Tag: سامان

  • مسافر کے سامان سے بلی کے بچے برآمد

    مسافر کے سامان سے بلی کے بچے برآمد

    جرمنی میں پولیس حکام نے ایک بس میں مسافر کے سامان سے 18 بلی کے بچے برآمد کیے جنہیں مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی لایا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمن ریاست باویریا کے شہر وائڈ ہاؤس کے قریب ہائی وے پر تعینات افسران کو ایک بس میں موجود سامان سے بلی کے بچوں کی رونے کی آوازیں آئی جس کے بعد کارروائی کی گئی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران چیک ریپبلک کی سرحد کے ذریعے اٹھارہ بلونگڑوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے جرمنی میں لایا گیا، ان افسران نے جب بس کی تلاشی لی تو انہیں 6 ڈبوں میں 18 بلی کے بچے ملے، جن کی عمر 12 ہفتے ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا ان بلی کے بچوں کو جرمنی لانے والے شخص کی عمر 37 سال ہے جس کے خلاف فراڈ اور جانوروں کی صحت سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    پولیس نے مزید بتایا ہے کہ ان بلی کے بچوں کو جانوروں کو پناہ فراہم کرنے والے ایک ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ جرمن قانون کے تحت کم عمر جانوروں کو ملک میں لانے پر پابندی عائد ہے اور یہاں لائے جانے والے جانوروں کی ویکسینیشن کرانا بھی لازمی ہے۔

  • عرشی شاپنگ سینٹر سے دکانداروں کو بچا ہوا سامان نکالنے کی اجازت مل گئی

    عرشی شاپنگ سینٹر سے دکانداروں کو بچا ہوا سامان نکالنے کی اجازت مل گئی

    کراچی: عرشی شاپنگ سینٹر سے دکانداروں کو بچا ہوا سامان نکالنے کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عرشی شاپنگ مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس نے فلیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، اب شاپنگ سینٹر سے دکانداروں کو بچا ہوا سامان نکالنے کی اجازت مل گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے محفوظ بچا ہوا سامان نکالنا شروع کردیا اس دوران فائر بریگیڈ کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ دکاندار سامان کی فہرست تیار کررہے ہیں،  ڈی سی آفس اور 1122 نمائندے بھی موجود ہیں اب تک سامان چوری ہونے کی کوئی شکایات سامنےنہیں آئی۔

    عرشی شاپنگ مال میں جاں بحق ہونے والے 5ویں شخص کی شناخت ہوگئی

    اس کے علاوہ  آگ سے متاثرہ ہونے والے فلیٹ کے مکینوں کو رہائش کی اجازت تو مل گئی ہے لیکن فلیٹ کے مکینوں کی زندگی کی جمع پونجی جل کر راکھ ہو گئی۔

    فلیٹ کے مکین کہتے ہیں کہ ہمارے فلیٹ مکمل جل گئے، ہم ایک لمحہ پر روڈ پر آگئے، ہر سیاسی جماعت کے رہنماوں نے فلیٹ کا دورہ تو کیا مگر کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

    فلیٹ کے مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلیٹ کی بحالی ومرمت میں ہماری مدد کی جائے۔

    واضح رہے کہ عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتش زدگی کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ 1 شخص جھلس کر شدید زخمی ہوا تھا۔

  • سفر پہ نکلنے سے قبل یہ اشیا اپنے ساتھ لازمی رکھیں

    سفر پہ نکلنے سے قبل یہ اشیا اپنے ساتھ لازمی رکھیں

    سفر کرنا یوں تو خوشگوار تجربہ اور زندگی کے خوبصورت لمحات میں سے ایک ہوتا ہے لیکن اگر سفر کی درست منصوبہ بندی نہ کی جائے تو یہ تجربہ ہولناک بھی ہوسکتا ہے۔

    سفر کرنے سے قل کچھ ضروری اشیا کو اپنے ساتھ ضرور رکھیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال سے آسانی سے نمٹا جاسکے۔

    پاسپورٹ کی فوٹو کاپی

    بین الاقوامی سفر کا تصور پاسپورٹ کے بغیر ممکن ہی نہیں تاہم بیشتر افراد پاسپورٹ ہی رکھنے پر اکتفا کرتے ہیں اور وہ احتیاطی طور پر اس کی کوئی اضافی کاپی اپنے ہمراہ نہیں رکھتے۔

    سفر پر جانے سے قبل پاسپورٹ کی ایک سے زائد فوٹو کاپیاں الگ الگ سفری بیگوں میں رکھ لیں، اگر سفر کے دوران اصل پاسپورٹ گم ہو جائے تو اس صورت میں آپ اپنے ملک کے سفارت خانے میں فوٹو کاپی دکھا کر پاسپورٹ کی نقل حاصل کر سکتے ہیں۔

    بجلی کا پلگ

    مختلف ممالک میں بجلی کے پلگ کے ساکٹ مختلف استعمال ہوتے ہیں، اس لیے اپنے ہمراہ ایسے پلگ رکھیں جو متعدد طریقوں سے استعمال ہو سکے۔

    مثال کے طور پر کہیں دو پنوں والا ساکٹ ہوتا ہے جبکہ کہیں تین پن والا، اس لیے اس امر کا خیال رکھیں کہ آپ کے پاس ایسا ملٹی پلگ اڈاپٹر ہو جس سے آپ اپنے موبائل فون یا لیپ ٹاپ وغیرہ کو چارج کر سکیں۔

    عالمی انشورنس پالیسی

    سفر کے دوران کسی بھی نوعیت کا طبی مسئلہ پیش آنے پر یہ ضروری ہے کہ آپ کے پاس انٹرنیشنل میڈیکل انشورنس پالیسی ہو۔

    کارآمد پالیسی نہ ہونے کی صورت میں آپ کو طبی ضرورت پڑنے پر اسپتال کا ہوشربا بل پریشان کر دے گا، اگر کارآمد انشورنس پالیسی ہو تو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    آرام دہ جوتے

    اپنے سفری سامان میں ایسے جوتے ضرور رکھیں جنہیں استعمال کرنے پر آپ کے پاؤں زخمی نہ ہوں، کیونکہ سیاحتی سفر میں کتنا پیدل چلنا پڑ سکتا ہے اسے مدنظررکھنا ضروری ہے، آرام دہ جوتے ہونے کی صورت میں پیدل چلنے میں کسی قسم کی دشواری نہیں ہوگی۔

    مقامی کرنسی

    جس ملک میں آپ کا ٹرپ ہو وہاں کی کرنسی اپنے پاس ضرور رکھیں کیونکہ بعض اوقات غیر ملکی کرنسی قبول نہیں کی جاتی، اس صورت میں آپ کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کیمرہ

    اپنے سفر کو یادگار بنانے کے لیے کیمرے کو فراموش نہ کریں، اگرچہ فی زمانہ موبائل فون کیمروں سے لیس ہیں۔ کیمرے والا فون نہ ہو تو اس صورت میں اپنے ہمراہ کیمرہ ضرور رکھیں۔

  • 4 دوستوں نے ایئرپورٹ پر 30 کلو کینو کیوں کھائے؟

    4 دوستوں نے ایئرپورٹ پر 30 کلو کینو کیوں کھائے؟

    چین میں 4 افراد نے ایئرپورٹ پر مقررہ حد سے زائد سامان کی فیس ادا کرنے کے بجائے 30 کلو گرام کینو کھا لیے، جس کے بعد ان کے سامان کے وزن میں تو کمی ہوگئی لیکن ان کے منہ میں شدید جلن پیدا ہوگئی۔

    یہ واقعہ چین کے جنوب مغربی صوبے میں پیش آیا جہاں 4 مسافر اندرون ملک سفر کر رہے تھے، دوسرے شہر جانے والے افراد میں سے ایک شخص وانگ نے گھر جانے سے قبل 30 کلو گرام کینوؤں کا باکس خرید لیا۔

    تاہم ایئرپورٹ پر انہیں بتایا گیا کہ ان کے سامان کا وزن زیادہ ہے، اور انہیں فی کلو گرام 10 یان ادا کرنے ہوں گے۔

    وانگ نے یہ باکس 50 یانز (12 سو 42 پاکستانی روپے) میں خریدا لیکن اگر وہ ایئر پورٹ پر اسے جہاز میں رکھنے کی قیمت ادا کرتا تو اسے 300 یانز (7 ہزار 457 پاکستانی روپے) ادا کرنے ہوتے۔

    یہ رقم اس کی جیب پر نہایت بھاری پڑتی چنانچہ اس نے اور اس کے دوستوں نے وہیں باکس کھولا اور 20 سے 30 منٹ کے اندر 30 کلو گرام کینو کھا گئے۔

    اتنی زیادہ مقدار میں کینو کھانے کے بعد چاروں دوستوں کے منہ میں چھالے پڑ گئے اور تکلیف شروع ہوگئی۔

    ان کی کینو کھاتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر نہایت وائرل ہوئی، ایک شخص نے کہا کہ کیا ایسا ممکن نہیں تھا کہ وہ ان کینوؤں کو 4 حصوں میں تقسیم کر لیتے اور ہر شخص ایک تھیلا بطور ہینڈ کیری طیارے میں ساتھ لے جاتا۔

    خیال رہے کہ ہوائی جہازوں میں اضافی سامان لے جانے اور ان کی فیس ادا کرنے سے بچنے کے لیے لوگ مختلف ترکیبیں آزماتے دکھائی دیتے ہیں۔ اکثر افراد ساتھ لے جانے والے بہت سے کپڑے پہن کر سامان کا وزن کم کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔