Tag: سانحہ چونیاں

  • چونیاں میں بچوں سے زیادتی کے مجرم کیخلاف ایک اور چالان جمع

    چونیاں میں بچوں سے زیادتی کے مجرم کیخلاف ایک اور چالان جمع

    چونیاں میں بچوں سے زیادتی اور قتل کے مقدمہ کے مجرم سہیل شہزادہ کے خلاف انسداد دہشتگردی عدالت میں ایک اور چالان جمع کروا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں چونیاں میں بچوں سے زیادتی اور قتل کے مجرم سہیل شہزادہ کے خلاف بنائی گئی جے آئی ٹی نے ایک اور بچے کے مقدمہ کا چالان جمع کروا دیا۔

    مجرم کے خلاف نو سالہ علی حسنین کو زیادتی اور قتل کا مقدمہ درج ہے،دائر کیے گئے چالان کے مطابق مجرم سہیل شہزادہ کے ڈی این اے مثبت آئے ہیں،بچے کے دانت اور سر کی ہڈیاں ملی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سانحہ چونیاں کے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا

    ڈی این اے رپورٹ کے مطابق بچے کی قمیض پر انسانی خون کے دھبے پائے گئے ہیں،چالان کے مطابق کل 39 گواہان کی فہرست جمع کروائی گئی ہے ،محکمہ داخلہ پنجاب کی اجازت کے بعد ملزم پر جیل میں ٹرائل شروع کرکے فرد جرم عائد کی جائے گئی،مرنے والے بچے علی حسنین کے والد محمد افضل کی مدعیت میں 18 اگست کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    مجرم سہیل شہزادہ کو اس سے قبل دسمبر 2019 میں فیضان نامی بچے کو زیادتی اور قتل کے مقدمہ میں تین بار پھانسی اور ایک بار عمرقید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔

  • سانحہ چونیاں کے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا

    سانحہ چونیاں کے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا

    لاہور: چونیاں میں 4 بچوں سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم سہیل شہزاد نے ایک اور بچے کے قتل کا بھی اعتراف کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ چونیاں سے متعلق تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، ملزم سہیل سے ایک اور قتل کی کڑیاں جا ملیں، ملزم نے اعتراف کیا کہ ایک اور بچے کا قتل بھی کیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ 6 جون 2016 کو رانا ٹاؤن میں 8 سالہ عبدالحمید کی لاش نالے سے ملی تھی، بچے کے والد کی درخواست پر مقدمہ بھی درج ہوا تاہم ملزم گرفتار نہ ہو سکے تھے، اب سہیل شہزاد نے عبدالحمید کو اغوا کرنے اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

    ملزم نے تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس نے قتل کرنے کے بعد عبدالحمید کی لاش نالے میں پھینک دی تھی، ایس پی انویسٹی گیشن قصور کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش ابھی جاری ہے، میڈیا کو نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو ملزم سہیل کو بچوں کے والدین کے سامنے الگ الگ پیش کیا گیا تھا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بچوں کے والدین کے سامنے بیان کیں، اس نے بتایا کہ اس نے اکیلے سارے قتل کیے، بچوں کو زیادتی اور قتل کے بعد گڑھے میں پھینک دیا کرتا تھا، جس کے بعد آوارہ جانور بچوں کے جسموں کو کھا لیتے تھے، حیوانیت جاگنے پر جو بچہ سامنے آتا تھا اسے نشانہ بنا لیتا تھا۔

  • چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

    چونیاں کیس: ملزم نے والدین کے سامنے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بیان کر دیں

    لاہور: چونیاں میں 4 بچوں سے زیادتی اور قتل کرنے والے ملزم سہیل کو بچوں کے والدین کے سامنے الگ الگ پیش کیا گیا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز تفصیلات بچوں کے والدین کے سامنے بیان کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ پولیس نے چونیاں کیس کے ملزم کو بچوں کے والدین کے سامنے پیش کیا، ملزم نے قتل کی لرزہ خیز واردات سے پردہ اٹھایا، اس نے والدین کے سامنے بچوں کے قتل کی روداد بیان کرتے ہوئے کہا قتل کرنے کے تمام واقعات میں اکیلا تھا۔

    ملزم نے بتایا کہ بچوں کو زیادتی اور قتل کے بعد گڑھے میں پھینک دیتا تھا، جس کے بعد آوارہ جانور بچوں کے جسموں کو کھا لیتے تھے، حیوانیت جاگنے پر جو بچہ سامنے آتا تھا اسے نشانہ بنا لیتا تھا۔

    ذرایع کے مطابق ملزم سے ملاقات آر پی او شیخوپورہ کے آفس میں کرائی گئی، جے آئی ٹی ممبر ایس پی انویسٹی گیشن اور بچوں کے وکیل بھی موجود تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چونیاں‌ کیس، ملزم 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    بتایا گیا کہ ملزم سہیل نے پہلے بھی جیل کاٹی، سزا کے خوف سے بچوں کو قتل کرتا رہا، اس ملاقات کا مقصد بچوں کے والدین کا ابہام دور کرنا تھا، پولیس کے مطابق چالان پیش کرنے میں تاخیر کی وجہ ڈی این اے ٹیسٹ کی تفصیلی رپورٹ ہے، ابتدائی ڈی این اے رپورٹ میں ہڈیاں میچ کر گئیں، تفصیلی رپورٹ کے بعد چالان عدالت میں پیش کر دیں گے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کی 64 ہڈیاں ملیں، ملزم سے رکشہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

    واضح رہے گزشتہ ماہ ستمبر میں قصور کے ضلع پتوکی کے علاقے چونیاں میں ویران جگہ سے لاپتا بچوں‌ کی مسخ شدہ اور نامکمل لاشیں برآمد ہوئی تھیں، جس کے بعد واقعے پر وزیر اعظم نے بھی نوٹس لیا۔

  • سانحہ چونیاں، گرفتار ملزم 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    سانحہ چونیاں، گرفتار ملزم 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    قصور: چونیاں میں بچوں سے زیادتی کے ملزم سہیل شہزاد کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چونیاں میں بچوں سے زیادتی کے ملزم سہیل شہزاد کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    پولیس حکام نے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا ملزم نے بچوں کو اغوا کیا اور ان کے ساتھ زیادتی کی، زیادتی کے بعد بچے کو قتل کردیا، ملزم سہیل کا ڈی این اے بچے فیضان کے ساتھ میچ ہوگیا، دیگر کیسز کی ڈی این اے رپورٹ آئے گی تو پھر وہ کیس الگ بنائیں گے۔

    پولیس نے بتایا کہ1700 افراد کا ڈی این اے لیا گیا لیکن ملزم سہیل شہزاد کا ڈی این اے میچ ہوا۔

    پولیس کے مطابق ڈی این اے میں ملزم سہیل شہزاد کا 1471 واں نمبر تھا، جائے وقوعہ پر ملزم کے جوتوں کے نشان نے پولیس کا کام آسان کیا۔

    مزید پڑھیں: چونیاں میں بچوں سے زیادتی اور قتل کا ملزم گرفتار

    پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو 15 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    یاد رہے کہ قصور کی تحصیل چونیاں میں ڈھائی ماہ کے دوران 4 بچوں کو اغوا کیا گیا جن میں فیضان، علی حسنین، سلمان اور 12 سالہ عمران شامل تھے، ان کی لاشیں جھاڑیوں سے ملی تھیں جبکہ بچوں سے زیادتی کی بھی تصدیق ہوئی تھی۔

    واقعے کے بعد چونیاں شہر میں عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور تھانے پر حملہ کیا گیا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی پی او کی سربراہی میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی تھی۔

  • سانحہ چونیاں کے ملزم کی گرفتاری : وزیراعظم کی عثمان بزدار کو فون پر مبارکباد

    سانحہ چونیاں کے ملزم کی گرفتاری : وزیراعظم کی عثمان بزدار کو فون پر مبارکباد

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو سانحہ چونیاں کا ملزم پکڑے جانے پر مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں یہ ٹیسٹ کیس تھا جس میں اللہ نے سرخرو کیا۔

    تفصیلات کے مطابق چونیاں میں گزشتہ دنوں ملنے والی چار بچوں کی لاشوں کے کیس کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے سفاک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کی اس کامیابی پر وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ٹیلی فون کیا، وزیر اعظم نے سانحہ چونیاں کا ملزم پکڑے جانے پر وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب کو مبارکباد پیش کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کیلئے یہ ایک ٹیسٹ کیس تھا جس میں اللہ نے ہمیں سرخرو کیا۔

    یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایک پریس کانفرنس میں سانحہ چونیاں کے سفاک ملزم سہیل شہزاد کو میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: چونیاں میں بچوں سے زیادتی اور قتل کا ملزم گرفتار

    سفاک ملزم سہیل شہزاد کو لاہور منتقل کردیا گیا، ملزم سہیل شہزاد کو سی ٹی ڈی نے تحویل میں لے لیا، سفاک ملزم کو صبح انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • سانحہ چونیاں، پولیس کی غفلت کے مزید انکشافات، سابق ڈی پی او صوبہ بدر

    سانحہ چونیاں، پولیس کی غفلت کے مزید انکشافات، سابق ڈی پی او صوبہ بدر

    لاہور: سانحہ چونیاں کے سلسلے میں پولیس کی غفلت کے مزید انکشافات ہوئے ہیں، دوسری طرف سابق ڈی پی او قصور عبدالفغار قیصرانی کو صوبہ بدر کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ چونیاں میں پولیس کی غفلت کی مزید تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، ذرایع نے بتایا کہ دونوں پولیس افسران لاشیں ملنے کے کئی گھنٹے بعد کرائم سین پر پہنچے تھے۔

    ذرایع نے کہا کہ سابق ایس پی انویسٹی گیشن قصور شہباز الہٰی نے بیان ریکارڈ کرایا۔ بتایا گیا کہ دونوں افسران یو این مشن میں منتخب ہونے کے لیے اسلام آباد میں تھے، کرائم سین پر تاخیر سے پہنچنے پر اعلیٰ حکام نے برہمی کا اظہار کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چونیاں: قصور میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے قیام کا اعلان

    یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل قصور کے ضلع پتوکی کے علاقے چونیاں میں‌ ایک ہول ناک واقعہ پیش آیا تھا، جس سے پورے علاقے میں کھلبلی مچ گئی تھی، ویران علاقے سے لاپتا بچوں‌ کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئیں، ایک لاش مکمل تھی، جب کہ باقی دو کے اعضا اور ہڈیاں پائی گئیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر غفلت برتنے والے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کر کے ڈی پی او قصور کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چونیاں واقعے کے بعد قصور میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے قیام کا اعلان کیا۔