Tag: سانحہ بلدیہ

  • سانحہ بلدیہ کی کسی جے آئی ٹی میں رؤف صدیقی کا نام نہیں، فاروق ستار

    سانحہ بلدیہ کی کسی جے آئی ٹی میں رؤف صدیقی کا نام نہیں، فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر تحقیقات میں یہ بات آرہی ہے کہ سانحہ بلدیہ کوئی سازش تھی تو اس میں جو لوگ بھی ملوث ہیں انہیں قرار واقعی اور سخت سزا دی جائے، کسی جے آئی ٹی یا انکوائری میں رؤف صدیقی کا نام نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا کہ کسی کو زندہ جلانے سے بڑا کوئی ظلم نہیں ہوسکتا ہے،سانحہ بلدیہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سننے میں آیا ہے کہ رحمان بھولا نے تحقیقات میں رؤف صدیقی کا نام لیا ہے۔ کسی بھی جے آئی ٹی یا انکوائری میں رؤف صدیقی کا نام نہیں ہے، بلاوجہ کسی کو بدنام نہ کیا جائے۔

    ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ سانحہ بلدیہ حوالے سے اگرکوئی تحقیقات ہوتی ہیں تومکمل تعاون کریں گے، پاکستان میں ریلوے کے حادثات ہو جاتے ہیں اوردیگر حادثے بھی ہوتے ہیں لیکن کوئی استعفی نہیں دیتا۔ رؤف صدیقی نے اس حادثے کے بعد استعفی دے دیا تھا۔

  • حماد صدیقی کی قانونی مدد کو فرض سمجھتے ہیں، رہنما پاک سرزمین پارٹی

    حماد صدیقی کی قانونی مدد کو فرض سمجھتے ہیں، رہنما پاک سرزمین پارٹی

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سینئر رہنماء انیس احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ رحمان عرف بھولا کے الزامات غلط ہیں حماد صدیقی بلدیہ فیکٹری میں ملوث نہیں، ہم کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج کی قانونی مدد کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سرزمین کے رہنماء انیس احمد ایڈوکیٹ نے حماد صدیقی کا دفاع کرتے ہوئےکہا کہ ’’حماد صدیقی سانحہ بلدیہ فیکٹری میں ملوث نہیں ہے، اُس کو قانونی فراہم کرنا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’حماد صدیقی سے ہر دوسرے تیسرے روز بات ہوتی ہے اور وہ پاک سرزمین پارٹی سے مسلسل رابطے میں ہے اور وہ بلدیہ فیکٹری کے سانحے میں ملوث نہیں، عبدالرحمان عرف بھولا کے الزامات غلط ہیں‘‘۔

    پڑھیں: ’’ سانحہ بلدیہ: ہاں آگ میں نے لگائی، رحمان بھولا عدالت میں روپڑا ‘‘

    خیال رہے سانحہ بلدیہ فیکٹری میں تھائی لینڈ سے گرفتار ہونے والے مرکزی ملزم نے عدالت میں اعتراف کیا کہ اُس نے آگ حماد صدیقی کے کہنے پر لگائی تھی، عدالت نے حماد صدیقی کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کردیے ہیں اور اُسے ہرصورت گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

    ایم کیو ایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی دبئی میں مقیم ہیں، عدالتی احکامات کے بعد اُن کی گرفتاری اور وطن واپس لانے کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’ سانحہ بلدیہ ٹاؤن، عبدالرحمان عرف بھولا کا ملوث ہونے کا اعتراف، حماد صدیقی ماسٹر مائنڈ قرار ‘‘

    واضح رہے عبدالرحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ اُس نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ، جس کا فارم اور رہنماؤں کے ساتھ اہل خانہ کی ملاقات کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئیں تھیں۔

  • سانحہ بلدیہ: ہاں آگ میں نے لگائی، رحمان بھولا عدالت میں روپڑا

    سانحہ بلدیہ: ہاں آگ میں نے لگائی، رحمان بھولا عدالت میں روپڑا

    کراچی: سانحہ بلدیہ میں 259 لوگوں کو زندہ جلانے کا مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا عدالت میں اعتراف جرم کرتے ہوئے رو پڑا اور کہنے لگا کہ آگ حماد صدیقی کے حکم پر لگائی تھی، اپنے کیے پر شرمند ہوں۔


    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ کراچی فیض اللہ نے بتایا کہ ملزم رحمان عرف بھولا کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ملزم نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف کیا کہ آگ اس نے لگائی اور اس کا حکم اسے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حماد صدیقی نے دیا تھا جس پر عدالت نے اسے دو سے تین گھنٹے سوچنے کا وقت دیا کہ وہ اپنے بیان پر غور کرلے۔

    یہ پڑھیں: سانحہ بلدیہ کے بعد بھولا نائن زیرو میں روپوش رہا، اہلیہ ثمینہ

    بعدازاں اسے دوبارہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس نے دوبارہ اعتراف کیا کہ وہ اپنے بیان سے متعلق سوچ چکا ہے آگ اس نے ہی لگائی اور اس کا حکم حماد صدیقی نے دیا۔

    اس کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے شہر میں جلاؤ اور گھیراؤ کی وارداتیں کی جاتی رہی ہیں،وہ اپنے کیے پر شرمندہ ہے اور اس نے جو کچھ کیا آج وہ اس پر شرمندگی محسوس کرتا ہے، یہ کہتے ہوئے ملزم جج کے روبرو پھوٹ پھوٹ کر روپڑا۔

    اسی سے متعلق: سانحہ بلدیہ ٹاؤن، عبدالرحمان عرف بھولا کا ملوث ہونے کا اعتراف، حماد صدیقی ماسٹر مائنڈ قرار

    واضح رہے کہ مرکزی ملزم رحمان بھولا 29 دسمبرتک جسمانی ریمانڈپرپولیس کی تحویل میں ہے،رحمان بھولا کو چند روز قبل انٹر پول پولیس کی مدد سے بنکاک سے گرفتار کر کے پاکستان لایا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھولا کی گرفتاری، پرانے ساتھیوں کا پہچاننے سے انکار

    رحمان بھولا کے بیان کے بعد دبئی میں روپوش متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حماد صدیقی کی گرفتاری کے لیے وزارت داخلہ نے انٹرپول سے درخواست کردی ہے۔

  • سانحہ بلدیہ کے بعد بھولا نائن زیرو میں روپوش رہا، اہلیہ ثمینہ

    سانحہ بلدیہ کے بعد بھولا نائن زیرو میں روپوش رہا، اہلیہ ثمینہ

    کراچی: بنکاک سے گرفتار سانحہ بلدیہ کے ملزم رحمان بھولا کی بیوی نے خاموشی توڑدی،ثمینہ نے بتایا کہ سانحہ بلدیہ کے بعد بھولا کافی دن نائن زیرومیں روپوش رہا۔


    Wife claims Baldia factory fire suspect is… by arynews

    تفصیلات کے مطابق عبدالرحمان عرف بھولا کی بنکاک سے گرفتاری کی خبرعام ہوتے ہی ملزم کی اہلیہ ثمینہ نے بھی چپ کا روزہ توڑ دیا،ان کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ کے بعد رحمان بھولا عزیز آباد کی معروف جگہ نائن زیرو میں روپوش رہا۔


    یہ پڑھیں: رحمن بھولا گرفتار، ایف آئی اے کی ٹیم بنکاک روانہ


    ملزم کی اہلیہ ثمینہ بانو نے بتایا کہ عبدالرحمان بھولا کے ایم سی کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ میں ملازم تھا جسے سانحہ بلدیہ کیس کی تحقیقات میں نام آنے کے بعد پارٹی نے خاموشی سے اِدھر اُدھر ہونے کا حکم دیا جس کے بعد وہ کچھ عرصے تک نائن زیرو میں بھی روپوش رہا۔

    میڈیا سے گفتگو میں رحمان بھولا کی اہلیہ نے بتایا کہ بھولا اپنے خرچے پر ملائشیا فرار ہوگیا تھا اور اسے خرچے کے لیے 30 تا 35 ہزار روپے ماہانہ رقم بھی بھیجی جاتی تھی تاہم کچھ عرصے قبل ہی وہ ملائشیا سے تھائی لینڈ منتقل ہوا تھا۔

    ثمینہ بانو نے بتایا کہ اُسے رحمان بھولا کی گرفتاری کی خبر ہوٹل میں فون کرنے پر معلوم ہوئی تب سے اب تک اہلِ خانہ شدید پریشان ہیں جب کہ شوہر سے بھی رابطہ نہیں کرایا جا رہا۔

  • سانحہ بلدیہ: آگ فیکٹری منیجر نے لگوائی، ملزم کا انکشاف

    سانحہ بلدیہ: آگ فیکٹری منیجر نے لگوائی، ملزم کا انکشاف

    کراچی: سانحہ بلدیہ کی تفتیش میں اہم موڑ سامنے آگیا، گرفتار ملزم زبیر عرف لالہ نے انکشاف کیا ہے کہ آگ جنرل منیجر نے لگوائی اور اسی کے حکم پر دروازے بند کیے گئے۔

    اطلاعات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں گرفتار ملزم زبیر عرف لالہ کو پیش کیا گیا۔

    ملزم زبیر عرف لالہ نے عدالت میں انکشاف کیا کہ فیکٹری کے جنرل منیجر منصور اور شاہ رخ نے فیکٹری میں آگ لگائی، ان ہی کے کہنے پر فیکٹری کے دروازے بند کیے گئے ،میرے سامنے لوگ جھلس کر مر گئے۔

    عدالت نے حماد صدیقی رحمان عرف بھولا کی عدم گرفتاری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو حکم دیا کہ انہیں انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا جائے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمہ جان بوجھ کر خراب کیا جارہا ہے۔

    دریں اثنا عدالت نے متاثرین کی فریق بننے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

  • نئی جے آئی ٹی نے کراچی کے سانحہ بلدیہ کودہشت گردی قرار دے دیا

    نئی جے آئی ٹی نے کراچی کے سانحہ بلدیہ کودہشت گردی قرار دے دیا

    کراچی: نئی جے آئی ٹی نے کراچی کے سانحہ بلدیہ کودہشت گردی قرار دے دیا، حماد صدیقی سمیت آٹھ ملزمان کونامزدکرنے کی سفارش کردی۔

    سانحہ بلدیہ کیس میں جے آئی ٹی رپورٹ پیش کردی گئی، نئی ایف آر دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت درج کرنے کی سفارش، حماد صدیقی، رحمان بھولا، محمد زبیر اور دیگرکےخلاف کارروائی کاکہہ دیا، سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت میں تفتیشی افسر نے از سر نو بننے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ پیش کی۔

    جے آئی ٹی نے پہلے سے درج مقدمے کی واپسی اور رحمان بھولا، عمرحسین، سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کرنے کی سفارش کی، جے آئی ٹی کے مطابق رحمان بھولا اورنگی ٹاؤن سیکٹرکاجوائنٹ انچارج تھا، حماد صدیقی نے رحمان بھولاکے ذریعے بھتہ مانگاتھا، فیکٹری مالکان نے ایم کیوایم رہنماؤں سے نائن زیرو جاکرملاقات کی، ملاقات کے باوجود بھتے کی رقم میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔

    جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ملزمان عبد الرحمان عرف بھولا نےمالکان سےپچیس کروڑ روپے بھتہ اورفیکٹری منافع میں حصہ طلب کیاتھا۔

    فیکٹری مالکان ایک کروڑ روپے دینے پرراضی تھے،فیکٹری مالکان کو بھتہ نہ دینے پرسبق سیکھانے کا فیصلہ کیا گیا، فیکٹری کےکارندے زبیرچیریا اوردیگرچارافراد نے کمیکل پھنک کر آگ لگائی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سینئر رہنماوں کےدباؤ پر واقعہ شارٹ سرکٹ قراردے دیا، فیکٹر ی مالکان نے ہاتھ پاوں مارے تو محمد علی حسن قادری سے ملاقات کروائی گئی، حسن نے فی جاں بحق کےلئے ڈھائی اور زخمی کےلئے ایک لاکھ روپےطلب کیے، رقم انیس قائم خانی کے منہ بولے بیٹے عبدالستار تک پہنچی، انیس قائم خانی کا نام نامزد ملزمان میں نہیں ہے۔

    تفتیشی افسر نےعدالت کوبتایاکہ جے آئی ٹی رپورٹ اعلیٰ افسران کوارسال کردی گئی ہے، عدالت نے استفسارکیاکہ ملزم منصور کہاں ہے ایک ماہ میں کیوں گرفتار نہ کیاجاسکا،یہ کوئی عام مقدمہ نہیں جو آپ کہہ دیں تعمیل نہیں ہوئی، عدالت نے آئی جی ویسٹ کوتفتیشی افسر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کاحکم بھی دیا۔

    میڈیا سے گفتگومیں وکیل کاکہناتھاکہ تین سال سے زائد وقت گزرنے کے باوجودکیس جے آئی ٹیز کی بنیادپرچل رہاہے اور متاثرہ خاندانوں کوتاحال انصاف نہیں ملا، عدالت نے مالکان کوحاضری سے استثنیٰ دینےکی درخواست منظورکرلی، سانحہ بلدیہ کیس کی آئندہ سماعت بائیس مارچ کوہوگی۔

  • سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی کے نئے سنسنی خیزانکشافات

    سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی کے نئے سنسنی خیزانکشافات

    کراچی: بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آگ حادثہ نہیں بلکہ سازش تھی، فیکٹری مالکان سے ایم کیوایم عہدیداروں نے بیس کروڑ بھتہ مانگا تھا، بلدیہ ٹاؤن جے آئی ٹی میں سنسنی خیز انکشاف سامنے آئےہیں۔

    جلی ہوئی اس عمارت میں لگ بھگ ڈھائی سو محنت کش زندہ جل گئے تھے واقعہ حادثہ قراردے کرفائل بند کردی گئی تھی، لیکن جن آہوں نے عرش ہلادیا، انہیں کوانصاف دلانا کےلیے جے آئی ٹی بنانا پڑی جے آئی ٹی میں سنسی خیز انکشاف ہوا ہے کہ فیکٹری میں آگ حادثہ نہیں ،سوچی سمجھی اسکیم تھی، آگ بھتہ نہ دینے پرلگائی گئی۔

    زرائع کےمطابق جے آئی ٹی میں انکشاف ہوا ہے کہ فیکٹری مالکان سے ایم کیوایم کےسیکٹرانچارج رحمان بھولا اورکراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی نے بیس کروڑ بھتہ مانگا تھا جے آئی ٹی میں انکشاف ہوا کہ ایف آئی آرمیں بیرونی اوراندرونی دباؤ کی وجہ سے واقعہ کوحادثہ قراردیا گیا،بھتےکاامکان یکسرنظرانداز کیا گیا۔

    جے آئی ٹی میں رحمان بھولا،حماد صدیقی،زبیرعرف چریا اورایک خاتون سمیت اس کے چارساتھیوں کے خلاف ایف آئی آردرج کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    بیرون ملک فرارملزمان کی گرفتاری،تمام ملزمان کے پاسپورٹ منسوخ اورنام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کردی گئی بھتے کی رقم سے خریدے گئے دوبنگلے فیکٹری مالکان کو دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

  • سانحہ بلدیہ: جے آئی ٹی نے فیکٹری مالکان کا دوسرے روز بھی بیان قلمبند کرلیا

    سانحہ بلدیہ: جے آئی ٹی نے فیکٹری مالکان کا دوسرے روز بھی بیان قلمبند کرلیا

    کراچی: سانحہ بلدیہ پر بنائی گئی جے آئی ٹی نے دبئی میں فیکٹری مالکان کا دوسرے روز بھی بیان قلمبند کیا۔

    ڈی آئی جی سلطان خواجہ کی سربراہی میں جے آئی ٹی ٹیم نے فیکٹری مالکان سے دورسے روز بھی پاکستانی سفارت خانے میں ملاقات کر کے بیان قلمبند کیا جس کے بعد فیکٹری مالکان نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ۔

    بیان ریکارڈ کرانے کے دوران فیکٹر ی مالکان میڈیا کے کوریج کرنے پر برہم ہو گئے اور میڈیا کو کوریض کرنے سے منع کردیا ،بیان سے متعلق تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں ۔

    بیان ریکارڈ کرانے کے بعد ٹیم قونصل خانے سے روانہ ہوگئی۔ کل بیان ریکارڈ کرانے کا تیسرا سیشن ہوگا۔

  • سانحہ بلدیہ: تحقیقاتی ٹیم فیکٹری مالکان کابیان ریکارڈ کرنے دبئی روانہ

    سانحہ بلدیہ: تحقیقاتی ٹیم فیکٹری مالکان کابیان ریکارڈ کرنے دبئی روانہ

    کراچی : سانحہ بلدیہ کی تحقیقاتی فیکٹری مالکان کا بیان ریکارڈ کرنے دبئی روانہ ہوگئی ہے، تحقیقات کو مزید آگے بڑھانے کے لئے تفتیش کار دبئی گئے ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم دبئی روانہ ہوگئی، سانحہ بلدیہ کی تحقیقاتی ٹیم علی انٹر پرائزر کے مالکان کا بیان قلم بند کرے گی۔

    ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی سلطان خان کر رہے ہیں۔ ڈی آئی جی منیر شیخ اور ایس پی ساجد سدو زئی ان کی معاونت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم فیکٹری مالکان سے پوچھے گی کہ ان سے بھتہ مانگا گیا تھا یا نہیں۔اس کے علاوہ فیکٹری مالکان سے سانحہ بلدیہ کے حوالے سے اہم سوالات بھی کئے جائیں گے۔