Tag: ساجد خان

  • جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آؤں گا، ساجد خان

    جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آؤں گا، ساجد خان

    لاہور: قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ وائٹ بال پر بہت کام کر رہا ہوں جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آؤں گا میری خواہش ہے کہ پی ایس ایل سمیت تمام وائٹ بال کرکٹ میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔

    لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان کا کہنا تھا کہ کوچ عبدالرحمان کے ساتھ اسپن بولنگ کے شعبے پر کام ہو رہا ہے، ٹیسٹ کھیلنا اعزاز کی بات ہے میں نے وائٹ بال سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا، میں آرم بال اور کریز کے استعمال پر کام کر رہا ہوں۔

    ساجد کا کہنا تھا کہ اس سال ٹیسٹ میچز کم ہیں لیکن دعا ہے پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو، چار روزہ کرکٹ ٹیسٹ کیلئے اچھی نہیں ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ چار روزہ کرکٹ میں زیادہ میچز ڈراہونگے کوئی دیکھنا پسند نہیں کرے گا، کاؤنٹی کرکٹ کیلئے دو تین کلبز سے بات چیت چل رہی ہے۔

    ساجد نے کہا کہ اسکلز کیمپ میں ہمیں سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، اظہر محمود کے ساتھ کام کیا ہوا ہے ہمیں ان سے فائدہ ہو گا۔

    شاہد آفریدی نے ساجد خان سے متعلق کیا کہا تھا؟

    قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساجد خان سے متعلق کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم میں ساجد خان کو ہونا چاہیے تھا۔

    نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں دبئی میں اسپن وکٹیں ہوں گی بھارتی ٹیم پانچ اسپنر کے ساتھ جارہی ہیں اور ہماری ٹیم میں ایک اسپنر ابرار احمد موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ساجد خان نے جتنا پرفارم کیا ہے تو ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اسے پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

    محمد یوسف نے کہا کہ ساجد خان کو مار بھی پڑ رہی ہوتی ہے تو وہ ہمت نہیں ہارتا اور محنت جاری رکھتا ہے ایسا کھلاڑی میں نے آج تک نہیں دیکھا۔

    ایشیا کپ: پاک بھارت ٹاکرا کس دن ہوگا ؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

    شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی ٹیم ہر لحاظ سے پرفیکٹ ہے، فاسٹ بولر، مڈل آرڈر، اوپنر، اسپنرز سب ہی بہترین ہیں، جسپریت بمراہ باہر ہوگئے لیکن اتنا فرق نہیں پڑے گا۔

  • جومیل واریکن کا ساجد خان کو آؤٹ کرکے جوابی وار، ویڈیو وائرل

    جومیل واریکن کا ساجد خان کو آؤٹ کرکے جوابی وار، ویڈیو وائرل

    ویسٹ انڈین اسپنر جومیل واریکن نے ساجد خان کو آؤٹ کرکے جوابی وار کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    قومی ٹیم کے آف اسپنر ساجد خان نے دوسری اننگز میں جومیل واریکن کو آؤٹ کرکے چار انگلیاں دکھائیں پھر اپنے روایتی انداز میں جشن منایا۔

    پاکستان کی اننگز میں واریکن نے جب ساجد خان کو آؤٹ کیا تو ان کے پاس جاکر وہی انداز دہرادیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جومیل واریکن ساجد خان کی وکٹ لے کر ’یو کانٹ سی می‘ جشن منارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ’یو کانٹ سی می‘ جشن ڈبلیو ڈبلیو ای کے 16 بار کے سابق چیمپئن جان سینا نے مقبول کیا، ریسلنگ کی دنیا میں جان سینا حریف کو ڈھیر کرنے کے بعد اسی انداز میں جشن مناتے ہیں۔

    یاد رہے کہ ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی اور 34 سال بعد پاکستانی سرزمین پر کامیابی بھی حاصل کرلی۔

    پاکستان کو جیت کے لیے 178 رنز اور ویسٹ انڈیز کو صرف 6 وکٹیں درکار تھیں۔ لیکن پاکستانی بیٹرز نے فلاپ شو پیش کیا اور 6 کھلاڑی کل کے مجموعے میں صرف 58 رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ گئے۔ یوں میچ کا نتیجہ پہلے سیشن کے ابتدائی سوا گھنٹے میں ہی برآمد ہوگیا۔

    دوسرے میچ میں بابر اعظم، نہ شان مسعود، محمد رضوان نہ سلمان علی آغا اور نہ ہی سعود شکیل کوئی بڑا نام بڑا اسکور نہ کر سکا۔ ٹاپ اسکور بابر اعظم (31) رنز کے ساتھ رہے۔ محمد رضوان (25)، کامران غلام (19)، سلمان آغا (15) اور سعود شکیل (13) ڈبل فیگرز میں داخل ہونے والے دیگر کھلاڑی تھے۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے پانچ، کیون سنکلیئر نے تین جب کہ گوڈاکیش موتی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

  • بابر اور رضوان نے ساجد خان کی کونسی خواہش پوری کردی؟

    بابر اور رضوان نے ساجد خان کی کونسی خواہش پوری کردی؟

    قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم اور ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے قومی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر ساجد خان کی خواہش پوری کردی۔

    ساجد خان کا ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں اگر 5 کھلاڑی آؤٹ کروں تو محمد رضوان اور بابر اعظم سے بھی اپنے روایتی انداز میں جشن کرواؤں۔

    ساجد نے ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز پانچویں وکٹ حاصل کی تو بابراعظم اور محمد رضوان بھی ساجد خان کے ساتھ جشن میں شامل ہوئے اور انہیں کے انداز میں وکٹ کا جشن منایا۔

    قبل ازیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب بابر نے ساجد کے سر کو طبلہ سمجھ کر بجادیا۔

    ملتان ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جب ساجد نے ویسٹ انڈین بیٹر کو پویلین بھیجا تو بابر کے خوشی منانے کا انداز دیدنی تھا، سابق کپتان نے اسپنر ساجد کے سر پر طبلہ بجایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہوگئی۔

    ساجد نے دوسری اننگز میں لنچ بریک تک 4 ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، تاہم کیویم ہوج کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد اسپنر کے ارد گرد ساتھی کھلاڑی جمع ہوگئے۔

    اس دوران بابراعظم کی خوشی دیدنی تھی انھوں نے آف اسپنر کے سر پر زبردست انداز میں طبلہ بجایا اور مسکراتے ہوئے بھی نظر آئے۔

    قومی فاسٹ بولر محمد عباس کو صدمہ

    وائرل ہونے والی ویڈیو پر ایک صارف نے سابق قومی کپتان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں اننگز میں ناکام رہے ہیں بابراعظم کو چیئر لیڈر بننے کے بجائے اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے۔

  • بابر اعظم نے وکٹ لینے پر ساجد خان کے سر کو طبلہ سمجھ کر بجادیا، دلچسپ ویڈیو

    بابر اعظم نے وکٹ لینے پر ساجد خان کے سر کو طبلہ سمجھ کر بجادیا، دلچسپ ویڈیو

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب بابر نے ساجد خان کے سر کو طبلہ سمجھ کر بجادیا۔

    ملتان ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جب ساجد نے ویسٹ انڈین بیٹر کو پویلین بھیجا تو بابر کے خوشی منانے کا انداز دیدنی تھا، سابق کپتان نے اسپنر ساجد خان کے سر پر طبلہ بجایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہوگئی۔

    ساجد خان نے دوسری اننگز میں لنچ بریک تک 4 ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، تاہم کیویم ہوج کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد اسپنر کے ارد گرد ساتھی کھلاڑی جمع ہوگئے۔

    اس دوران بابراعظم کی خوشی دیدنی تھی انھوں نے آف اسپنر کے سر پر زبردست انداز میں طبلہ بجایا اور مسکراتے ہوئے بھی نظر آئے۔

    وائرل ہونے والی ویدیو پر ایک صارف نے سابق قومی کپتان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں اننگز میں ناکام رہے ہیں بابراعظم کو چیئر لیڈر بننے کے بجائے اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے۔

    خیال رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیزیز میں ایک صفر کی سبقت حاصل کر لی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sajid-khan-achieves-major-milestone-in-test-cricket/

  • ’ایسی پچ پر پلان ہے رنز نہیں دینے وکٹیں لینی ہیں‘

    ’ایسی پچ پر پلان ہے رنز نہیں دینے وکٹیں لینی ہیں‘

    قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان کا کہنا ہے کہ ایسی پچ پر پلان ہے کہ رنز نہیں دینے وکٹیں لینی ہیں۔

    ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آف اسپنر ساجد خان نے کہا کہ خواہش ہوتی ہے ملک کے لیے اچھا کھیلیں، سلیکٹ کرنا نہ کرنا سلیکٹرز کا کام ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز جس مائنڈ سیٹ سے کھیلے گی ہم ویسے ہی پلان بنائیں گے۔

    آف اسپنر نے کہا کہ کل کھیل جلدی شروع ہوتا ہے تو 350 رنز تک بنائیں گے، ایسی پچ پر پلان ہے رنز نہیں دینے وکٹیں لینی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

    ساجد خان نے کہا کہ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے پاکستان سے تینوں فارمیٹ کھیلے۔

    واضح رہے کہ ملتان میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنالیے اور 202 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ہے۔

    کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔

    کپتان شان مسعود 52 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، محمد ہریرہ 29 اور بابر اعظم 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ووریکین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 137 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز میں 93 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

  • ابرار احمد کی جگہ ساجد خان کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ

    ابرار احمد کی جگہ ساجد خان کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ

    لاہور: پی سی بی نے انجری کا شکار ابرار احمد کی جگہ آف اسپنر ساجد خان کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آف اسپنر ساجد خان کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ساجد خان کو ابرار احمد کے ان فٹ ہونے پر بھیجا جارہا ہے۔

    ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے ساتھ سلیکشن کمیٹی نے ساجد خان کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ سفری دستاویزات مکمل ہوتے ہی پہلی دستیاب پرواز سے ساجد خان پرتھ روانہ ہونگے.ساجد خان کو آسٹریلوی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے بیٹرز زیادہ ہونے کی بنا پر ترجیح دی جارہی ہے۔

    ساجد خان اب تک سات ٹیسٹ میں 22 شکار کرچکے ہیں.آف اسپنر نے گزشتہ برس مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ہی اپنا آخری ٹیسٹ کھیلا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ  ٹیم اور آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کے درمیان کینبرا میں چار روزہ میچ کے تیسرے دن پاؤں میں تکلیف کے باعث  ابرار احمد نے صرف 8 اوورز کروائے تھے اور انہیں میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔

    تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

  • ڈھاکا میں پاکستانی آف اسپنر نے نئی تاریخ رقم کر دی

    ڈھاکا میں پاکستانی آف اسپنر نے نئی تاریخ رقم کر دی

    ڈھاکا: پاکستانی آف اسپنر ساجد خان نے بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں ستم ڈھا دیا، 12 وکٹیں لے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج ڈھاکا میں ساجد خان نے ٹیسٹ میچ میں بارہ وکٹیں لے کر نئی تاریخ بنا دی، انھوں نے دانش کنیریا کا بنگلا دیش کے خلاف 2001 میں قائم کردہ بارہ وکٹوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

    ساجد نے پہلی اننگز میں بنگلا دیش کی 8 وکٹیں لے کر میچ میں جان ڈال دی تھی، وہ ثقلین مشتاق کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے آف اسپنر بھی بن گئے ہیں، جب کہ دوسری اننگز میں ساجد 4 وکٹیں لے کر میچ کے ہیرو بن گئے۔

    پاکستان کا بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی کلین سوئپ

    ساجد خان نے کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے ڈرا ٹیسٹ کو جیت کی شکل مل گئی، پہلی اننگز میں ساجد کے پندرہ اوورز میں آٹھ وکٹوں نے میچ دل چسپ بنایا، آخری روز بھی ساجد خان چھائے نظر آئے۔

    شان دار بولنگ پر کھلاڑیوں نے ساجد خان کو مبارک باد دی، اننگز کے بعد ڈریسنگ روم میں انھوں نے تاریخ بنانے والی گیند پر اپنا بولنگ ریکارڈ بھی درج کیا۔

    میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ساجد خان نے کہا میں نے پلان کے مطابق ایک جگہ پر بولنگ کی اور کامیابی ملی، پوری ٹیم کی یہی سوچ تھی کہ ہمیں جیت کے لیے جانا ہے، جیت کا کریڈٹ صرف مجھے نہیں پوری ٹیم کو جاتا ہے۔

  • امریکی صدر کی لندن کے میئر صادق خان پر پھر تنقید

    امریکی صدر کی لندن کے میئر صادق خان پر پھر تنقید

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لندن کے میئر صادق خان کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کے لیے رسوائی کا باعث ہیں اور برطانیہ کے دارالحکومت لندن کو تباہ کررہے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کا حالیہ بیان لندن میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ پرتشدد واقعات کے پس منظر میں ہے جن میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

    لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن نے امریکی صدر کے بیان کو انتہائی ناگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ہلاک ہونے والے افراد کے المیے کو میئر پر تنقید کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

    صدر ٹرمپ نے دائیں بازو کے رجحانات رکھنے والی مبصر کیٹی ہاپکنز کی لندن میں پیش آنے والے پر تشدد واقعات کے بارے میں کی جانے والی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے تبصرہ تبصرہ کیا کہ صادق خان ایک مصیبت ہیں اور لندن کو جلد از جلد ایک نئے میئر کی ضرورت ہے۔

    ٹرمپ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ صادق خان لندن کے شہر کو تباہ کررہے ہیں۔

    دوسری جانب صادق خان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ میئر اس مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ وہ اپنا وقت اس نوعیت کی ٹویٹس کا جواب دینے میں ضائع نہیں کریں گے، میئر کی پوری توجہ شہر میں بسنے والے لوگوں کی مدد کرنے اور دباؤ کا شکار ہنگامی سروسز سے نمٹنے پر ہے۔

    جیرمی کوربن نے بھی صادق خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحیح انداز میں پولیس کو اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد کررہے ہیں جبکہ کیٹی ہاپکنز نفرت اںگیز اور تقسیم کا باعث بننے والے نظریے کا پرچار کررہی ہے۔

  • جنسی ہراساں کرنے کا الزام، ساجد خان پر ایک سال کی پابندی

    جنسی ہراساں کرنے کا الزام، ساجد خان پر ایک سال کی پابندی

    ممبئی: بھارتی فلم اینڈ ٹیلی ویژن ایسوسی ایشن نے بالی ووڈ ہدایت کار ساجد خان پر ایک سال کی پابندی عائد کردی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹر ایسوسی ایشن (آئی ایف ٹی ڈی اے) نے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد ہونے کے بعد ساجد خان پر پابندی عائد کی۔

    ہدایت کار پر دو ماہ قبل اداکارہ سلونی چوپڑا ، صحافی کرشمپ اوپاڈہے اور ریچل وائٹ نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد ساجد خان نے کوئی صفائی بھی پیش نہیں کی۔

    بعد ازاں نامور بالی ووڈ اداکارہ بپاشا باسو نے بھی ساجد خان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ خواتین کے ساتھ مذاق کرنے کے دوران تمام حدیں پار کردیتے ہیں جبکہ دیا مرزا نے بھی الزامات کی تصدیق کی تھی۔

    جنسی ہراسانی کے الزامات، ساجد خان نے بطور ہدایت کار استعفیٰ دے دیا

    بالی ووڈ اداکاراؤں کی طرف سے الزامات عائد ہونے کے بعد آئی ایف ٹی ڈی اے نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کیا اور نومبر کے اختتام پر ساجد خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحب طلب کی تھی۔

    ہدایت کار کو بھیجے جانے والے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ ’آپ کے رویے کی وجہ سے فلم انڈسٹری اور ایسوسی ایشن کی پوری دنیا میں بدنامی ہورہی ہے، اگر آپ نے کچھ نہیں کیا تو بے گناہی ثابت کریں جس کے بعد الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘۔

    ساجد خان نے اپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کی تردید کی تھی مگر آئی ایف ٹی ڈی اے کو وہ کوئی ثبوت پیش نہیں کر پائے، ہدایت کار نے دو بار مہلت طلب کی اور جب وہ الزامات کو جھوٹا ثابت نہ کرپائے تو آئی ایف ٹی ڈی اے نے اُن پر ایک سال کی پابندی عائد کردی۔

    یہ بھی پڑھیں: جنسی ہراساں کرنے والوں‌ کا بائیکاٹ‌ کیا جائے، عامر خان کا مشورہ

    یاد رہے کہ دو ماہ قبل ساجد خان پر جنسی ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے جس کے بعد انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم ’ہاؤس فل 4‘ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

  • جنسی ہراسانی کے الزامات، ساجد خان نے بطور ہدایت کار استعفیٰ دے دیا

    جنسی ہراسانی کے الزامات، ساجد خان نے بطور ہدایت کار استعفیٰ دے دیا

    ممبئی: جنسی ہراسانی کے الزامات عائد ہونے کے بعد ساجد خان نے بطور ہدایت کار فلم ’ہاؤس فل 4‘ سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ساجد خان نے جنسی ہراسانی کے الزامات پر اپنا مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے بعد اخلاقی طور پر میں ہاؤس فل 4 کی ہدایت کاری سے علیحدگی اختیار کررہا ہوں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مجھ پر جو الزامات عائد ہوئے اُس کے بعد نہ صرف مجھے بلکہ اہل خانہ کو اور ہاؤس فل 4 کے پروڈیوسر و دیگر ٹیم کو بھی شدید دباؤ کا سامنا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہورہا ہوں۔

    ساجد خان نےاپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں جلد حقیقت سب کے سامنے لاؤں گا، میری میڈیا کے دوستوں سے درخواست ہے کہ وہ کوئی بھی فیصلہ دینے سے پہلے حقیقت کو مدنظر رکھیں۔

    مزید پڑھیں: بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی

    دوسری جانب بالی ووڈ ہدایت کار کی بہن فرح خان نے اپنے بھائی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا  کہ ’یہ ہمارے اہل خانہ کے لیے بہت مشکل اور کٹھن وقت ہے، ہم نے ایک ساتھ مختلف مسائل کا سامنا کیا، اگر میرا بھائی قصور وار ہے تو اُس کو سزا دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس لڑکی سے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا اگر وہ سچ ہے تو میری تمام تر ہمدردیاں اُس کے ساتھ ہیں۔

    فلم ہاؤس فل 4 میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے مشورہ دیا کہ شوٹنگ کو اُس وقت تک روک دیا جائے جب تک معاملے کی سچائی سامنے نہیں آجاتی۔

    اکشے کمار نے متاثرہ خاتون سے مطالبہ کیا کہ جو الزام انہوں نے ساجد پر عائد کیا اُس کے ثبوت بھی پیش کریں تاکہ انصاف دیا جاسکے، جس بھی اس حرکت میں ملوث ہے اُس کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔

    واضح رہے کہ ہاؤس فل 4 میں مرکزی کردار ادا کرنے والے نانا پاٹیکر پر پہلے ہی اداکارہ تنوشری دتہ جنسی حراسانی کا الزام عائد کرچکی ہیں، اس ضمن میں انہوں نے مقدمہ بھی درج کرادیا۔

    قبل ازیں عامر خان ہدایت کار پر الزام عائد ہونے کے بعد خود کو فلم کی کاسٹ سے الگ کرچکے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ ’میں کسی بھی ایسے شخص کے ساتھ کام کر کے اپنی ساکھ متاثر نہیں کرسکتا‘۔

    یاد رہے کہ ہدایت کار پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سالونی چوپڑا اور بھارتی خاتون صحافی نے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد انڈسٹری میں بھونچال آگیا تھا کیونکہ ساجد خان کی فلم ’ہاؤس فل 4‘ کی شوٹنگ کا آغاز ہوگیا اور اسے اگلے برس دیوالی پر ریلیز ہونا تھا۔