Tag: سان فرانسسکو

  • مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    بیجنگ: سان فرانسسکو جانے والے مسافر بردار طیارے کے ٹیک آف کرنے کے چند سیکنڈ بعد ہی انجن میں آگ بھڑک اٹھی تاہم تمام مسافر محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے داراحکومت بیجنگ میں امریکی ایئر لائن کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    سان فرانسسکو جانے والے مسافر بردار طیارے کے ٹیک آف کرنے کے چند سیکنڈ بعد طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی۔

    جس کے بعد طیارے کو رن وے پر ہی روک لیا گیا، جہاز میں 229 مسافر سوار تھے تاہم واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی

    یونائٹیڈ ایئر لائنز نے بوئنگ طیارے میں آگ لگنے کے واقع کی تحقیقات شروع کر دیں۔

    مزید پڑھیں‌: امریکی ایئرلائن کا طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    بیجنگ ہوائی اڈے کے حکام نے بتایا کہ مکینیکل خرابی سے دونوں انجن متاثر ہوئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، اور ہنگامی عملے نے آگ پر قابو پانے کے لیے فوری جواب دیا۔

    یاد رہے فروری میں امریکی لائن کے مسافر طیارے بوئنگ 777-200 نے ڈینور ایئرپورٹ سے اڑان بھری تو ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی تھی اور دوران پرواز طیارے کے پرزے مختلف علاقوں میں گرتے رہے۔

    کپتان نے کمال مہارت کے ساتھ طیارے کو واپس ڈینور ایئرپورٹ پر باحفاظت اتار لیا تھا، طیارے میں عملے سمیت 338 افراد سوار تھے جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔

  • بھارت کو ایک اور دھچکا، امریکا نے آم لینے سے انکار کردیا

    بھارت کو ایک اور دھچکا، امریکا نے آم لینے سے انکار کردیا

    بھارت کو ایک اور جھٹکا لگ گیا، امریکا نے لاکھو ں ڈالر کے بھارتی آم لینے سے منع کردیا اور شپمنٹ واپس بھجوا دی۔

    اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے لاس اینجلس، سان فرانسسکو اور اٹلانٹا سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر بھارت سے آم کی 15 شمپنٹس کو لینے سے انکار کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت کی آم کی شپمنٹس کو 8 اور  9 مئی کو ممبئی میں تابکاری کے عمل سے گزارا گیا تھا، امریکی حکام نے تابکاری کے عمل سے متعلق دستاویزات میں تضادات کی نشاندہی کی تھی، شپمنٹ نے امریکا میں داخلے کی لازمی شرط یعنی تابکاری کا مرحلہ مکمل نہیں کیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی وجہ سے برآمد کنندگان سے کہا گیا کہ وہ یا تو کارگو کو تباہ کر دیں یا اسے دوبارہ بھارت کو برآمد کریں، جس پر انہوں نے آموں کو تلف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ایکسپورٹرز کے مطابق تابکاری عمل ایک ضروری علاج ہے جس کے تحت پھل کو کیڑے مارنے اور شیلف لائف بڑھانے کے لیے مخصوص مقدار میں شعاعوں سے گزارا جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایکسپورٹرز کا کہنا ہےکہ آم تلف ہونے سے انہیں تقریباً 5 لاکھ ڈالر (تقریباً 4 کروڑ 15 لاکھ روپے) کے ممکنہ نقصان کا سامنا ہے۔

  • غزہ جنگ کیخلاف امریکیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر، ٹریفک جام

    غزہ جنگ کیخلاف امریکیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر، ٹریفک جام

    سان فرانسسکو : غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف ہزاروں امریکی سان فرانسسکو میں سڑکوں پر نکل آئے اور  جنگ بندی کا پر زور مطالبہ کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے شہر سان فرانسسکو کے گولڈن گیٹ برج پر غزہ میں جنگ بندی کیلئے بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرین نے گولڈن گیٹ برج پر دھرنا دے کر ٹریفک روک دی، احتجاجی دھرنے کے باعث اہم شاہراہ پر ہزاروں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    مشتعل مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ امریکا غزہ میں جنگ رکوائے اور فوری طور پر اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی بند کی جائے۔

    یاد رہے کہ امریکی عوام کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی حمایت میں اضافہ ہورہا ہے اس ضمن میں مختلف امریکی ریاستوں میں مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    گزشتہ ہفتے کینیڈا کے عوام نے فلسطینی قوم کی حمایت میں مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا جبکہ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد فلسطینی عوام کی حمایت میں احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئی۔

     واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں بمباری ساتویں ماہ میں داخل ہوچکی ہے تاہم اب تک اس کی شدت میں کمی نہ ہوسکی اور جنگ بندی سے متعلق حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرت کیمپ میں مزید 5 فلسطینیوں کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی ہوگئے۔

    اسرائیلی فوج نے بمباری کرکے 24 گھنٹے میں 43 فلسطینیوں کو شہید کیا، صیہونی طیاروں نے خان یونس میں یورپین پسپتال کے اطراف بھی بم برسائے۔

  • امریکا کے  سان فرانسسکو خلیج ایریا میں طوفان سے تباہی، 5 افراد ہلاک

    امریکا کے سان فرانسسکو خلیج ایریا میں طوفان سے تباہی، 5 افراد ہلاک

    سان فرانسسکو :‌ امریکا کے سان فرانسسکو خلیج ایریا طوفان نے تباہی مچادی ، مختلف واقعات میں پانچ افراد جان سے گئے جبکہ نظام زندگی بھی درہم برہم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے سان فرانسسکو خلیج ایریا میں طوفان نے نظام زندگی بھی درہم برہم کردیا ہے ، مختلف واقعات میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

    مقامی حکام نے بتایا کہ دو افراد درخت گرنے کے الگ الگ واقعات میں ہلاک ہوئے جبکہ خراب موسم کی وجہ سے سان میٹیو کاؤنٹی، والنٹ کریک اور اوکلینڈ میں ایک ایک کی موت واقع ہوئی۔

    طوفان میں تیز ہواؤں کے باعث اونچی اونچی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے اور ملبہ پورے علاقے میں پھیل گیا ، جس کے بعد ریسکیو عملہ فلک بوس عمارتوں کے آس پاس کے علاقوں پر قابو پانے میں مصروف ہیں اور تقریباً 700 گرے ہوئے درختوں کو ہٹانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

    پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک کمپنی نے اطلاع دی ہے کہ کہ خلیج ایریا میں تقریباً 78 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے جبکہ شہر کے حکام نے بتایا کہ بدھ تک سان فرانسسکو میں 8,000 سے زیادہ افراد بجلی سے متاثر ہوئے۔

    سان میٹیو کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ووڈ سائیڈ میں تقریباً 30 گھروں کے لیے سخت وارننگ جاری کردی ہے۔

    خیال رہے جنوب مشرقی افریقی ملک ملاوی میں سمندری طوفان فریڈی سے اموات کی تعداد بڑھ کر 500سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ 5 لاکھ 8 ہزار 244 بےگھر ہوچکے ہیں۔

  • خالصتان کے حامی  نے لندن کے بعد سان فرانسسکو میں بھی بھارتی قونصلیٹ پر دھاوا بول دیا

    خالصتان کے حامی نے لندن کے بعد سان فرانسسکو میں بھی بھارتی قونصلیٹ پر دھاوا بول دیا

    سان فرانسسکو : خالصتان تحریک  کے حامیوں نے لندن کے بعد سان فرانسسکو میں بھی بھارتی قونصلیٹ پر دھاوا بول دیا اور مودی سرکار کے خلاف نعرے لگائے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھرمیں خالصتان تحریک زورپکڑنے لگی، سکھوں نے لندن کے بعد سان فرانسسکو میں بھی بھارتی قونصلیٹ پر دھاوا بول دیا اور مودی سرکار کے خلاف نعرے لگائے۔

    گزشتہ روز خالصتان تحریک کے کارکنوں نے لندن میں انڈین ہائی کمیشن کی عمارت پر اپنا جھنڈا لہرایا تھا۔

    بھارتی ترنگ اتار کر خالصتان تحریک کا جھنڈا لہرانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی ، فوٹیج میں سکھ نوجوانوں کو بھارتی ہائی کمیشن سے ترنگا اتار کر خالصتان کا جھنڈا لگاتے دیکھا جا سکتا تھا۔

    اس دوران سکھ نوجوان خالصتان تحریک کا پرچم سڑکوں پر لہراتے رہے، ترنگا اتار کر بھارت میں گرفتار امرتا پال سے اظاہرِ یکجہتی کیا گیا۔

    خیال رہے بھارتی پنجا ب میں حالات کشیدہ ہو گئے، خالصتان تحریک کے حامی رہنماء امرتا پال کو چھ ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا، امرت پال کی گرفتاری پر دنیا بھر میں سکھ برادری سراپاء احتجاج ہے۔

  • مکان اچانک سڑک پر چل پڑا، لوگ حیران (ویڈیو وائرل)

    مکان اچانک سڑک پر چل پڑا، لوگ حیران (ویڈیو وائرل)

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ایک سڑک پر جب لوگوں نے اچانک ایک گھر کو چلتے ہوئے دیکھا تو پہلے تو ان کی آنکھیں حیرت سے پھٹی کی پھٹی رہ گئیں اور پھر لگے ویڈیوز بنانے۔

    آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ سان فرانسسکو کی 807 فرینکلن اسٹریٹ پر واقع 139 سال پرانے دو منزلہ وکٹورین گھر کا پتا اب بدل چکا ہے، اور اس کے لیے پورا گھر ہی نئے پتے پر منتقل ہو گیا تھا۔

    ویڈیو اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی کھڑکیوں اور براؤن فرنٹ ڈور کے ساتھ یہ گرین ہوم دیوہیکل ڈولیوں پر لاد کر 6 بلاکس کے فاصلے پر ایک اور مقام پر منتقل کیا گیا۔

    چھ بیڈ رومز والے اس گھر کا مالک سان فرانسسکو کا بروکر ٹِم براؤن ہے، اس کی منتقلی کے لیے شہر کے 15 سے زائد ایجنسیوں سے اجازت نامے حاصل کیے گئے، اور مالک مکان کو اس کی منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 4 لاکھ امریکی ڈالر ادا کرنے پڑے۔

    اس گھر کی منتقلی نہایت مشکل کام اس لیے تھا کیوں کہ گھر نے ڈھلان والے علاقے کی طرف جانا تھا، راستے میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کیا گیا، جیسا کہ پارکنگ میٹر ہٹائے گئے، درختوں کی شاخیں کاٹنی پڑیں، اور ٹریفک کے سگنلز کو ہٹایا گیا۔

    دراصل یہ گھر، جسے بڑے پیمانے پر منتقلی کی وجہ سے مرمت کی ضرورت پڑی تھی، ایک پرائم لاٹ پر واقع تھا، یہ قیمتی پلاٹ مالک نے ایک ڈویلپر کو بیچ دیا تھا جس نے اس سائٹ پر اپارٹمنٹ بلاک بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس گھر کی شفٹنگ کی منصوبہ بندی میں کئی سال لگے، اور شفٹنگ کے وقت سڑکوں کو خالی کرایا گیا تھا۔

  • گھر پہنچنے والا شخص لاپتہ، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری

    گھر پہنچنے والا شخص لاپتہ، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری

    امریکا میں ایک عجیب و غریب واقعے نے پولیس کو چکرا کر رکھ دیا جس میں ایک شخص اپنے گھر میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہوگیا۔

    امریکی شہر سان فرانسسکو میں پیش آنے والے اس واقعے نے پولیس کو حیران کردیا ہے، 50 سالہ کمپیوٹر انجینئر اپنے گھر میں داخل ہونے کے بعد گمشدہ ہوگیا۔

    مذکورہ شخص کے اپارٹمنٹ کے باہر لگے کیمرے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری کردی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص اپنے اپارٹمنٹ میں داخل ہوا لیکن تب سے اب تک 1 ماہ ہوچکا ہے وہ لاپتہ ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کیمرے میں ایسی کوئی ریکارڈنگ نہیں جس میں اس شخص کو باہر آتے دیکھا جاسکے۔

    لاپتہ شخص مختلف کاموں کے لیے 2 قریبی علاقوں میں آتا جاتا رہا اور پولیس نے دونوں مقامات پر اسے تلاش کیا لیکن اس شخص کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

    اس شخص کے اہل خانہ نے اس کی گمشدگی کا مقدمہ درج کروا دیا ہے، بہن کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کا اس طرح بغیر کسی اطلاع کے غائب ہوجانا غیر معمولی ہے اور ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔

    پولیس کے مطابق اس شخص کے اپارٹمنٹ میں کسی قسم کی مداخلت کے آثار نہیں جبکہ اپارٹمنٹ کا دروازہ بھی اندر سے بند تھا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ اس شخص کے بینک اکاؤنٹس میں بھی کسی قسم کی کوئی سرگرمی نہیں دیکھی گئی۔

  • پہاڑی شیر 2 دن مزے سے شہر کی سڑکوں پر گھومتا رہا

    پہاڑی شیر 2 دن مزے سے شہر کی سڑکوں پر گھومتا رہا

    سان فرانسسکو: امریکی ریاست شمالی کیلی فورنیا کے شہر میں ایک پہاڑی شیر 2 دن تک سڑکوں پر مزے سے آزادانہ گھومتا رہا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سان فرانسسکو میں اوریکل پارک کے قریب ایک پولیس افسر نے پہاڑی شیر کو ایک عمارت کے باہر پودوں کے ایک بڑے باکس میں مزے سے لیٹے دیکھا تو حیران رہ گیا۔

    معلوم ہوا کہ اپنا راستہ کھونے والا پہاڑی شیر دو دن سے سڑکوں پر گھوم رہا تھا، جب پولیس افسر آدم لوبسنگر نے اسے دیکھا تو فوری طور پر محکمہ جنگلی حیات کو مطلع کر دیا، جنھوں نے آ کر اسے بہ آسانی پکڑ لیا۔

    انیمل کنٹرول کیئر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پچاس پونڈ وزن کا یہ شیر ایک اپارٹمنٹ کے سامنے گرین ایریا میں لیٹا ہوا تھا، اسے پکڑنے کے لیے بے ہوشی کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔ ترجمان ڈیب کیمبل کا کہنا تھا کہ شیر نے چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف چند ہی بلاکس کا سفر کیا، اسے شاید سچ میں مدد کی ضرورت تھی۔

    ترجمان نے بتایا کہ سال میں ایک بار جنگلی حیات کے حکام کو پہاڑی شیر کی آمد کی اطلاع ملتی ہے، یہ شیر سان فرانسسکو کے جنوب میں واقع پہاڑیوں سے اتر کر آتے ہیں لیکن پھر اپنے راستے پر واپس بھی چلے جاتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ پہاڑی شیر سان فرانسسکو شہر کے بیچ میں نکل آیا ہو۔

    رپورٹس کے مطابق حکام اس شیر کی نقل و حرکت منگل سے نوٹ کر رہے تھے جب ایک موٹرسٹ نے اسے رشین ہلز کے پاس دیکھا تھا، پھر اسے ایک ٹی وی اسٹیشن کے پارکنگ لاٹ میں سی سی ٹی وی کے ذریعے دیکھا گیا، اور آخر میں اسے اوریکل پارک کے قریب دیکھا گیا، جسے جمعرات کو آخرکار پکڑ لیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس علاقے میں جب کوئی پہاڑی شیر نکل آتا ہے تو حکام اسے فوری پکڑنے کی بجائے اس کی نقل و حرکت نوٹ کرتے رہتے ہیں اور انتظار کرتے ہیں کہ وہ خود اپنے راستے پر لوٹ جائے، مذکورہ شیر سے متعلق بھی حکام نے انتظار کیا اور لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے شیر کی نقل و حرکت نوٹ کر کے حکام کو مطلع کرتے رہیں۔

    علاقے کی پولیس نے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ ایک پہاڑی شیر علاقے میں نکل آیا ہے اس لیے اپنی حفاظت کریں، ایسا لگتا ہے کہ شیر راستہ بھول گیا ہے، تاہم وہ جلد جنوب میں اپنا راستہ ڈھونڈ لے گا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ یہ پہاڑی شیر (cougar) دو سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد خاندان چھوڑ دیتے ہیں، تاہم مذکورہ شیر ابھی چھوٹا تھا اور معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس نے اپنا خاندان کیوں چھوڑا۔ بعد ازاں، آکلینڈ زو میں شیر کا معائنہ کیے جانے کے بعد وائلڈ لائف نے اسے پہاڑیوں میں چھوڑ دیا۔

  • سان فرانسسکو میں برقی سگریٹ پر پابندی عائد

    سان فرانسسکو میں برقی سگریٹ پر پابندی عائد

    واشنگٹن : سان فرانسسکو کی انتطامیہ نے شہر میں برقی سگریٹ کی فروخت پر پابندی عائد کردی جس کے بعدسان فرانسسکو ای سگریٹ پر قدغن لگانے والا پہلا امریکی شہر بن گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سان فرانسسکو کی انتظامیہ نے منگلکے روز برقی سگریٹ کی فروخت پر پابندی عائدکرنے اورآن لائن فروخت کرنے کو غیر قانونی قرار دینے کےلیےووٹنگ کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریاست کیلیفورنیا کےشہر سان فرانسسکو امریکا کی سب سے مشہور برقی سگریٹ تیار کرنے والی کمپنی جول لیبز کا گھر سمجھا جاتا ہے۔

    جول لیبز کا کہنا تھا کہ سٹی انتطامیہ کا یہ اقدام سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو واپس سگریٹ کی جانب مبذول کرے گا اور ’کالا بازاری کا باعث بھی بنے گا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سان فرانسسکو کی میئر لندن بریڈ کے پاس اس قانون پر دستخط کرنے کے لیے 10 دن ہیں۔ قانون دستخط کیے جانے کے 7 ماہ کے اندر نافذ العمل ہوجائے گا۔

    خدشہ ہے کہ مختلف فرمز اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرسکتی ہیں۔

    برقی سگریٹ کے مخالفین نے کہا ہے کہ کمپنیاں مختلف ذائقہ شدہ مصنوعات کےذریعے نوجوانوں کو نشانہ بناتی ہیں ۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ ای سگریٹ کے باعث صحت پر پڑنے والے اثرات کی سائنسی تحقیقات ہونا ضروری ہیں، برقی سگریٹ نوجوانوں کو سگریٹ کی عادت سے بچانے کےلیے ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) قومی ریگولیٹری نے برقی سگریٹ تیار کرنے والی کمپنیوں سگریٹ کی قیمت کا تعین کرنے والے 2021 تک کی ڈیڈ لائن دی ہے جبکہ یہ ڈیڈ لائن پہلے اگست 2018 تک تھی جسے بڑھا2021 تک بڑھا دیا گیا ہے۔

    امریکا کا بیماری کنٹرول اورجرایثم کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے مرکز کے مطابق امریکا میں نیکوٹین استعمال کرنے والے نوجوانوں کی تعداد گزشتہ برس 36 فیصدتھی جو برقی سگریٹ کے استعمال کے باعث بڑھ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا کے وفاقی قوانین کے تحت سگریٹ نوشی کی کم از کم عمر 18 برس ہےجبکہ کیلیفورنیا اور دیگر ریاستوں میں تمباکو نوشی کی عمر 21 برس معین ہے۔

  • رنگوں اور غباروں سے بھرا دنیا کا انوکھا ترین میوزیم

    رنگوں اور غباروں سے بھرا دنیا کا انوکھا ترین میوزیم

    یوں تو دنیا بھر میں موجود مختلف عجائب گھر یا میوزیم اپنے اندر بے پناہ مسحور کن کشش رکھتے ہیں اور کسی عجائب گھر کا دورہ کرنا ایک نہایت شاندار تجربہ ہوسکتا ہے۔

    تاہم امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں ایک انوکھا ترین میوزیم کھولا گیا ہے جہاں رنگوں کی مدد سے مختلف عجائبات پیش کیے گئے ہیں۔

    کلر فیکٹری کے نام سے جانا جانے والا یہ میوزیم اس وقت پورے سان فرانسسکو کا موضوع گفتگو بن چکا ہے۔ یہ میوزیم ستمبر کے اختتام تک کھلا رکھا جائے گا لیکن ابھی سے ہی اس کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔

    سان فرانسسکو کے شہری اس کا دورہ کرنے کے لیے نہایت بے تاب ہیں اور جو لوگ ٹکٹس حاصل نہیں کر پائے وہ سخت پریشان ہیں۔

    آئیں دیکھتے ہیں اس میوزیم میں ایسی کیا خاص بات ہے۔


    میوزیم کے ٹکٹ حاصل کرنے کے بعد سب سے پہلے آپ کا واسطہ رنگ برنگی قوس قزح جیسی سیڑھیوں سے پڑتا ہے جنہیں صرف دیکھنا ہی دل و دماغ کو خوشی سے بھر دیتا ہے۔

    رجسٹریشن کروانے کے بعد آپ کو پولکا ڈاٹ کی شکل کے کارڈز دیے جاتے ہیں جنہیں دکھا کر آپ میوزیم کے تمام حصوں کی سیر کرسکتے ہیں۔

    اندر داخل ہوتے ہی آپ میٹھی میٹھی سی خوشبو محسوس کرتے ہیں جو عموماً مختلف چاکلیٹس یا ٹافیوں میں سے محسوس ہوتی ہے۔

    ایک رنگین سلائیڈ پر آپ کی تواضع کے لیے میکرون (میٹھے بسکٹ نما) بھی رکھے ہیں۔

    میوزیم کے ایک کمرے میں رنگوں بھری روشنیوں کا کھیل موجود ہے۔

    ایک اور کمرا نیلے رنگ کے غباروں سے بھرا ہوا ہے۔

    گرین روم نامی ایک کمرے میں آپ کے لیے بڑے سے سبز مارکرز رکھے ہیں جن کی مدد سے آپ دیواروں پر سبز نقش و نگار بنا سکتے ہیں۔

    ایک اور کمرے میں رنگ برنگی ربنز آویزاں کی گئی ہیں جن کے اندر جا کر یقیناً آپ کا دل کسی بچے کی طرح ان سے کھیلنے کو چاہے گا۔

    کنفٹی روم نامی کمرے میں چھت سے رنگ برنگے کاغذ کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں کی بارش ہوتی ہے۔

    اور آخر میں میوزیم کا سب سے بہترین حصہ زرد غباروں سے بھرا ہوا کمرہ ہے۔ ان زرد غباروں کے درمیان تیرنا یقیناً ایک مزیدار تجربہ ہوگا۔

    یہاں آپ کو زرد فلیورز جیسے مینگو یا ونیلا کی تیار کردہ آئس کریم بھی دستیاب ہوگی۔

    اور جب آپ اس انوکھے میوزیم کی سیر کر کے تھک جائیں تو سستانے کے لیے رنگین شیشوں سے بنا ہوا ایک خوبصورت کمرہ حاضر ہے جہاں سے باہر کےمناظر خوبصورت رنگوں میں ڈھل کر انوکھا سماں باندھ دیتے ہیں۔

    کیسی لگی آپ کو اس انوکھے میوزیم کی سیر؟


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔