Tag: سانحہ پشاور

  • قومی ایکشن پلان:وزیراعظم کی زیرصدارت جائزہ اجلاس

    قومی ایکشن پلان:وزیراعظم کی زیرصدارت جائزہ اجلاس

    اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ سانحہ پشاورکے بعدسیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کاجائزہ لینےکیلئےاہم اجلاس ہوا۔

    ذرائع کےمطابق اجلاس میں قانون سازی اور انتظامی اقدامات پر پیشرفت پر مشاورت کی گئی، جن میں فوجی عدالتوں کے قیام کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔

    وزیر اعظم نوازشریف نے ایک بارپھر اس عزم کا اعادہ کیا ہےکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    اب معاشرے میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کےلئے کوئی جگہ نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مستقل خاتمے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

    اجلاس میں وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی ، اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ، بیرسٹر ظفر اللہ ، سیکرٹری داخلہ اور نیکٹا حکام بھی شریک تھے۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے کراچی ائیر پورٹ پر حملے اور بالخصوص سانحہ پشاور کے بعد دہشت گردوں کیخلاف اہم اقدامات کرتے ہوئے گھیرا تنگ کردیا ہے۔

    پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب کے دوران دہشت گردوں کی سینکڑوں کمین گاہوں کو تباہ جبکہ بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

  • پشاور آرمی پبلک اسکول سمیت ملک بھر کے سرکاری ونجی اسکول کھل گئے

    پشاور آرمی پبلک اسکول سمیت ملک بھر کے سرکاری ونجی اسکول کھل گئے

    کراچی : دہشت گردی کا نشانہ بننے والے پشاور آرمی پبلک اسکول سمیت ملک بھر کے سرکاری ونجی اسکول کھل گئے ہیں، موسم سرما کی اضافی کے تعطیلات کے بعد اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل بحال ہوگیا تاہم پہلے روز حاضری معمول سے انتہائی کم رہی۔

      سانحہ پشاور کے بعد سندھ حکومت نے بھی اسکولوں کی انتظامیہ کو سیکیورٹی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہیں۔ شہر کے بعض سرکاری اسکولوں میں جہاں سیکورٹی انتظامات موثر نہیں تھے وہ مزید تین دن تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

    سرکاری تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے حوالے حکومتِ سندھ اور محکمۂ تعلیم کے حکام نے جو دعوے کئے وہ دھرے کے دھرے رہ گئے جبکہ شہر میں چند بڑے اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے انتظامات اپنی مدد آپ کے تحت کئے گئے جبکہ کراچی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے چند اسکولوں میں سیکورٹی کے انتظامات نظر آئے۔

    تاہم کسی سرکاری اور نجی اسکولوں کے اطراف پولیس کی جانب سے اضافی پیٹرولنگ نظر نہیں آئی، والدین اور بچوں میں سیکورٹی کے حوالے اب بھی خوف پایا جاتا ہے ،جس کی وجہ پہلے روز اسکولوں میں حاضری معمول سے انتہائی کم رہی جبکہ صوبائی وزیر آج اسکولوں کی سیکورٹی سے متعلق اعلی کے اجلاس کی صدارت سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم کریں گے، جس صورت حال پر مزید غور کیا جائے گا۔

    سانحہ پشاور کے بعد آج ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل شروع ہو گیا ہے، پنجاب میں اسکولوں کیلئے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے  باؤنڈری وال بلند اور خاردار تاریں لگا دی گئیں ہیں جبکہ نامکمل سیکیورٹی پر پنجاب کے مشنری اسکول مزید سات روز بند رہیں گے۔

    اسلام آباد میں بھی بیشتر اسکول کھل گئے ہیں، اسلام آباد کے آدھے سے بھی کم تعلیمی اداروں کی سیکورٹی بہتر ہوئی ہے، پولیس نے چوکیداروں کو شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی، سانحہ پشاور کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سرکاری و غیر سرکاری سکولوں کا ڈیٹا جمع کرکے سیکورٹی بہتر بنانے کا حکم دیا تھا۔

    کھلنے والے اسکولوں میں پشاور کا آرمی پبلک اسکول بھی شامل ہے، جسے دہشتگردوں کے حملے کے بعد بند کردیا گیا تھا۔

    بلوچستان میں سرما کی تعطیلات مارچ تک جاری رہیں گی۔

    مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کی دیواروں کو اونچا کردیا گیا ہے، داخلی اور خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں، چوکیداروں کو اسلحہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

    واضح رہے سانحہ پشاور کے بعد تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات موثر بنانے کیلئے اسکول اور کالجز کی چھٹیوں میں 10دن کا اضافہ کیاگیا تھا۔

    یاد رہے کہ 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر کالعدم تحریک طالبان کے حملے کے نتیجے میں 132 بچوں سمیت 144 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • سالِ نو کا استقبال سادگی سے کیا جائے گا،سخت حفاظتی انتظامات

    سالِ نو کا استقبال سادگی سے کیا جائے گا،سخت حفاظتی انتظامات

    اسلام آباد + کراچی : سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر میں سال نو کا استقبال سوگ اور خوف کے سائے میں کیا جائے گا،اسلام آباد میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی جبکہ کراچی میں نیو ایئر نائٹ تقریبات پر پابندی اور ساحل کو جانے والے راستے بند کر دئیے گئے ہیں۔

    دو ہزار چودہ کا اختتام پاکستان کیلئے اچھا ثابت نہ ہوا ۔ ملک دشمنوں نے پشاور میں سو سے زائد معصوم بچوں کو شہید کر کےنئے سال کی آمد کو سوگوار کردیا۔

    ملک بھر میں جہاں نئے سال کا استقبال سادگی سے کیا جائے گا وہیں سیکیورٹی خدشات کے باعث ملک بھر میں حفاظتی انتظامات انتہائی سخت کئے گئے ہیں۔

    اسلام آباد میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی۔بغیر سائلینسرموٹرسائیکل چلانے پر پابندی عائد ہوگی۔کراچی میں نیو ایئر تقریبات پر پابندی جبکہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو جیل بھیجے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بھی ایک روز کیلئے بند کر دی گئی۔ساحل کی طرف جانے والےتمام راستے کنٹینر لگا کر بند کر دئیے گئے ہیں۔

    جبکہ نیو ایئرنائٹ پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے سات ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ملتان میں بھی سیکیورٹی خدشات کے باعث دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔

  • آصف علی زرداری کو زرداری قبیلے کا سردار منتخب کرلیا گیا

    آصف علی زرداری کو زرداری قبیلے کا سردار منتخب کرلیا گیا

    نواب شاہ: سابق صدر آصف علی زرداری کو زرداری قبیلے کا سردار منتخب کرلیا گیا ہے۔

    سابق صدر اور پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین آصف علی زرداری کو زرداری قبیلے کا سردار منتخب کرلیا گیا،دستار بندی کی تقریب نوابشاہ میں ہوئی جہاں قبیلے کے سرداروں نےآصف زرداری کی دستار بندی کی، اس موقع پرسابق صدر کاکہنا تھا اختلافات بھلا کر زرداری قوم متحد ہوجائے۔

    سابق صدر آصف زرداری نے زرداری قبیلے کا سردار منتخب ہونے کے بعد اپنے آبائی قبرستان میں والدین کی قبور پر حاضری دی ہے اورپھولوں کی چادر چڑھائی ہے۔

  • پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کا پاکستان میں باکسنگ سکھانےکا اعلان

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان کا پاکستان میں باکسنگ سکھانےکا اعلان

    لاہور: عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان نے حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دیتے ہوئے پاکستان میں قیام امن اور اپنی کامیابیوں کیلئے دعائیں مانگی ہیں۔

    پاکستان والا پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نےحضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے مزار پر حاضری دیتے ہوئے پھولوں کی چادر چڑھائی اور پشاور اسکول حملے میں شہید ہونے والے طلبہ کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

     میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ پشاور سانحے پر کافی افسردہ ہیں، عامر خان کا کہنا تھا کہ اگلی فائٹ میں فلائیڈ مے ویدر کیخلاف کامیاب ہوئے تو دوبارہ داتا دربار پر حاضری دینگے،  داتا دربار حاضری سے پہلے باکسر عامر خان نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کرتے ہوئے باکسنگ اکیڈیمز کے قیام سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا، عامر خان امن کے پیغام کو فروغ دینے کیلئے اہم شخصیات سے ملنا چاہتے ہیں۔

  • فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے،آصف زرداری

    فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے،آصف زرداری

    لاڑکانہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کو اس لئے قبول کیا کہ وہ سیاسی جماعتوں اور صحافیوں کی خلاف استعمال نہیں ہونگی، ان کا کہنا تھا کہ مخدوم امین فہیم نے نہ پہلے کبھی غداری کی تھی نہ اب کریںگے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹوشہید کی ساتویں برسی کے موقع پر ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ مخالفین  نے بلاول زرداری ،میرے اور پیپلز پارٹی  کے حوالے سےافواہیں پھیلا رکھی ہیں۔

    ملٹری کورٹس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کا غلط استعمال نہیں ہونے دینگے، اگر فوجی عدالتوں سے متعلق یقین دہانی کرائی گئی تو اس پر دستخط کردیں گے،کہیں ایسا نہ ہو کہ آنے والے دنوں میں میں  اور میاں صاحب دونوں جیل میں ہوں۔

    آصف زرداری نے کہا کہ پشاورمیں ہمارے بچوں کو شہید کیا گیا اور شارع فیصل پر سانحہ کارساز میں بھی ہمارے بچے شہید ہوئے، انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام  لئے بغیر کہا کہ اگر سانحہ کارساز کے بعد بلّا آپریشن کر دیتا توسانحہ پشاور نہ ہوتا،اور ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر فوج کو بِلّے سے سیاست ہی کرانی ہے تو صاف بتادے، ایک طرف تو بِلا ضمانت پر ہے تو دوسری جانب فوج اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بی بی بینظیر شہید نے کہا تھا کہ میرے بعد آصف زرداری ہی پارٹی سنبھالیں گے، انہوں نے کہا کہ میری سیاسی تربیت محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے کی ہے۔

  • سانحہ پشاور: اقوام متحدہ کے افسر کی بچی تاحال لاپتہ

    سانحہ پشاور: اقوام متحدہ کے افسر کی بچی تاحال لاپتہ

    پشاور: اقوام متحدہ کے سیکورٹی آفیسر احمد توثیق کی کمسن بچی سانحہ پشاور میں لا پتہ ہونے کا انکشاف ہواہے۔اقوام متحدہ نے تحریری طور پر خیبر پختونخواحکومت کو آگاہ کر دیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ پشاور کو دس روز بیت گئے لیکن کمسن عنیزہ کے والدین تاحال بیٹی کی راہ تک رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکیورٹی افسر کی کمسن بچی کے حوالے سے تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکاہے۔

    رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکیورٹی افسر نے خیبر پختونخوا حکومت کو اپنی لا پتہ بچی کی اطلاع دے دی ہے۔بچی کے والدین نےجلداز جلد بچی کاپتہ لگانے کی درخواست کی ہے۔

  • باکسرعامرخان نے ورلڈلائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن کاٹائٹل پشاورشہداکےنام کردیا

    باکسرعامرخان نے ورلڈلائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن کاٹائٹل پشاورشہداکےنام کردیا

    اسلام آباد: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ورلڈلائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن کاٹائٹل پشاورشہداکےنام کردیا۔ کہتے ہیں کہ وہ سانحہ پشاور کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان نے اپنے سونے کے دو شاٹس سانحہ پشاور کے متاثرین کے نام کئے۔

    اس سے حاصل ہونے والی رقم اسکول کی تعمیر نو اور مزید سیکورٹی پر خرچ کی جائے گی۔ عامر خان نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں۔

    وہ سانحہ پشاور لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ عامر خان نے کہا کہ وہ یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ وہ یہاں باکسنگ کی ٹریننگ کےلئے اکیڈمی بھی بنائیں گے۔

  • سانحہ پشاورکا ایک اور طالب علم سی ایم ایچ میں دم توڑ گیا

    سانحہ پشاورکا ایک اور طالب علم سی ایم ایچ میں دم توڑ گیا

    پشاور: سانحہ پشاور میں زخمی ہونے والا ایک اور طالب علم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا ، جس کے بعد شہیداء تعداد ایک سو چونتیس ہو گئی ہے۔

    سانحہ پشاور میں دہشتگردوں کےہاتھوں زخموں سے چُور ہونسے والا ابرار سات روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کےبعد جان کی بازی ہار گیا، گیارہویں جماعت کا طالب علم سولہ دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں دہشتگردوں کے بے رحمانہ فائرنگ کا نشانہ بنا تھا۔ ابرار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لا کر انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا تھا۔

  • سانحہ پشاور نے کئی بڑے سوالات کو جنم دیا ہے، سراج الحق

    سانحہ پشاور نے کئی بڑے سوالات کو جنم دیا ہے، سراج الحق

    لاہور: جماعتِ اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک دہشت گردی اور سیاسی بحران کا شکار ہے، سانحہ پشاور نے کئی بڑے سوالات کو جنم دیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ایک عام آدمی الیکشن نہیں لڑسکتا، دہشتگردی کا علاج صرف قانون کی بالادستی سے ممکن ہے، ملک سیاسی اور معاشی دہشتگردی کا شکار ہے، تمام جماعتوں کو مل کر حل نکلنا ہوگا۔

    سراج الحق کا کہنا ہے کہ پشاور کے واقعے پر سب کوتشویش ہے، سانحہ پشاور کربلا کا واقعہ ہے، اس واقعہ سے کئی بڑے سوالات کو جنم دیا ہے۔

    سراج الحق نے کہنا تھا کہ سانحۂ پشاور میں خاندان کا اکلوتا بیٹا بھی نشانہ بنا ہے، لوگوں کو سہارا دینے کے الفاظ ختم ہوگئے ہیں، انھوں نے کہا کہ باحیثیت قوم شہدائے پشاور کو ضرور جواب دیں ہیں۔