Tag: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب

  • آج اور ماضی کے نیب میں زمین آسمان کا فرق ہے: میاں منظور وٹو

    آج اور ماضی کے نیب میں زمین آسمان کا فرق ہے: میاں منظور وٹو

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ آج اور ماضی کے نیب میں زمین آسمان کا فرق ہے، اللہ کا شکر ہے کہ اس دور میں میرے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس نہیں بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق منظور وٹو نے نیب آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دور میں میرے خلاف نوکریاں دینے کا کیس بنایا گیا ہے، آج اور گزشتہ کے نیب میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

    میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ انھوں نے سیف الرحمان کا نیب بھی دیکھا اور آج کا نیب بھی دیکھ رہے ہیں، ماضی کا نیب بہت ظالم تھا، آج کا نیب بہت بہتر ہے، نیب والے عزت دیتے ہیں۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج حکمران کہہ رہے ہیں کہ ایک کڑوڑ نوکریاں دیں گے، جب کہ میں نے لوگوں کو نوکریاں دیں، جس پر میرے خلاف کیس بنایا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  غیر قانونی تقرریاں : سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کی نیب میں طلبی

    انھوں نے کہا چیئرمین نیب کی جانب سے خواتین کو طلب نہ کرنے اور کاروباری طبقے سے تعاون کی بات قابل ستائش ہے، سیف الرحمان کا نیب برائی کا، آج کا نیب اچھائی کا نیب ہے۔

    منظور وٹو نے کہا نیب کو بتایا ہے کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، ہر سال یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع دی جاتی ہے، اگر بے ضابطگی ہے تو بے شک توسیع نہ دی جائے۔

    انھوں نے اپوزیشن کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کی جو صورت حال ہے، ہم کسی بڑے احتجاج کے متحمل نہیں ہو سکتے، سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر قومی اور معاشی معاملات حل کرنے کی ضرورت ہے، انتقامی کارروائی کی بجائے تمام لوگوں کو مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔

  • نیب  نے نواز شریف کے بیٹوں اور اسحاق ڈار کو وطن واپس لانے کی تیاریاں شروع کردیں

    نیب نے نواز شریف کے بیٹوں اور اسحاق ڈار کو وطن واپس لانے کی تیاریاں شروع کردیں

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز، داماد عمران علی یوسف، اسحاق ڈار اور سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے داماد مصطفیٰ امجد سمیت مفرور ملزمان کو وطن واپس لانے کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ذرائع کا کہنا ہے بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کو واپس لانے کے لیے نیب نے ایک بار پھر انٹرپول سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کے تمام بیوروز کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں، جس پر فرار ملزمان کی واپسی کے لیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

    ذرائع نے کہا آئندہ چند روز میں نیب وازرت داخلہ کے ذریعے انٹرپول سے باقاعدہ رابطہ کرے گا۔

    بیرون ملک فرارافراد میں سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار، شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف، بیٹے سلمان شہباز اور سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے داماد مصطفیٰ امجد شامل ہیں جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے بھی نیب کے اشتہاری ہیں۔

    خیال رہے احتساب عدالت وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں کو اشتہاری قرار دے کر ان کے دائمی وارنٹ جاری کرچکی ہے جبکہ اس سے قبل نیب کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے بھی دونوں ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کی منظوری دی تھی۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ پاکستان اسحاق ڈار کے خلاف نیب کورٹ میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے، اسحاق ڈار 3 مارچ کو سینیٹ انتخابات سے قبل طبیعت کی خرابی کے باعث لندن چلے گئے تھے، جس کے بعد تاحال اسحاق ڈار لندن میں ہی مقیم ہے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا تھا جبکہ انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔

  • پنجاب کمپنیز اسکینڈل: نیب نے شہباز شریف کو پھر طلب کرلیا

    پنجاب کمپنیز اسکینڈل: نیب نے شہباز شریف کو پھر طلب کرلیا

    لاہور: پنجاب کمپنیز اسکینڈل سے متعلق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو قومی احتساب بیورو نے ایک بار پھر طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں شہباز شریف کی پھر طلبی سامنے آگئی، قومی احتساب بیورو کی جانب سے لیگی صدر شہباز شریف کو بیس اگست کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

    قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو رواں ماہ 17 جولائی کو نیب لاہور میں پیش ہونا تھا جہاں ان سے پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل سے متعلق سوالات ہونے تھے تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے، سابق وزیر اعلیٰ پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کے بغیر بھرتیوں کا الزام ہے۔


    پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل: شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا


    یاد رہے کہ کمپنی کے سی ای او احد چیمہ پہلے ہی نیب کی تحویل میں ہیں، قبل ازیں پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں چار جولائی کو بھی شہبازشریف نیب لاہور آفس میں پیشی بھگت چکے ہیں، دو گھنٹے کے سوال جواب کے باوجود نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر داماد سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر نے میرے رشتے دار کو خود شامل کیا تو میں نہیں جانتا۔

    شہبازشریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزامات پر بھی طلب کیا گیا تھا، 22 جنوری کو چھوٹے میاں صاحب نیب لاہور میں ڈیڑھ گھنٹہ پیش ہوئے تھے۔

    دوسری جانب چوہدری برادران کے خلاف بھی آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری جاری ہے، نیب نے پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کو سولہ اگست کو طلب کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔