Tag: ساحل پر پھنسا بحری جہاز

  • ساحل پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ سے تیل نکالنے کا کام کب شروع ہوگا؟

    ساحل پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ سے تیل نکالنے کا کام کب شروع ہوگا؟

    کراچی: کلفٹن کے ساحل پر ریت میں پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ سے تیل نکالنے کا کام کل شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج میری ٹائم ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ بدھ کی صبح 9 بجے پھنسے ہوئے بحری جہاز سے تیل نکالنے کا کام شروع کیا جائے گا۔

    وزیر اعظم کے مشیر میری ٹائم محمود مولوی نے کہا ہے کہ جہاز میں جتنا بھی تیل ہے، اسے نکال لیا جائے گا، جہاز کو کھینچتے ہوئے ہم کوئی رسک لینا نہیں چاہتے کہ آپریشن کے دوران سمندر میں کسی قسم کا تیل کا رساؤ ہو۔

    مشیر میری ٹائم افیئر محمود مولوی کا کہنا تھا کہ جہاز سے تیل نکالنے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوا ہے۔ اجلاس میں ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ، ڈی جی کوسٹ گارڈ ، ہوم سیکریٹری، ڈی جی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی سندھ، ڈی جی سیپا، ڈی جی پیپا، سیکٹریٹری او سی اے سی نے شرکت کی۔

    ہینگ ٹونگ بحری جہاز کا معاملہ متنازع ہو گیا، کپتان کی آڈیو سامنے آ گئی

    خیال رہے کہ جہاز میں سے 118 ٹن تیل پمپ کے ذریعے نکالا جائے گا، گزشتہ روز کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مرین پلوشن کنٹرول نے بحری جہاز سے تیل کے کسی بھی ممکنہ رساؤ کے پیش نظر ہنگامی طور پر جہاز کے آس پاس پشتوں اور کیچمنٹ ایریا کو ہموار اور مضبوط کر دیا تھا۔

    کلفٹن کے ساحل پر ہینگ ٹونگ جہاز 21 جولائی کو ریت میں دھنسا تھا، واقعے سے قبل جہاز کے کپتان نے متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے مدد کی اپیلیں بھی کی تھیں تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔