Tag: سارہ

  • برطانیہ: خاتون کی جسمانی باقیات برآمد، پولیس افسر حراست میں

    برطانیہ: خاتون کی جسمانی باقیات برآمد، پولیس افسر حراست میں

    لندن: برطانوی علاقے کینٹ سے انسانی جسم کی باقیات دریافت ہوئی ہیں، برطانوی پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون کئی روز سے لاپتہ تھیں اور ان کی گمشدگی کے الزام میں ایک پولیس افسر زیر تفتیش ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق برطانوی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ کینٹ کے علاقے سے ملنے والی جسمانی باقیات سارہ ایورڈ کی ہیں جو چند روز قبل اپنے گھر جاتے ہوئے لاپتہ ہوئی تھیں۔

    پولیس کے مطابق 33 سالہ سارہ ایورڈ 3 مارچ کو جنوبی لندن سے اپنے گھر برکسٹن جاتے ہوئے لاپتہ ہوئی تھیں، پولیس نے سارہ کی تلاش کے لیے 750 گھر وں میں جا کر معلومات حاصل کیں جبکہ 120 افراد نے فون کر کے معلومات دیں۔

    سارہ کی گمشدگی کے الزام میں ایک پولیس افسر کو گرفتار کیا گیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار پولیس افسر 3 مارچ کی شب اپنی ڈیوٹی پر نہیں تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزم کی معاونت کے الزام میں ایک عورت کو بھی حراست میں لیا گیا تھا جو اب ضمانت پر ہے۔

    اب کینٹ کے علاقے میں ایک خاتون کی جسمانی باقیات دریافت ہوئی ہیں اور فرانزک کے بعد تصدیق ہوئی کہ یہ سارہ ہی ہیں۔

    پولیس، گرفتار پولیس افسر کے علاوہ دیگر خطوط پر بھی معاملے کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

  • ترجمان وائٹ ہاؤس سارہ سینڈرز کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ

    ترجمان وائٹ ہاؤس سارہ سینڈرز کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ

    واشنگٹن: امریکی وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، صدر ٹرمپ نے تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان اس ماہ کے آخر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گی، تاہم کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ملکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس ماہ کے آخر میں سارہ سینڈرز عہدہ چھوڑ دیں گی، مجھے امید ہے کہ وہ آرکنساس کے گورنر کیلئے میدان میں آئیں گی۔

    سارہ سینڈرز کے والد آرکنساس کے گورنر رہ چکے ہیں، سارہ سینڈرز مستقبل میں گورنر کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں، ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ وہ انتخابات لڑنے کے پیش نظر عہدے سے مستعفی ہوں گی۔

    سارہ سینڈرز کا کہنا تھا کہ میرے لئے سب سے اہم کام اپنے بچوں کی اچھی ماں بن کر دکھانا ہے، اب اپنے گھر واپس جانے کا وقت آگیا ہے۔

    خیال رہے کہ سارہ سینڈرز کے مستعفی ہونے کی کوئی معقول وجہ سامنے نہیں آئی، تاہم ٹرمپ کے منصب سنبھالنے کے بعد سے اب تک کئی عہدیدار استعفیٰ دے چکے ہیں۔

    صدارتی ایگزیکٹوآرڈر کے ذریعے ایمرجنسی لگائی جاسکتی ہے‘ سارہ سینڈرز

    امریکی صدر کے احکامات، بیانات اور بعض اوقات ان کا توہین آمیز رویہ امریکی عہدیداروں کے مستعفی ہونے کا باعث بنا ہے، جبکہ بہت سے امریکی سیاستدان ٹرمپ کو صدارت کے عہدے کے لائق نہیں سمجھتے۔

    یاد رہے کہ جولائی 2017 میں وائٹ ہاؤس کے ترجمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قانونی ٹیم کے رکن شون اسپائسر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔