Tag: سانحہ بلوچستان

  • بابا آپ کہاں ہو؟ واپس گھر آجاؤ، شہید فوجی کے بیٹے کی فریاد نے دل دہلا دیے

    بابا آپ کہاں ہو؟ واپس گھر آجاؤ، شہید فوجی کے بیٹے کی فریاد نے دل دہلا دیے

    میاں چنوں : سانحہ بلوچستان کے شہید فوجی غلام سعید کا بیٹا اپنے بابا کو یاد کرکے غمزدہ ہے، اس کا کہنا ہے کہ بابا آپ کہاں ہو؟ واپس گھر آجاؤ۔

    بلوچستان میں گزشتہ روز فتنہ ہندوستان کے ہاتھوں شہید ہونے والے فوجی غلام سعید کے بیٹے کی فریاد نے سننے والوں کو آبدیدہ کردیا۔

    دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے لاہور جانے والی بس سے نو مسافروں کو اتار کر شناخت کے بعد بے دردی سے قتل کردیا تھا۔

    ان شہداء میں میاں چنوں کا رہائشی اور پاک فوج کا سپاہی غلام سعید بھی شامل ہے جو اپنے والد کی علالت کے باعث چھٹی لے کر گھر واپس آرہا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق غلام سعید کے بیمار والد بھی جانبر نہ ہوسکے اور بیٹا دہشت گردوں کے ہاتھوں اپنی جان گنوا بیٹھا دونوں کی نماز جنازہ آج صبح ادا کی جائے گی۔

    غلام سعید کی میت اس کے آبائی گاؤں 72 ایل میاں چنوں پہنچادی گئی، باپ کی میت کے پاس بیٹھے غمزدہ بچوں کی بے بسی اور دکھ ناقابل بیان ہے۔

    اس کے بیٹے کا کہنا تھا کہ بابا میں آپ کے بغیر کیا کروں گا؟ چھوٹے چھوٹے بھائی ہیں میں آپ کیلیے پریشان ہوں واپس آجاؤ۔

    یاد رہے کہ بلوچستان میں فتنہ ہندوستان دہشت گردوں نے گزشتہ روز پنجاب جانے والی دو بسیں روک کر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کئے، پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو نیچے اتارا اور گولیاں ماردیں۔

    شہداء کا تعلق لاہور، گجرات، خانیوال، گوجرانوالہ، لودھراں اور ڈی جی خان سے ہے، ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لورالائی اور موسیٰ خیل کے درمیان قومی شاہراہ پر سرڈھاکا کے مقام پر پیش آیا۔
    واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ ژوب میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔