Tag: سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری

  • دبئی میں سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کا داماد گرفتار

    دبئی میں سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کا داماد گرفتار

    اسلام آباد : ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے داماد کو دبئی میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دبئی میں سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے داماد مرتضیٰ کو گرفتار کرلیا ہے، مرتضیٰ کو ایف آئی اے کی درخواست پر گرفتار کیا گیا۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کے کیس میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے، ایف آئی اے کو بڑی کامیابی ملی ہے، اسکینڈل میں افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان ، ان کی صاحبزادی اور سمدھی کا بھی نام ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا ماضی میں ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی پر افتخارچوہدری نے عجیب فیصلہ کیا اور کیس سپریم کورٹ میں اپنے پاس لگوا کر اپنے سمدھی کو ریلیف فراہم کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کیس میں پیشرفت سےمتعلق آگاہ کرتے رہیں گے۔

    وزیراطلاعات نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کے داماد مرتضیٰ امجدایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک ہے اور دبئی فرار ہوگیا تھا۔

    وزیراطلاعات نے بتایا کہ ایڈن سوسائٹی کے متاثرین نے لاہورمیں احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور کچھ روز پہلے متاثرین نے وزیراعظم سےنوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایڈن سوسائٹی کے نام پر لوگوں سے رقم لی گئی اور انہیں پلاٹ یا گھر نہیں دیا گیا تھا، فراڈ کے نتیجے میں 200 سے 300 لوگ متاثر ہوئے تھے، جن کی ساری زندگی کی جمع پونجی ڈوب گئی تھی۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 24 گھنٹے میں اس سلسلے میں حتمی اور فیصلہ کن رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    یاد رہے انتخابات سے قبل جون میں تحریک انصاف نے ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری، ان کی صاحبزادی، داماد اور سمدھی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

    پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے چیئرمین نیب کو خط لکھا، جس میں کہا گیا تھا کہ “ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی” ملکی تاریخ کا ایک بڑا سکینڈل ہے، جس میں ایڈن ہاؤسنگ میں بیواؤں، یتیموں اور غریب ملازمین کی جمع پونجی پر ہاتھ صاف کئے گئے۔

    افتخار چوہدری اور ان کے خاندان نے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا،قومی احتساب بیورو کا کارروائی سے گریز چیئرمین اور ادارے کی ساکھ پر نہایت منفی اثرات مرتب کرے گا۔

  • فوجی عدالتوں کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، افتخار چوہدری

    فوجی عدالتوں کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، افتخار چوہدری

    اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔

    اٹک میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئےسابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ کی موجودگی میں فوجی عدالتوں کاقیام غیر آئینی ہے۔ عدلیہ کو کمزو کرنے والے کامیاب نہیں ہو سکتے۔ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا کہنا تھا کہ فوج کا اپناکام ہے، عدلیہ کا اپنا کام ہے،  سب آئین کے اندر رہ کر کام کرے۔ یہ کوئی طریقہ نہیں کہ پارلیمنٹ کمیٹی اور جرنیلوں کو ساتھ بٹھا کر فیصلہ کریں۔

  • سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری عمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس کیلئے سرگرم

    سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری عمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس کیلئے سرگرم

    اسلام آباد: سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری نےعمران خان کے خلاف تو ہین عدالت کیس کا ریکارڈحاصل کر نے کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرادی۔

    افتخار چوہدری عمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس کیلئے سرگرم ہیں، سابق چیف جسٹس نے عمران خان کے خلاف تو ہین عدالت کیس کاریکارڈ حاصل کر نے کےلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا، ریکارڈ کے حصول کے لئے ان کےوکلا شیخ احسن اورنصیرکیانی نے درخواست دائرکی، سابق چیف جسٹس نے چند روز پہلے عمران خان کو بیس ارب ہرجا نے کا نو ٹس بھجوایا تھا۔

    سابق چیف جسٹس نے یہ نو ٹس عمران خان کی جانب سے خود پر کرپشن اور دھا ندلی کے الزامات پر دیا ہے، نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان چودہ روز میں اپنے بیانات پر معافی مانگیں اور ہرجانہ اداکریں ورنہ مقدمےکا سامنا کریں، سابق چیف جسٹس نے نوٹس کا جواب نہ دیے جانے پر عمران خان کے خلاف دعویٰ دائرکرنے کی تیاری مکمل کر لی ہیں یہ درخواست اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

  • سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کا عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس

    سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کا عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس

    اسلام آباد : سابق چیف جسٹس پاکستا ن افتخار محمد چودھری نے عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا،  سابق چیف جسٹس نے کھلم کھلا الزامات لگانے پربیس ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے اور معافی مانگے کا مطالبہ کیا۔

    سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب عمران خان کو بھجوائے گئے ہتک عزت کا نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین کے بیانات سے مجھے اور ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچا، عمران خان بیس ارب روپے ہرجانہ ادا کریں اور بیان واپس لے کرمعافی مانگیں۔

    افتخارمحمد چوہدری وکلاء نے بتایا کہ یہ نوٹس عمران خان کو اُن بیانات پر دیا، جن میں اُنھوں نے انتخابات دو ہزار تیرہ میں سابق چیف جسٹس پردھاندلی میں ملوث ہونےکے الزامات لگائے۔ وکلا کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلے مرحلے میں ہرجانے کا نوٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد پیسے کمانا نہیں بلکہ رقم ملنے پر فلاحی کاموں میں خرچ کی جائےگی۔

    افتخارچوہدری کے وکلا نے کہا کہ عمران خان نے معافی نہ مانگی تو چودہ روز بعد ہتک عزت کا دعوی دائرکر دیا جائے گا اور اُنھیں الزامات ثابت کرنا ہونگے۔

  • سابق چیف جسٹس کی سیکیورٹی کیخلاف درخواست مسترد

    سابق چیف جسٹس کی سیکیورٹی کیخلاف درخواست مسترد

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سیکیورٹی کے خلاف درخواست مسترد کردی اور درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔

    سابق چیف جسٹس افتخارچوہدری کی سیکیورٹی کے خلاف سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی، عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار ریاض حنیف راہی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔

    ریاض حنیف نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی اضافی سیکیورٹی دینے اور بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا تھا کہ اگرافتخار چوہدری کو اٖضافی سیکیورٹی فراہم کی گئی تو سابق چیف جسٹس صاحبان بھی کلیم کریں گے، جس سے ملکی خزانے پر بوجھ پڑے گا۔

    جسٹس شوکت عزیز نے درخواست گزار کو دلائل سے روکتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ دلائل نہ دیں، درخواست پڑھیں، درخواست گزارکا کہنا تھا کہ فیصلہ کیخلاف اپیل کریں گے۔