Tag: سانحہ پشاور

  • احمد چنائے پر الزام لگانا سراسر زیادتی ہے،  الطاف حسین

    احمد چنائے پر الزام لگانا سراسر زیادتی ہے، الطاف حسین

    کراچی: ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے کا ساتھ ہونے والا سلوک سراسر زیادتی ہے۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں کہا کہ احمد چنائے کا کام لوگوں کوبازیاب کروانااوراغوابرائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ افرادکوگرفتارکرواناہےاوراس سلسلے میں مغوی کے اہل خانہ اوراغواکنندگان سے رابطہ ان کے فرائض میں شامل ہے اس بنیادپر احمدچنائے پر الزام لگانا سراسر زیادتی ہے۔

    الطاف حسین نے ارباب اختیار سے سوال کیا کہ کیا مہاجروں کو کبھی پاکستانی سمجھا جائے گا یا نہیں۔

    الطا ف حسین نے احمدچنائے اور میمن برادری کی تمام انجمنوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اوران سے کہاکہ وہ احمدچنائے کے ساتھ کیے جانے والے اس سلوک پرہڑتال یاکسی بھی قسم کے احتجاج کا جوبھی پروگرام بنائیں گے ایم کیو ایم اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گی ۔

     الطاف حسین نے کہا کہ ذلت کی زندگی سے عزت کی موت بہترہے، یہ نعرہ اب ہجرت کرکے آنے والے ہرفردکی زبان پر ہوگا اوراس کاجوبھی انجام ہوگااس کی ساری ذمہ داری اسٹیبلشمنٹ پرعائد ہوگی۔

  • سانحہ پشاور کے دوران استعمال ہونے والی سموں کا سراغ مل گیا

    سانحہ پشاور کے دوران استعمال ہونے والی سموں کا سراغ مل گیا

    اسلام آباد: آرمی پبلک اسکول پر حملے کے دوران طالبان امیر عمر منصور عرف نارے سے رابطے کیلئے استعمال ہونے والی سموں کا سراغ ملنے کے بعد سمز جاری کرنے والی فرنچائز کے مالک اور متعلقہ افسر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    آرمی پبلک اسکول پر حملے کے دوران طالبان امیر عمر منصور عرف نارے سے رابطہ کرنیوالی سموں کا سراغ لگالیا گیا ہے اور پولیس نے سمز جاری کرنے والی موبائل فون فرنچائز کے مالک اور متعلقہ افسر کو گرفتار کرلیا ہے، حساس ادارے گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔

    پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں وحشی درندوں نے قیامت ڈھائی، دہشت گرد حملے کے دوران سانحہ پشاور کے ماسٹر مائنڈ عمر منصور عرف نارے سے موبائل فون پر رابطے میں تھے۔

    عمر منصور عرف نارے طالبان کا امیر تھا اور حملے کے دوران پاک افغان سرحد کے علاقے میں تھا، اسکول حملے کے بعد بیس دسمبر کو وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں نے بمباری کی۔ جس میں سانحہ پشاور کا ماسٹر مائنڈ عمر منصور عرف نارے مارا گیا۔

    یاد رہے کہ پشاور سانحے میں بچوں کی شہادت نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا تھا، اندوہناک واقعے آرمی پبلک سکول و کالج پشاور پر وحشیانہ حملے کے دوران ایک 134معصوم بچوں سمیت 141افراد شہید ہوگئے تھے، جن میں کالج کی پرنسپل اور دیگر اساتذہ اور اسٹاف ممبر شامل تھے۔

  • سانحہ پشاور کے بعد20کو پھانسی1800سے زائد گرفتار، رپورٹ

    سانحہ پشاور کے بعد20کو پھانسی1800سے زائد گرفتار، رپورٹ

    اسلام آباد: سانحہ پشاور کے بعد قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد رپورٹ جاری کردی گئی، جس کے مطابق ملک بھر سے اٹھارہ سو افراد گرفتار اور بیس دہشتگردوں کو پھانسی دی گئی ہے۔

    سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں دہشتگردوں کیخلاف گرینڈ ایکشن لانچ کردیا گیا ہے، قومی ایکشن پلان سے متعلق جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ میں ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سات ہزار تین سو انیس سرچ آپریشنز کئے، جس میں اٹھارہ سو زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    سب سے زیادہ گرفتاریاں پنجاب سے عمل میں آئیں، جہاں نوسو اٹھاون افراد کو حراست میں لیا گیا، سندھ میں یہ تعداد دوسوچوالیس رہی، خیبرپختونخوا میں دو سو چونتیس ، بلوچستان میں ایک سو اٹھاسی اور اسلام آباد میں دو سو پینتیس افراد پابند سلاسل کئے گئے۔

    اس کے علاوہ قومی ایکشن پلان پر عملدر آمد کرتے ہوئے مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں ۔۔

    پنجاب اور خیبر پختون خوا میں لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال کرتے ہوئے نفرت انگیز تقاریر کرنے پر تین سو انتالیس افراد کو سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔

    سانحہ پشاور کے بعد سزائے موت پر عائد پابندی اٹھائی گئی تو بیس دہشتگرد تختہ دار پر لٹکا دیئے گئے، پنجاب میں چودہ دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا گیا، سندھ میں پانچ،اور خیبر پختون خوا میں ایک دہشتگرد سولی پر چڑھا۔

  • معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا، الطاف حسین

    معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا، الطاف حسین

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ پاک سرزمین کو طالبان دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے ۔

    الطاف حسین نے سانحہ پشاور کے معصوم ننے منے بچوں اور اساتذہ کرام کے چالیسویں کے موقع پر شہیدوں کے لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید بچوں کے صدقے پاکستان کو درندہ صفت طالبان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے پاک کردے، الطاف حسین نے کہا کہ معصوم بچوں کا لہو رنگ لارہا ہے اور ان کی شہادتوں نے سوئی ہوئی قوم کو جگا کر طالبان دہشت گردوں کے خلاف متحدکردیا ہے ۔

    الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری قوم کو متحد ومنظم کردے اور ملک کو مذہبی انتہاء پسندی اور دہشت گردی سے نجات دلائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پولیس اور ایف سی کی چوکیوں، فوج، نیوی، فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز، جی ایچ کیو اور دیگرحساس مقامات پر دہشت گردوں نے کئی حملے کئے اورمسلح افواج کے افسروں،جوانوں سمیت ہزاروں بے گناہ افراد کوشہید کیا اگر اُس وقت میری باتوں پر توجہ دے دی جاتی اور دہشت گردوں کے خلاف کروائی کردی جاتی جس وقت یہ منظم ہورہے تھے تو آج ہمیں اتنی بھاری قیمت نہیں اٹھانی پڑتی۔

    الطاف حسین نے کہا کہ آج بھی چند عناصر دہشت گردوں کے خلاف کاروائی سے ناخوش ہیں اور یہی وہ عناصر ہیں جو قوم کو الجھانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پوری قوم مسلح افواج کا بھر پور ساتھ دیکر اپنی پاک افواج کے ہاتھوں کو مضبوط کرے اور دہشت گردو ں اور انکے سرپرستوں کے اصل چہرے بے نقاب ہوتے ہوئے دیکھ لے۔

    الطاف حسین نے ایک مرتبہ پھر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوم بچوں ، اساتذہ کرام اور فوجی اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کاا ظہار کیا جبکہ سانحہ میں زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کیلئے بھی خصوصی دعائیں کیں۔

  • شہدائے پشاورکا چہلم، خیبرپختونخوا اورفاٹا میں عام تعطیل کا اعلان

    شہدائے پشاورکا چہلم، خیبرپختونخوا اورفاٹا میں عام تعطیل کا اعلان

    پشاور: شہدائے آرمی پبلک اسکول کا چہلم آج منایا جا رہاہے خیبرپختونخوا اورفاٹا میں عام تعطیل کااعلان کیاگیاہے، چہلم کی مرکزی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگی۔

    گرفتہ دلوں، نمناک آنکھوں، آہوں اورسسکیوں میں سانحہ پشاورکے شہدا کاچہلم آج منایاجائےگا، معصوم شہداکے والدین سےاظہاریکجہتی کیلئے خیبرپختونخوا اورفاٹامیں عام تعطیل ہوگی۔

     تعلیمی ادارے اورسرکاری دفاتربند رہیں گے وزیراطلاعات خیبرپختونخوا کہتے ہیں شہدا کی مغفرت کیلئےہرضلع میں قرآن خوانی کااہتمام کیاجائےگا۔

    چہلم کی مرکزی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگی جس میں شرکت کیلئےوالدین کودعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں ،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا نےعمران خان کی پشاورآمد پراحتجاج کرنے والے والدین سے معذرت بھی کی ہے،جس کے بعد شہید طلبہ کے ورثہ نے تقریب میں شرکت کی حامی بھرلی ہے۔

    عمران خان بھی چہلم کی تقریب میں شریک ہوں گے اورشہدا کے والدین سے ملاقات کریں گے۔ خیبرپختونخوا کے سینتیس اسکولوں کو شہدا کے نام سے منسوب کردیاگیاجن کاباقاعدہ اعلان تقریب میں کیاجائےگا۔

  • رانا ثناء اللہ اسی سال جیل میں ہوں گے، عمران خان

    رانا ثناء اللہ اسی سال جیل میں ہوں گے، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو اسی سال جیل جانا ہوگا کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔

    اسلام آباد میں دھرنا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ دھرنے کو 126 دن ہوچکے تھے سمجھ نہیں آرہا تھا کیا کروں،دھرنے میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے سب کا مشکور ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ایسا مظاہرہ کرنے کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، کہا جارہا تھا اسکرپٹ کے مطابق چل رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں اتنے لوگ کبھی نہیں نکلے تھے، ہم پاکستان میں جمہوریت کے لئے نکلے تھے، جمہوریت کا مطلب آزادی ہے، تبدیلی جب آتی ہے جب خواتین اور بچے جاگ جاتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ دھرنے کے دوران ہمارے نوجوان شہید ہوئے جہلم میں گلوبٹوں نے حملہ کیا،حملہ کرنے والے لوگوں کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

    چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم ملک میں جمہورہت کے لئے دھرنے کے لئے نکلے تھے لیکن فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں اور یہ سب کچھ رانا ثنا اللہ کے ایما پر ہوا، رانا ثنا اللہ سن لیں کہ وہ اسی سال جیل میں جائیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ انتخابات 2013  میں سب سے زیادہ دھاندلی ہوئی، سانحہ پشاور کے بعد احتجاج کےنے کیلئے دل نہیں مان رہا تھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جوڈیشل کمیشن نہ بنایا تو ہم پورا ملک بند کردینگے، انہوں نے کہا کہ دھرنا ختم ہونے کے بعد اب تحریک انصاف کی پوری توجہ خیبر پختونخواہ کی طرف ہو گی۔اب خیبر پختونخواہ میں اصلاحات کرنے جا رہے ہیں، جن میں میرٹ کو ترجیح دی جائے گی اور اور سکولوں میں ٹیچر جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹر میسر ہوں گے۔

    خیبر پختونخواہ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اب ہم پختونخواہ کی پولیس کو مثالی بنائیں گے جبکہ پورے صوبے میں پینے کا صاف پانی بھی میسر ہو گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہروں کی صفائی کروانا ہماری پہلی ترجیح ہے جبکہ صوبے بھر مین ایک ارب درخت بھی لگائے جائیں گے۔جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ پنے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے بھی تیار ہیں جس کے ذریعے اقتدار نچلی سطح کو منتقل ہو جائے گا۔

  • سانحہ پشاور:شہداء کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی

    سانحہ پشاور:شہداء کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی

    پشاور: حکومت نے سانحہ پشاور کے چھیاسی شہدا کے لواحقین کو معاوضہ ادا کر دیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونیوالے بچوں کے لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی جاری ہے۔

    اب تک سانحہ پشاور کے چھیاسی شہدا کے لواحقین کو حکومت نے معاوضہ ادا کر دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سڑسٹھ شہدا کے لواحقین کو بھی جلد ہی معاوضے کی ادائیگی کر دی جائیگی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہید ہونےوالے بچوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ جبکہ زخمیوں کو دو لاکھ روپے دیئے جارہے ہیں۔ حکومت کیجانب سے باقی شہدا کے لواحقین کو بھی جلد معاوضے کی ادائیگی کر دی جائے گی۔

    گذشتہ سال سولہ دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشت گرد حملے میں ایک سو چالیس سے زائد بچے، اسکول اسٹاف اور اساتذہ بے رحمی سےقتل کردیئےگئےتھے،جبکہ سو سے زائد زخمی ہوئےتھے۔

  • ہماری پارٹی وی آئی پی کلچر کیخلاف ہے، عمران خان

    ہماری پارٹی وی آئی پی کلچر کیخلاف ہے، عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کیلئے ہمیں سب سے پہلے خود میں تبدیلی لانا ہو گی، ہماری پارٹی وی آئی پی کلچر کیخلاف ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو لکھے گئے خط میں کیا، انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ نہ تو انہیں پروٹوکول دیا جائے اور نہ ہی کوئی ایم پی اے یا وزیر ان کا استقبال کرنے کیلئے ایئرپورٹ تشریف لائے یہاں تک کہ وزیراعلیٰ بھی ان کا استقبال نہ کریں۔

     انہوں نے کہا ہے کہ حال ہی میں جب میں نے آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ کیا تو کچھ غیر ضروری لوگ میرے قافلے میں شامل ہوئے جس پر پروٹوکول بڑھنے کے سبب عوامی خفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر وہ کسی سرکاری تقریب میں شرکت کے لیے پشاور پہنچیں تو صرف متعلقہ ایم پی اے یا وزیر تقریب میں موجود رہے۔

     انہوں نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف نیا پاکستان بنایا چاہتی ہے اس کیلئے انہیں خود سے ہی ابتداء کرنا ہو گی، عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف حکمران اشرافیہ کی روایتی منافقت میں شامل نہیں ہوسکتی۔

  • قومی کرکٹرز کی سانحہ پشاورکے زخمی طلباء کی عیادت

    قومی کرکٹرز کی سانحہ پشاورکے زخمی طلباء کی عیادت

    پشاور: قومی کرکٹرز نے پشاور کے متاثرہ آرمی پبلک اسکول پر حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی سی ایم ایچ اسپتال میں عیادت کی اور سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی سمیت چھ کرکٹرز اور تین آفیشلز نے پشاورآرمی پبلک اسکول میں زخمی ہونے والے بچوں کی اسپتال میں عیادت کی، کھلاڑیوں نے اپنے دورۂ پشاور کے دوران شہید طلباء کے لواحقین سے ملاقات اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

    قومی کرکٹرز نے افسوس ناک واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا، کھلاڑیوں نے سانحے میں زخمی ہونے والے طلباء کو تحائف بھی پیش کئے۔

    قومی ہیروز کو اپنے درمیان پاکر بچے بہت خوش ہوئے، کھلاڑیوں نے بچوں کا حوصلہ بڑھایا، تصاویر کھچوائیں اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔

    ایک ماہ قبل گذشتہ سال 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پر دہشت گرد حملے میں ایک سو پینتیس بچوں سمیت ایک سو سینتالیس افراد شہید ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے لئے روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات طے تھی تاہم وزیرِاعظم کی مصروفیت کے باعث ملاقات منسوخ ہوگئی۔

  • سانحہ پشاور آج بھی ذہنوں میں تازہ ہے، عمران خان کا ٹوئیٹ

    سانحہ پشاور آج بھی ذہنوں میں تازہ ہے، عمران خان کا ٹوئیٹ

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم کی حفاظت کے لیے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی سانحہ پشاور ذہنوں میں تازہ ہے، ان کاکہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول کے بچوں کی جرات اور ان کے والدین کے عزم پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں، تمام دعائیں اور ہمدردیاں شہید بچوں کے والدین کے ساتھ ہیں۔

    اپنے پیٖغام میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو جاری رکھیں گے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل عمران خان نے آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا، اسکول پہنچنے پر شہید بچوں کے مشتعل والدین نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور عمران خان کا گھیراؤ کرلیا تھا۔

    جب عمران خان بچوں کیلئے دعائے مغفرت کررہے تھے تو اسی اثناء میں ایک شہید بچے اسفند کی والدہ سیکورٹی حصار توڑتے ہوئے عمران خان کے قریب پہنچ گئیں اوران کا گریبان پکڑ کر کہا کہ ہمیں ہمارے بچوں کے خون کا حساب دیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’’تم یہاں ہمارے لئے نہیں بلکہ میڈیا، اخبارات اور اپنی نئی دلہن کو سیر کرانے کے لئے آئے ہو، ہمیں اس کی کوئی ضرورت نہیں ہم نے آپ کو ووٹ دے کرغلطی کی۔

    دوسری جانب آرمی پبلک اسکول کے اندر بچوں نے عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا، بچوں نےعمران خان کے ساتھ تصویریں کھنچوائیں جبکہ بچوں نے عمران خان کی اہلیہ ریحام خان سے آٹو گراف بھی لئے۔