Tag: ساہیوال اسپتال

  • ساہیوال اسپتال میں پانچ نہیں تین بچے جاں بحق ہوئے، ترجمان وزارت صحت پنجاب

    ساہیوال اسپتال میں پانچ نہیں تین بچے جاں بحق ہوئے، ترجمان وزارت صحت پنجاب

    لاہور : وزارت صحت پنجاب نے وضاحت کی ہے کہ ساہیوال اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں صرف تین بچے جاں بحق ہوئے، ایئر کنڈیشنر کے بند ہونے اور انتظامیہ کی مبینہ غفلت سے پانچ بچوں کی ہلاکت کی اطلاع بے بنیاد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے ڈی ایچ کیو  اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں بچوں کی ہلاکت کا معاملہ پر وزارت صحت پنجاب نے پانچ بچوں کے جاں بحق ہونے کی تردید کردی۔

    اس حوالے سے ترجمان وزارت صحت کے مطابق ڈسٹرکٹ اسپتال میں چلڈرن وارڈ کے ایئرکنڈیشنر کے بند ہونے اور انتظامیہ کی مبینہ غفلت سے پانچ بچوں کی ہلاکت کی اطلاع بے بنیاد ہے۔

    میڈیا پر خبر نشر ہونے کے فوری بعد واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئے ایڈیشنل سیکریٹری صحت کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی ساہیوال بھیجی گئی۔ خصوصی تحقیقاتی کمیٹی نے مبینہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ابتدائی رپورٹ وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کوپیش کردی۔

    رپورٹ کے مطابق جاں بحق بچوں کی تعداد تین ہے، دو بچے نجی اسپتال سے انتہائی نازک حالت میں ساہیوال ڈسٹرکٹ اسپتال کی ایمرجنسی میں لائے گئےتھے۔ دونوں بچوں کی ہلاکت ایمرجنسی وارڈ جبکہ ایک نومولود بچے کی ہلاکت بچہ وارڈ میں ہوئی۔

    جس کی حالت گزشتہ روز سے تشویشناک تھی۔ ایئرکنڈیشنر کے نہ چلنے سے ہلاکت کی خبر بے بنیاد ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

    مزید پڑھیں: ساہیوال کے سرکاری اسپتال میں مبینہ طور پر  24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ ساہیوال کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ابتدائی اطلاع کے مطابق چوبیس گھنٹے میں مبینہ طور پر8 نومولود بچے جاں بحق ہوئے تھے۔

    بعدا زاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے رپورٹ طلب کی انہوں نے واقعے کی جامع تحقیقات کرکے مفصل رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

  • پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا لمحہ فکریہ ہے: حمزہ شہباز

    پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا لمحہ فکریہ ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخ کے نازک موڑ سے گزر رہا ہے، سیاست دانوں کو برا کہنا قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا سیاست دانوں کو برا کہنا قوم کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، لوگوں کو بد نام کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ نیب چیئرمین کے انٹرویو کے بعد میری ساری باتوں پر مہرِ تصدیق لگ چکی ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے، چیئرمین نیب خود سوال نامہ ترتیب دیتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ آج معروف صحافی بھی گواہی دیتے ہیں، چیئرمین نیب کہتے ہیں حمزہ شہباز بینچ کے پیچھے چھپ رہا ہے، چیئرمین نیب صاحب، قیامت کے دن میرا ہاتھ اور آپ کا گریبان ہوگا۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چیئرمین نیب کوئی ثبوت لے آئے تو میں استعفیٰ دے دوں گا، نیب کچھ ثابت نہ کر سکا تو چیف جسٹس سے درخواست کروں گا چیئرمین نیب کے انٹرویو پر ایک لارجر بینچ بنایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ساہیوال: سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

    حمزہ کا کہنا تھا کہ معیشت ڈوب گئی ہے، آنے والا بجٹ قاتل بجٹ ہوگا، کل عبد الحفیظ شیخ کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے تھے، ان کے پاس راستہ دکھانے والا کوئی نہیں، معیشت کا بیڑہ غرق کرانے میں نیب کا نام سر فہرست ہوگا، جی ڈی پی گروتھ 3 فی صد رہ گئی ہے، اسٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5 بہترین ممالک میں ہوتا تھا۔

    دریں اثنا، ساہیوال کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 8 بچوں کی اموات پر حمزہ شہباز نے حکومت پنجاب کی مذمت کی، کہا نومولود بچوں کی اموات پر حکومتی کارکردگی کا پول کھل گیا ہے، شہباز شریف کی 10 سالہ محنت کا 10 ماہ کی تبدیلی نے بیڑہ غرق کر دیا، ان کے دور میں کسی سرکاری اسپتال میں ایک بھی افسوس ناک واقعہ نہیں ہوا، بچوں کی اموات حکومت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے۔

    عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یاسمین راشد پنجاب میں صحت کا شعبہ چلانے میں نا کام ہو چکی ہیں، یاسمین راشد کو اخلاقی طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

  • ساہیوال: سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

    ساہیوال: سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

    ساہیوال: ڈی ایچ کیو اسپتال میں اے سی خرابی کے باعث گرمی سے چوبیس گھنٹے میں 8 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال کے سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں اے سی خراب ہونے سے 8 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے، ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ 5 بچوں کی اموات وارڈ میں اے سی چلتے ہوئے ہوئیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ نے واقعے کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔

    عثمان بزدار نے واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد کے تعین اور ان کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری طرف ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ رفاقت علی ساہیوال ٹیچنگ اسپتال پہنچ گئے۔

    ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ رفاقت علی کا کہنا ہے کہ 3 بچوں کی اموات اے سی بند ہونے کی وجہ سے ہوئیں، چلڈرن وارڈ کے اسٹاف کے بیانات قلم بند کر لیے گئے ہیں، انکوائری رپورٹ شام تک مکمل کر کے سیکریٹری ہیلتھ کو پیش کی جائے گی، ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کا اسپتال کا اچانک دورہ، والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام ’عمران خان‘ رکھ دیا

    ساہیوال کے ڈپٹی کمشنر میاں زمان وٹو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں چلڈرن وارڈ کا ایئر کنڈیشنر خراب ہو گیا تھا جس کے باعث وارڈ میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔

    ڈی ایچ کیو اسپتال میں بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

    ادھر ترجمان وزارت صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے، مکمل تحقیقات کر کے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تحقیقاتی رپورٹ کے بعد حقایق سامنے آئیں گے۔