیے مالی اعانت کی درخواست

    عمران خان کی تحریک انصاف کی جدوجہد کے لیے مالی اعانت کی درخواست

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور دنیا بھر میں رہنے والے تمام پاکستانیوں سے مالی اعانت کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں رہنے والے تمام پاکستانیوں سے مالی اعانت کی درخواست ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کے لیے تحریک انصاف کی لڑائی میں عطیات اور حمایت کی درخواست ہے، یہ ایک خود مختار پاکستان کی جدوجہد ہے، اس جہاد میں اپنا کردار ادا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی فنڈ ریزنگ کمیٹی کے چیئرمین خورشید عالم ہیں۔