Tag: سانحہ نیوزی لینڈ

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت

    سانحہ کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشت گرد حملوں میں درجنوں مسلمانوں کی شہادت کے بعد حکام نے ہتھیاروں سے متعلق قوانین مزید سخت کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد ہتھیاروں سے متعلق قوانین کی اصلاحات کے دوسرے مرحلے میں نیشنل فائر آرمز رجسٹریشن منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ہتھیاروں کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے ہتھیاروں کے لائسنس رکھنے سے متعلق قوانین بھی سخت کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو جب ایک مسلح شخص نے کرائسٹ چرچ کی مساجد میں جمعہ کی نماز کے لیے جمع ہونے والے افراد پر فائرنگ کی، اس واقعے نے نیوزی لینڈ میں ہتھیاروں کی ملکیت سے متعلق رویہ تبدیل کردیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا کہ ’خطرناک ترین ہتھیاروں کو فروخت کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قانون کے تحت ہم صحیح تعداد نہیں جانتے کہ کتنی گنز استعمال ہیں، کس کی ملکیت ہیں، کون فروخت کررہا ہے، کون انہیں خرید رہا ہے اور کتنی حفاظت سے انہیں رکھا جاتا ہے، یہ رجسٹر 5 سال میں مکمل ہوگا جس کے تحت نیوزی لینڈ میں موجود تقریبا 12 لاکھ ہتھیاروں کی تفصیلات درج ہوں گی۔

    خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سانحہ کرائسٹ چرچ میں مرنے والوں کے 200 رشتے داروں اور زخمیوں کو اپنے خرچ پر حج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

  • کرائسٹ چرچ، بنگلا دیش اور بھارتی شہری کی میتیں وطن پہنچ گئیں

    کرائسٹ چرچ، بنگلا دیش اور بھارتی شہری کی میتیں وطن پہنچ گئیں

    ڈھاکا: سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے مزید تین شہدا کی میتیں بنگلادیش اور بھارت پہنچا دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی مسجد میں شہید ہونے والے دو شہریوں کی میت ڈھاکا پہنچ دی گئی جبکہ بھارت سے تعلق رکھنے والے شہری کا جسد خاکی ریاست کیرالہ پہنچا دیا گیا۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کی حکومت نے سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد انٹیلی جنس ایجنسیوں کو آزادانہ کام کرنے کی اجازت دیتے ہوئے اختیارات میں مزید توسیع دے دی۔

    مزید پڑھیں: کرائسٹ چرچ میں جو ہوا وہ ہمارے ملک کی پہچان نہیں، وزیر اعظم نیوزی لینڈ

    وزیراعظم جسٹنڈا نے حملہ آواز کے شہر کا دورہ کے موقع پر 29 مارچ کو شہدا کی یاد میں دن منانے کا اعلان کیا۔ بعد ازاں نیوزی لینڈ کی حکومت نے بھی 29 مارچ کو کرائسٹ چرچ شہدا کے نام سے منسوب کرتے ہوئے ہر سال قومی سطح پر بھرپور طریقے سے قومی دن منانے کا اعلان کیا۔

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 نمازی شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے، پولیس نے چوبیس گھنٹے کے اندر مرکزی حملہ آور کو گرفتار کرلیا تھا جس کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی تھی، حملہ آور آسٹریلوی شہری تھا جس کی آسٹریلیا نے بھی تصدیق کردی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: سانحہ نیوزی لینڈ کے شہید اریب احمد کو سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

    یہ بھی  یاد رہے کہ واقعے میں 9 پاکستانی شہری شہید ہوئے تھے جن میں سے ایک کی تدفین دو روز قبل کراچی کے سخی حسن قبرستان میں کی گئی۔ واقعے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے پریس کانفرنس کے دوران آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان کیا تھا، جیسنڈا ایرڈن کا کہنا تھا کہ شہری ممنوع اسلحے سے متعلق پولیس سے رابطہ کریں اور خود کار ہتھیار واپس کریں۔
  • سانحہ نیوزی لینڈ کے شہید اریب احمد کو سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

    سانحہ نیوزی لینڈ کے شہید اریب احمد کو سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا

    کراچی : سانحہ نیوزی لینڈ کے شہید اریب احمد کو سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، اریب کی میت آج صبح نیوزی لینڈ سےکراچی لائی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہیدسید اریب کی نمازجنازہ کراچی میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں عزیزواقارب اورسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس کے بعد اریب احمد کو سخی حسن قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

    اس سے قبل سانحہ کرائسٹ چرچ میں جام شہادت نوش کرنے والے اریب کی میت آج صبح نیوزی لینڈ سےکراچی لائی گئی تھی، جسد خاکی لےکر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 600 پہنچی۔

    اریب احمد کی میت وصول کرنے والد، ماموں اور دیگر ورثا موجود تھے جبکہ وزیربلدیات سندھ سعید غنی ، گورنر سندھ ، میئر کراچی اور کمشنر افتخار احمد شلوانی بھی پہنچے تھے۔

    ہمارےبس میں جوہوگا حکومت سندھ کی جانب سے وہ سب کریں گے، سعید غنی 


    اس موقع پر وزیربلدیات سندھ سعیدغنی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا اریب کے والد کا حوصلہ بلندہے،سیاسی جماعتوں کے کارکن شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے  آئے ہیں ، اس بے گناہ نے لوگوں کی جان بچانے کی کوشش کی تھی ، ہمارےبس میں جوہوگا حکومت سندھ کی جانب سے وہ سب کریں گے۔

    اریب ماں باپ کا ایک ہی سہارا تھا،  پڑوسی 


    اریب کے پڑوسی کا کہنا ہے کہ اریب اچھا بچہ تھا ہمارے سامنے بڑا ہوا، وہ ماں باپ کا ایک ہی سہارا تھا،ایک چھوٹی بہن ہے، اریب کی شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں۔

    خیال رہے اریب نے حال ہی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر اپنی تعلیم مکمل کی تھی اور اس کے بعد بہتر مستقبل کی تلاش میں نیوزی لینڈ روانہ ہوئے تھے۔

    واضح رہے کرائسٹ چرچ کی دو مساجدمیں سفیدفام نسل پرست دہشتگرد کی فائرنگ سے پچاس نمازی شہید ہوگئے تھے، جس میں 9 پاکستانی بھی شامل تھے۔

  • نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کے اقدامات نے مسلمانوں کے دل جیت لیے،گورنر سندھ

    نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کے اقدامات نے مسلمانوں کے دل جیت لیے،گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل کاکہنا ہےکہ دنیاکو بتانے کی ضرورت ہے کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے، نیوزی لینڈکی وزیر اعظم کے اقدامات نے مسلمانوں کے دل جیت لیے، امید ہے وہاں کی عدلیہ ملزم کوسزائے موت دیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیوزی لینڈکی حکومت اوروزیراعظم کوخراج تحسین پیش کرتاہوں، نیوزی لینڈحکومت کےاقدامات نےمسلمانوں کےدل جیت لیے۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا بیمارسوچ رکھنےوالےدنیامیں موجودہیں،یہ لوگ صرف دہشت گردہیں، دہشت گردوں سےوہی سلوک ہوناچاہیےجوسفاک قاتل سے ہونا چاہیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں غیرقانونی اسلحے سے متعلق قوانین کی ضرورت ہے، ممنوع بور کے ہتھیاروں تک رسائی نہ ہونی چاہیے، اس کے خلاف  ہوں۔

    عمران اسماعیل نے کہا دنیامیں اسلام کاشدت پسندی کاتصورٹھیک نہیں ہے،اسلام کےحوالےسےہم میں سےہرایک کویہ تصورٹھیک کرناہوگا، سانحہ نیوزی لینڈکو دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں کہناچاہیے۔

    سانحہ نیوزی لینڈکو دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں کہناچاہیے

    ان کا مزید کہنا تھاکہ ایک نظام ہونا چاہیے ہر کسی کے ہاتھ میں ہتھیار نہیں ہونا چاہیے اور بغیر لائسنس کے ہتھیاروں پر پابندی ہونی چاہیے، اسلحے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔

    گورنرسندھ نے کہا ہمیں دنیاکوامن کاپیغام دیناچاہیے،سانحہ نیوزی لینڈ کو دہشت گردی ہی کہا جاسکتا ہے ، امید ہے وہاں کی عدلیہ ملزم کوسزائے موت دیں گی۔

    عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا ممنوع بور اور خودکارہتھیارتک عوام کی رسائی نہیں ہونی چاہیے، وزیر اعظم کےدورہ کراچی میں ان سے ہتھیاروں کے خاتمے کی بات کروں گا۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلا جمعہ، سرکاری ٹی وی پر اذان نشر

    سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلا جمعہ، سرکاری ٹی وی پر اذان نشر

    کرائسٹ چرچ: مساجد میں دہشت گرد حملوں کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلی نماز جمعہ ادا کردی گئی، جمعے کی اذان سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ میں پہلی نماز جمعہ مسجدالنور کے سامنے ادا کردی گئی، جمعے کی اذان کے بعد شہدا کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    جمعے کی اذان براہ راست سرکاری ٹی وی پر نشر ہوئی، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈ آرڈرن بھی اظہاریکجہتی کے لیے نماز جمعہ کے اجتماع میں موجود رہیں۔

    سینکڑوں مسلمانوں نے جمعے کی نماز ادا کی، اس موقع پر دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور مسلمانوں سے عقیدت اور محبت کا اظہار کیا۔

    کرائسٹ چرچ میں ہزاروں افراد ہیگلے پارک میں جمعہ کی نماز کے لیے جمع ہوئے، یہ پارک النور مسجد کے سامنے ہے جہاں گزشتہ جمعہ کو ایک دہشت گرد کی فائرنگ کا متعدد نمازی نشانہ بنے تھے، دہشت گرد نے دو مساجد پر حملہ کیا جس میں پچاس افراد کی شہادتیں ہوئی تھیں۔

    ہیگلے پارک میں جب جمعہ کی اذان اور خطبہ دیا گیا تو ٹی وی اور ریڈیو پر براہِ راست نشر کیا گیا جو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا جس کے بعد دو منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی، پارک میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن بھی مسلمانوں سے مثالی یکجہتی کے لیے اسکارف پہنے موجود تھیں۔

    جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب میں حدیث نبوی بیان کی اور کہا کہ ہم ایک ہیں، مسلمانوں کےغم میں برابر کے شریک ہیں، سارا نیوزی لینڈ غمزدہ ہے۔

    اس سے قبل خطبہ جمعہ میں خطیب نے کہا کہ یہ دہشت گرد نے ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن ہم شکستہ دل ہونے کے باوجود ٹوٹے نہیں بلکہ متحد ہیں، پرعزم ہیں، اور کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمیں تقسیم کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ جان سے گئے وہ عام نہیں، آپ کی شہادت نیوزی لینڈ کے لیے نئی زندگی ہے، ہماری یکجہتی کی علامت ہے۔ خطیب نے نیوزی لینڈ کے لوگوں کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا، خاص طور پر وزیراعظم نیوزی لینڈ کا جو اسکارف باندھ کر یکجہتی کے لیے موجود تھیں۔

    ان کا مزیدکہنا تھا کہ اسلاموفوبیا ایک ٹارگٹڈ مہم ہے تاکہ مسلمانوں کو خوفزدہ کیا جائے، پچاس افراد کی شہادت راتوں رات نہیں ہوا، بلکہ یہ بعض وزراء اور چند میڈیا ہاؤسز کی مسلسل مہم کا نتیجہ ہے، دہشت گردی کی کوئی نسل، رنگ یا مذہب نہیں ہوتا، دہشتگردی عالمی طور پر خطرہ ہے اور اس سے نمٹنا ہوگا۔

    آخر میں انہوں نے مسلمانوں، نیوزی لینڈ اور دنیا بھر کے لیے امن و سلامتی کی دعا مانگی گئی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔ مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

    نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا شہدائے کرائسٹ چرچ کوزبردست خراج عقیدت

    سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے حملہ آور کو دہشت گرد، مجرم اور انتہا پسند قرار دیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حملہ آور دہشت گردی کے اپنے عمل سے بہت کچھ چاہتا تھا جس میں ایک چیز شہرت بھی ہے، اسی وجہ سے اس کا نام میں کہیں نہیں لوں گی۔

  • کرائسٹ چرچ سانحے میں شہید ہونے والا پہلا پاکستانی سپرد خاک

    کرائسٹ چرچ سانحے میں شہید ہونے والا پہلا پاکستانی سپرد خاک

    کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ سانحے میں شہید ہونے والے پہلے پاکستانی سید جہاں داد کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گرد حملے میں شہید پاکستانیوں کی تدفین کا عمل شروع ہوچکا ہے، دیگر پاکستانیوں کو بھی سپردخاک کیا جائے گا۔

    سانحے میں شہید ہونے والے پہلے پاکستانی کی تدفین کردی گئی، سیدجہاں داد کو میوریل پارک میں واقع قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔

    سیدجہاں داد شہید کا تعلق لاہورسےتھا، دو مساجد پر دہشت گرد حملے میں 9 پاکستانی شہید ہوئے تھے۔

    قبل ازیں نیوزی لینڈ میں مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید شامی باپ بیٹے کو بھی سپرد خاک کیا گیا تھا، خالد مصطفیٰ اور بیٹے حمہز کی تدفین میں بھی شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ: شام سے تعلق رکھنے والے شہید باپ بیٹے کو سپردخاک کردیا گیا

    نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملے کے بعد شہر میں پہلی نماز جمعہ آج ادا کی جائے گی۔

    کرائسٹ چرچ میں گزشتہ جمعے کو ایک آسٹریلوی دہشت گرد نے مساجد پر حملہ کر کے 50 مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا، جس کے بعد مغربی ممالک میں مسلمانوں کو سلامتی کے خدشات لاحق ہو گئے تھے۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ، سوشل میڈیا پر ویڈیو نشر کرنے پر سربراہان سے جواب طلب

    سانحہ کرائسٹ چرچ، سوشل میڈیا پر ویڈیو نشر کرنے پر سربراہان سے جواب طلب

    واشنگٹن: سانحہ نیوزی لینڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا سوشل میڈیا ویب سائٹس فیس بک، ٹویٹر اور مائیکروسافٹ کے سربراہان کو مہنگا پڑ گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی داخلی سلامتی کمیٹی نے نیوزی لینڈ میں مسجد پر دہشت گرد حملے کو براہ راست نشر کرنے اور ویڈیوز سماجی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیے جانے پر سوشل میڈیا کے سربراہوں سے وضاحت طلب کرلی۔

    امریکا کی داخلی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین بینی تھامسن کی جانب سے فیس بک، ٹویٹر اور مائیکرو سافٹ کے سربراہان کو لکھے خط میں ایسی ویڈیوز کو روکنے کے لیے انتظامات اور اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    خط کے متن کے مطابق سوشل میڈیا کے مالکان اور ذمہ دار سماجی ویب سائٹس سے ایسا مواد ہٹانے اور مستقبل میں ایسی ویڈیوز شیئر نہ کیے جانے کو یقینی بنائیں۔

    مزید پڑھیں: سفید فام قوم پرستی پوری دنیا کا مسئلہ ہے: نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا تاریخی بیان

    واضح رہے کہ چند روز قبل آسٹریلوی دہشت گرد کی جانب سے نیوزی لینڈ کی دو مساجد پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 50 نمازی شہید ہوگئے تھے جن میں 9 پاکستانی شامل تھے جبکہ ایک پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے۔

    یاد رہے کہ آج دو پاکستانی شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے اور ان کو نیوزی لینڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ دہشت گرد کو نیوزی لینڈ کی پولیس نے دو مسجد میں فائرنگ کرنے کے بعد تیسرے ہدف کی جانب بڑھنے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا تھا، اس پر چند روز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

  • سانحہ نیوزی لینڈ: دنیا بھر میں سوگ، ترکی میں غائبانہ نمازِ جنازہ کی ادائیگی

    سانحہ نیوزی لینڈ: دنیا بھر میں سوگ، ترکی میں غائبانہ نمازِ جنازہ کی ادائیگی

    استنبول: نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی میں شہید ہونے والے 50 مسلمانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، ترک صدر کا کہنا تھا کہ حملہ آور کے ترکی آنے کی تحقیقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈدہشت گردی میں50مسلمانوں کی شہادت پردنیا بھر میں سوگ منایا جارہا ہے، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، امریکا، برطانیہ اور یورپ کے بہت سارے ممالک میں شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔

    استنبول میں شہدا کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی جس میں ترک صدر سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔

    اس موقع پر ترک صدر نے اعلان کیا کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئیں کہ مساجد پر فائرنگ کرنے والا حملہ آور 2 بار ترکی آیا، اس بات کی تحقیقات کریں گے، سیکیورٹی حکام کو کوائف جمع کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    نیوزی لینڈ مین ہونے والی دہشت گردی کے خلاف بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

    علاوہ ازیں برطانوی دارالحکومت ہائیڈ پاک سے ٹین ڈاؤنگ اسٹریٹ تک شہریوں نے ریلی نکالی اور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملہ آور کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ ایتھرز میں بھی شہری سڑکوں پر نکلے اور انہوں نے سانحہ نیوزی لینڈ کو نسل پرست حملہ قرار دے کر شدید احتجاج کیا۔

  • سانحہ نیوزی لینڈ: برطانوی وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا کمپنیز کو خبردار کردیا

    سانحہ نیوزی لینڈ: برطانوی وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا کمپنیز کو خبردار کردیا

    لندن : برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے نیوزی لینڈ حملے کی ویڈیو سے متعلق سوشل میڈیا کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ ’وہ شدت پسندی پر مبنی ویڈیو اپنے پیلٹ فارم سے ہٹائیں یا قانونی کارروائی کےلیے تیار رہیں‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے نیوزی لینڈ میں مسلمانوں پر ہونے والے دہشت گردی کے وحشیانہ حملے اور نمازیوں کے بے دریغ قتل عام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا کمپنیوں کو وارننگ جاری ہے۔

    ساجد جاوید کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو ایسے شدت پسندانہ پیغامات سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نشر ہونے سے روکنے کےلیے مزید کام کرنا ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ میں واقع مساجد میں حملے کی ویڈیو 17 منٹ تک فیس بُک پر لائیو نشر ہوئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا سے اصلی ویڈیو ہٹانے کے باوجود ویڈیو یوٹیوب، ٹوئٹر سمیت کئی جگہوں پر وائرل ہوچکی ہے۔

    وزیر داخلہ ساجد جاوید نے عوام پر زور دیا کہ ’وہ بیمار اور باگل پن پر مبنی ویڈیو نہ دیکھیں‘ یہ غلط اور غیر قانونی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آن لائن پیلٹ فارمز کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردوں اور دہشت گردی کے کام نہ آئیں، ’نیوزی لینڈ میں دہشت گرد نے اپنے شدت پسندانہ نظریات پھیلانے کےلیے بے گناہوں کے قتل عام کی ویڈیو نشر کی‘۔

    مزید پڑھیں : برطانوی حکومت نے لندن و مانچسٹر میں مساجد کی سیکیورٹی بڑھا دی

    یاد رہے کہ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے گزشتہ روز نیوزی لینڈ حملے کی سخت الفاظ میں‌ مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، دہشت گرد ہمیں تقسیم نہیں کرسکتے، برطانوی شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسلح افراد نے مساجد میں موجود نمازیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 49 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں واقع مساجد پر حملہ کرنے والے ایک دہشتگرد کا تعلق آسٹریلیا سے ہے جس کی شناخت برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے، مذکورہ دہشت گرد خوفناک حملے کی برائے راست ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی نشر کررہا تھا۔