Tag: سانحہ مری

  • سانحہ مری کس کی غفلت تھی؟ انکشاف

    سانحہ مری کس کی غفلت تھی؟ انکشاف

    راولپنڈی: مری میں برف باری کے باعث سیاحوں کے جاں بحق ہونے کے معاملے میں غفلت کے مرتکب ذمہ داران کے نام سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مری میں برفانی طوفان سے قبل ایکسیئن اسنو، ایس ڈی او اسنو کی غفلت سامنے آ گئی ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ برف باری کے دوران ایکسیئن اسنو، ایس ڈی او عملے سمیت غائب رہے۔

    ذرائع کے مطابق سڑکوں پر برف جمع ہوتی رہی اور راستے بند ہوتے گئے، جب کہ مذکورہ افسران کو عملے سمیت ہیوی مشینوں کی مدد حاصل تھی۔

    واضح رہے کہ مری میں برفانی طوفان کے بعد جاری ریسکیو آپریشن مکمل کر دیا گیا ہے، سانحہ مری کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں سانحے سے متعلق سنگین غفلت کا انکشاف ہوا ہے، مری میں 7 جنوری کو 4 فٹ برف پڑی، 16 مقامات پر درخت گرنے سے راستے بند ہوئے، انتظامیہ اگلی صبح برفانی طوفان تھمنے کے بعد سیاحوں کی مدد کو نکلی۔

    کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے، وزیراعظم

    مری سمیت گرد و نواح کی سڑکیں 2 سال سے مرمت نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، گڑھوں میں پڑنے والی برف سخت ہونے سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنی، اور جو جہاں تھا وہیں رک گیا۔

    سانحہ مری کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ نے انتظامیہ کی نااہلی کا پول کھول دیا ہے، ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سڑکیں برف باری اور درخت گرنے سے 7 جنوری کو بلاک ہوئیں مگر مری کی انتظامیہ اگلی صبح 8 بجے برفانی طوفان تھمنے کے بعد حرکت میں آئی۔

    مری واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان

    خارجی راستے پر حکومتی مشینری کا پتا تھا نہ ہی برف ہٹانے والی مشینری کا عملہ آیا تھا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک روانی یقینی بنانے کے لیے موجود تھے، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مری میں پارکنگ پلازہ موجود نہیں جہاں گاڑیاں پارک کی جا سکیں، سات جنوری کو 21 ہزار گاڑیوں کو مری سے نکالا گیا تھا۔

  • کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے، وزیراعظم

    کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کمیٹی جلد از جلد سانحہ کے حقائق سامنے لائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا ، جس میں مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان اور وزیر مملکت فرخ حبیب کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی گئی۔

    مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا 74سال میں پی ٹی آئی پہلی جماعت ہے جس نےفنڈنگ ذرئع بتائے، ہم نے اپنے ڈونرز کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کیں، الیکشن کمیشن دوسری جماعتوں کےفنڈنگ ذرائع بھی سامنے لائے۔

    بابراعوان کا کہنا تھا کہ ہم نے تاریخ رقم کی ہے اور یہ ہماری فتح ہے، وزیراعظم کو بتایا مالیاتی بل اسی ہفتےاسمبلی میں لائیں گے۔

    پنجاب حکومت کےترجمان حسان خاورنے سانحہ مری پر بریفنگ دی، جس پر وزیراعظم عمران خان نے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا سانحہ مری پر بہت دکھ ہوا، کمیٹی جلد از جلد سانحہ مری کے حقائق سامنے لائے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ساری چیزوں کوریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مری میں رہائش کی کمی کو دور کرنے پر زور دیا جائے اور جدید طریقے سے سارے معاملے کو ہینڈل کیا جائے۔

    اجلاس کے دوران وزیرخزانہ شوکت ترین نے معاشی صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔

  • سانحہ مری، برفانی طوفان نے 7 بہنوں سے اکلوتا بھائی بھی چھین لیا

    سانحہ مری، برفانی طوفان نے 7 بہنوں سے اکلوتا بھائی بھی چھین لیا

    مری میں برفانی طوفان میں جاں بحق 22 افراد میں ایک مردان کا رہائشی نوجوان اسد بھی تھا جو  7  بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    سانحہ مری کو جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، وقت کے اس ملبے سے کئی المناک کہانیوں کی تفصیلات سامنے آرہی ہیں، یہ واقعہ مردان کے ایک گھرانے پر بھی قیامت ڈھا گیا۔

    مری جانے والا نوجوان اسد مردان کا رہائشی اور 7 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    اسد کی2 سال پہلےشادی ہوئی تھی اور گھر کا واحد کفیل بھی تھا جو سریے کا کاروبار کرتا تھا۔

    چھ ماہ قبل ہی اس کے گھر ایک نئی زندگی نے جنم لیا تھا، اس کا بیٹا تو ابھی اپنے باپ کے لمس سے صحیح طرح آشنا بھی نہ ہوا تھا کہ وہ سایہ ہی سر سے اٹھ گیا۔

    اس کے گھر والے اسد کی آمد کے منتظر تھے کہ سانحہ مری نے ان کے اس انتظار کو زندگی بھر نہ ختم ہونے والے انتظار  میں تبدیل کردیا ہے۔

  • رضا ربانی کا سانحہ مری کی عدالتی تحقیقات، قومی سوگ کے اعلان کا مطالبہ

    رضا ربانی کا سانحہ مری کی عدالتی تحقیقات، قومی سوگ کے اعلان کا مطالبہ

    لاہور: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ سانحہ مری ایک قومی آفت ہے، حکومت قومی سوگ کا اعلان اور واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائے۔

    رضا ربانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خراب موسم کےباوجودسیاحوں کامری پہنچناانتظامی ناکامی ہے اور یہ سانحہ صوبائی وضلعی انتظامیہ کی ناکامی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مری میں سیاح پانی اور خوراک کے بغیر محصور رہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب لاہور میں موجود رہے، انہیں لاہور کی بجائے مری پہنچ کر خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنا چاہیے تھی۔

    سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مری میں ریسکیو آپریشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

    رضا ربانی نے  مطالبہ کیا کہ سانحہ مری کی سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور حکومت قومی سوگ کا اعلان کرے۔

  • سانحہ مری کے بعد وادئ کاغان سیاحوں کے لیے بند

    سانحہ مری کے بعد وادئ کاغان سیاحوں کے لیے بند

    سانحہ مری کے بعد وادئ کاغان میں کوائی کے مقام پر چیک پوسٹ قائم کرکے سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا، ڈی سی نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    برفباری کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر سے سیاح دلفریب مناظر دیکھنے کے لیے بالائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں تاہم گزشتہ روز مری میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کے بعد ناران، جھیل سیف الملوک اور اگلے تفریحی مقامات پر جانے والے سیاحوں کو روک دیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں شوگراں سے نیچے کوائی کے مقام پر چیک پوسٹ قائم کردی گئی ہے اور سیاحوں کو آگے جانے سے روکا جارہا ہے۔

    پابندی سے متعلق ڈپٹی کمشنر مانسہرہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پابندی آئندہ احکامات تک برقرار رہے گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ایمرجنسی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت ہوگی۔

    اس حوالے سے ڈی سی مانسہرہ کا کہنا ہے کہ شوگراں سیاحوں سے بھرچکا ہے وہاں مزید گنجائش نہیں، سیاح آگے جانے پر بضد ہیں لیکن انہیں آگے نہیں جانے دے رہے، کیونکہ سیاحوں اور مقامی افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • ‘مری میں قیامت اور وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس میں شہباز شریف کو جیل بھیجنے کے دعوے’

    ‘مری میں قیامت اور وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس میں شہباز شریف کو جیل بھیجنے کے دعوے’

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایک جانب مری میں قیامت برپا ہے اور دوسری جانب وفاقی وزرا پریس کانفرنس میں شہباز شریف کو جیل بھیجنے کے دعوے کر رہے ہیں۔

    قومی اسمبلی کے رکن خواجہ سعد رفیق نے ٹویٹس میں کہا بے حس وفاقی وزرا کی لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ندامت، شرمندگی یا افسوس کی بجائے مسکراتے چہرے دکھائی دیے، اور سانحے کی ذمہ داری قبول کرنے کی بجائے شاہد خاقان عباسی کو ریسکیو کام کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

    انھوں نے لکھا پریس کانفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پھر جیل بھیجنے اور الیکشن سے پہلے مخالفین کو ٹھکانے لگانے کا دعویٰ کیا گیا، بے شرمی، بے حسی کی انتہا ہے یہ، جب کہ مری میں قیامت برپا ہو چکی ہے۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزرا گھنٹوں تنظیم سازی اجلاس میں مصروف رہے، مسکراتے چہروں سے پریس کانفرنس کرتے، اور اپوزیشن پر طنز کے تیر چلاتے رہے، وزیر اعلیٰ تم کہاں ہو، شہباز شریف ہوتا تو مری میں کھڑا ریسکیو کر رہا ہوتا۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے آج پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے آج بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی گئی، شاہد خاقان عباسی جس حلقے سے منتخب ہوئے، انھیں لوگوں کی مدد کے لیے وہاں جانا چاہیے تھا، لیکن وہ پنڈی میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کرتے رہے۔

    سیاحت کا مطلب یہ نہیں کہ 48 گھنٹے میں لاکھوں لوگ آ جائیں: فواد چوہدری

    فواد چوہدری نے کہا مریم نواز نے بھی بے حس سیاست کی، اپوزیشن کی سیاست اہمیت نہیں رکھتی، یہ کنوئیں کے مینڈک ہیں انھوں نے شور ہی مچانا ہے، احتساب کے حوالے سے نواز شریف اور مریم نواز کو سزا ہو چکی ہے، شہباز شریف اور حمزہ شریف کے کیسز عدالتوں میں ہیں۔

    انھوں نے کہا اگلے 6 سے 8 ماہ میں بڑی مچھلیاں تالاب سے باہر ہوں گی، یہ لوگ اگلے الیکشن میں نہیں ہوں گے، لانگ مارچ اصل میں لونگ گواچہ ہے، اپوزیشن کی نہ کوئی سیاست ہے اور نہ ہی کوئی مقصد، فضل الرحمان، شہباز شریف اور بلاول کی آئیڈیالوجی آپس میں نہیں ملتی۔

  • مری سانحہ: عثمان بزدار انتظامیہ اور پولیس پر شدید برہم ہو گئے

    مری سانحہ: عثمان بزدار انتظامیہ اور پولیس پر شدید برہم ہو گئے

    لاہور: مری میں شدید برف باری کے باعث سانحہ رونما ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار انتظامیہ اور پولیس پر شدید برہم ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت مری سے متعلق ہنگامی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں عثمان بزدار نے راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس پر اظہار برہمی کیا۔

    ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب پر بھی برہمی کا اظہار کیا، اور کہا کہ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے باوجود انتظامیہ اور پولیس نے کچھ نہ کیا، راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس نے انتظامات کیوں نہ کیے۔

    وزیر اعلیٰ آفس کے ذرائع نے بتایا کہ عثمان بزدار نے استفسار کیا کہ سیاحوں کی تعداد بڑھنے پر گاڑیاں روکی کیوں نہیں گئیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق سردی، طوفان، اور راستے بند ہونے سے اموات ہوئیں۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے معاملے کی انکوائری کے احکامات صادر کیے، اور غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    مری میں سانحہ، وزیر اعلیٰ پنجاب پارٹی کی تنظیم سازی میں مصروف رہے

    واضح رہے کہ ملک کے اہم ترین سیاحتی مقام مری میں جب شدید سرد موسم اور برف باری کی وجہ بڑا سانحہ پیش آیا، وہاں وزیر اعلیٰ پنجاب پارٹی کے لیے تنظیم سازی میں مصروف تھے، اس حوالے سے ان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ مری میں شدید برفباری کے باعث 22 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جو اپنی نوعیت کا ایک بڑا اور سنگین واقعہ ہے، جس میں 2 خواتین اور 8 بچے بھی شامل ہیں۔

  • سیاحت کا مطلب یہ نہیں کہ 48 گھنٹے میں لاکھوں لوگ آ جائیں: فواد چوہدری

    سیاحت کا مطلب یہ نہیں کہ 48 گھنٹے میں لاکھوں لوگ آ جائیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سانحہ مری کے حوالے سے کہا ہے کہ سیاحت کا مطلب یہ نہیں ہے کہ 48 گھنٹے میں لاکھوں لوگ آ جائیں۔

    آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے مری میں برفباری میں پھنس کر 22 افراد کی ہلاکت کے سانحے پر کہا کہ انتظامیہ ایک ہفتے سے درخواست کر رہی تھی مری نہ جائیں، لیکن برف باری کے دوران لاکھوں کی تعداد میں لوگ چلے آئے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا مری میں 48 گھنٹے تک مسلسل اور غیر معمولی برف باری ہوئی ہے، فوجی دستے کام کر رہے ہیں، ایف ڈبلیو او کی مشنری بھی پہنچ گئی ہے۔

    مری میں سانحہ، وزیر اعلیٰ پنجاب پارٹی کی تنظیم سازی میں مصروف رہے

    انھوں نے کہا سیاحت کا مطلب یہ نہیں کہ 48 گھنٹے میں لاکھوں لوگ آ جائیں، جتنا بھی بہتر مینج کریں اتنی زیادہ تعداد میں لوگ آئیں گے تو مشکل ہوگی، سسٹم کام کرنا چھوڑے گا ہی۔

    مری میں شدید برفباری سے 21 سیاحوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

    وزیر اطلاعات نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا مری میں گاڑیاں ہفتوں، مہینوں نہیں بلکہ صرف 24 گھنٹے میں داخل ہوئیں، اس سانحے سے ہمیں سیکھنا چاہیے، سانحے سے سیکھ کر اگلی مینجمنٹ کی ضرورت ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا بدقسمتی سے اس سانحے پر بھی اپوزیشن سیاست کر رہی ہے، شاہد خاقان عباسی کو اس وقت اپنے حلقے میں ہونا چاہیے تھا۔

  • وزیراعظم  عمران خان  کا سانحہ مری پر انکوائری کا حکم

    وزیراعظم عمران خان کا سانحہ مری پر انکوائری کا حکم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری پرانکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا سیاحوں کی المناک اموات پرافسردہ ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مری پرانکوائری کا حکم دےدیا اور اپنے پیغام میں کہا کہم مری جانے والے سیاحوں کی المناک اموات پرافسردہ ہوں، ایسےسانحات کی روک تھام کیلئےسخت قواعدوضوابط قائم کئےجائیں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ موسم کی صورتحال دیکھے بغیرلوگ بڑی تعداد میں مری پہنچے، اس غیرمتوقع صورتحال سے نمٹنے کےلیے ضلعی انتظامیہ تیار نہ تھی۔

    اس سے قبل معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے مری میں شدیدبرفباری سےپیش آئےسانحےپردکھ کااظہار کیا ہے اور لوگوں کوریسکیوکرنے کےلیے ہدایات دی ہیں۔

    ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کومتحرک کر دیا گیا ہے ، تمام اداروں کوعلاقوں کوصاف کرنے کے لیے متحرک کیا گیا ہے، اگرکوئی ذمہ دار ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

    خیال رہے مری میں شدید برفباری کے باعث 21 سیاح جاں بحق ہوچکے ہیں ، جس میں 2 خواتین اور8 بچے بھی شامل ہیں۔