Tag: سانپ

  • بھارت میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے سانپ کھانے والا شخص گرفتار

    بھارت میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے سانپ کھانے والا شخص گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے دعویٰ کیا کہ سانپ کھانے سے انسانوں کو کرونا وائرس نہیں لگے گا جس کے بعد مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے سانپ کو زندہ کھانے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا وائرل پر ایک ویڈیو میں تامل ناڈو کے ضلع مادھورائی سے تعلق رکھنے والے 50 سالہ کسان کو سانپ کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    مذکورہ شخص نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس سانپ کو کھانے سے کرونا وائرس انسان کو نہیں لگتا۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد محکمہ جنگلات حرکت میں آیا اور مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    اس شخص کی شناخت وادی ویلو کے نام سے ہوئی ہے اور اس پر 7 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے۔

  • گھر کی چھت پر سانپوں کا بسیرا، گھر والے خوف کا شکار

    گھر کی چھت پر سانپوں کا بسیرا، گھر والے خوف کا شکار

    اگر آپ کو اپنے گھر میں کوئی چوہا، لال بیگ یا دوسرا کوئی کیڑا نظر آجائے تو آپ کو بے حد پریشانی ہوگی، لیکن تصور کریں کہ آپ کے گھر میں سانپوں کا پورا بل (گھر) بنا ہوا ہو تو یقیناً آپ کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے۔

    امریکی ریاست جارجیا کا ایک خاندان ایسی ہی صورتحال کا شکار ہوگیا جب انہیں اپنے کرائے کے مکان میں سانپ دکھائی دیے۔

    یہ خاندان اپنے مکان میں چوہوں اور کاکروچز کی موجودگی سے پہلے ہی کافی پریشان تھا، پھر ایک روز اچانک کئی ماہ سے ٹپکتی چھت کا ایک حصہ ٹوٹ کر گر پڑا اور گھر والوں پر خوفناک انکشاف ہوا کہ وہاں سانپوں کا پورا خاندان موجود ہے۔

    مذکورہ خاندان نے چھت کے رساؤ کے بارے میں مالک مکان کا کافی عرصے سے آگاہ کر رکھا تھا لیکن اس نے مرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی، گھر والوں کا کہنا ہے کہ مسلسل پانی رسنے کی وجہ سے چھت میں گڑھا بن گیا اور پھر وہاں سانپوں نے بسیرا کرلیا۔

    سانپوں کو نکالنے کے لیے اینیمل کنٹرول ادارے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ مالک مکان کی اجازت کے بغیر وہ چھت کو منہدم نہیں کرسکتے، اور اس کے بغیر سانپوں کو نکالنا نا ممکن ہے۔

    تاہم مالک مکان نے اس کی اجازت دینے سے انکار کردیا اور کرائے دار کو گھر خالی کرنے کا نوٹس دے دیا۔

  • اس تصویر میں سانپ کہاں ہے؟

    اس تصویر میں سانپ کہاں ہے؟

    اس تصویر میں ایک سانپ چھپا ہواہے مگر کیا آپ اسے دیکھ سکتے ہیں؟

    یہ سانپ آنکھوں کے سامنے ہی موجود ہے مگر رنگ کی وجہ سے بیشتر افراد اس کو دیکھ نہیں پاتے۔ اسی وجہ سے یہ تصویر انٹرنیٹ پر لوگوں کی ذہنی آزمائش کے لیے اچھی ورزش ثابت ہورہی ہے۔

    کیا آپ یہ ذہنی ورزش کرسکتے ہیں؟

    اگر آپ کو ڈھونڈنے میں مشکل پیش آرہی ہے تو اس کا جواب آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔

    اس طرح کے تصویری معمے آج کل انٹرنیٹ پر بہت زیادہ مقبول ہورہے ہیں اور اکثر صارفین اپنے جواب کو ہر صورت میں درست ثابت کرنے پر بھی تل جاتے ہیں۔

  • سانپ کے کاٹنے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے؟ احتیاطی تدابیر اور علاج

    سانپ کے کاٹنے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے؟ احتیاطی تدابیر اور علاج

     سانپ کا زہر انسان کے لیے بہت خطرناک ہوسکتا ہے تاہم اگر متاثرہ شخص کو بروقت طبی امداد دی جائیں تو اُس کی جان کو محفوظ بھی بنایا جاسکتا ہے۔

     سانپ کے کاٹنے سے پھیلنے والے زہر اور بروقت طبی امداد دینے کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے اپنی تجاویز پیش کیں۔

    سانپ کا زہر انسان کے لیے خطرناک ضرر بن سکتا ہے کیونکہ اس کی بڑی مقدار اندرونی طور پر خون تک رسائی حاصل کرلیتی ہے جس کے بعد جسم پر سوجن، جلن شروع ہوجاتی جبکہ متاثرہ حصے پر زخم بھی ظاہر ہوتا ہے۔

    علامات اور احتیاطی تدابیر 

    سانپ خطرے کو بھانپتے ہوئے اُسی طرح حملہ کرتا ہے اور اس کے ڈسنے کے باعث انسانی جسم میں زہر کی مختلف مقدار داخل ہوتی ہے، جو اُس کے کاٹنے پر منحصر ہوتا ہے۔

    جسم کے متاثرہ حصے پر درد اور سوجن ہوجاتی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ انسان میں زہر منتقل ہوگیا۔

    عام طور پر سانپ انسانی جسم کے دو حصوں ‘ٹخنے یا ہاتھ‘ پر کاٹتا ہے جس کے بعد پنڈلی یا کاندھے میں زہر پھیلنے کی علامات واضح ہوجاتی ہیں۔

    ابتدائی طبی امداد

    کسی بھی شخص کو اگر سانپ کاٹ لے تو اُسے فوری طور پر طبی امداد دی جائیں اور ٹیٹنس کا انجیکشن لگوائیں تاکہ زہر کا اثر فوری طور پر رک سکے۔

    جس حصے پر سانپ نے کاٹا ہو اُسے ہلنے جلنے سے بچائیں ایسا کرنے سے زہر جسم پر سست روی سے پھیلے گا۔

    اگر اُس کے ڈستے وقت آپ ہوش میں تھے تو شکل ضرور یاد رکھیں کیونکہ یہ بات طبی معاونت کے لیے کارآمد ثابت ہوتی ہے۔

    جسم کے جس حصے پر بھی سانپ نے کاٹے تو اُس حصے سے زیورات یا دیگر اشیاء کو فوری طور پر اتار دیں کیونکہ سوجن کے بعد مذکورہ چیزیں اتارنے میں بہت مشکل پیش آتی ہے۔

    سانپ کو کسی صورت نہ ماریں کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں وہ آپ کو دبارہ کاٹ سکتا ہے

    جسم کے جس حصے پر سانپ کاٹے اُس جگہ کو ہرگز نہ چوسیں کیونکہ یہ عمل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ الٹا نقصان ہے، ایسا کرنے کی صورت میں سانپ کا زہر آپ کے جسم میں داخل ہوجائے گا۔

    مذکورہ حصے پر کوئی پٹی نہ باندھیں اور نہ ہی درد دور کرنے کے لیے کوئی دوا استعمال کریں کیونکہ ایسا کرنا بہت زیادہ نقصان دہ ہوسکتا ہے اور اس عمل سے  جسم کے مزید ٹشوز خراب ہو سکتے ہیں۔

    علاج

    امریکی ماہرین کے نزدیکسانپ کے کاٹنے اور زہر کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا علاج کیا جاسکتا ہے۔ ہلکے حملے کی صورت میں متاثرہ جگہ کی صفائی اور دیکھ بھال کر کے مزید نقصان سے بچا جاسکتا ہے، متاثرہ شخص کے جسم کا خون نکال کر ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے جس کے بعد زہر اور اُس سے پیدا ہونے والے مسائل کا معلوم کیا جاسکتا ہے۔

    اگر کسی شخص پر سانپ زور دار طریقے سے حملہ کرے تو اُس کے جسم میں زہر کی تاثیر کو روکنے کے لیے اینٹی ٹاکسن کی ضرورت ہوتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بچے کے کھلونے سے 14 سانپ نکل آئے، خوفناک منظر

    بچے کے کھلونے سے 14 سانپ نکل آئے، خوفناک منظر

    نئی دہلی: بھارت میں ایک گھر میں بچے کے کھلونے سے 14 سانپ نکل آئے جنہوں نے پورے محلے کو خوفزدہ کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خوفناک واقعہ ریاست تلنگانہ میں پیش آیا جہاں سریندر نامی شخص کو اپنے گھر کے بیڈ روم میں 14 سانپ نظر آئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بیڈ روم میں بچوں کے کھیلنے کا ایک کھلونا رکھا تھا، صفائی کے دوران اس کھلونے کو ہٹایا گیا تو وہاں سے ایک سانپ کا بچہ نکلا۔

    بعد ازاں ایک ایک کر کے اس میں سے 14 سانپ نکلے جنہیں دیکھ کر گھر والوں کی سٹی گم ہوگئی اور وہ خوفزدہ ہو کر گھر سے باہر نکل آئے۔

    اس کے بعد اہل خانہ نے پڑوسیوں کی مدد سے سانپوں کو لاٹھیوں سے مار دیا، سانپوں کا ڈھیر نکلنے پر پڑوسی بھی خوفزدہ تھے۔

    سریندر کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی علم نہیں کہ یہ سانپ کس طرح گھر میں داخل ہوئے، انہوں نے متعدد بار حکام کو اس حوالے سے اطلاع دی لیکن ان کی جانب سے کوئی کارروائی نہ ہونے پر انہوں نے خود ہی سانپوں کو مار دیا۔

  • کوبرا سانپ کو بچانے کے لیے شہری نے پانی میں چھلانگ لگا دی

    کوبرا سانپ کو بچانے کے لیے شہری نے پانی میں چھلانگ لگا دی

    کوبرا سانپ کی زہر ناکی سے کون واقف نہیں ہے، تاہم بھارت میں چند افراد نے کوبرا کو مشکل میں دیکھا تو اپنی جان پر کھیل کر اسے بچا لیا۔

    یہ واقعہ بھارت کے ایک گاؤں میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں چند افراد دکھائی دے رہے ہیں جو ایک کنویں کے قریب کھڑے ہیں۔

    کنویں میں ایک کوبرا سانپ ہے جو ڈوب رہا ہے اور پانی سے باہر نکلنے کی جدوجہد کر رہا ہے، ان افراد نے اس کوبرا کو بچانے کا فیصلہ کیا۔

    پہلے ایک شخص کنویں کی دیوار پر ایک خاص پوزیشن میں کھڑا ہوتا ہے، اس کے بعد دوسرا شخص کنویں کے اندر چھلانگ لگاتا ہے اور پانی اچھال اچھال کر کوبرا کو پہلے شخص کی سمت بڑھنے پر مجبور کرتا ہے۔

    بعد ازاں وہ شخص اپنے آپ کو بچاتے ہوئے کوبرا کو پکڑ لیتا ہے، کوبرا کو بچانے کے بعد اسے پلاسٹک کی بوتل میں بند کیا گیا جس کے بعد اسے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر ان افراد کی بہادری کی تعریف کی جارہی ہے جنہوں نے اپنی جان پر کھیل ایک موذی جاندار کو بچا لیا۔

  • بہادر دیہاتی نے لات مار کر خوف ناک اژدہے سے بلی کو بچا لیا (ویڈیو دیکھیں)

    بہادر دیہاتی نے لات مار کر خوف ناک اژدہے سے بلی کو بچا لیا (ویڈیو دیکھیں)

    بینکاک: تھائی لینڈ میں دیہاتیوں نے ایک بلی کو اژدھے کی خوف ناک گرفت سے بڑی بہادری کے ساتھ بچا لیا، ایک دیہاتی نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانپ کو ایک لات بھی ماری۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی دیہاتیوں نے ایک آوارہ بلی کو موت کے گھاٹ اترنے سے بچانے کے لیے ایک 8 فوٹ بووا کنسٹریکٹر سے لڑائی لڑی۔

    تھائی لینڈ میں بلی اچانک ہی ایک بہت بڑے سانپ کی گرفت میں آ گئی تھی، لیکن چند دیہاتیوں نے بڑے ڈرامائی انداز میں بے بس بلی کو بچایا۔

    یہ واقعہ ہفتے کو تھائی لینڈ کے صوبے ٹک میں ایک مصروف سڑک کے بیچوں بیچ پیش آیا تھا، لوگوں نے دیکھا کہ ایک بڑا بووا سانپ بلی کو دبوچ کر اسے بھینچ رہا ہے۔

    معلوم ہوا کہ سفید بلی وہاں کبوتروں کا شکار کرنے آئی تھی جب اچانک خوف ناک سانپ نے اس پر حملہ کر کے اسے پکڑ لیا، جب وہ اس کے گرد لپٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتارنے والا تھا تب کچھ لوگوں نے دوڑ کر سانپ پر حملہ کر دیا۔

    سوشل میڈیا پر کسی نے اس واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جو بہت تیزی سے وائرل ہو گئی، یہ ویڈیو سڑک پر چلنے والے ایک کار کے ڈیش بورڈ کے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی تھی۔

    بلی سانپ کے شکنجے میں مکمل طور پر بے بس ہو چکی تھی، جب آس پاس کے چند لوگ دوڑے ہوئے آئے، اور اسے بچانے لگے، ایک دیہاتی نے نہایت بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلی کے گرد لپٹے ہوئے سانپ کو لات مار دی، اگرچہ سانپ نے بلی کو نہیں چھوڑا لیکن ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہی لات ہی سانپ کو لگ سکی تھی۔

    ذرا دیر بعد ایک اور شخص نے سانپ پر دور سے لکڑی پھینکی لیکن اس نے کچھ خاص کام نہیں کیا، اتنے میں ایک خاتون سمیت چند اور لوگ سلاخوں کے ساتھ آ گئے اور زمین پر اسے بجانے لگے، اس کے بعد سانپ نے بلی کو چھوڑ دیا اور بھاگ گیا۔

    بلی اتنی خوف زدہ ہو چکی تھی کہ آزادی ملنے کے بعد بھی چند لمحے تک بے حس و حرکت بیٹھی رہی، اور اس کے بعد اٹھ کر تیزی سے بھاگی۔ رپورٹ کے مطابق صوبے کی میونسپلٹی ریسکیو ادارے نے بعد میں اس سانپ کو پکڑ کر جنگل میں لے جا کر چھوڑ دیا تھا۔

  • گھر میں دو منہ والا سانپ دیکھ کر خاتون کے ہوش اڑ گئے

    گھر میں دو منہ والا سانپ دیکھ کر خاتون کے ہوش اڑ گئے

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک علاقے میں ایک خاتون کے ہوش اس وقت اڑ گئے جب انھوں نے اپنے گھر میں دو منہ والا سانپ رینگتے دیکھ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلوریڈا کے علاقے پام ہاربر میں ایک گھر میں دو منہ والا نایاب سانپ دیکھ کر خاتون خانہ گھبرا گئیں، خاتون کی بچی کا کہنا تھا کہ یہ سانپ اس کی بلی گھسیٹ کر لائی ہے۔

    فلوریڈا کے جنگلی حیات کے حکام نے بھی کہا ہے کہ پام ہاربر کے ایک گھر پر ایک غیر معمولی سانپ دیکھا گیا ہے جس کے دو سر ہیں۔

    کے روجرز نامی خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان کی بیٹی کی اولیو نامی بلی ایک سانپ لیونگ روم میں لائی، جب ہم نے اسے بلی سے بچا لیا تو معلوم ہوا کہ اس کے دو سر ہیں۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ پہلے تو انھوں نے بیٹی کی بات کا یقین نہیں کیا لیکن جب خود دیکھ لیا تو ان کی چیخ نکل گئی، پھر جب میں نے دیکھا کہ وہ دو منہ والا سانپ ہے تو حیران رہ گئی کیوں کہ اس سے قبل ایسی چیز میں نے کبھی نہیں دیکھی تھی۔

    فلوریڈا وائلڈ لائف کا کہنا تھا کہ سانپ سیاہ ریسر (racer) تھا، جسے اب ایک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ لے جایا گیا ہے۔دو سروں والا یہ سانپ غیر معمولی ہوتا ہے، تاہم یہ ایمبریو (جنین بننے) کے دوران ایک ہی بیضے سے پیدا ہونے والے جڑواں سانپوں کے جدا نہ ہو سکنے کی وجہ سے بنتے ہیں۔

    اس کے سر الگ الگ بن جاتے ہیں لیکن باقی جسم جدا نہیں ہو پاتا، اور یوں دو سروں والا سانپ بن جاتا ہے۔ دونوں سروں کی زبان حرکت کرتی ہے لیکن ایک ساتھ، ایک سمت میں نہیں۔ یہ دو الگ دماغ ہوتے ہیں اس لیے مختلف فیصلہ کر جاتے ہیں اور اسی سبب یہ جنگل میں زندہ نہیں رہ پاتے۔

  • بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

    بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

    اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں 10 فٹ لمبے ایک پائتھن سانپ نے ہرن کو سالم نگل لیا، تاہم اسے برے انجام سے دوچار ہونا پڑا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یو پی میں دس فٹ لمبے پائتھن نے پورے ہرن کو نگل لیا، بعد ازاں مرے ہوئے ہرن کو اگلنے کے بعد وہ پراسرار طور پر دم توڑ گیا۔

    گاؤں والوں نے گھسیٹ کر اژدہے کو علاقے سے 3 کلومیٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا تھا، تاہم ہرن کی نعش اگلنے کے بعد اس کی موت ہو گئی۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز پیر کو اترپردیش کے امروہہ ضلع میں پیش آیا، ایک لڑکی نے مالی پورہ گاؤں کے قریب گنے کے کھیت میں پائتھن کو دیکھا، وہ گنے لینے آئی تھی جب بہت بڑے سانپ پر اس کی نظر پڑی۔

    بعد ازاں لڑکی کے شور مچانے پر گاؤں والے دوڑتے ہوئے کھیت میں پہنچے، اور سب نے کھیت کو گھیرے میں لے لیا، انھوں نے دیکھا کہ پائتھن پھول کر کُپا ہو چکا تھا، وہ سمجھے کہ سانپ نے کسی بچے کو نگل لیا ہے۔

    مقامی لوگوں نے مل کر سانپ کو گھسیٹ کر وہاں سے نکالا، اس دوران فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم بھی پولیس کے ہمراہ پہنچ گئی، ٹیم نے اژدہے کو گھسیٹ کر وہاں سے تین کلو میٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا۔

    پائتھن ہرن کو ہضم کرنے سے قاصر تھا، اس لیے گنگا کنارے اس نے مردہ ہرن کو اگل دیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ بھی مر گیا۔ محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ وہ سانپ کے مرنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ جون میں ہریانہ کے یمنا نگر ضلع میں ایک جنگل کے قریب 15 فٹ لمبے پائتھن نے ایک مور کو نگل لیا تھا۔

  • بینک کے لاکر روم میں کوبرا سانپ نکل آیا

    بینک کے لاکر روم میں کوبرا سانپ نکل آیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بینک کے لاکر روم میں 4 فٹ لمبا کوبرا سانپ نکل آیا، ریسکیو عملے نے بڑی تگ و دو کے بعد سانپ کو پکڑا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر بھونیشور میں ایک بینک کے اسٹرانگ روم سے 4 فٹ لمبا کوبرا سانپ نکل آیا، سانپ کو دیکھ کر بینک کا عملہ خوف و ہراس میں مبتلا ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق جیسے ہی بینک کے ملازمین کیش کے سلسلے میں اسٹرانگ روم (کیش رکھنے والے لاکر) کی جانب گئے تو انہیں احساس ہوا کہ یہاں ایک سانپ موجود ہے جو آئرن چیسٹ کے نیچے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    بینک کے عملے نے فوری طور پر ریسکیو ادارے کو فون کیا جو سانپ کو پکڑ کر لے گیا۔ اس موقع پر بینک کا عملہ اور وہاں موجود کسٹمر افراتفری اور خوف کا شکار ہوگئے۔

    اس سے قبل اڑیسہ میں بھی ایک مندر کے عقب میں ایک بہت بڑا سانپ دیکھا گیا تھا، جسے دیکھ کر اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    خوف و دہشت میں مبتلا رہائشیوں نے فوراً ریسکیو اہلکاروں کو طلب کیا جنہوں نے ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد سانپ کو بلآخر قابو میں کرلیا۔ یہ سانپ بھی 10 فٹ لمبا اور زہریلا کوبرا تھا۔

    محکمہ جنگلات کے عہدیدات ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد سانپ کو پکڑنے میں کامیاب ہوئے تھے اور بعد میں اسے جنگل میں چھوڑ دیا گیا تھا۔