Tag: سازش

  • ٹرمپ نے شی جن پنگ پر امریکا کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگا دیا

    ٹرمپ نے شی جن پنگ پر امریکا کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگا دیا

    واشنگٹن (03 ستمبر 2025): صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر شی جن پنگ پر امریکا کے خلاف سازش کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ نے چین پر روس اور شمالی کوریا سے مل کر سازش کا الزام لگا دیا ہے، اور دوسری طرف جاپان کے ماضی کا ذکر کر کے اسے ایک پریشان کن صورت حال میں ڈال دیا۔

    روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ میں چین کی سب سے بڑی فوجی پریڈ شروع ہوتے ہی، ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں، چین کو جاپان سے آزادی حاصل کرنے میں مدد کرنے میں امریکی کردار پر روشنی ڈالی۔

    ٹرمپ نے چینی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’’براہ کرم ولادیمیر پیوٹن اور کم جونگ اُن کو میری نیک تمنائیں پہنچا دیں جب آپ لوگ امریکا کے خلاف سازش کر رہے ہوں۔‘‘

    چین کے صدر شی جن پنگ نے دنیا کو امن کا پیغام دے دیا

    ٹرمپ نے اس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چین کے فوجی پریڈ کو امریکا کے لیے کسی چیلنج کے طور پر نہیں دیکھتے، اور انھوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنے ’’نہایت اچھے تعلقات‘‘ برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔ دوسری طرف بدھ کے روز جاپان کے اعلیٰ ترین سرکاری ترجمان نے پریڈ پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کی دو بڑی معیشتیں تعمیری تعلقات قائم کر رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ بیجنگ میں فوجی پریڈ سے خطاب میں چین کے صدر شی جن پنگ نے دنیا کو امن کا پیغام دے دیا ہے، انھوں نے کہا کہ انسانیت کو جنگ یا امن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ’’ہم جتنے بھی مضبوط ہو جائیں کبھی توسیع پسندی کا راستہ اختیار نہیں کریں گے، ہم کبھی اپنے ماضی کی مصیبت کو کسی دوسرے ملک پر عائد نہیں کریں گے۔‘‘

  • ’نواز شریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی‘

    ’نواز شریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی‘

    لاہور (13 جولائی 2025): اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حکومت ایک سازش کے تحت ختم کی گئی تھی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2017 میں نواز شریف کی حکومت ایک سازش کے تحت ختم کی گئی تھی۔ اس سازش کا مقصد ملک کی ترقی کا پہیہ روکنا تھا اور یہی ہوا کہ ہماری حکومت ختم کر کے ترقی کا پہیہ روکا گیا۔

    ایاز صادق نے کہا کہ ن لیگ کے بعد آنے والی پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی اور معیشت کو بہت نقصان پہنچایا۔ ہماری قیادت نے ایک بار پر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے اور اللہ کی مہربانی سے پاکستان معاشی ترقی کے ٹریک پر چلنا شروع ہو گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میں چند عناصر نے ہماری قیادت کی بیماری کا مذاق اڑایا تھا، لیکن ہمارےسیاسی مخالفین آج مکافات عمل کا شکار ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک نے ترقی کا سفر شروع کر دیا ہے۔ حکومت اور مسلح افواج کی قیادت نے 10 مئی کو ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا۔

    واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات کے نتیجے میں نواز شریف نے اکثریت حاصل کر کے ریکارڈ تیسری بار پاکستان کے وزیراعظم کا منصب سنبھالا تھا۔ تاہم پچھلی دو بار کی طرح اس بار بھی وہ بطور وزیراعظم اپنی 5 سالہ مدت پوری نہ کر سکے۔

    سپریم کورٹ نے جولائی 2017 میں نواز شریف کو متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کا اقامہ ظاہر نہ کرنے کی بنیاد پر صادق اور امین کی شق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا اور پانچ صفر کی اکثریت سے نہ صرف وزارت عظمیٰ کے منصب بلکہ اسمبلی سے بھی نا اہل قرار دے دیا۔

    تاہم اس وقت کی اسمبلی نے اپنی 5 سالہ مدت مکمل کی اور تاہم ن لیگ کی حکومت بھی برقرار رہی۔ نواز شریف کو نا اہل قرار دیے جانے کے باعث ان ہاؤس تبدیلی لاتے ہوئے ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی کو نیا وزیراعظم بنایا گیا۔

     

  • حکومت علما کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہی ہے، فضل الرحمان

    حکومت علما کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہی ہے، فضل الرحمان

    جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے آج کچھ علما کا اجلاس بلایا جو درحقیقت علما کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چارسدہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پر علما کو تقسیم کرنے کی سازش کا الزام عائد کیا ہے۔

    جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ حکومت نے آج کچھ علما کا اجلاس بلایا جو درحقیقت علما کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ ہم ان علما کو بھی اپنا سمجھتے ہیں۔ ہم ریاست سے تصادم نہیں مدارس کی رجسٹریشن چاہتے ہیں لیکن یہ ہمیں کہیں اور دھکیل رہے ہیں۔

    فضل الرحمان نے کہا کہ آج پوری دنیا میں مدارس قائم ہیں اور ہم بھی مدارس کے حقوق کی جنگ صرف اپنے لیے نہیں لڑ رہے۔ مدارس کے حقوق کی جنگ تمام مدارس اور علما کی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم دور میں اتفاق رائے سے مدارس بل پاس ہوا اور 26 ویں ترمیم کے وقت مدارس بل کی بھی بات کی تھی۔ جو ڈرافٹ پارلیمنٹ نے پاس کیا، اس میں تمام مدارس کو آزادی ہے۔ صدر زرداری دوسرے ایکٹ پر دستخط کر سکتے ہیں تو مدارس بل پر کیوں نہیں۔ مجھے پتہ ہے ان کو بل پر دستخط کرنے سے کس نے روکا ہے۔

    جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ نئے شوشے چھوڑے جا رہے ہیں اور علما کے مقابلے میں علما کو لایا جا رہا ہے، ایسا نہ کیا جائے۔ حکومت اس معاملے کو سیاسی اکھاڑا نہ بنائے۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل پر ہم سب کو اعتماد میں لے چکے۔ پارلیمنٹ بل پاس کر چکی اور ہم جیت چکے ہیں۔ اس وقت تک حکومت کی کوئی تجویز قبول نہیں بلکہ قبول تو دور چمٹے سے پکڑنے کو بھی تیار نہیں۔ ڈمی حکومتیں ہمیں قبول نہیں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امن وامان تباہ ہوچکا اور قبائلی علاقے بارود بنے ہوئے ہیں۔ بلوچستان، کرم، جنوبی اضلاع جل رہے ہیں۔ انسانوں کا قتل عام ہو رہا اور لوگ گھر چھوڑ رہے ہیں۔ حکمران ملک کو بچانے کیلئے فکرمند ہو جائیں۔

    آئی ایم ایف، ایف اے ٹی ایف اور مغرب مدارس کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے۔ یہ ملک توڑنے کی سازش تو نہیں، ہم ملک کو بچانا چاہتے ہیں۔ ہم ان سے زیادہ ملک کے وفادار اور فکرمند ہیں، لیکن مدارس کو کیوں انتہا پسندی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

  • شیخ رشید کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    شیخ رشید کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    صدر آصف علی زرداری پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کے الزام کے مقدمے سے شیخ رشید کو بری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف قتل کی سازش کرنے کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بری کر دیا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا اب صرف دہشت گردی کے چودہ کیس رہ گئے ہیں۔

    شیخ رشید احمد کا کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا آج اللہ تعالیٰ کی مدد سے یاسرمحمود کی عدالت سے بری ہوا ہوں، میں اپنے وکلا اور لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا کیس لڑا، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں۔

    سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں، آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے، حالات اتنا خراب ہوتے دیکھ رہا ہوں کہ قومی حکومت وجود میں آسکتی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا مگر دہشتگردی کے مقدمات بنادیے گئے، مجھے کہا گیا آپ کا سامان واپس ہوگا مگر نہیں ہوا، ایسی جگہ بھی کیس ہوئے جو میں نے دیکھی ہی نہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا تو کشمیر میں کیا کررہا ہے، منی پور میں مسلمانوں سے ہونیوالے مظالم پر کوئی بیان نہیں دیاگیا۔

  • دھکمی آمیز مراسلہ: پی ٹی آئی کابینہ نے کمیشن سے کیا سوالات پوچھے؟

    دھکمی آمیز مراسلہ: پی ٹی آئی کابینہ نے کمیشن سے کیا سوالات پوچھے؟

    اسلام آباد: واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کو دھکمی آمیز مراسلے سے متعلق پوچھے گئے پی ٹی آئی کابینہ کے سوالات سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کابینہ نے کمیشن سے دھمکی آمیز مراسلے سے متعلق اہم سوالات پوچھے تھے، اور کہا تھا کہ کمیشن بنایا جائے جو ان سوالوں کا جواب دے۔

    کابینہ نے سوال کیا کہ کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ دستاویز دوسرے ملک میں متعین نمائندے کے پیغام پر مشتمل ہے؟ اور کیا یہ حقیقت نہیں کہ مذکورہ دستاویز میں ایک باضابطہ ملاقات کی تفصیلات موجود ہیں؟

    کابینہ نے یہ سوال بھی کیا کہ کیا یہ حقیقت نہیں کہ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کا ذکر کیا گیا؟ اور کیا یہ حقیقت نہیں کہ پاکستان کی معافی کو عمران خان کو ہٹانے کی شرط کے طور پر رکھا گیا؟

    کمیشن کے سامنے کابینہ نے یہ سوال بھی رکھا کہ کیا قومی سلامتی کمیٹی نے مراسلے کو پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت قرار نہیں دیا؟ اور کیا سفیر کے مشورے کی روشنی میں مذکورہ ملک کو دیمارش دینے کا فیصلہ نہیں ہوا؟ کیا قومی سلامتی کمیٹی نے اہم نہ جانا کہ اسے پارلیمان سلامتی کمیٹی میں لایا جائے؟

    کابینہ نے کہا کہ ان نکات پر تحقیقات کی جائے، اور مراسلے میں دھمکی اور مقامی کرداروں میں گٹھ جوڑ کا سراغ لگایا جائے، مخصوص سفارت کاروں کی حزب اختلاف اور منحرف اراکین سے ملاقاتوں کی چھان بین کرنا ہوں گی۔

    کابینہ نے کہا کہ تحقیق کار سلامتی کمیٹی اجلاس کے شرکا میں سے ہر ایک کے خیالات کی چھان بین کے بعد رائے دیں گے، تحقیق کار کی رائے کے بعد ہی مختلف کرداروں کے حقیقی عزائم اور باہم تعلقات واضح ہوں گے۔

    ادھر آج پیر کو ترجمان دفتر خارجہ سے بریفنگ کے دوران امریکی سازش اور مراسلے پر سوالات کی بوچھاڑ کی گئی، ترجمان نے کہا سلامتی کمیٹی کے دونوں بیان ایک دوسرے سےملتے ہیں، پریمئیر انٹیلیجنس ایجنسی نے کمیٹی کو بریفنگ دی، اور ایجنسی نے تصدیق کی کہ کسی بیرونی سازش کےثبوت نہیں ملے۔

    ترجمان نے مزید کہا اسد مجید پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا ایسی خبریں من گھڑت ہیں، دفتر خارجہ نے قانون کے مطابق احتجاجی مراسلہ حوالے کیا، مراسلے کئی روز تک دبانے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ٹیلی گرام دفتر خارجہ پہنچا اور قانون کے مطابق متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا، مراسلہ قومی سلامتی کمیٹی میں زیر بحث لایا گیا اور پھر ڈیمارش دیا گیا۔

  • کیا شاہی خاندان میگھن مرکل کے خلاف کوئی سازش کر رہا تھا؟

    کیا شاہی خاندان میگھن مرکل کے خلاف کوئی سازش کر رہا تھا؟

    برطانوی شاہی خاندان کے شہزادے ہیری خاندان سے علیحدہ ہونے کے بعد اپنی اہلیہ میگھن مرکل کے ساتھ امریکا میں زندگی گزار رہے ہیں، میگھن کی دوست کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ یہ یقین تھا کہ ان کے خلاف کوئی سازش کی جارہی ہے۔

    شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد ایسی خبریں سامنے آئیں جن کے مطابق میگھن مرکل خود کو شاہی خاندان میں موزوں نہیں سمجھتی تھیں اور ذہنی طور پر پریشان تھیں۔

    اب ان کی ایک دوست نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میگھن کو یقین تھا کہ ان کی شادی کے بعد سے ان کے خلاف کوئی سازش تیار کی جارہی ہے۔

    مذکورہ دوست کا کہنا ہے کہ شادی کے کچھ عرصے بعد جوڑا فروگمور کاٹیج میں منتقل ہو کر علیحدہ رہنے لگا تھا تاہم وہاں میگھن خود کو مزید تنہا محسوس کرتی تھیں۔

    میگھن کو لگتا تھا کہ شاہی خاندان میں ان کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے چنانچہ انہوں نے شاہی خاندان کے افراد سے خود کو الگ تھلگ کردیا تھا، انہیں لگتا تھا کہ وہ یہاں فٹ نہیں ہیں اور وہ ایسی زندگی گزارنے کی عادی نہیں تھیں۔

    وہ اپنے دوستوں کی عدم موجودگی سے بھی خود کو تنہا محسوس کرتی تھیں شاید یہی وجہ تھی کہ انہوں نے لاس اینجلس منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔

    گزشتہ برس شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد جوڑا پہلے کینیڈا گیا، وہاں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد وہ اپنی طے شدہ شاہی مصروفیات میں شرکت کرنے لندن واپس آئے، بعد ازاں لاک ڈاؤن شروع ہونے سے پہلے وہ لاس اینجلس چلے گئے اور مستقل وہیں سکونت اختیار کرلی۔

    قریبی افراد کا کہنا ہے کہ امریکا منتقل ہونے کے بعد میگھن تو اپنے دوستوں اور والدہ کی موجودگی میں نہایت خوش باش ہیں تاہم شہزادہ ہیری اس نئی زندگی سے مطابقت کرنے میں جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    وہ برطانیہ میں اپنے خاندان کے ساتھ ایک نہایت مختلف زندگی گزارتے رہے ہیں اور اس زندگی کے عادی نہیں چنانچہ انہیں اس سے عادی ہونے میں وقت لگ رہا ہے۔

    میگھن مرکل اور شہزادہ ہیری مئی 2018 میں رشتہ ازدواج میں منتقل ہوئے تھے، جوڑے کا ایک بیٹا آرچی بھی ہے جو مئی 2019 میں پیدا ہوا۔

  • شارع فیصل، فاطمہ جناح روڈ پر گٹر کو بڑے پتھر ڈال کر بند کرنے کا انکشاف

    شارع فیصل، فاطمہ جناح روڈ پر گٹر کو بڑے پتھر ڈال کر بند کرنے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے مشہور شارع فیصل اور فاطمہ جناح روڈ پر گٹرز کو بڑے پتھر ڈال کر بند کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو رپورٹ دی گئی ہے کہ شارع فیصل اور فاطمہ جناح روڈ پر گٹرز کو بڑے پتھر ڈال کر بند کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بڑے پتھروں کے باعث گٹر ابل پڑے ہیں، یہ کسی گروہ کا کام ہے جو شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں۔

    رپورٹ ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گروہ کو پکڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر ایک شخص پکڑا گیا تو پورا گروپ سامنے آ جائے گا، گروہ کے خلاف کرمنل مقدمات درج کیے جائیں، کراچی کے نام نہاد مالک اور دوست شہریوں سے دشمنی میں پیش پیش ہیں۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ نے شہریوں کو بھی گٹر چوک کرنے والے گروہ کی نشان دہی کی ہدایت کی ہے۔

    واضح رہے کہ شہر میں بڑی شاہ راہوں پر جگہ جگہ گٹر ابلنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بالخصوص گزشتہ بارشوں کے بعد شہر کی اکثر سڑکوں کے گٹر ابل پڑے تھے، جن کے بارے میں اب معلوم ہوا ہے کہ ان میں بڑے پتھر ڈال کر جان بوجھ کر چوک کیا گیا تھا۔

    اس سے قبل بھی کراچی کی مشہور سڑکوں ایم اے جناح روڈ، سولجر بازار، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت اورنگی ٹاؤن میں بھی گٹر لائنوں کو قصداً چوک کرایا جا چکا ہے، تاہم ملوث افراد کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

  • کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا: خالد مقبول صدیقی

    کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا: خالد مقبول صدیقی

    کراچی: وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ہر حکومت کی بنیادی ضرورت ہوتی ہے، کراچی کو سازش کے تحت پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول نے کہا کہ ریاست کی دوسری ذمہ داری تحفظ ہے، اپنی جماعت کو چھوڑ کر جانا بھی عدم تحفظ کی دلیل ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے پریس کلب پر پانی کی عدم فراہمی کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ ایم کیو ایم کا قصور پڑھے لکھے متوسط نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیجنا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ جبر کرنے والے تھک چکے ہیں، اب انھیں آپ کی ضرورت ہے، آئیں سندھ کے شہری علاقوں کے عوام مہاجروں کو ان کا حق دلائیں۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  کراچی کے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں: سراج الحق

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کا 70 برس کا قرض اگر کوئی اتار سکتا ہے تو وہ یہی جماعت ہے۔

    خیال رہے کہ دو دن قبل ایم کیو ایم پاکستان نے شہر قائد میں پانی کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا، کراچی میں قلت آب کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر چکا ہے، ایم کیو ایم پاکستان سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کے خلاف میدان میں آ گئی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ کراچی میں پانی کی چوری اور غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے شہر بوند بوند کو ترس گیا ہے۔

  • غرب اردن پر قبضے کی امریکی، صہیونی سازش کے خلاف حماس کا اہم اعلان

    غرب اردن پر قبضے کی امریکی، صہیونی سازش کے خلاف حماس کا اہم اعلان

    یروشلم : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان نے امریکی سفیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سفیر کا بیان صہیونی ریاست کی غاصبانہ پالیسی کی کھلی طرف داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین کے اس بیان کو فلسطینی قوم کے خلاف کھلی امریکی گھناﺅنی سازش قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کو غرب اردن کے بعض علاقے شامل کرنے کا حق ہے۔

    مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے امریکی سفیر کے بیان کو صہیونی ریاست کی غاصبانہ پالیسی کی کھلی طرف داری، فلسطینی قوم اورقضیہ فلسطین کے خلاف صہیونی سازشوں کی معاونت قراردیا۔

    ایک بیان میں حماس کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر کے بیان نے واضح کردیا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کی انتہا پسند لیڈرشپ کے ساتھ مل کر عرب ممالک کو دباﺅ میںلانے اور فلسطینی سرزمین پر صہیونی قبضہ مضبوط بنانے میں پیش پیش ہے۔

    انہوں نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ امریکی اور اسرائیلی غاصبانہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے غرب اردن میں فلسطینی مزاحمت کو مکمل آزادی فراہم کرنے پر زور دیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر قبضے کے لیے جنگی حربے استعمال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، امریکا کو صہیونی ریاست کی طرف داری روکنا ہوگی۔

  • سازشی ٹولہ عوام کو سڑکوں پر لانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے: فردوس عاشق اعوان

    سازشی ٹولہ عوام کو سڑکوں پر لانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے: فردوس عاشق اعوان

    سیالکوٹ: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک کو قرضوں میں ڈبونے والا ٹولہ مگرمچھ کے آنسوں رو رہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری ملکی معاشی صورت حال کے پیش نظر ناگزیر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے مفاد پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے، عمران خان پاکستان کے حقوق کی جنگ لڑیں گے، پاکستان کےعوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    [bs-quote quote=”افواج پاکستان نے اپنے بجٹ میں کٹوتی کرکے حکومت پراعتماد کا ثبوت دیا” style=”style-8″ align=”left” author_name=”فردوس عاشق اعوان”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ طاقت ور اور کمزور کے لئے الگ الگ قانون اب نہیں چلے گا، طاقت ور شخصیات نے 70 سال ملک کے قانون کو اپنے تابع کر کے رکھا، قوم کو وزیراعظم عمران خان پر مکمل اتحاد ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مریم صفدر کے والد نے قانون کو اپنے شکنجے میں رکھا، طاقت ور ٹولہ ملک کے قانون کو مذاق بنا رہا ہے، عوام اب لوٹ مارکرپشن کرنے والوں کے نعروں میں نہیں آئے گی، سازشی ٹولہ مہنگائی کی آڑ میں عوام کو سڑکوں پر لانے کی سازش کررہا ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ افواج پاکستان، جنرل قمرجاوید کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، افواج پاکستان نے اپنے بجٹ میں کٹوتی کرکے حکومت پراعتماد کا ثبوت دیا، افواج پاکستان نے ہرمحاذ پرملک کے لئے قربانیاں دی ہیں، مسلح افواج معاشی دباؤ میں بھی عوام کےشانہ بشانہ کھڑی ہوئی۔

    [bs-quote quote=”حکومت اپنے غیرضروری اخراجات میں کٹوتی کرے گی” style=”style-8″ align=”left” author_name=”فردوس عاشق اعوان”][/bs-quote]

    ان کا کہنا تھا کہ سازشی ٹولہ عوام کو سڑکوں پر لانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، ن لیگ کے دور میں معیشت کو تباہ کیا گیا۔

    افواج پاکستان ہرمشکل میں عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، حکومت ملکی دفاع سے غافل نہیں ہوگی، پاکستان حکومت کو دشمن کو للکارنا اور اسے سبق سکھانا آتا ہے، ہم کہتے نہیں ہم کرکے دکھاتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر جوان کی ضرورتیں پوری کریں گے، افواج پاکستان کے بجٹ میں کوئی کٹوتی نہیں ہوگی، حکومت اپنے غیرضروری اخراجات میں کٹوتی کرے گی، حکومت ملک کے دفاع کی ضرورت سے بالکل غافل نہیں۔

    انھوں نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز بتائیں نوازشریف آپ کواورنواسی کو کیوں جنرل اسمبلی لے کر گئے۔