Tag: سابق ڈی جی پارکس

  • لیاقت قائم خانی کا گھر، پلاٹس اور اسلحہ ان کے نام  پر ہے، قومی احتساب بیورو

    لیاقت قائم خانی کا گھر، پلاٹس اور اسلحہ ان کے نام پر ہے، قومی احتساب بیورو

    کراچی : قومی احتساب بیورو نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے نام سے رجسٹرڈ ان کے گھر پلاٹس اور اسلحہ کی تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق لیاقت قائم خانی کا گھر، پلاٹس اور اسلحہ ان کے نام پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی کے گھر سے ملنے والی اشیاء سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کا گھر لیاقت قائم خانی کے نام پر ہے۔

    اس کے علاوہ پلاٹس کی فائلیں اور اسلحہ بھی لیاقت قائم خانی کے نام پر ہیں، نیب رپورٹ کے مطابق لیاقت قائم خانی کے ساتھ ان کا کوئی اور رشتہ دار رہائش پذیر نہیں تھا اور لاکرز کا کوڈ بھی صرف ان کو معلوم تھا، جو خود انہوں نے ہی کھولا، لاکرز سے برآمد ہونے والے زیورات اور رقم بھی لیاقت قائم خانی اپنی بتاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ کرپشن کے بادشاہ سابق ڈی جی پارکس نے سرکاری زمینوں کے جعلی سودے بھی کیے اور پارکوں کی زمین کی الاٹمنٹ سے انہوں نے سیاسی رہنماؤں کے قریبی دوستوں کو نوازا۔ کراچی کے پوش علاقوں میں پارکوں پر چائنا کٹنگ کرائی۔

    لیاقت قائم خانی نے باغ ابن قاسم کے ساتھ پولو گراؤنڈ کی بارہ دری کا بھی جعلی سودا کیا، کے ایم سی کے فنڈز سے بنی بارہ دری کے نیچے پارکنگ نجی ہوٹل کو دے دی۔

    نیب ذرائع کے مطابق طارق روڈ جھیل پارک کی اراضی سیاسی رہنماؤں کے دوست کو الاٹ کرائی گئی، جھیل پارک کی اراضی پر کثیرالمنزلہ عمارت تعمیر ہے، جس کا نقشہ منظور قادر کاکا نے پاس کیا، ہل پارک اراضی پر بھی اربوں کے42 بنگلوں کی زمین الاٹمنٹ میں قائم خانی ملوث ہے۔

    واضح رہے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو نیب راولپنڈی نے کراچی سے گرفتار کیا تھا، ملزم کے گھر اورتجوریوں سےزیورات،زمینوں کےکاغذات اور قیمتی سامان برآمدہوا جبکہ نیب ملزم کی پُرتعیش گاڑیاں اور قیمتی اسلحہ بھی تحویل میں لے چکا ہے جبکہ لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی مالیت کا تخمینہ دس ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

  • سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی اسلام آباد منتقل، آج نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی اسلام آباد منتقل، آج نیب عدالت میں پیش کیا جائے گا

    کراچی : جعلی اکاونٹس کیس میں گرفتار سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو اسلام آباد منتقل کردیا گیا، ملزم سے مزید تحقیقات راولپنڈی میں ہوگی نیب آج ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو راولپنڈی کے حکام جعلی اکاؤئنٹس کیس میں گرفتار میئر کراچی کے مشیر اور سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو اسلام آباد لے گئے۔

    لیاقت قائم خانی سے مزید تحقیقات راولپنڈی میں ہوگی، نیب آج ملزم لیاقت قائم خانی کو احتساب عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لے گا۔

    اس حوالے سے نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی حکام اہم دستاویزات بھی ساتھ لے کرروانہ ہوئے ہیں جن میں پراپرٹیز کی فائلیں، گاڑیوں کی دستاویزات اور دیگر اہم ثبوت بھی ہمراہ ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزیر اطلاعات سندھ کا لیاقت قائم خانی سے متعلق نیب کا موقف ماننے سے انکار

    اس کے علاوہ کے ایم سی کی فائلیں اور جعلی اکاؤنٹس میں رقوم منتقلی سمیت اہم ریکارڈ شامل ہے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اہم دستاویزات سمیت ملزم کی مختلف سیاسی شخصیات سے تعلقات اور تصاویر اور کے ایم سی کے ٹھیکیداروں سمیت گاڑیوں کی خریدوفروخت کی بینک دستاویز بھی شامل ہیں۔

  • کراچی کے سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس کے گھر سے خزانہ نکل آیا

    کراچی کے سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس کے گھر سے خزانہ نکل آیا

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، نیب نے سابق ڈی جی پارکس (کراچی) کے گھر پر چھاپہ مار کر مبینہ غیر قانونی اثاثے اور جدید اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ساز وسامان کی دستاویزات برآمد کرلی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کےگھرپر کی جانے والی چھاپہ مار کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں،بانڈز،جائیدادوں کی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

    چھاپےکےدوران8لگژری گاڑیاں اور جدید اسلحےکی بڑی تعدادبھی برآمد کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سونا ،قیمتی زیورات اور ان کے علاوہ کراچی اورلاہورکےبنگلوزکی دستاویزات بھی سامنے آئی ہیں۔ ان کے گھر سے 4 بائی 6فٹ کے 2 لاکر ز بھی پکڑے گئے ہیں جنہیں ابھی تک کھولا نہیں جاسکا ہے ۔ سابق ڈی جی پارکس کے ذاتی سامان میں سے سونے کے بٹن اور کف لنکس بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    ملزم لیاقت قائمخانی کےگھرسےکےایم سی کی فائلزبھی نیب نے برآمد کی ہیں ، لیاقت قائم خانی کوگزشتہ روز باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ ان پر بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔

    نیب کے مطابق سابق ڈی جی پارکس کا اسلام آباد کا گھر انتہائی پر تعیش ہے اور ان کی آمدن سے مسابقت نہیں رکھتا ۔ اس گھر کے دروازے ریموٹ کنٹرول سے کھلتےہیں اورگھر کے اندر باتھ روم 2مرلے پرمحیط ہیں۔