Tag: سات فوجی شہید

  • ہلاک بھارتی فوجیوں‌ کی تعداد ہمارے شہدا سے 3 گنا زائد ہے، عاصم باجوہ

    ہلاک بھارتی فوجیوں‌ کی تعداد ہمارے شہدا سے 3 گنا زائد ہے، عاصم باجوہ

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر خاموش نہیں رہتے بھرپور جواب دیتے ہیں،سرحدوں پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں مارے گئے بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں سے 3 گنا زائد ہے، بھارت ہلاکتیں چھپاتا ہے لیکن ہم اپنی شہادتیں نہیں چھپاتے۔

     اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے 7 جوان لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے، یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے، ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت ستمبر میں شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے، قبل ازیں بھی ہمارے دو فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔

    یہ پڑھیں: بھمبر میں بھارتی فائرنگ سے 7 فوجی جوان شہید، دفتر خارجہ کا احتجاج


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر ہم نے ہمیشہ جواب دیا اور کبھی خاموش نہیں رہے، سال 2016ء میں بھارت نے اب تک ایل او سی پر 199 بار اور ورکنگ بائونڈری پر 38 بار فائرنگ کی، جارحیت میں ستمبر کے بعد انتہائی تیزی آئی، ورکنگ بائونڈ پر اکتوبر سے قبل صرف ایک بار لیکن اکتوبر سے اب تک 37 بار فائرنگ ہوئی۔

     یہ پڑھیں: بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، آرمی چیف راحیل شریف

    انہوں نے بتایا کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر زبردست خطاب کیا جس کے بعد سے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر فائرنگ کے واقعات میں تیزی آئی ہے ساتھ ہی کشمیر میں تحریک آزادی زوروں پر ہے جو کہ بھارت سے اب کنٹرول نہیں ہورہی۔

    اسی سے متعلق: پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، وزیراعظم

    انہوں نے کہا کہ جب بھی کشمیر میں تحریک آزادی زور پکڑتی ہے تو سرحدوں پر بھارتی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، بھارت نے سرجیکل اسٹرائیکس کا ڈرامہ رچایا جس پر پوری دنیا نے یقین نہیں کیا اور سوالات کیے۔

    یہ بھی پڑھیں: دفترخارجہ کی بھمبرسیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت

    عاصم باجوہ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں فائرنگ اور جوابی فائرنگ کے دوران مارے گئے بھارتی فوجیوں کی تعداد ہمارے شہید فوجیوں کی تعداد سے تین گنا زائد ہے لیکن بھارتی ہلاکتیں چھپاتا ہے اور ہم اپنے فوجیوں کی شہادتیں نہیں چھپاتے جب کہ بھارتی ہلاکتوں کی تعداد کم کرکے بتاتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 13 برس کے بعد پہلی بار بھارتی فوجیوں نے جارحیت کے دوران آرٹلری بھی فائر کیا، جب بھی یہ فائرنگ کرتے ہیں تو شروعات گاؤں سے کرتے ہیں ۔

  • بھمبر: بھارتی فائرنگ سے 7 فوجی جوان شہید، دفتر خارجہ کا احتجاج

    بھمبر: بھارتی فائرنگ سے 7 فوجی جوان شہید، دفتر خارجہ کا احتجاج

    راولپنڈی : بھارتی فوج اشتعال انگیزی سے باز نہ آئی،بھارت کی بھمبر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے، دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق رات گئے بھارتی فوج کی جانب سے بھمبر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ، جس کے نتیجے میں 7 فوجی جوان شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا اور بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی سے کئی بھارتی فوجی مارے جانے اور درجنوں زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، پاک فوج نے دشمن کے مورچوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے کئی مورچے تباہ ہوئے۔

    گزشتہ تیرہ سال میں پہلی بار حالیہ کشیدگی کے دوران بھارتی فوج نےتوپ خانے کااستعمال کیا۔

    بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی، دفترخارجہ کی مذمت

    دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نےبھمبرسیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔

    نفیس زکریا کا کہناتھا کہ بھمبر سیکٹر پر وطن کے لیے جان قربان کرنے والے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کا کہناتھا کہ بھارت نےکشمیریوں پر ظلم وبربریت کی انتہا کردی ہے اور کشمیر سے توجہ ہٹانے کےلیے بھارت اشتعال انگیزی کررہا ہے۔

    پاکستان دفتر خارجہ میں  بھارتی ہائی کمشنر کی طلبی

    بھمبر سیکٹر میں لائن ٓف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 پاکستانی جوانوں کی شہادت کے بعد دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر سخت احتجاج کیا۔

    آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا کو دفتر خارجہ طلب کرکے بلااشتعال فائرنگ  اور سات جوانوں کی شہادت پر  احتجاج کیا جب کہ  دفتر خارجہ نے احتجاجی مراسلہ بھی بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا۔

    بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی ،سیاسی رہنماؤں کی مذمت

    سیاسی رہنماؤں نے بھارت کی سرحدی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا دفاعِ وطن کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہیں، عالمی برادری بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے

     بھارت کے تمام خواب چکنا چور ہوچکے ہیں ،خواجہ آصف

    وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہےکہ پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھرپور جواب دے رہی ہے، بھارت کے تمام خواب چکنا چور ہوچکے ہیں ، دشمن بھی لاشیں اٹھا رہا ہے ، وہ جارحیت کرتے ہیں تو ہم بھی چپ نہیں بیٹھیں گے، دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی سے پورا خطہ متاثر ہوگا۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی سرحدیں سو فیصد محفوظ ہیں، امن کےخواہاں ہیں لیکن دشمن جارحیت پراتر آئے تو جواب دینا جانتے ہیں، پاک فوج سرحد کےایک ایک انچ کا دفاع کرنے کیلئے تیار ہے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے مذموم عزائم کیلئے افغان سرزمین بھی استعمال کررہا ہے۔

    مودی سرکار خون کی پیاسی بن چکی ہے، بلاول

    چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیز فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی فائرنگ میں پاک افواج کے سات جوانوں کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہار کیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مودی سرکار خون کی پیاسی بن چکی ہے لیکن پاکستانی عوام اور افواج ملکر اس کے خونی خواب چکنا چور کردیں گے، پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستانی عوام ان شہداء پر فخر کرتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے شہید جوانوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

    بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، عابد شیر علی

    وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسے حربے استعمال کررہا ہے، بھارت کشمیر کا معاملہ دبانے چاہتا ہے، ہر سطح پر بھارت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    بھارت کی اشتعال انگیزی ، تجزیہ کاروں کا تبصرہ

    کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت پر بات کرتے ہوئے پروفیسر حسن عسکری نے واضح کیا کہ بھارت ایسی کارروائیوں سے کشمیریوں پر ظلم و ستم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، اےآر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ ہے۔

    معروف دفاعی تجزیہ کار طلعت مسعود کا کہنا ہے کہ بھارت کی جارحانہ کارروائی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تناؤ بڑھنے سے بات چیت کے دروازے بند ہو رہے ہیں۔

    بھارتی ہائی کمشنر  کی دفتر خارجہ طلبی ،ایل او سی پر بھارتی فائرنگ پر احتجاج

    دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ پر احتجاج کیا۔

    کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے بلااشتعال فائرنگ اور سات جوانوں کی شہادت پر احتجاج کیا گیا۔

    خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں بھارت کی جانب سے جارحیت اور بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہیں، سرحد پار سے مارٹر گولے بھی استعمال کئے جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں اب تک کئی شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔


    مزید پڑھیں : بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ، 4 شہری شہید، 6 زخمی


    یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مختلف مقامات پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کے تتیجے میں 4 شہری شہید اور 6 افراد زخمی ہوگئے، جواب میں پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرادیں، پاک فوج نے کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تھا۔

    لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ اور خلاف ورزی کرنے پر دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا اور مراسلہ بھی دیا تھا۔


    مزید پڑھیں : بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، 2 فوجی اہلکار شہید


    واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بھمبھر، کیل، تتہ پانی اور لیپا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی، جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا، اس واقعہ میں پاک فوج کے 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

    ایل او سی پر فائرنگ بعد ہی بھارتی ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیکس کیں۔