Tag: سال 2019

  • سالِ نوکے منتخب اشعار

    سالِ نوکے منتخب اشعار

    کیا آپ کو سالِ نو کی مبارک باد دینے کے لیے الفاظ نہیں مل رہے ، لیجیے ہم آپ مشکل منتخب اشعار کے ذریعے آسان کردیتے ہیں۔

    سال 2024 اپنی تمام تر ہنگامہ خیزیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہورہا ہے اور سال 2025 کچھ ہی دیر گھنٹوں بعد اپنی پوری آب وتاب کے ساتھ طلوع ہوجائے گا، اس حسین لمحے میں اپنے دوستوں، رشتے داروں ، قرابت داروں اور ان کو جو آپ کے دل کے قریب ہیں ، شعر کے ذریعے مبارک باد دیں کہ اس کا لطف ہی کچھ اور ہے ۔

    آپ کی سہولت کے لیے ہم نامور شعرا کے کلام میں سے سالِ نو کے حوالے سے اشعار منتخب کیے ہیں ، اور ہمیں قوی امید ہے کہ ان میں سے کوئی نہ کوئی شعر آپ کے حالات و جذبات کی ترجمانی کررہا ہوگا۔

    دیکھیے پاتے ہیں عشاق بتوں سے کیا فیض
    اک برہمن نے کہا ہے کہ یہ سال اچھا ہے
    غالب

     

    آج اک اور برس بیت گیا اس کے بغیر
    جس کے ہوتے ہوئے ہوتے تھے زمانے میرے

    احمد فراز

     

    اک اجنبی کے ہاتھ میں دے کر ہمارا ہاتھ
    لو ساتھ چھوڑنے لگا آخر یہ سال بھی

    حفیظ میرٹھی

     

    کون جانے کہ نئے سال میں تو کس کو پڑھے
    تیرا معیار بدلتا ہے نصابوں کی طرح

    پروین شاکر

    آنے والا ہے دورِ خاموشی
    گفتگو ہے گنوار پن، دم لے
    جون ایلیا

     

    منہدم ہوتا چلا جاتا ہے دل سال بہ سال
    ایسا لگتا ہے گرہ اب کے برس ٹوٹتی ہے
    افتخار عارف

     

    یہ کس نے فون پے دی سال نو کی تہنیت مجھ کو
    تمنا رقص کرتی ہے تخیل گنگناتا ہے
    علی سردار جعفری

     

    اب کے بار مل کے یوں سالِ نو منائیں گے
    رنجشیں بھُلا کر ہم نفرتیں مٹائیں گے
    نامعلوم

     

    نہ کوئی رنج کا لمحہ کسی کے پاس آئے
    خدا کرے کہ نیا سال سب کو راس آئے

    نامعلوم

  • سال 2019 : جرائم کی شرح میں پنجاب سب سے اوپر

    سال 2019 : جرائم کی شرح میں پنجاب سب سے اوپر

    اسلام آباد : وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سال 2019 پنجاب جرائم میں4 لاکھ 90155مقدمات کیساتھ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ اسلام آباد میں بچوں سےجنسی زیادتی کے واقعات میں کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس وقفہ سوالات میں تحریری جوابات میں سال 2019میں ملک بھرمیں ہوئے جرائم کی تفصیلات پیش کی گئیں ، جس میں وزارت داخلہ نے بتایا 2019 میں7 لاکھ 77ہزار251جرائم ریکارڈ ہوئے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ پنجاب جرائم میں4 لاکھ 90155مقدمات کیساتھ پہلےنمبرپر، کے پی 1لاکھ 78131مقدمات کیساتھ دوسرےنمبر پر، سندھ 85676 جرائم کے مقدمات کیساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

    تحریری جواب میں بتایا گیا پشاور38926 جرائم کیساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ کوہستان222جرائم کے ساتھ سب سےکم جرائم والاضلع رہا۔

    اسلام آباد میں بچوں سے جنسی زیادتی کےواقعات میں کمی


    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بچوں سےجنسی زیادتی کےواقعات میں کمی ہوئی، سال 2018میں اسلام آباد میں بچوں سے زیادتی کے 66 واقعات اور سال 2019میں بچوں سےزیادتی کے60واقعات ہوئے۔

    تحریری جواب کے مطابق سال 2018میں بچوں سےزیادتی کے80ملزمان اور سال 2019میں بچوں سے زیادتی کے75ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 2019میں ایک ملزم کو سزا ہوئی اور باقی کا ٹرائل ہورہا ہے۔

  • سال 2019 ، سعودی عرب میں ریکارڈ تعداد میں قیدیوں کے سرقلم

    سال 2019 ، سعودی عرب میں ریکارڈ تعداد میں قیدیوں کے سرقلم

    ریاض : سعودی عرب نے سال 2019 میں ریکارڈ تعداد میں قیدیوں کو پھانسی دی ، جن میں  پاکستانی بھی شامل ہیں ، جبکہ 2020 میں اب تک چار افراد کو  پھانسی دی جاچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے برطانوی ادارے ریپریو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے سعودی عرب نے 2019 میں سب سے زیادہ 184 قیدیوں کو پھانسی دی ، جن میں 88 سعودی شہری اور 90 غیر ملکی شہری بھی شامل تھے۔

    سزائے موت پانے والے غیر ملکیوں میں سب سے زیادہ پاکستانی شامل ہیں، 82 کو منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں اور 57 کو قتل کے ارتکاب پر پھانسی دی گئی۔

    3 اپریل 2019 کو سعودی سلطنت نے ایک ہی دن میں 37 افراد کے سرقلم کردیئے تھے ، جن میں تمام افراد سعودی شہری تھے، جبکہ 2015 میں بھی پھانسیوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے مقابلے میں 2014 میں 88 افراد کو پھانسی دی گئی جبکہ 2016 میں 158 افراد کو پھانسی دی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا گذشتہ چھ سال میں جب سے اس ادارے نے اس قسم کے اعداد و شمار کا حساب رکھنا شروع کیا ہے، 2019ء سب سے زیادہ خونی سال ثابت ہوا جبکہ 2020 میں اب تک چار افراد کو پھانسی دی جاچکی ہے۔

    خیال رہے سعودی عرب اور خاص طور پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو صحافی جمال خشوگی کے قتل سے متعلق تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    یاد رہے اپریل 2018 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملک میں سر قلم کیے جانے کی سزا میں کمی کا اعلان کیا تھااور کہا تھا حکومت نے سزائے موت کے دائرہ کار کو محدود کرنے اور عمر قید سمیت دیگر متبادل سزاؤں کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

    واضح رہے سعودی عرب میں اب بھی تلوار سے سرقلم کرکے سزائے موت دینے کا طریقہ رائج ہے اور عموماً جمعہ کے روز نماز جمعہ کے بعد مجرموں کا کھلے عام سرقلم کیا جاتا ہے۔

  • سال 2019 میں بھارتی فورسز نے 210 کشمیریوں کو شہید کیا

    سال 2019 میں بھارتی فورسز نے 210 کشمیریوں کو شہید کیا

    سری نگر :مقبوضہ کشمیرکے لئے 2019  بھی بھارت کے بہیمانہ ظلم اورریاستی دہشت گردی کا سال رہا اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی میں 210کشمیریوں کوشہیدکردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پانچ اگست سے اب تک مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن اور پابندیاں برقرارہیں اور لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے نفاذ کو 150 روز ہوگئے ہیں، انٹرنیٹ اورموبائل سروس بدستور بند ہیں۔

    ناکہ بندی، محاصرے اور کاروبارکی بندش نے کشمیریوں کی معیشت تباہ کردی ہے اور گھروں میں محصورنئی نسل تعلیم سے محروم ہے۔

    کشمیرمیڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 2019 میں بھارتی فورسزنے خواتین سمیت 210 کشمیریوں کوشہید کیا، دوہزار سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے تشدد سے زخمی ہوئے جبکہ 64 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

    کشمیرمیڈیا سروس کاکہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے 249 گھروں کوتباہ کیا جبکہ پیلیٹ گن کے چھروں سے 827 کشمیریوں کی بینائی متاثرہوئی۔

    یاد رہے دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا اجلاس ہوا تھا ، اس موقع پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے بھارتی سرکار توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کرسکتی ہے، مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں انسان 5 اگست سے کرفیو کا سامنا کررہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا تھا کہ مودی سرکار کی ہندوتوا پالیسی پر پورا ہندوستان سراپا احتجاج ہے، بھارت میں پرامن مظاہرین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارتی پولیس مسلم اکثریتی علاقوں میں گھروں میں گھس کرتشدد کررہی ہے۔

  • 208 ارب روپے بجٹ کے باوجود 50 فیصد سرکاری اسکول پانی اور ٹوائلٹ سے محروم

    208 ارب روپے بجٹ کے باوجود 50 فیصد سرکاری اسکول پانی اور ٹوائلٹ سے محروم

    کراچی: سال 2019 صوبہ سندھ میں تعلیم کے حوالے سے ابتر رہا، رواں برس تعلیمی بجٹ کی صرف 20 فیصد رقم سرکاری اسکولوں پر خرچ ہوسکی، تعلیمی  ایمرجنسی کے باوجود شرح خواندگی میں اضافے کے اہداف حاصل نہ ہوسکے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں تعلیم کا شعبہ رواں برس بھی ابتری کا شکار رہا۔ سندھ حکومت نے تعلیمی سال کے لیے 208.23 ارب روپے مختص کیے تھے تاہم اس میں سے صرف 20 فیصد رقم خرچ کی گئی۔

    صوبہ سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کے باوجود 50 فیصد اسکول پینے کے صاف پانی، 46 فیصد بیت الخلا، 63 فیصد بجلی اور 41 فیصد چار دیواری سے محروم ہیں۔

    رواں برس نجی اسکولوں کی فیسوں کا معاملہ بھی خبروں کی زینت بنا رہا، سپریم کورٹ کی جانب سے فیسوں میں 20 فیصد کمی کے احکامات کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور صوبائی وزیر تعلیم متحرک ہوئے اور درجن بھر اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی۔

    رواں سال بھی حیرت انگیز طور پر سال 2003-2002 کی ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری رہا جس کا اعتراف صوبائی وزیر تعلیم نے بھی کیا۔

    صوبہ سندھ میں مجموعی طور پر تعلیم کے شعبے سے وابستہ ملازمین کی تعداد دیگر سرکاری ملازمین سے زیادہ ہے تاہم ملازمین کی بھرمار اور کثیر رقم خرچ کرنے کے باوجود صوبے میں شرح خواندگی کے اہداف کو حاصل نہ کیا جا سکا۔

  • 2019 میں ٹینس کی دنیا پر کس نے حکمرانی کی؟

    2019 میں ٹینس کی دنیا پر کس نے حکمرانی کی؟

    لاہور: اونچ نیچ اور چیلنجز کے باوجود سال 2019 نوواک جوکووچ کے لیے مثبت ثابت ہوا، رواں سال ٹینس کی دنیا پر سربیا کے جوکووچ نے حکمرانی کی، جبکہ اسپین کے رافیل نڈال نے سال کا اختتام پہلی پوزیشن پر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوواک جوکووچ نے سال کا آغاز آسٹریلین اوپن کی فتح کے ساتھ کیا، فائنل میں جوکووچ کا مقابلہ بائیں ہاتھ کے سپر اسٹار رافیل نڈال سے تھا، سرب کھلاڑی کو چیمپئن بننے کے لیے زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

    جوکووچ نے اسٹریٹ سیٹس میں نڈال کو زیر کیا اور سال کا پہلا گرینڈ سلم جیت لیا۔ سال کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن میں میں کلے کورٹ کنگ نڈال نے اپنی حکمرانی ثابت کردی، نڈال نے ٹائٹل معرکے میں ڈومینک تھیم کو 4 سیٹ کے مقابلے میں زیر کیا۔

    نوواک جوکووچ سے ٹینس کی حکمرانی چھن گئی

    سال کے تیسرے گرینڈ سلم ومبلڈن میں جیت سوئس ٹینس اسٹار راجرفیڈرر کے دروازے پر دستک دے کر لوٹ گئی۔ فیڈرر کا 21 گرینڈ سلم جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ فائنل میں روایتی حریف نوواک جوکووچ نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد زیر کردیا۔

    سال کا اختتام اسپین کے رافیل نڈال نے کامیابی کے ساتھ کیا۔ یو ایس اوپن کی کامیابی سے نڈال کے گرینڈ سلم کی تعداد 19 ہوگئی۔ اسپینش کھلاڑی نے ٹائٹل کے ساتھ ساتھ نمبر ایک رینکنگ بھی اپنے نام کرلی۔

  • سال 2019 محکمہ ریلوے کے لیے حادثوں کا سال رہا

    سال 2019 محکمہ ریلوے کے لیے حادثوں کا سال رہا

    سکھر: سال 2019 محکمہ ریلوے کے لیے حادثوں کا سال رہا ہے، جہاں ملک کے مختلف علاقوں میں ریل گاڑیوں کو حادثات پیش آئے وہاں سندھ کے ضلع سکھر کی حدود میں بھی 2 درجن سے زائد حادثے ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2019 میں ریلوے حادثات نے مسافروں کو خوف میں مبتلا رکھا، سفر غیر محفوظ ہونے کے باعث ریلوے کے ذریعے سفر کرنے میں کمی پائی گئی، ریلوے حکام حادثات پر کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے علی محمد شر کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے دسمبر تک ریلوے سکھر ڈویژن کی حدود میں ڈی ایس ریلوے سکھر کے ریکارڈ کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ رواں سال کے دوران 30 سے زائد چھوٹے بڑے ریلوے کے حادثات پیش آئے، جن میں سو سے زائد انسانی جانیں لقمۂ اجل بنیں جب کہ کئی افراد کو معذوری کا سامنا کرنا پڑا، دوسری طرف ریلوے حکام افسوس اور معذرت کے علاہ کچھ نہ کر سکے۔

    رواں سال محکمہ ریلوے کی لاپرواہی کے سبب سب سے بڑا حادثہ تیز گام ایکسپریس کو پیش آیا، یہ سانحہ اکتوبر میں ہوا جس میں 75 جانیں ضایع ہوئیں، دوسرا بڑا حادثہ اکبر ایکسپریس کو پیش آیا جس نے 21 جانوں کا چراغ گُل کیا، اس حادثے میں 100 افراد ذخمی ہوئے تھے۔

    اسی طرح رواں سال ریلوے پھاٹک نہ ہونے کے باعث بھی 26 لوگ پٹریوں پر زندگی کی بازی ہارے، حسب روایت ریل گاڑیوں کا پٹریوں سے اترنا بھی معمول بنا رہا۔

  • صادق سنجرانی نے حکومت کو تیسری بار یاد دہانی خط لکھ دیا

    صادق سنجرانی نے حکومت کو تیسری بار یاد دہانی خط لکھ دیا

    اسلام آباد: سینیٹ کا پارلیمانی سال مکمل نہ ہونے کا خدشہ ہے، پارلیمانی سال میں مطلوبہ تعداد میں اجلاس نہیں ہو سکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ کے اجلاس بلانے کے لیے حکومت کو تیسری بار یاد دہانی خط لکھ دیا ہے، انھوں نے خط میں لکھا کہ آئینی تقاضا پورا کرنے کے لیے سینیٹ اجلاس بلایا جائے۔

    وزارت پارلیمانی امور کو خط میں صادق سنجرانی نے لکھا کہ آئین کے مطابق مزید 54 روز اجلاس بلانا ضروری ہے، فوری اجلاس نہ بلایا گیا تو آئینی تقاضا پورا کرنے میں ناکام رہیں گے، آئینی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے اجلاس 54 روز جاری رکھنا ضروری ہے۔

    خط کے متن کے مطابق رواں سال 10 ماہ میں سینیٹ کے صرف 56 روز اجلاس منعقد کیے جا سکے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تحریک عدم اعتماد کا بھی سامنا رہا، عید الفطر کے بعد اپوزیشن کی جانب سے صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد حکومتی ارکان نے بھی ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا اعلان کیا۔

    یکم اگست کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی، تحریک کے حق میں ارکانِ سینیٹ کو کھڑے ہونے کی ہدایت کی گئی جس پر 64 ارکان نے کھڑے ہو کر تحریک کی حمایت کی تھی، تاہم قرارداد کے حق میں خفیہ رائے شماری میں صرف 50 ووٹ پڑے اور مطلوبہ ایک چوتھائی ووٹ نہ ملنے کے سبب قرار داد مسترد کر دی گئی۔

  • 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم کی زبردست کامیابی

    2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم کی زبردست کامیابی

    اسلام آباد: 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو زبردست کامیابی ملی، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کی سال 2019 کی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران سولہ لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں ملک سے موصول ہونے والی شکایات کی تعداد 15 لاکھ جب کہ بیرون ملک سے تعداد 93 ہزار ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل نے 14 لاکھ 60 ہزار شکایات کا ازالہ کیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سے 7 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، خیبر پختون خوا سے 1 لاکھ 95 ہزار، سندھ سے 1 لاکھ 36 ہزار، بلوچستان سے 15 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے

    سب سے زیادہ شکایات میونسپلٹی، توانائی اور تعلیم کے شعبے سے متعلق موصول ہوئیں، پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر 40 فی صد لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 28 اکتوبر 2018 کو پاکستان سٹیزن پورٹل کا افتتاح کیا تھا، وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی، اس نظام کے تحت صوبوں کے معاملات پر بھی نظر رکھی جا سکے گی۔

  • سال 2019 میں کراچی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کیسی رہی؟

    سال 2019 میں کراچی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کیسی رہی؟

    کراچی: ٹریفک پولیس کی کارکردگی سال 2019 میں انتہائی مایوس کن رہی، ماضی کے مقابلے میں بھاری چالان کیے جانے کے باوجود بے ہنگم ٹریفک کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال 77 کروڑ 33 لاکھ سے زائد کے بھاری چالان کیے گئے لیکن کراچی کی سڑکوں پر چلنے والی بے ہنگم ٹریفک میں تبدیلی نہیں لائی جا سکی۔

    رواں سال سب سے زیادہ چالان ون وے اور ہیلمٹ قانون کی خلاف ورزی پر کیے گئے، اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق سال 2019 میں ٹریفک پولیس کی تمام تر توجہ غریب عوام کے چالان کاٹنے پر مرکوز رہی، ٹریفک پولیس اگر اتنی ہی کوشش ٹریفک قوانین کے عمل درآمد پر کرتی تو آج ٹریفک کی صورت حال مختلف ہوتی۔

    ایک طرف ٹریفک پولیس کی ساری توجہ سرکاری خزانے کو بھرنے پر مرکوز رہی، دوسری طرف رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 850 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 15 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر کا کہنا ہے کہ رواں سال 31 لاکھ کے چالان ہوئے، ٹریفک فائن کی مد میں پورے سال 75 کروڑ سے زائد کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی گئی۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے احمد ایدھی کے مطابق رواں سال ہر ماہ تقریباً 12 سو افراد زخمی ہوئے، جس کا مطلب ہے کہ پورے سال میں تقریبآ پندرہ ہزار لوگ زخمی ہوئے۔

    شہریوں نے ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف قسم کے چالان اور غریب طبقے کو نشانہ بنانے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ بڑی گاڑیوں کو ٹریفک پولیس نہیں روکتی، یہ ہم برسوں سے اس شہر میں دیکھتے آ رہے ہیں، جب کہ غریبوں کو روکا جاتا ہے، ٹریفک اہل کار چابیاں نکال لیتے ہیں اور بد تمیزی کی جاتی ہے۔