Tag: سالانہ عرس کا آغاز

  • عظیم صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے سالانہ عرس کا آغاز

    عظیم صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے سالانہ عرس کا آغاز

    بھٹ شاہ: عظیم صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے280 ویں عرس کا آغاز ہوگیا ہے ، عرس کے موقع پر سندھ بھر میں آج عام تعطیل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے 280 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات شروع ہوگئیں۔

    نگراں وزیر مذہبی امور عمرسومرو نےصوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کا افتتاح کردیا ، نگران وزیر عمر سومرو اوروزیر ثقافت جنید علی شاہ نےمزار پرچادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ملک سے باہر ہونے کی وجہ سےنگران وزرا نے افتتاح کیا ، شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 280ویں عرس کے موقع پر آج عام تعطیل ہے۔

    عرس کے موقع پر درگاہ پر زائرین کی بڑی تعداد میں آمد جاری ہے ، ہزاروں زائرین کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    عرس ہر سال 14 صفر (ہجری کیلنڈر کا دوسرا مہینہ) کو شروع ہوتا ہے اور تین دن تک جاری رہتا ہے۔

    خیال رہے شاہ عبداللطیف بھٹائی (1689 تا 1752) ایک عظیم صوفی شاعر اور بزرگ تھے، انہیں سندھی زبان کا سب سے بڑا شاعر سمجھا جاتا ہے۔

    ان کی جمع کردہ نظمیں "شاہ جو رسالو” میں مرتب کی گئیں، جو کہ متعدد نسخوں میں موجود ہیں اور انگریزی، اردو اور کئی دوسری زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہیں۔

  • حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے سات سوستترویں سالانہ عرس کا آغاز

    حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے سات سوستترویں سالانہ عرس کا آغاز

    پاکپتن : برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے سات سوستترویں سالانہ عرس کی پندرہ روزہ تقریبات کا آغاز آج سے پاکپتن میں ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حضرت با با فرید گنج شکررحمۃ اللہ علیہ کے پندرہ روزہ عرس میں آج غسل، چادر پوشی اور دعا کی تقاریب سے آغاز ہوگا جبکہ پانچ محرم الحرام سے عاشورہ تک جنتی دروازہ کھلا رہے گا۔

    عرس کے موقع پرمقامی انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں،عرس کی تقاریب شرکت کیلئے اندرون اوربیرون ملک سے زائرین کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ پاکپتن میں شروع ہوگیا ہے۔

    عرس میں شرکت کیلئے بھارت سے زائرین بھی پہنچ گئے ہیں جبکہ پندرہ لاکھ سے زائد زائرین عرس میں شرکت کے لئے پاکپتن آئَے ہیں، ان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندو ، سکھ اور دیگر مذاہب کے زائرین بھی شامل ہیں۔

    عرس کے موقع پرمزار کے ارد گرد کے علاقے کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے، انتظامیہ نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔

    مزار شریف کی پُرنور فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور حق فرید ؒ یا فریدؒ کے نعروں سے معطر ہے اور زائرین مزار شریف اپنی حاجات کی پوری ہونے کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور فاتحہ خوانی کر رہے ہیں اور چادر چڑھا رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: آفتاب ولایت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر کی زندگی پر ایک نظر

    اس موقع پرسجادہ نشین کی جانب سے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، بہشتی دروازہ مسلسل 5 راتوں تک کھلا رہے گا جس سے عقیدت مند گزریں گے۔