Tag: سانحہ کوئٹہ

  • سانحہ کوئٹہ : تحقیقاتی کمیشن کا فرانزک ٹیم اور نیکٹا سے معاونت کا فیصلہ

    سانحہ کوئٹہ : تحقیقاتی کمیشن کا فرانزک ٹیم اور نیکٹا سے معاونت کا فیصلہ

    کوئٹہ : سانحہ کوئٹہ سے متعلق تشکیل دئیے گئے جوڈیشل تحقیقاتی کمیشن نے فرانزک ٹیم بلانے اور نیکٹا سے معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بعض چیزیں خفیہ ہیں جنہیں پبلک نہیں کرسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جج جستس فائز قاضی عیسیٰ پر مشتمل جوڈیشل تحقیقاتی کمیشن کی پہلی سماعت بلوچستان ہائیکورٹ میں ہوئی، چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چھٹہ، آئی جی پولیس بلوچستان، ایف سی اور دیگر سول و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

    پہلے دن کی کارروائی میں بلوچستان حکومت کی جانب سے کمیشن کے سوالنامہ کا جواب داخل کرادیاگیا، کمیشن میں حکومتی جوابات پر تفصیلی بحث ہوئی۔

    کمیشن نے بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ کے جائے وقوعہ کے قریب ایف سی ناکہ سے متعلق جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹیئر کورکے نمائندے کومکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    کمیشن نے ایڈووکیٹ بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ کے جائے وقوعہ سے ملنے والے گولیوں کو خولوںکے فرنگ پرنٹس نہ لینے ، سول ہسپتال بم دھماکے کی نوعیت اورجائے وقوعہ کا فرانزک ٹیم سے معائنہ نہ کرانے پر پولیس پر برہمی کا اظہار کیا۔

    کمیشن کی جانب سے استفسار کرنے پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے بعض چیزیں خفیہ ہیں جنہیں پبلک نہیں کرسکتے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جماعت الحرار اور داعش نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی، وزارت داخلہ کو اس حوالے سے خط لکھا دیا ہے۔

    کمیشن نے ذمہ داری قبول کرنے والوں کی فون کالز سے متعلق تحقیقات نہ کرنے پر بھی حیرانگی کا اظہار کیا، سپریم کورٹ کے جج فائز قاضی عیسیٰ نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کمیشن میں فریقین نہیں ہوتے مقصد صرف سچ تک پہنچنا ہوتا ہے ، حکومت وکلاء سب معاونت کریں تاکہ کمیشن اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکے، تحقیقات کمیشن کی اگلی سماعت کل منگل کو ہوگی۔

     

  • سانحہ کوئٹہ،سپریم کورٹ نے1رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دےدیا

    سانحہ کوئٹہ،سپریم کورٹ نے1رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دےدیا

    کوئٹہ : سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹر ی نے سانحہ سول اسپتال کی تحقیقات کے لیے ایک رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا۔

    تفصیلات کےمطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سپریم کورٹ رجسٹر ی میں سانحہ سول اسپتال کوئٹہ از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران وکلا نے استدعا کی کہ ایک ایسا آزادانہ تحقیاتی کمیشن تشکیل دیا جائے جو سپریم کور ٹ کے جج پر مشتمل ہوکمیشن واقعہ کے محرکات تفتیش کے عمل میں تاخیراور غیرذمہ داروں کی تحقیقات کرے۔

    سپر یم کورٹ نے وکلا کی استدعاپرایک رکنی جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا۔جوڈیشل کمیشن سپر یم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل ہوگاجو تیس دن میں رپورٹ عدالت میں پیش کرےگا۔

    مزید پڑھیں: سانحہ کوئٹہ کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا، شہداء کی تعداد 74 ہوگئی

    سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں چیف جسٹس نے چیف سیکر یٹر ی بلوچستان سے استفسار کیا کہ سانحہ سول اسپتال کے زخمیوں اور شہدا کے ورثا کو مالی معاونت کی فراہمی سے متعلق آگاہ کریں۔

    چیف سیکر یٹر ی بلوچستان نے بتایا کہ فنڈ زمختص ہے جو آج یاکل تک ٹرانسفر ہوجائیں گے۔چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے حکم دیا کہ تمام زخمی و جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاو نت کی جائے۔

    واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کمیشن کی رپورٹ آنے تک ملتوی کردی گئی۔

  • سانحہ کوئٹہ پر عدالتی کمیشن کا قیام مسترد

    سانحہ کوئٹہ پر عدالتی کمیشن کا قیام مسترد

    کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے صوبائی حکومت کی جانب سے سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کےلیے عدالتی کمیشن کے قیام کو مسترد کردیا۔

    تفصیلات کےمطابق سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکے بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کےصدر غنی خلجی ایڈووکیٹ نے اعلان کیا کہ ‘ہم عدالتی کیمشن کو قبول نہیں کرتے’۔

    اجلاس میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، جسٹس محمد نور ماشکانزئی، ہائی کورٹ کے ججز، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے افسران اور ملک کے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے وکلاء رہنما موجود تھے۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکا، 74افراد جاں بحق، 112 زخمی

    غنی خلجی کا کہنا تھا کہ ‘اخلاقی طور پر بلوچستان کی صوبائی حکومت کو سانحہ کوئٹہ میں معصوم لوگوں کی ہلاکت پر مستعفی ہوجانا چاہیے تھا’۔

    دوسری جانب وکلاء نے سانحہ کوئٹہ پر ملک گیر احتجاج کی کال بھی دے دی ہے،اس کے علاوہ وکلاء کی تنظیم نے آج جنرل باڈی کا ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے تاکہ ملک گیر احتجاج کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

    اس موقع پر علی احمد کرد ایڈووکیٹ نے اجلاس میں خطاب کے دوران کہا کہ وکلاء نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کےلیے بھرپور کردار ادا کیا تھا۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ کوئٹہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

    مزید پڑھیں: سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کےلیے عدالتی کمیشن قائم

    واضح رہے کہ بلوچستان حکومت نے گذشتہ روز ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا،جس میں اعلان کیا گیا تھا کہ سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کےلیے بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس جمال مندوخیل پر مشتمل عدالتی کمشین قائم کیا جائے گا۔

  • سانحہ کوئٹہ پاکستان کا نائن الیون ہے، سینیٹرسراج الحق

    سانحہ کوئٹہ پاکستان کا نائن الیون ہے، سینیٹرسراج الحق

    ژوب : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ پاکستان کا نائن الیون ہے۔ مولانا عبدالحئی مندوخیل نے پوری زندگی غلبہ اسلام کی جدوجہد کی۔

    بلوچستان کے ضلع ژوب میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں۔

    بلوچستان کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر یہاں کے محب وطن عوام کی طرف سے جو شدید ردعمل آیا ہے اس نے ثابت کردیا ہے کہ یہاں کے عوام پاکستان کی خا طر مرمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم نے بیان دیا تو بلوچستان کے عوام نے ہی اس کا منہ توڑجواب دیا تھا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ملک کے خلاف نہیں بلکہ ظلم اور ناانصافی کیخلاف ہیں اور میں ان کے ساتھ ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اورصوبے کے عوام کو تعلیم صحت اورروز گارسے محرورم رکھنا ظلم ہے ،اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو ملک دشمن قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کا پاس کرتی تو یہاں سے اسلام آباد کے خلاف کوئی آواز نہ اٹھتی، مولانا عبدالحئی مندوخیل نے پوری زندگی غلبہ اسلام کی جدوجہد کی۔

    سراج الحق نے کہا کہ کوئٹہ سانحہ کے بعد میں نے وزیر اعظم کو تجویز دی تھی کہ کوئٹہ میں تمام سیاسی قائدین کا مشاورتی اجلاس طلب کیاجائے جس میں سیکیورٹی اداروں کے سربراہان اور آرمی چیف کو بھی بلایا جائے اور مل بیٹھ کر یہاں کے مسائل اور بدامنی کا حل تلاش کیا جائے لیکن مرکزی حکومت نے اس تجویز پر عمل نہیں کیا۔

    یہی وجہ ہے کہ مودی کو بھی جلتی پر تیل ڈالنے کا موقع ملا ،جس کا بلوچستان کے غیورعوام نے متحد ہوکر مودی کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

     

  • سانحہ کوئٹہ میں ملوث مشکوک شخص کی تصویر جاری

    سانحہ کوئٹہ میں ملوث مشکوک شخص کی تصویر جاری

    کوئٹہ : سانحہ کوئٹہ سول اسپتال کے مبینہ خودکش حملہ آور کی تصویر وکلاء کی جانب سے جاری کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وکلاء کی جانب سے سول اسپتال میں ہونے والے دھماکے کے خلاف جاری احتجاجی ریلی کے دوران وکلاء رہنماؤں کی جانب سے سانحہ میں ملوث مبینہ شخص کی تصویر جاری کردی گئی ہے تصویر میں مبینہ ملزم کالا کوٹ پہنے وکلاء کے درمیان بیٹھا دکھائی دے رہا ہے۔

    اس موقع پروکیل رہنما علی ظفرخان ایڈوکیٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مشکوک شخص وکلاٗء کے درمیان بیٹھا اور وکلاء کے قریب چہل قدمی نظر آرہا ہے جس کی اب تک شنا خت نہیں ہو سکی ہے ہم نے اپنے ساتھیوں سے بھی پوچھا ہے لیکن کوئی بھی وکیل اسے پہچان نہیں پا رہا ہے۔

    علی ظفرایڈوکیٹ کا مزید کہنا ہے کہ مشکوک شخص نہ تو رجسٹرڈ وکیل ہے اور نہ ہی کسی وکلاء تنظیم کا رکن ہے اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ ممکنہ خود کش حملہ آور یہی شخص ہوسکتا ہے۔

    اسی سے متعلق : کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکا، 70افراد جاں بحق، 112 زخمی

    واضح رہے 8 اگست کو بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدربلال کاسی کو قتل کردیا گیا تھا جب میت کواسپتال سے لینے کے وکلاء کی کثیرتعداد سول اسپتال پہنچی تھی کہ عین اسی وقت خود کش دھماکہ کردیا گیا تھا جس میں 80 سے زائد افراد جاں بحق اور 150 کے قریب زخمی ہو گئے تھے۔

  • ملک میں موجود دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے، میرحاصل بزنجو

    ملک میں موجود دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جائے، میرحاصل بزنجو

    چمن : نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں (را) اور ( خاد) کے ملوث ہونے کی باتیں فضول ہیں ملک بھر میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کیوں کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اصغر اچکزئی کے بھائی شہید عسکر خان اچکزئی ایڈوکیٹ کی فاتحہ خوانی کے موقع پر میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    میر حاصل بزنجو نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ ناقابل برداشت واقعہ ہے، یہ ہم سب کی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دیگر ممالک کے لیے بھی بڑا مسئلہ ہے۔

    سانحہ کوئٹہ نے ہماری ریڑھ کی ہڈی توڑ کر رکھ دی۔ حاصل بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ جب تک ہم یکسو ہوکر فیصلہ نہیں کریں گے، ہمارا خون بہتا رہے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسی کوئی جگہ نہیں، جہاں دہشت گرد نہیں مگر کارروائی نہیں ہوتی۔

     

  • سانحہ کوئٹہ میں پیش رفت کے بعد کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں،چوہدری نثار

    سانحہ کوئٹہ میں پیش رفت کے بعد کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں،چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے ذمہ داران کے کچھ سراغ ملے ہیں اور پیش رفت کے بعد کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں تاہم ابھی کوئی اعلان نہیں کر سکتا.

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ میں جائے وقوعہ سے ملنے والی انگلیوں کے نشانات کی تصدیق اسی دن ہو گئی تھی،انگلیاں پشین کے رہائشی کی تھیں.

    انہوں نے مزید کہا کہ جائے حادثہ سے جو سر کا ایک حصہ ملا وہ اتنا مسخ تھا کہ ڈی این اے نہیں ہو سکتا تھا.

    ا س کے علاوہ جائے وقوعہ سے ملنے والے تصویروں سے بھی ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم روزانہ کی بنیاد پر معاملے کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں.

    چودھری نثار نے مزید کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں انٹیلی جنس ایجنسوں کی بدولت کافی پیش رفت ہوئی.

    *اسلام آباد سےامریکی شہری گرفتار

    وزیر داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے کہا کہ جلد تمام وزرائے اعلیٰ کو بلایا جائے گا.نیشنل ایکشن پلان کے 20نکات میں سے 9صوبوں سے متعلق ہیں،نیشنل ایکشن پلان پر بننے والی کمیٹی انتظامی ہے.

    چودھری نثارعلی خان نے کہا کہ امریکی شہری میتھیو کو چوبیس گھنٹے کے اندر ویزا جاری کرنے کی تحقیقات جاری ہیں،میتھیو کے معاملے پر جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے،سکیورٹی اداروں نے میتھیو کو ممنوعہ علاقے میں گھومتے ہوئے گرفتار کیا.

    واضح رہے کہ رواں ماہ اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس سے امریکی شہری میتھیو کو حراست میں لے لیا گیا تھا.

  • سانحہ کوئٹہ: پاک فضائیہ کے سربراہ کا کوئٹہ کا دورہ

    سانحہ کوئٹہ: پاک فضائیہ کے سربراہ کا کوئٹہ کا دورہ

    کوئٹہ: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کوئٹہ میں کمبائنڈ ملٹری ہوسپٹل (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی تبادلہ خیال کیا بعدازاں زخمیوں سے ملاقات کی۔

    ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل سہیل امان نے دورے کے دوران سی ایم ایچ میں زیر علاج سول اسپتال خود کش دھماکے اور زرغون روڈ پر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت اور شہداکے لیے دعا کی۔

    ائیر چیف مارشل سہیل امان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری سے بھی ملاقات کی اور شدید زخمیوں کو کوئٹہ سے منتقل کرنے کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

    پاک فضائیہ ترجمان کے مطابق اب تک 73 زخمیوں کو سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے کوئٹہ سے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق منتقل کردہ زخمیوں کی حالت تشویش ہے جنہیں بہتر علاج کے لیے کراچی کے آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور وہ رو بصحت ہیں۔

  • کشمیر میں مظالم، دفاع پاکستان کونسل کاریلی نکالنے کا اعلان

    کشمیر میں مظالم، دفاع پاکستان کونسل کاریلی نکالنے کا اعلان

    ایبٹ آباد: دفاع پاکستان کونسل نے مقبو ضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور کوئٹہ میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے 14 اگست کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔

    ایبٹ آباد میں حاجی ایاز خان جدون کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے ممبر اوراہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی، بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے را کی پاکستان میں موجودگی کے بیان کے باوجود حکومت خاموش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی مثال نہیں ملتی جس میں آئین کا تحفظ کرنے والے وکلا کو بڑی تعداد میں شہید کیا گیا۔

    مولانا محمد احمد لدھیانوی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بے قصور افراد کو پکڑنے کے بجائے پاکستان کو عدم استحکام کانشانہ بنانے والے عناصر کا خاتمہ کرے۔

  • اوول ٹیسٹ،سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اور فاتحہ خوانی

    اوول ٹیسٹ،سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اور فاتحہ خوانی

    اوول : سانحہ کوئٹہ کے لواحقین سے یک جہتی کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم آج بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کرمیدان میں اتری۔

    تفصیلات کے مطابق اوول ٹیسٹ کے آغاز سے قبل سانحہ کوئٹہ کے شہدا کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جب کہ پاکستانی ٹیم نے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

    اس موقع پر پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں گراؤنڈ میں کھڑی تھیں جبکہ اسٹیڈیم میں موجود تماشائی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے،پاکستان کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اتریں۔

    یہ خبر پڑھیں : کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکا، 70افراد جاں بحق، 112 زخمی

    یاد رہے دو روز قبل سول اسپتال کوئٹہ میں خودکش دھماکے کے نتجیے میں 75 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جب 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے،دھماکہ اس وقت ہوا جب بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدرکی لاش اسپتال لائی گئی تھی اور وکلاء ان کی میت گھر لے جانے کے لیے اکھٹے ہوئے تھے کہ خودکش دھماکہ کر دیا گیا۔

    یہ خبر بھی پڑھیں : اوول ٹیسٹ،انگلینڈ کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    واضح رہے آج پاکستان کرکٹ ٹیم  اپنے دورہ برطانیہ میں اپنا چوتھا ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیل رہی ہے،چار ٹیست میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو برتری حاصل ہے پاکستانی ٹیم یہ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔