Tag: سالگرہ

  • شعیب ملک کی ثانیہ مرزا کو سالگرہ کی مبارکباد

    شعیب ملک کی ثانیہ مرزا کو سالگرہ کی مبارکباد

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو سالگرہ پرمبارکباد دی ہے۔

    شعیب ملک سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ثانیہ مرزا کے ساتھ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پرانی تصویر شیئر کی۔

    شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کے لیے اپنی پوسٹ میں انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی ساتھ ہی صحت مند اور خوش گوار زندگی گزارنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Shoaib Malik (@realshoaibmalik)

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل خلیجی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکی شادی 12 سال رہنے کے بعد ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اب تک اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

  • عمران خان 70 برس کے ہو گئے

    عمران خان 70 برس کے ہو گئے

    اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 70 برس کے ہو گئے، پی ٹی آئی آج ملک بھر میں عمران خان کی سالگرہ منائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے زندگی کی 70 بہاریں دیکھ لیں، عمران خان کے لیے سوشل میڈیا پر مبارک باد کے پیغامات کا تانتا بندھ گیا، ’سالگرہ مبارک ہو خان صاحب‘ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا۔

    پارٹی کے سوشل میڈیا سیل نے عمران خان کی سالگرہ پر بچوں میں تحائف تقسیم کیے، تحریک انصاف نے عمران خان کے فالوورز کو نرم دلی کے مظاہرے کی بھی تلقین کی۔

    ’وہ آیا ۔۔ اس نے دیکھا اور فتح کر لیا‘ عمران خان کے بارے میں ایسا کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا، کپتان نے زندگی کے جس بھی شعبے میں قدم رکھا، اس میں عروج پر پہنچے۔

    انھوں نے کرکٹ کے میدان میں قدم رکھا تو لیجنڈ کرکٹرز میں جگہ پائی اور کپتان بنے تو پاکستان کو ورلڈ کپ کا فاتح بنا کر تاریخ رقم کر دی۔

    سماجی شعبے میں آئے تو عوام کی مدد سے کینسر کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے شوکت خانم اسپتال بنا کر مثال قائم کر دی، سیاست کے میدان میں طویل جدوجہد کی، پھر ایسے قدم جمائے کہ سیاسی میدان پر چھا گئے۔

    کپتان بڑے بڑے سیاسی برج الٹ کر وزیر اعظم پاکستان بنے، اسلاموفوبیا کے خلاف اقوام متحدہ میں امت مسلمہ کی آواز بن کر عالمی برادری کو جھنجھوڑ ڈالا۔

    حکومت سے اپوزیشن میں آئے تو ملکی تاریخ کے ریکارڈ بڑے جلسے سب کے سامنے ہیں، کپتان کبھی گھبرایا اور نہ مقصد سے پیچھے ہٹا، اور کارکنوں کو بھی یہی پیغام دیا۔

  • فلائی اوور بلاک کر کے دوست کی سالگرہ منانے والے منچلے گرفتار

    فلائی اوور بلاک کر کے دوست کی سالگرہ منانے والے منچلے گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں چند منچلوں نے دوست کی سالگرہ منانے کے لیے پورا فلائی اوور بلاک کردیا، پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کر کے بقیہ کی تلاش شروع کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ واقعہ بھارتی شہر پٹنہ میں پیش آیا جہاں 20 سے زائد نوجوانوں نے پاٹلی فلائی اوور بلاک کردیا۔

    نوجوانوں نے 2 لین فلائی اوور کے ایک طرف درجن بھر گاڑیاں پارک کیں اور ایک گاڑی کے بونٹ پر کیک رکھ کر دوست کی سالگرہ منانی شروع کردی۔

    اس دوران کچھ لڑکوں نے ہوائی فائرنگ بھی گئی، تیز آواز میں میوزک بجایا اور رقص بھی کیا۔

    تمام لڑکوں نے گاڑی کے بونٹ پر کیک کاٹ کر خوب جشن منایا، ’تقریب‘ کو ایک شخص کے انسٹاگرام پر لائیو نشر بھی کیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے مذکورہ لڑکوں کی تلاش شروع کردی، جس لڑکے کی سالگرہ تھی اس لڑکے سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آدھے گھنٹے تک فلائی اوور پر پارٹی کرنے والے تمام لڑکوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور جلد سب کے سب جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

  • عرفان خان کی اہلیہ نے انہیں کس بات پر معاف کیا؟

    عرفان خان کی اہلیہ نے انہیں کس بات پر معاف کیا؟

    بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار عرفان خان کی اہلیہ نے انہیں اپنی سالگرہ بھولنے پر معاف کردیا، اپنی سالگرہ پر انہوں نے سوشل میڈیا پر جذباتی نوٹ شیئر کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عرفان خان کی اہلیہ سوتاپا نے اپنی سالگرہ کی کچھ تصاویر شیئر کیں۔

    ساتھ ہی انہوں نے عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ایک دوسرے کے ساتھ گزاری گئی 32 میں سے 28 سالگراہیں یاد نہ رکھنے کی وجہ سے، جاؤ عرفان میں نے تمہیں معاف کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sutapa Sikdar (@sikdarsutapa)

    سوتاپا سکدر نے لکھا کہ سالگرہ سے ایک رات قبل میں ایک منٹ کے لیے بھی اپنی پلکیں نہیں جھپکا سکی، میں چہل قدمی کرتے ہوئے آپ کی باتیں سوچتی رہی جو آپ میری سالگرہ فراموش کرنے کے جواز پیش کیا کرتے تھے۔

    انہوں نے لکھا کہ اپنی سالگرہ نہ منانے اور بھولنے کے بعد، مجھے خوشی سے آپ کی وجوہات کو قبول کرنا یاد ہے۔

    سوتاپا نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ دونوں بیٹوں بابل اور ایان میری سالگرہ نہیں بھولے، کیا آپ نے جاگ کر انہیں یاد دلایا، جیسے آپ یہاں ہمیشہ بھول جاتے تھے۔ آج ہم نے آپ کو بہت یاد کیا۔

    یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکار عرفان خان 29 اپریل 2020 میں کولون (بڑی آنت) کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

  • معین اختر کے یوم پیدائش پر گوگل کا خراج تحسین

    معین اختر کے یوم پیدائش پر گوگل کا خراج تحسین

    پاکستان کے مقبول ترین فنکار معین اختر کی 71 ویں سالگرہ کے موقع گوگل نے اپنے ڈوڈل سے انہیں شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    چار دہائیوں تک لوگوں کے چہروں پر قہقہے بکھیرنے والے ہر دل عزیز فن کار معین اختر کا آج 71 واں یوم پیدائش ہے۔

    کراچی میں 24 دسمبر 1950 کو آنکھ کھولنے والے معین اختر چند ماہ کے تھے جب ان کے والد محمد ابراہیم محبوب اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ انہوں نے تقسیمِ ہند کے بعد مراد آباد سے ہجرت کر کے کراچی میں سکونت اختیار کی تھی اور یہاں ان کا معاش ایک کاروبار سے جڑا ہوا تھا۔

    ڈراموں اور اسٹیج پر کامیڈی کے ساتھ معین اختر نے ایک میزبان، گلوکار اور اسکرپٹ رائٹر کی حیثیت سے بھی اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کو منوایا۔

    16 برس کی عمر میں معین اختر نے اسٹیج پر پہلی پرفارمنس دی اور حاضرین کے دل جیت لیے، اسٹیج کے ساتھ ریڈیو پر اپنے فن کا اظہار کرنے کے بعد ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھتے ہی گویا ان کی شہرت کو پر لگ گئے۔

    70 کی دہائی میں معین اختر کو پاکستان بھر میں شناخت مل چکی تھی، ان کے مقبول ترین شوز میں‌ لوز ٹاک، ففٹی ففٹی، ہاف پلیٹ، اسٹوڈیو ڈھائی اور روزی جیسے کھیل شامل ہیں۔

    معین اختر کے فن کا سفر 45 برس پر محیط ہے جو ہر لحاظ سے شان دار اور متاثر کن ہے، کئی ایوارڈز اپنے نام کرنے والے معین اختر کو حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

  • سالگرہ کی تقاریب کووڈ 19 کیسز میں اضافے کا سبب

    سالگرہ کی تقاریب کووڈ 19 کیسز میں اضافے کا سبب

    امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ایسے ممالک جہاں کووڈ 19 کی شرح زیادہ ہے، وہاں سالگرہ کی تقاریب سے کیسز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ہارورڈ میڈیکل اسکول اور رینڈ کارپوریشن کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ جن ممالک میں اس وقت کووڈ 19 کی شرح زیادہ ہے، وہاں جن گھروں میں حالیہ عرصے میں سالگرہ کی تقاریب ہوئیں، وہاں کیسز کی تعداد میں 30 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے سالگرہ کی حقیقی تقاریب کو تجزیے کا حصہ نہیں بتایا بلکہ لوگوں کے اجتماع پر مشتمل تقاریب میں لوگوں کی تعداد کی قربت کو بنیاد بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ لوگوں کا اجتماع جیسے سالگرہ کی تقاریب کووڈ کی لہر کے دوران کیسز میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اجتماعات سماجی روایات کا اہم حصہ ہیں جس میں خاندان ایک دوسرے سے ملتے ہیں، مگر زیادہ خطرے سے دو چار علاقوں میں ان کے نتیجے میں کووڈ کی شرح میں اضافے کا امکان بڑھ سکتا ہے۔

    ماہرین نے مزید کہا کہ امریکا میں ویکسی نیشن کی شرح میں اضافے اور کیسز کی تعداد میں کمی سے موجودہ نتائج فرسودہ لگتے ہیں، مگر یہ دریافت ایسے افراد کے لیے اہم ہیں جن کو ایک اور لہر کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نتائج سے مستقبل کے اقدامات کے بارے میں مدد ملے گی، لوگوں کو یہ سمجھنے کا موقع مل سکے گا کہ اس طرح کی سرگرمیاں کس طرح وائرس کے پھیلاؤ کو بدترین بناسکتی ہیں، نتائج سے لوگوں کے اجتماع کے خطرات کے خیال کو بھی تقویت ملتی ہے، جس کا پہلے سے ہمیں علم ہے

    تحقیق کے لیے امریکا بھر میں لگ بھگ 30 لاکھ گھرانوں کے ڈیٹا کو دیکھا گیا۔

    محققین نے دریافت کیا کہ 2020 کے اولین 45 ہفتوں کے دوران مختلف علاقوں میں کووڈ کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوا، جن گھرانوں میں سالگرہ کی تقاریب ہوئیں وہاں پر ایسی تقاریب کے انعقاد سے گریز کرنے والے خاندانوں کے مقابلے میں 10 ہزار افراد میں 8.6 فیصد زیادہ کیسز ریکارڈ ہوئے۔

    ماہرین کے مطابق سالگرہ والے فرد کی عمر سے خطرے میں بھی اضافہ ہوتا ہے، ایسے گھرانے جہاں کسی بچے کی سالگرہ ہوئی، وہاں یہ اثر زیادہ تھا، جہاں ہر 10 ہزار میں سے کووڈ کے کیسز کی شرح 15.58 فیصد رہی۔

    بالغ افراد کی سالگرہ کی تقاریب میں یہ شرح ہر 10 ہزار افراد میں 5.8 فیصد رہی۔

  • وہ وژنری مصور جس کی ایجادات نے ہماری زندگیاں بدل دی

    وہ وژنری مصور جس کی ایجادات نے ہماری زندگیاں بدل دی

    لیونارڈو ڈاونچی کا نام سنتے ہی ہمارے ذہن میں مونا لیزا کی شہرہ آفاق پینٹنگ ابھرتی ہے، سیاہ لباس میں ملبوس خاتون کا فن پارہ جس کی مسکراہٹ کی ایک دنیا دیوانی ہے، لیکن کیا اس کا خالق واقعی صرف ایک مصور تھا؟

    مونا لیزا کا خالق ڈاونچی ایک ایسی بلند قامت شخصیت تھا جسے صرف اس ایک فن پارے میں قید کرنا ناانصافی ہوگی، آج اس مصور کا 569 واں یوم پیدائش ہے جسے تاریخ کا ایک غیر معمولی شخص کہا جاتا ہے اور اس کا شمار دنیا کے ذہین اور وژنری ترین انسانوں میں کیا جاتا ہے۔

    15 اپریل 1452 میں اٹلی میں پیدا ہونے اور 2 مئی 1519 کو فرانس میں انتقال کر جانے والے اس عظیم شخص نے اپنی پوری زندگی میں درحقیقت صرف 20 کے قریب ہی فن پارے بنائے جن میں سے مونا لیزا کو آفاقی شہرت حاصل ہوئی۔

    لیکن دنیا میں اگر کسی کو ہر فن مولا کہا جاسکتا ہے تو وہ ڈاونچی کی شخصیت ہے، وہ صرف ایک مصور ہی نہیں بلکہ مجسمہ ساز، انجینیئر، سائنس دان، ریاضی دان، ماہر فلکیات، ماہر طب اور موجد بھی تھا۔

    آج ہماری زندگی میں موجود بہت سی اشیا ڈاونچی کی ایجاد کردہ ہیں جس نے 5 صدیاں قبل ان کا ابتدائی خاکہ پیش کیا۔ آئیں دیکھتے ہیں کہ ڈاونچی کا وژن آج کس طرح ہماری زندگیوں کا اہم حصہ ہے۔

    روبوٹ

    دنیا کا سب سے پہلا روبوٹ ڈاونچی نے بنایا تھا، یہ روبوٹ لکڑی، چمڑے اور پیتل کا بنا تھا جو خود سے بیٹھنے، ہاتھ ہلانے، منہ کھولنے اور بند کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

    چار صدیوں بعد امریکی خلائی ادارے ناسا نے اپنا خلائی روبوٹ اسی طرز پر بنایا تھا۔

    ہوائی جہاز

    ڈاونچی کو اڑنے کا بے حد شوق تھا اور اس نے پہلی بار ہیلی کاپٹر بنانے کی کوشش بھی کی تھی، وہ اسے مکمل تو نہ بنا سکا تاہم اپنے نوٹس میں یہ ضرور بتا گیا کہ اس طرح کی اڑنے والی چیز کس طریقے سے کام کرے گی۔

    یہی نہیں اس نے پیرا شوٹ کا خیال بھی پیش کیا تھا جس کا مقصد اس وقت پائلٹ کی جان بچانا تھا۔

    گاڑی

    26 سال کی عمر میں ڈاونچی نے گاڑی کی ابتدائی شکل پیش کی، یہ ایک ریڑھا تھا جو خود کار طریقے سے چل سکتا تھا۔

    فریج

    اس نے اپنے گھر ہونے والی دعوتوں کے کھانے کو محفوظ کرنے کے لیے ایک ایسی مشین بھی بنا دی تھی جو کھانے کو ٹھنڈا رکھتی تھی، اس مشین میں ایک نلکی کے ذریعے سرد ہوا کو داخل کیا جاتا تھا۔

    اس ابتدائی ایجاد کی بدولت آج بڑے بڑے فریج ہمارے گھروں میں موجود ہیں۔

    دل کی شریانوں کے مرض کی تشخیص

    ڈاونچی نے ایک بار ایک بوڑھے شخص کے انتقال کر جانے کے بعد اس کے دل کا آپریشن کیا، تب اس نے پہلی بار دل کی شریانوں کے مرض کے بارے میں لکھا، اس کی یہ پہلی تشخیص آج لاکھوں افراد کی جانیں بچانے کا سبب ہے۔

    جب ڈاونچی نے بتایا کہ آسمان نیلا کیوں ہے

    سنہ 1509 میں ڈاونچی نے ایک مقالہ لکھا جس میں اس نے وضاحت کی کہ آسمان کا رنگ نیلا کیوں ہے۔ یہ مقالہ اس وقت بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی زیر ملکیت ہے جسے حفاظت سے رکھا گیا ہے۔

    ڈاونچی نے لکھا تھا کہ ہماری فضا کے سفید رنگ اور خلا کے سیاہ رنگ سے جب سورج کی روشنی گزرتی ہے، تو وہ اس کو منعکس کر کے آسمان کو نیلا رنگ دے دیتی ہے۔

    سنہ 1871 میں ایک انگریز سائنس دان لارڈ ریلی نے اس نظریے کی مزید وضاحت کی، انہوں نے لکھا کہ سورج کی روشنی جب ہوا کے مالیکیولز سے ٹکراتی ہے تو مالیکیولز پھیل جاتے ہیں۔

    یعنی کہ سورج کے ٹکرانے سے پیدا ہونے والی روشنی مالیکیولز کے پھیلنے کی وجہ سے چہار سو پھیل جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ دن کے وقت ہر شے بشمول آسمان نہایت روشن دکھائی دیتا ہے۔

    ریلی نے بتایا کہ اس عمل میں نیلا رنگ زیادہ پھیلتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ آسمان کو اپنے رنگ میں ڈھال لیتا ہے۔

    ریلی کے مطابق اس عمل کے دوران سرخ رنگ بھی منعکس ہوتا ہے جس سے آسمان بھی سرخ رنگ کا ہوجاتا ہے، تاہم نیلا رنگ اس پر حاوی ہوتا ہے اس لیے ہم آسمان کو نیلا دیکھتے ہیں۔

    لیونارڈو ڈاونچی کے ہاتھ کے لکھے نوٹس اکثر و بیشتر سامنے آتے رہتے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس ذہین شخص نے کس قدر ایجادات کے بارے میں سوچا تھا، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ممکنہ طور پر اس کے نوٹس میں کسی ایسی شے کا خیال بھی ہوسکتا ہے جو اب تک ایجاد نہ کی جاسکی ہو۔

  • لیجنڈ کرکٹر کی سالگرہ، قومی کھلاڑیوں کے پیغامات، آئی سی سی کا خراج تحسین

    لیجنڈ کرکٹر کی سالگرہ، قومی کھلاڑیوں کے پیغامات، آئی سی سی کا خراج تحسین

    لاہور: آج پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان کی 43 وں سالگرہ ہے، یونس خان کی سالگرہ پر نیوزی لینڈ میں موجود قومی کھلاڑیوں نے پیغامات جاری کیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ ٹیسٹ کرکٹر یونس کی آج سال گرہ ہے، اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی انھیں اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر خصوصی خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے ان کی بہت سی اننگز ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر دیکھیں، یونس خان سے زیادہ محنتی شخص آج تک نہیں دیکھا۔

    شان مسعود نے کہا میں یونس خان سے بہت متاثر ہوں، اظہر علی کا کہنا تھا کہ یونس خان ایک عظیم رول ماڈل ہیں، شاہین شاہ آفریدی نے کہا میں نے یونس خان سے بہت کچھ سیکھا اور ان سے بہت کچھ اب بھی سیکھ رہے ہیں، یاسر شاہ کا کہنا تھا میں خوش قسمت ہوں کہ جب ڈیبیو کیا تو یونس خان ٹیم میں موجود تھے، فواد عالم نے کہا امید ہے یونس خان سے سیکھنے کا عمل یونہی جاری رہےگا۔

    دوسری طرف آئی سی سی نے اپنے ٹویٹ میں یونس خان کے لیے لکھا ’لیجنڈ کو سال گرہ مبارک ہو‘۔

    آئی سی سی ٹویٹ میں یونس خان کے شان دار کیریئر کی ایک جھلک بھی نمبرز کی صورت میں دکھائی گئی، لکھا گیا کہ یونس خان نے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز 10,099 بنائے۔ وہ پہلے بلے باز ہیں جنھوں نے 11 ممالک میں ٹیسٹ سینچریاں بنائیں۔

    یونس خان ان 4 پاکستانی بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں جنھوں نے ٹرپل سینچری اسکور کی، یہ کارنامہ انھوں نے 313 رنز بنا کر انجام دیا، نہ صرف ٹیسٹ کرکٹ میں شان دار ریکارڈ کے حامل ہیں بلکہ یونس خان نے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی 7249 رنز بنائے ہیں۔

  • ننھا اذہان والدہ کی سالگرہ پر خوشی سے نہال

    ننھا اذہان والدہ کی سالگرہ پر خوشی سے نہال

    قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک اور معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بیٹے اذہان ملک کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ اپنی والدہ کی سالگرہ کو بہت انجوائے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کے بیٹے اذہان ملک کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی۔

    اذہان کے نام سے قائم اس اکاؤنٹ سے پوسٹ میں کہا گیا کہ میری ماما کی سالگرہ بہت شاندار تھی، اس میں بہت سے غبارے اور کیک تھے۔

    اذہان مرزا ملک کے نام سے یہ انسٹاگرام اکاؤنٹ خود ثانیہ مرزا ہی چلاتی ہیں اور اس پر اکثر و بیشتر ننھے اذہان کی تصاویر و ویڈیوز پوسٹ کر کے اذہان کی طرف سے اس میں کیپشن ڈالتی ہیں۔

    خود ثانیہ مرزا بھی اپنے انسٹاگرام پر اپنی اور اپنے بیٹے کی تصاویر پوسٹ کرتی رہتی ہیں۔ اپنی سالگرہ کی تصاویر بھی انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sania Mirza (@mirzasaniar)

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sania Mirza (@mirzasaniar)

    اس سے قبل انہوں نے بیٹے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وہ والدہ کو دعا پڑھ کر سنا رہے تھے۔ ثانیہ نے لکھا تھا کہ اذہان نے یہ دونوں دعائیں 5 دن کے عرصے میں سیکھی ہیں، ان میں انشا اللہ بہتری آئے گی۔

    انہوں نے لکھا تھا کہ انہیں اذہان پر فخر ہے، اذہان نے سونے سے پہلے کی دعا بھی یاد کرلی ہے۔ وہ مجھے ہر گزرتے دن کے ساتھ حیران کردیتا ہے، اس کی یادداشت بہت اچھی ہے۔

  • عرفان جونیجو کا اپنے چینل کی پہلی سبسکرائبر کے لیے یادگار تحفہ

    عرفان جونیجو کا اپنے چینل کی پہلی سبسکرائبر کے لیے یادگار تحفہ

    کراچی: معروف پاکستانی یوٹیوبر اور ولاگر عرفان جونیجو کا کہنا ہے کہ ان کی تمام بڑی کامیابیوں کی وجہ ان کی اہلیہ ہیں، عرفان کے مطابق ان کے یوٹیوب چینل کی پہلی سبسکرائبر ان کی اہلیہ ہی تھیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اسٹوری میں عرفان جونیجو نے اپنی اہلیہ کی سالگرہ پر ان کے نام محبت بھرا پیغام لکھا۔ انہوں نے لکھا کہ اس شخص کو سالگرہ مبارک جس نے مجھ پر اس وقت یقین کیا جب مجھے خود بھی اپنی ذات پر یقین نہیں تھا۔

    عرفان نے لکھا کہ میری اہلیہ نے اس وقت مجھ پر بھروسہ کیا جب کسی کو میری موجودگی کے بارے میں علم بھی نہیں تھا۔

    انہوں نے لکھا کہ آج میں سالگرہ کے موقع پر ایسا تحفہ دینا چاہتا ہوں جو مکمل طور پر میرے جذبات کی ترجمانی کرے۔

    عرفان نے یہ بھی بتایا کہ ان کے یوٹیوب چینل کی پہلی سبسکرائبر ان کی اہلیہ تھیں اور انہوں نے اہلیہ کی وجہ سے ہی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

    خیال رہے کہ عرفان جونیجو ولاگنگ کی دنیا کا ایک اہم نام ہیں اور ان سے متاثر ہو کر کئی نوجوانوں نے ولاگز بنانا شروع کیے تھے۔ وہ گزشتہ برس رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔