Tag: سانحہ کوئٹہ

  • سانحہ کوئٹہ،ڈی آئی جی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    سانحہ کوئٹہ،ڈی آئی جی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    کوئٹہ : سانحہ کوئٹہ کے بعد مقامی پولیس میں بڑے پیمانے پرردوبدل کیا گیا ہے جس کے تحت ڈی آئی جی کوئٹہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں دہشتگردی کے المناک واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے پولیس اور بیورو کریسی میں بڑا پیمانے پر تبدیلیوں کا عندیہ دیاہے اس سلسلے میں ڈی آئی جی کوئٹہ چودھری منظور سرور کو فوری طور پر ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جب کہ دیگر تبدیلیاں بھی جلد متوقع ہے۔

    واضح رہے عہدے سے فارغ ہونے والے ڈی آئی جی چودھری منظور سرور نے سول ہسپتال کوئٹہ میں پیر کے روز ہونے والے خود کش دھماکے کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔

    یاد رہے پیر کی صبح کوئٹہ کے سول ہسپتال میں خود کش دھماکے میں وکلا سمیت 72افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے، دھماکا اس وقت ہوا جب وکلاء کی بڑی تعداد منو جان روڈ پر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے بلوچستان بار کے صدر بلال انور کاسی کی میت لینے ہسپتال پہنچے تھے۔

    دوسری جانب سانحہ کوئٹہ میں کے باعث ملک بھر میں دوسرے روز بھی فضا سوگوار ہے۔ وکلا کا عدالتی بائیکاٹ بھی جاری ہے۔

  • مراد علی شاہ کی سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں‌ کی عیادت

    مراد علی شاہ کی سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں‌ کی عیادت

    کراچی : وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں زیر علاج سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کی، انہوں نے شہر میں زمینوں پرقبضے کے خلاف بھی ڈنڈا اٹھالیا اور ساتھ ہی سابق وزرا و مشیران کو دفاتر اور سرکاری گھر خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے چاق و چوبند وزیراعلٰی آج بھی صبح نو بجے سے ہی کام پر نکل گئے۔ راستے میں ڈی جے کالج آیا تو گاڑی سے اترکر پرنسپل سے ملاقات کی۔

    بعد ازاں سید مراد علی شاہ وعدے کے مطابق کم پروٹوکول کے ساتھ آغا خان اسپتال پہنچے۔ پولیس اور پروٹوکول عملے کو باہر روک کر خود زخمیوں کی عیادت کی۔ یاد رہے کہ آغا خان اسپتال میں کوئٹہ سانحے کے زخمی زیرعلاج ہیں۔

    شہر میں چائنا کٹنگ ہونے کا اعتراف

    علاوہ ازیں وزیراعلٰی نے کراچی میں زمینوں پر قبضوں اور چائناہ کٹنگ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں ناجائز قبضہ ہوگا وہاں کا ایس ایچ او اس کا ذمہ دار ہوگا۔

    سابق وزرا و مشیران سے دفاتر و سرکاری گھر خالی کرانے کا حکم


    علاوہ ازیں وزیراعلٰی سندھ نے سابق وزیروں، مشیروں اورمعاون خصوصی سے دفاتر اورسرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے کی ہدایت بھی کردی, جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سندھ حکومت نے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو ان عہدے داروں سے دفاتر اور رہائش گاہیں خالی کروائے گی اور انہیں دی گئی سرکاری گاڑیاں بھی واپس لے گی۔

    بوہری برادری کے وفد سے ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی

    علاوہ ازیں نئے وزیراعلٰی سے کراچی کی بوہری برادری کے وفد نے بھی ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

  • حکومت سانحہ کوئٹہ میں بہنے والاخون رائیگاں نہیں جانے دے گی،وزیراعظم نوازشریف

    حکومت سانحہ کوئٹہ میں بہنے والاخون رائیگاں نہیں جانے دے گی،وزیراعظم نوازشریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہےحکومت سانحہ کوئٹہ میں بہنے والاخون رائیگاں نہیں جانے دے گی،پرامن،مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات ہر شہری تک پہنچیں گے.

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار،مشیر خارجہ سرتاج عزیز اوراعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی.

    اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیر داخلہ چودہری نثاراورمشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ نے بریفنگ بھی دی.

    اجلاس کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ کوئٹہ میں بہنے والاخون رائیگاں نہیں جانے دے گی،ہم ایک نظریےکےخلاف جنگ میں مصروف ہیں جو ہمارا طرززندگی بدلنا چاہتے ہیں،قوم متحد ہے اوردہشت گردوں کے مکمل صفایا کےلیے حکومت کے ساتھ ہے.

    وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درست راستے پر گامزن کر دیا ہے جبکہ پرامن،مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات ہر شہری تک پہنچیں گے اور ہم ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی و انتہاپسندی سے پاک کریں گے.

    وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ فاٹا میں کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گرد مایوس ہو کر اہداف تبدیل کر رہے ہیں،دہشت گرد سمجھتے ہیں وہ قوم میں عدم برداشت اور اختلاف کے بیج بوسکتے ہیں.

    انہوں نے مزید کہا کہ بہترنتائج کےلیے قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک دوسرے سے تعاون بڑھائیں جب کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں بھی رابطہ کاری بہتر بنانے کی ضرورت ہے.

  • سانحہ کوئٹہ: ایم کیو ایم جشن آزادی سادگی سے منائے گی

    سانحہ کوئٹہ: ایم کیو ایم جشن آزادی سادگی سے منائے گی

    کراچی / لندن : متحدہ قومی موومنٹ نے سانحہ کوئٹہ اور شہداء و زخمیوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے جشن آزادی کے موقع پر کسی قسم کا جشن ،خوشیاں منانے اور چراغاں کرنے کے پروگراموں کو منسوخ کرتے ہوئے جشن آزادی انتہائی سادگی سے منانے کا اعلان کیا ہے۔

    تتفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس کنوینر ندیم نصرت کی سربراہی میں لندن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کوئٹہ میں ہونے والے ہولناک دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

    اجلاس میں سانحہ میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاء سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کے اہل خانہ سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ندیم نصرت نے کہا کہ دہشت گرد معافی کے مستحق نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے سانحہ کے ذمہ داران کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    اجلاس میں بلوچستان میں ہونے والے المناک سانحہ پر پاکستان بار کونسل اورسپریم کورٹ بار کی جانب سے ایک ہفتہ کے سوگ کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کے موقع پر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے مختلف مقامات پر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی اور دعائیہ اجتماعات ہوں گے۔