Tag: سارس سے دوستی

  • بھارت میں سارس سے دوستی شہریوں کو مہنگی پڑنے لگی، ایک اور مقدمہ درج

    بھارت میں سارس سے دوستی شہریوں کو مہنگی پڑنے لگی، ایک اور مقدمہ درج

    اترپردیش: بھارت میں سارس سے دوستی شہریوں کو مہنگی پڑنے لگی ہے، ایک اور شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر امیٹھی میں سارس رکھنے والے عارف خان کے خلاف مقدمے کے بعد ایک اور شہر سلطان پور میں بھی ریاستی پرندے سارس کی پرورش کرنے پر ایک شہری افروز خان کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہو گیا۔

    افروز خان اور سارس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس پر بدھ کے روز محکمہ جنگلات کے اہل کار متحرک ہو گئے، اور پھرتیاں دکھاتے ہوئے اہل کاروں نے افروز خان سے سارس چھین لیا۔

    افروز نے بتایا کہ انھیں 6 ماہ قبل سارس ملا تھا، جو اس وقت بہت چھوٹا تھا، اور انھوں نے گھر پر اس کی پرورش کی، اب سارس سے اس کی دوستی بہت گہری ہو گئی ہے۔

    سارس سے دوستی شہری کو مہنگی پڑ گئی

    افروز کے مطابق دونوں مل کر کھانا کھاتے تھے، اور اکثر جب افروز گھر سے نکلتا تھا تو سارس بھی اڑ کر اس کے پیچھے آ جاتا۔

    محکمہ جنگلات کا کہنا تھا کہ سارس مکمل طور پر صحت مند اور محفوظ ہے۔

  • سارس سے دوستی شہری کو مہنگی پڑ گئی

    سارس سے دوستی شہری کو مہنگی پڑ گئی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر امیٹھی میں ایک شہری کو ریاستی پرندے سارس سے دوستی مہنگی پڑ گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر امیٹھی میں بھارت کے ریاستی پرندے سارس سے دوستی کر کے سرخیوں میں آنے والے شہری محمد عارف کے خلاف گزشتہ روز وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    محکمہ جنگلات نے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کا حوالہ دیتے نوٹس جاری کر کے عارف نامی شہری کو طلب کر لیا ہے، اگر شہری نے تسلی بخش جواب نہ دیا تو محکمہ جنگلات اس کے خلاف مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے۔

    کسان محمد عارف نے پچھلے سال میڈیا پر اس وقت شہرت حاصل کی تھی جب وہ اتر پردیش کے امیٹھی ضلع کے اپنے گاؤں منڈھکا میں ایک زخمی سارس کرین گھر لے آیا تھا اور اس کی دیکھ بھال کرنے لگا۔

    عارف کی مشکلات اس وقت شروع ہوئیں جب سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو 5 مارچ کو سارس اور عارف کی دوستی کے بارے میں قریب سے جاننے کے لیے عارف کے گھر پہنچے، اور انھوں نے یہ معلومات ٹوئٹر پر تصویروں کے ساتھ شیئر کر دی۔

    محکمہ جنگلی حیات کے اہل کاروں نے عارف کے گھر کا دورہ کر کے سارس کرین قبضے میں لے کر کانپور کے زولوجیکل پارک منتقل کر دیا ہے، جہاں اسے 15 دن کے لیے کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف محکمہ جنگلات کے گوری گنج رینج کے اسسٹنٹ فارسٹ گارڈ رنویر مشرا نے عارف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھ گچھ کے لیے 2 اپریل کو صبح 11 بجے اپنے دفتر میں طلب کر لیا ہے۔

    واضح رہے کہ 30 سالہ محمد عارف نے فروری 2022 میں بری طرح سے زخمی سارس کرین کی جان بچائی تھی اور اسے اپنے پاس رکھ کر اس کی دیکھ بھال کی تھی۔ اس سال اپریل میں مکمل صحت یاب ہونے کے بعد سارس گیا نہیں بلکہ عارف کے ساتھ ہی ایک پالتو پرندے کی طرح رہنا پسند کیا۔