Tag: ساحل پر پھنسا جہاز

  • پیسے ادا ہو گئے، ساحل پر کئی ماہ سے پھنسا بحری جہاز رخصتی کے لیے تیار

    پیسے ادا ہو گئے، ساحل پر کئی ماہ سے پھنسا بحری جہاز رخصتی کے لیے تیار

    کراچی: تمام واجبات کی ادائیگی کے بعد کراچی کے ساحل پر کئی ماہ سے پھنسا بحری جہاز رخصتی کے لیے تیار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ویو پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 کی روانگی کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، جہاز کے مالک کی جانب سے پورٹ چارجز سمیت پاک بحریہ کے واجبات کی رقم کے چیک ادا کر دیےگئے۔

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام کو 1 کروڑ 55 لاکھ 48 ہزار 402 روپے ادائیگی کا چیک موصول ہو گیا، چیک کلیئرنس پراسس میں حکام نے تحریری طور پر چیک وصولی سے بھی آگاہ کر دیا، پاک بحریہ کے 80 لاکھ کے واجبات کا چیک بھی ادا کر دیا گیا ہے۔

    جہاز کو پاکستانی سمندری حدود سے کھینچ کر لے جانے والی الوہاش ٹگ بوٹ کے پی ٹی پہنچ گئی، ٹگ بوٹ کا روٹ اور جہاز کھینچنے سے متعلق پلان بھی کے پی ٹی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    میرین مرکنٹائل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اب سروے مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد جہاز کو پورٹ کلیئرنس سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جائے گا۔

    20 اور 21 جولائی کو یہ بحری جہاز انجن خراب ہونے کی وجہ سے تیز ہواؤں کے تھپیڑے کھا کھا کر سی ویو پر آ کر پھنس گیا تھا، جب کہ بڑی کوششوں کے بعد آخر کار 7 ستمبر کو یہ جہاز سی ویو سے نکالنے میں کامیابی ملی، جس کے بعد اسے ایس اے پی ٹی ٹرمینل پر لنگر انداز کیا گیا۔

    پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جہاز روانگی کا پہلا این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔

  • ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ کو 1 کروڑ 4 لاکھ کا بل جاری

    ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ کو 1 کروڑ 4 لاکھ کا بل جاری

    کراچی: ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو 1 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد کا بل جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ کی معائنہ رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، رپورٹ میں جہاز کو سی وردنیس (sea worthy) اجازت نہ مل سکی۔

    ماہرین کے مطابق کمزور انجن کی وجہ سے جہاز کو سی وردنیس اجازت نہیں دی گئی ہے، پھنسے ہوئے بحری جہاز کو ٹو وردنیس رپورٹ جاری کی گئی ہے، سرٹیفکیٹ کے مطابق جہاز کو ٹو کر کے کراچی سے دبئی لے جایا جائے گا، اور جہاز کو ٹگ بوٹس کے ذریعے ہی کھینچ کر لے جایا جا سکے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہینگ ٹونگ جہاز کو کراچی پورٹ اور دیگر اداروں کے واجبات ادا کرنے کے بعد ہی لے جایا جا سکے گا، کے پی ٹی نے پورٹ چارجز کی مد میں 1 کروڑ 4 لاکھ 55 ہزار 6 سو 56 روپے کا بل بھی جاری کر دیا ہے۔

    کراچی کے ساحل سے نکالے گئے جہاز’’ہینگ ٹونگ ‘‘کو بحفاظت برتھ کردیا گیا

    رپورٹ کے مطابق آپریشنل چارجز 5 لاکھ 4 ہزار، ٹگس 12 لاکھ 9 ہزار، برتنگ چارجز 22 لاکھ 5 ہزار، سروس چارجز 22 لاکھ 5 ہزار، ہیوی مشنیری 20 لاکھ 25 ہزار روپے جہاز کا مالک اد کرے گا۔

    جہاز کا ڈھائی سو ڈالر یومیہ کرایہ بھی لے جانے سے پہلے ادا کرنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ 2250 ٹن وزنی مال بردار بحری جہاز ایم وی ہینگ ٹونگ 77 بدھ 21 جولائی کی شام کو سمندر سے کراچی کے ساحل پر آنے کے بعد ریت میں دھنس گیا تھا، یہ جہاز 2011 میں تیار ہوا تھا۔ متعدد کوششوں کے بعد آخر کار 7 ستمبر کو اسے ساحل سے 5 میل سے زائد سمندر میں گھسیٹ کر لے جانے میں کامیابی حاصل کی گئی، اور جہاز کو ایس اے پی ٹرمینل میں برتھ نمبر1 پر لگا دیا گیا۔

  • ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے ایک ملین ڈالر کے تقاضے پر مالک نے ناتجربہ کار کمپنی کو ہائر کیا

    ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے ایک ملین ڈالر کے تقاضے پر مالک نے ناتجربہ کار کمپنی کو ہائر کیا

    کراچی: ساحل پر ایک ماہ سے پھنسے بحری جہاز سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ اس کی مالیت 2 ملین ڈالر کے قریب ہے، جب کہ اسے ریت سے نکالنے کے لیے غیر ملکی ایکسپرٹ نے ایک ملین ڈالر کا تقاضا کیا تھا، جس پر جہاز کے مالک نے ناتجربہ کار کمپنی سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی، سی ویو پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کا آپریشن آج بھی ناکام ہو گیا، جس پر پورٹ اینڈ شپنگ انتظامیہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ کا کہنا ہے کہ اب سیلویج کمپنی کو جہاز نکالنے کے لیے دو سے تین دن کا وقت دیا جائے گا۔

    ڈی جی نے کہا کہ سیلویج کمپنی آئندہ تین روز تک جہاز نہ نکال سکی تو پھر جہاز کے مالک کے خلاف قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ سیلویج کمپنی کے پلان کے اجازت نامے کی بھی تحقیقات کی جا سکتی ہے۔

    ہینگ ٹونگ 77 کو ریت سے نکالنے کے لیے آج کیا تیاری کی گئی؟

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نا تجربہ کار سیلویج کمپنی کے پلان کو اجازت دینے پر کئی سوالات اٹھ گئے ہیں، کیا کسی دباؤ کے تحت ناتجربہ کار سیلویج کمپنی کا پلان منظور کیا گیا یا مالی فائدے کے لیے ایسا کیا گیا؟ ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ کے مطابق سیلویج کمپنی کے پلان کے اجازت نامے کی تحقیقات کی جا سکتی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جہاز کی مالیت اس وقت دو ملین ڈالر کے قریب ہے، جب کہ غیر ملکی ایکسپرٹ نے جہاز نکالنے کے لیے ایک ملین ڈالر کا تقاضا کیا تھا، جس پر جہاز کے مالک نے پیسے بچانے کے لیے غیر ملکی ایکسپرٹ کی بجائے نا تجربہ کار ٹیم سے کام کرانے پر زور دیا، اور سی میکس کو ہائر کیا۔

    ذرائع کے مطابق سی میکس کے پاس اس طرح کے جہاز نکالنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے، سی میکس نے بھی جہاز کو نکالنے کے لیے ایان شپنگ کو ٹھیکا دے دیا، جس کا کام گڈانی میں شپ بریکنگ ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایان کمپنی جہاز توڑنے کا کام کرتی ہے، ریت سے جہاز نکالنے کو اس کے پاس کوئی تجربہ نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جہاز کو نکالنے میں ناکامی پر دونوں کمپنیاں اب نا تجربہ کاری کی وجہ سے ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کر رہی ہیں، گزشتہ روز بھی جہاز کو نکالنے کے لیے پرانی رسی استعمال کی گئی تھی، جو ٹوٹ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دو مضبوط اور نئے رسے استعمال کیے جاتے تو جہاز نکالنے میں کامیابی ہو سکتی تھی۔

    خیال رہے کہ اس جہاز کو سی ویو پر پھنسے ایک ماہ 4 دن ہو چکے ہیں۔