Tag: سانحہ پشاور

  • سیکیورٹی ادارے پشاور سانحہ کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے میں کامیاب، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی

    سیکیورٹی ادارے پشاور سانحہ کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے میں کامیاب، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی

    اسلام آباد: غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے دعوی کیا ہے کہ سیکیورٹی ادارے پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملہ کرنے والوں کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پشاور سمیت کئی شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    سکیورٹی اداروں نے پشاور کے علاقے تہکال میں مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے جہاں سے اہم گرفتاریاں عمل میں لائی گئی۔ متاثرہ اسکول کے قریب ورسک روڈ پر بھی رہائشی علاقوں سے ستر سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیاہے۔

    سکیورٹی حکام نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کے دو شہروں سے بھی کچھ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا دعوی ہے کہ سکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کے فون رابطے حاصل کر کے ان کی بنیاد پر تحقیقات کی ہیں، جس سے وہ حملہ کرنے والوں کے منصوبہ سازوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

  • عمران خان نےدہشت گردی کیخلاف قلیل مدتی پلان کا اعلان کردیا

    عمران خان نےدہشت گردی کیخلاف قلیل مدتی پلان کا اعلان کردیا

    پشاور: عمران خان نےدہشت گردی کیخلاف قلیل مدتی پلان کا اعلان کردیا،انہوں نے کہا کہ ایف سی کو واپس بلاکر صوبے کی حفاظت پر لگایا جائے اسکولوں کے لیئے نیا حفاظتی پلان تیار ہورہا ہے۔

    چیئرمین تحریک انصاف کا پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کیلئے وفاق کوئی فنڈز نہیں دیتا، اس کا اضافی بوجھ صوبائی حکومت پر پڑتا ہے،خیبرپختونخوا اپنے بجٹ سے آئی ڈی پیز پر رقم خرچ کر رہا ہے، وفاقی حکومت کو آئی ڈی پیز اور افغان مہاجرین کی مد میں صوبائی حکومت کی مدد کرنی چاہیے، اگر آئی ڈی پیز کی مدد نہ کی گئی تو فاٹا کے نوجوان دہشتگردی کی طرف جا سکتے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن کا دباﺅ کے پی کے حکومت پر پڑرہا ہے جس کی وجہ سے افغان بارڈر کو سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے اس لیے ایف سی کو واپس بھیجا جائے جس کے لیے وہ بنائی گئی تھی۔ایف سی ملک کے دیگر حصوں میں بھی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے اور اب میری وفاقی حکومت سے گزارش ہے کہ ایف سی کو واپس اس کے اصل مقصد کی طرف واپس لایا جائے۔

    عمران خا ن نے کہا کہ اگر کے پی کے حالات بہتر بنانے ہیں تو سب سے پہلے افغان بارڈر کر مکمل طور پر سیل کرنا ہو گا اور اس کے بعد پانچ لاکھ سے زائد غیرقانونی طور پر مقیم افغانیوں کو ملک سے نکالنا ہو گا ۔

  • سانحہ پشاور: اسکول کا دورہ، عمران خان کو شہدا کی ماوں نے گھیر لیا

    سانحہ پشاور: اسکول کا دورہ، عمران خان کو شہدا کی ماوں نے گھیر لیا

    پشاور: عمران خان نے سانحہ پشاور کے بعد آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا ہے۔ عمراں خان کو اسکول میں داخل ہوتے ہی شہدا کی ماوں نے گھیرے میں لے لیا۔

    سانحہ پشاور کے بعد عمران خان وزیراعلی خیبر پختونخواہ کے ہمراہ آرمی پبلک اسکول کے دورے پر آج پشاور پہنچے، جہاں انہوں نے سانحہ پشاور کے متاثرہ اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

    عمران خان اسکول پہنچے تو نویں جماعت محمد علی شہید کی والدہ کی فریادوں نے ماحول کو سوگوار کردیا۔ عمران خان اور ان کے عملے کو سخت چیکنگ کے بعد اسکول میں جانے کی اجازت دی گئی۔

    اسکو ل میں صرف عمران خان اور پرویز خٹک کی گاڑیوں کو اندر جانے دیا گیا، جبکہ صوبائی وزیر علی امین گنڈاپور کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

    چیئرمین تحریک انصاف بعد میں آرمی پبلک اسکول کی شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے گھر گئے۔ عمران خان نے طاہرہ قاضی کے شوہر بریگیڈئیر ریٹائرڈ ظفر اللہ قاضی سے تعزیت کی۔ عمران خان نے شہید پرنسپل کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ عمران خان شہید طالب علم ثاقب کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے ثاقب کے والدین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

  • سزائے موت پرعمل درآمد کا فیصلہ احسن اقدام ہے،صدیق الفاروق

    سزائے موت پرعمل درآمد کا فیصلہ احسن اقدام ہے،صدیق الفاروق

    لاہور: متروکہ وقف املاک بورڈ کے دفتر میں سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں مسلمان، مسیحی، سکھ اور ہندو رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم سے اتحاد کی اپیل کی ہے۔

    لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کی میزبانی میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس سے مسیحی رہنماء پادری شاہد معراج ، ڈاکٹر مجیدایبل، ہندو رہنما ڈاکٹر منوہر چاند، سکھ رہنما سردار شام سنگھ،علامہ مظہر حسین مشہدی ،سہیل رضا اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد ہونا ہو گا۔

    دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ اسلام میں جنگ کے دوران سبز درخت کو بھی کاٹنے کی اجازت نہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب کی حمایت اور دہشت گردوں کی سزائے موت پر عمل درآمد کے فیصلے احسن اقدام ہیں۔

    طالبان کی حامی سیاسی جماعتیں بھی اب فوج اور حکومت کے ساتھ ہیں،میڈیا حکومت اور مسلح افواج میں تفریق کے بجائے قوم کو اتحاد کا پیغام دے۔ تقریب میں سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بعد دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

  • آئندہ دنوں میں مزید پانچ سو دہشتگردوں کو پھانسی دی جائے گی، چوہدری نثار

    آئندہ دنوں میں مزید پانچ سو دہشتگردوں کو پھانسی دی جائے گی، چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کہتے ہیں کہ آئندہ دنوں میں مزید پانچ سو دہشتگردوں کو پھانسی دی جائے گی۔

    وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے قوم کو بتایا ہے کہ آئندہ دنوں میں پانچ سو دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جا رہا ہے۔ ساتھ یہ انکشاف بھی کر دیا کہ پھانسی کی سزا پر عمل درآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ سانحہ پشاور سے سو اٹھارہ دن پہلے ہی کیا جا چکا تھا۔

    چوہدری نثار کہتے ہیں پشاور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر جو اجلاس ہوا اس میں آرمی چیف نے درخواست کی تھی کہ ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے کے بعد کا وقت کم کیا جائے اور اس کو مان لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے دہشت گردی سے نمٹنے کیلئےقوم سے متحرک ہونے کی اپیل بھی کی ہے۔

    چوہدری نثار کہتے ہیں کہ دہشت گرد سانحہ پشاور جیسے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ چوہدری نثار نے خبردار کیا کہ دہشت گرد غیر رجسٹرڈ موبائل سمز استعمال کررہے ہیں، انھوں نے کہا کہ موبائل کمپنیاں سمز کے اجرا کیلئے احتیاط برتیں۔

    چوہدری نثار نے بتایا پاک فوج اسلامی فوج ہے جو خواتین اور بچوں کو نشانہ نہیں بناتی۔

  • سیکورٹی فورسز کی کارروائی :سانحہ پشاور کا مبینہ ماسٹرمائنڈ ہلاک

    سیکورٹی فورسز کی کارروائی :سانحہ پشاور کا مبینہ ماسٹرمائنڈ ہلاک

    پشاور: سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاع پر پشاور کے علاقے متنی میں کارروائی کی،دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں آرمی پبلک اسکول پشاور کا مبینہ ماسٹر مائنڈ عمر منصور نارے بھی مارا جا چکا ہے۔ تاہم اس کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

    دہشت گردوں سے جھڑپ میں زخمی ہونے والے اہلکار نے دورانِ علاج جام شہادت نوش کر لیا۔ متنی میں سیکورٹی فورسز نے مقابلے میں پانچ دہشت گرد ہلاک کیے تھے۔ جن میں آرمی پبلک اسکول پرحملے کے منصوبہ ساز عمر کا بھائی مصطفی عرف منان بھی شامل تھا۔

    مقابلے میں دو جوان زخمی ہوئے تھے۔ جن میں سے ایک آج شہید ہو گیا۔ آئی ایس پی آر نے کارروائی میں پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق بھی کی۔

    عسکری ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں آرمی پبلک اسکول پشاور کا مبینہ ماسٹر مائنڈ عمر منصور نارے بھی مارا جا چکا ہے تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے اس کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

    عمر نارے عرف خلیفہ عمر دو ہزار سات میں طالبان میں شامل ہوا تھا۔ وہ ٹی ٹی پی پشاور درہ آدم خیل کا امیر تھا۔ اور آرمی پبلک اسکول پر حملہ کرنیوالے دہشت گردوں کو موبائل فون پر ہدایات دے رہا تھا۔

    سیکورٹی فورسز نے پشاور حملے کے سہولت کار سیار ولد گل نواز کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔

  • لال مسجد کےخطیب مولانا عبدالعزیزکےخلاف مقدمہ درج

    لال مسجد کےخطیب مولانا عبدالعزیزکےخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد: لال مسجد کےخطیب مولانا عبدالعزیزکےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، سول سوسائٹی کےمظاہرین نےان پرقتل کی دھمکیاں دینےکاالزام لگایا ہے۔

    سول سوسائٹی کی جانب سے لال مسجد کے خطیب مو لانا عبد العزیز کے اس بیان کیخلاف جس میں انہوں نے سانحہ پشاور کو عمل کارد عمل قرار دیا تھا پر اسلام آباد کی سول سو سائٹی نے لال مسجد کے باہر مظاہرہ کیا مظا ہرے میں سول سوسائٹی کے ساتھ متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹرز بھی شریک ہو ئے۔

     سول سو سا ئٹی کے لو گ مولانا عبد العزیز کے خلاف ایف آئی آر درج کر نے کیلئے تھا نہ آبپارہ پہنچے سول سوسائٹی نے مولانا عبدالعزیز اورساتھیوں کیخلاف مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست تھانہ آبپارہ میں دی۔

     درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ مولانا عبدالعزیز اور انکے ساتھیوں نے ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں مولانا نے کہا کہ اگرتم لوگ یہاں سے نہ گئے تومیرے مشتعل لوگ تمہیں جان سےماردیں گے، پو لیس نے گذ شتہ روز مظا ہرے کے موقع پر گرفتار کئے گئے سول سو سائٹی کے گرفتار کئے گئے سات افراد کو رہا کردیا ، ان گرفتاریوں پر وزیر داخلہ چو ہدری نثار نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

  • مولانا عبدالعزیز کے بیان کے خلاف سول سوسائٹی کا احتجاجی مظاہرہ

    مولانا عبدالعزیز کے بیان کے خلاف سول سوسائٹی کا احتجاجی مظاہرہ

    اسلام آباد: لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کے بیان کے خلاف اسلام آباد کے شہریوں نے جمعہ کے شام احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    سانحہ پشاور کے خلاف اہلسنت والجماعت نے نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد کی لال مسجد کے باہر مظاہرہ کیا، اس موقع پر سول سوسائٹی نے بھی مسجد کے باہراحتجاج کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں روک دیا۔

    اس موقع پر انتظامیہ اور پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے اور مختلف سیکورٹی اداروں کی بھاری نفری تعینات تھی، لال مسجد کے قریب شہید ملت روڈ پر ہونے والے اس مظاہرے میں سینیٹرز اور اراکین پارلیمنٹ حاصل بزنجو، نفیسہ شاہ،روبینہ خالد ، طاہر مشہدی اور نسرین جلیل سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

    دوسری جانب پولیس نے اس موقع پر جمع ہونے والے شہریوں کو مولانا عبدالعزیز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے سے روکتے ہوئے پانچ مردوں اور تین خواتین کو حراست میں لے لیا، مظاہرین نے مولانا عبدالعزیز کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ سانحہ پشاور کی مذمت نہ کرکے مولانا عبدالعزیز نے ثابت کیا ہے کہ وہ طالبان کے ہمدرد ہیں۔

     انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی میں ملوث افراد کی مدد اور حمایت کرنے والوں کا بھی کڑا احتساب کرے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گذشتہ شام لال مسجد کے باہر مظاہرہ کرنے والے شہریوں کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا جبکہ آج نمازجمعہ کے موقع پر جب سول سوسائٹی نے مسجد کے باہر مظاہرہ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے روک کرآٹھ مرد و خواتین کو حراست میں لے لیا۔ مظاہرین نے کہاکہ وہ تھانہ آبپارہ میں مولانا عبدالعزیز کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔

  • بے نظیر بھٹو شہید کی برسی صوبائی سطح پرمنائی جائیگی

    بے نظیر بھٹو شہید کی برسی صوبائی سطح پرمنائی جائیگی

    لاڑکانہ: سانحہ پشاور کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 دسمبر کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی صوبائی سطح پر منانے کافیصلہ کرلیا ہے، تاہم مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہی ہوگا جہاں پرمرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

    لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی ڈسٹرکٹ ایگزیکیٹو کمیٹی کا اجلاس ضلعی صدر اور رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو کی زیر صدارت ہوا جس میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو منائی جانے والی ساتویں برسی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایاز سومرو نے بتایا کہ سانحہ پشاور کے باعث پارٹی کی مرکزی قیادت نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کی تقریبات صوبائی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے صرف ایک ہی مرکزی جلسہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں ہی ہوا کرتا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں برسی کی تقریبات الگ الگ ہونگی اور گڑھی خدا بخش بھٹو میں برسی کے جلسے میں صوبہ سندھ کے کارکنان شرکت کرینگے جس سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے ہماری ذاتی جنگ ہے، ہم نے بھی شہداء کی لاشیں اٹھائی ہیں، پشاور سانحے میں پھول جیسے بچوں کا خون بہایا گیا ہے، دہشتگردوں سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔

  • وادی تیراہ میں فورسزکی زمینی کارروائی،  32دہشتگرد ہلاک

    وادی تیراہ میں فورسزکی زمینی کارروائی، 32دہشتگرد ہلاک

    راولپنڈی : وادی تیراہ میں فورسز کی زمینی کارروائی کے دوران بتیس دہشتگرد مارے گئے، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد پاک افغان سرحد کی طرف فرار ہورہے تھے۔

    سانحہ پشاور کے بعد پاک فوج کی دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی، جب وہ پاک افغان سرحد کی طرف فرار ہورہے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کو ورمنگئی اور سپرکوٹ کےمقام پر روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا ، فائرنگ کے تبادلے میں تین سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ، پاک فوج کی تابڑ توڑ کارروائی میں بتیس دہشتگرد مارے گئے۔