Tag: سانحہ بہاولپور

  • سانحہ بہاولپور: ذمہ داران کو نتائج بھگتنا ہوں گے، لاہورہائیکورٹ

    سانحہ بہاولپور: ذمہ داران کو نتائج بھگتنا ہوں گے، لاہورہائیکورٹ

    لاہور: سانحہ احمد پور شرقیہ کی تحقیقات کے لیے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ جو بھی حادثے کاذمہ دار ہو گا اس کو نتائج بھگتنا ہوں گے اس معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے احمد پور شرقیہ کیس کی سماعت کی۔ ایکسپلوسیو ڈیپارٹمنٹ، اوگرا اور ہائی وے پولیس کے افسران بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

    ایکسپلوسیو ڈیپارٹمنٹ نے عدالت کو بتایا کہ جس ٹینکر کو حادثہ پیش آیا اس کا لائسنس ختم ہو چکا ہے اور اسے ابھی تک اس کی تجدید بھی نہیں کی گئی ہے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اس جرم پر پہلی بار پانچ سو اور دوسری بار دو ہزار جرمانہ ہوتا ہے جبکہ کمپنی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    عدالت نے اس بیان پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ شوکاز نوٹس کے بعد کیا کارروائی ہوئی؟ اس طرح تو ہر بندہ بغیر لائسنس ٹینکر چلا کر پانچ سو جرمانہ دے کر جان چھڑاتا رہے گا۔ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔

    عدالت کا مزید کہنا تھا کہ یہ شرمناک بات ہے کہ ایسے جرم پر معمولی جرمانہ رکھا گیا، کیا آئل کمپنی کو بھی محض پانچ سو روپے ہی جرمانہ ہوا، موٹر وے اتھارٹی اور نیشنل ہائی وے گاڑیوں کی فٹنس کی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں کمپنی بتائے کہ تیل بھرنے سے قبل کنٹینر کو چیک کرنا کس کی ذمہ داری ہے؟

    عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ حکومت نے کس قانون کے تحت جاں بحق افراد کو جو معاوضہ ادا کیا ہے کیا کابینہ سے منظوری لی گئی؟ عدالت نے استفسار کیا کہ انشورنس کمپنیاں کہاں ہیں اور آئل کمپنی نے متاثرین کے لیے کیا پالیسی اختیار کی۔


    مزید پڑھیں: سانحہ بہاولپور: جاں بحق افراد کی تعداد 214 ہوگئی


    اوگرا نمائندے نے بیان دیا کہ کمپنی کو جاں بحق افراد کو دس لاکھ اور زخمیوں کو پانچ لاکھ روپے دینے کی ہدایت کی گئی مگراس پر عمل درآمد نہیں ہوا جس پر آئل کمپنی کے وکیل نے اس حوالے سے جواب داخل کروانے کے لیے مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے تمام فریقین سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتہ تک ملتوی کر دی۔


    مزید پڑھیں: شیل آئل کمپنی سانحہ احمد پور شرقیہ کی ذمہ دار قرار


    یاد رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں سانحہ احمد پور شرقیہ کا ذمہ دار شیل آئل کمپنی کو قرار دے دیا ہے۔ کمپنی کو شو کازنوٹس جاری کرکے اس پر 1 کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے۔

    اوگرا کا کہنا ہے کہ کمپنی کا آئل ٹینکرغیر معیاری تھا، ٹینکر نے اوگرا اور ایکسپلوسیو ڈیپارٹمنٹ کے قوانین پورے نہیں کیے۔

    اوگرا کے مطابق آئل ٹینکر کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جعلی تھا جبکہ ٹینکر تکنیکی معیار پر بھی پورا نہیں اترتا تھا۔ 50 ہزار لیٹر تیل کی ترسیل کے لیے 5 ایکسل کا ٹینکر استعمال ہوتا ہے جبکہ حادثے کا شکار ٹینکر 4 ایکسل کا تھا۔

  • شیل آئل کمپنی سانحہ احمد پور شرقیہ کی ذمہ دار قرار

    شیل آئل کمپنی سانحہ احمد پور شرقیہ کی ذمہ دار قرار

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سانحہ احمد پور شرقیہ کا ذمہ دار شیل آئل کمپنی کو قرار دے دیا۔ کمپنی پر 1 کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سانحہ احمد پور شرقیہ کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں شیل آئل کمپنی کو قصور وار قرار دیتے ہوئے 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

    اوگرا کا کہنا ہے کہ کمپنی کا آئل ٹینکر غیر معیاری تھا۔ ٹینکر نے اوگرا اور ایکسپلوسوز ڈپارٹمنٹ کے قوانین پورے نہیں کیے۔

    اوگرا کے مطابق آئل ٹینکر کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جعلی تھا جبکہ ٹینکر تکنیکی معیار پر بھی پورا نہیں اترتا تھا۔ 50 ہزار لیٹر تیل کی ترسیل کے لیے 5 ایکسل کا ٹینکر استعمال ہوتا ہے جبکہ حادثے کا شکار ٹینکر 4 ایکسل کا تھا۔

    مزید پڑھیں: سانحہ احمد پور شرقیہ، ڈی ایس پی سمیت 5 پولیس افسران معطل

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ بھی بر وقت حرکت میں نہیں آئی۔ ٹینکر سے تیل بہتا رہا مگر جائے حادثہ کو محفوظ نہیں بنایا گیا۔ مقامی آبادی تیل برتنوں میں بھرتی رہی۔

    اوگرا نے شیل کو ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ فی کس جبکہ زخمیوں کو 5 لاکھ فی کس دینے کا حکم دیا ہے۔

    اوگرا کے مطابق فیصلے پر فوری عمل نہ ہونے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ عید الفطر سے ایک روز قبل 25 جون کو صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپورمیں احمد پور شرقیہ کے نزدیک قومی شاہراہ پر تیل لے جانے والا ٹرک الٹ گیا تھا۔

    ٹرک سے بڑی مقدار میں تیل بہنا شروع ہوگیا جس کے بعد قریبی آبادی موقع پر جمع ہوگئی اور تیل برتنوں میں بھر کر لے جانے لگی۔

    اسی دوران اچانک ٹینکر میں دھماکہ ہوا جس کے بعد وہاں تیل جمع کرتے سینکڑوں افراد لمحوں میں آگ کی زد میں آگئے۔ حادثے میں ٹرک ڈرائیور سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

    ہلاکتوں میں اضافہ جاری

    سانحہ احمد پور شرقیہ کے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا عمل جاری ہے اور آج مزید 2 زخمی دم توڑنے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 218 ہوگئی ہے۔

    حادثے میں جھلسنے والے مزید 38 افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

    بہاولپور کے وکٹوریہ اسپتال میں فی الوقت 18، تحصیل ہیڈ کوراٹر احمد پور اور نشتر اسپتال ملتان میں 8، 8 جبکہ جناح اسپتال لاہور میں 4 زخمی زیر علاج ہیں۔

    سانحہ کے 22 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ بھی کیا جاچکا ہے۔ زخمیوں میں سے 12 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    دوسری جانب اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کی 125 ناقابل شناخت لاشوں کی تصدیق کے لیے 132 ورثا کے نمونے ڈی این اے کے لیے لیے جا چکے ہیں۔ 93 جسد خاکی شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔