Tag: ساہیوال جلسہ

  • ہمارا مقابلہ عمران یا آصف زرداری سے نہیں ہے، نوازشریف کا ساہیوال جلسے سے خطاب

    ہمارا مقابلہ عمران یا آصف زرداری سے نہیں ہے، نوازشریف کا ساہیوال جلسے سے خطاب

    ساہیوال: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ عمران یا آصف زرداری سے نہیں ہے، بلکہ ایسی قوتوں کے ساتھ ہے جو نظر نہیں آتیں لیکن انھیں آپ سمجھتے ہیں۔

    ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کو اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر نشہ آرہا ہے، لگتا ہے ’ووٹ کو عزت دو‘ کا پیغام یہاں کے گھر گھر تک پہنچ گیا ہے۔ کل کا جلسہ دیکھ کر ایسا لگا تھا جیسے جلسہ لاہور کا، مجمع پشاور کا اور ایجنڈا کسی اور کا ہو۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، کچرا پڑا ہے، ترقیاتی کام نظرنہیں آرہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ پچاس ہزارمیگا واٹ بجلی پیدا کریں گے، یہ بجلی کہاں ہے۔ پاکستان میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ن لیگ نے ختم کی، کراچی میں امن قائم کیا، سی پیک پاکستان لے کر آئے۔

    نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے واپس لانے کا ایک راستہ ہے، ن لیگ کو اتنے ووٹ دو کہ قانون اور اس کے فیصلے کو اٹھا کر باہر پھینکا جاسکے، آپ کا ووٹ قانونی فیصلوں کو ختم کرسکتا ہے۔ پاکستان کے علم کو اونچا رکھیں گے لیکن اپنی عزت کا سودا نہیں کریں گے۔

    اب مقابلہ صرف پی ٹی آئی اور ن لیگ میں ہوگا،عمران خان

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان شریف کے بعد الیکشن کی مہم شروع ہوجائے گی، اب الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈم ہوگا، اگلے ستر برس پاکستان کے عوام کے ہوں گے، میرا دل چاہتا ہے ساہیوال باربارآؤں، میں آپ کو اورآپ مجھے دیکھیں۔

    مریم نواز شریف


    ساہیوال جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کہا کہ آپ ن لیگ کے شیر ہیں، آپ کمال کے لوگ ہیں۔ ساہیوال کے عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے۔

    مریم نواز نے کہا کہ مخالفین اس لیے بار بار لاہور آتے ہیں کہ شاید پنجاب کے لوگ ان کی بات سن لیں، لاہورجلسے کے لیے کہا گیا تھا کہ جو سب سے زیادہ لوگ لائے گا ٹکٹ اس کو دیا جائے گا۔ لیکن یہ اچھی بات ہے کہ کے پی سے آنے والوں نے لاہور میں ہونے والی ترقی دیکھ لی۔

    ساہیوال : ن لیگی ایم پی اے نے ہاکی گراؤنڈ کو شادی لان بنا دیا

    انھوں نے عوام سے کہا کہ زرداری اور عمران خان ووٹ مانگنے آئیں تو ’زرداری عمران بھائی بھائی‘ کے نعرے سے ان کا استقبال کریں۔ عمران خان کا کردار ہر الیکشن میں مہمان اداکار کا ہوتا ہے، ان کی قسمت میں صرف استعمال ہونا لکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت میں آئے تو بے نظیر انکم سپورٹ کی رقم دگنی کردیں‌ گے، بلاول

    حکومت میں آئے تو بے نظیر انکم سپورٹ کی رقم دگنی کردیں‌ گے، بلاول

    ساہیوال: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت میں آئے تو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم دگنی کردیں گے، ایک ایکڑ سے کم زمین کے مالک کو سود سے پاک قرضہ دیں گے، پارٹی کا منشور بتانے کے لیے ہر شہر میں جلسے کریں گے۔

    یہ باتیں انہوں نے ساہیوال میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران پارٹی کے منشور سے آگاہی کے دوران کہی۔

    بلاول نے کہا کہ بدعنوان حکمرانوں نے قدم قدم پر عوام کو دھوکا دیا، یہ جب اقتدار میں آتے ہیں انہیں عوام کی نہیں اپنے کاروبار کی فکر ہوتی ہے، میاں صاحب کی وفاقی ہو یا پنجاب حکومت، آج بھی ان کے ظلم کی تلوار عوام پر لٹک رہی ہے اور عوام کے حقوق سلب کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غریب آدمی جائے تو کہاں جائے؟ یہ آمروں کی سیاسی اولاد ہیں جو جمہوری لبادہ اوڑھ کر عوام کا خون چوس رہے ہیں، کسان کو بار دانہ نہیں ملتا، غریب کسان کو بھی بجلی 10 روپے فی یونٹ دی جارہی ہے، نہری پانی کی تقسیم غیر منصفانہ ہے، مزارعین کی جائز جدوجہد کو بھی طاقت کے ذریعے روکا جارہا ہے۔

    بلاول نے کہا کہ پی پی نے کالاباغ ڈیم کے خلاف احتجاج کرنے والے  مزارعین کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے اور آج بھی ان کے ساتھ ہیں، یہ بھٹو کا کارنامہ تھا جو ٹیننسی ایکٹ نافذ کرکے بے زمین کسانوں کو ان کا حق دیا، اس قانون میں تبدیلی کرکے کسانوں کا حق مارا جارہا ہے جب کہ یہاں اوکاڑہ مزارعین کا استحصال جاری ہے۔

    چیئرمین پی پی نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، ساہیوالی میں مہنگی بجلی بنانے کے لیے کوئلہ باہر سے خریدا جائے گا جو کراچی کی پورٹ کے ذریعے اتار کر ساہیوال لایا جائے گا جس سے یہاں بجلی مہنگی ملے گی اور اس منصوبے سے لوگ متاثر ہوں گے اس لیے اس منصوبے کو لوگ کالا پاور پلانٹ کہنے لگے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ انتخابات کے لیے منشور بنارہے ہیں، وعدہ ہے کہ یہ منشور کسان اور مزدور دوست ہوگا جس میں ہر شعبے کے لیے بالخصوص زراعت کے لیے پالیسی ہوگی، ایک ایکڑ زمین سے کم کے مالک کو کسان کارڈ دیا جائے گا تاکہ وہ انٹرنسٹ فری لان حاصل کرسکے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ ایگری کلچر یونٹ بنایا جائے گا، فصل اترنے سے پہلے سپورٹ پرائز کا اعلان، بار دانے کی تقیسیم کا میکنزم بنایا جائےگا، مزدور کی کم از کم تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کیا جائے گا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم دگنی کی جائے گی، لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ ہوگی، دیہی علاقوں میں جانے والے ڈاکٹروں کی تنخواہیں بڑھائی جائیں گی، سرکاری اسپتالوں میں مفت علاج کو یقینی بنایا جائےگا۔

    انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ عوام کو روزگار دیا جائے گا جب بھی حکومت میں آئے سب سے پہلے روزگار دیں گے چاہے ترقیاتی منصوبوں میں کمی کرنی پڑے۔

    انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 42 ہزار خاندانوں کی مدد جاری ہے، بی بی نے جو عہد کیا وہ پورا کیا، ہم عوام کی سیاست کرتے ہیں دوسری طرف دائیں بازو کے سیاست دان اور رجعت پسند جماعتیں مع کالعدم جماعتیں پی پی کے خلاف ہیں اور یہی پنجاب میں غلبہ حاصل کیے ہوئے ہیں یہ بدقسمتی ہے کہ لاہور کالعدم اور رجعت پسند پارٹیوں کے قبضے میں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی پی کے خلاف محاذ بنانے کےلیے سرمایہ خرچ کیا گیا تاکہ پی پی کو روکا جاسکے۔


    اسی سے متعلق:  بلاول کی آمد، جیالے نے 3 من دودھ کی چائے مفت بانٹ دی


    بلاول زرداری نے کہا کہ یہ میرا پہلا الیکشن اور مخالفین کا آخری الیکشن ہوگا، میں نظریاتی، صاف ستھری اور غریبوں کی سیاست پر یقین رکھتا ہوں، میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں خود ہر شہر میں جلسے کروں گا، عوام سے ملوں گا اور انہیں پارٹی کے منشور سے آگاہ کروں گا، میں اپنا پارٹی پرچم اور اپنا پیغام لے کر ہر گلی اور محلے میں جاؤں گا، عوام وعدہ کریں تو ایک وعدہ میں بھی کروں گا کہ آپ کی مدد سے اس ملک سے اندھیروں کو دور کروں گا۔

  • نوازشریف سے بات نہیں کروں گا، عمران خان

    نوازشریف سے بات نہیں کروں گا، عمران خان

    ساہیوال: پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ایک جانب مذاکرات کی بات کرتے ہیں تو دوسری جانب پرچے کٹواتے ہیں لہذا وہ سن لیں کہ عمران خان حکومت سے بات نہیں کریں گے۔

    انہوں نے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ساہیوال کے شہریوں سے سوال کیا کہ جن سترہ ماہ میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو اب کیا امید کی جائے۔

    انہوں نے پاکستان کی سول سوسائٹی اور عدلیہ کو مخاطب کر کے سوال کیا کہ جب ایک جماعت دھاندلی کرکےاقتدار میں آئی ہے تو کیا کوئی ایسا نظام ہے جو انہیں اقتدار سے نکالے۔

    انہوں نے کہا کہ جب عوام اپنے ووٹ سے کسی کو اقتدار میں نہ لاسکتی ہے اورنہ ہی نکال سکتی ہے تو پھر ایسی عوام اور جانوروں میں کیا فرق رہ گیا۔

    انہوں نے مولانا رومی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ایک قوم اچھی اور برے میں تمیز نہیں کرسکتی تو پھر پہلے اس کی اخلاقی موت واقع ہوتی اور پھر وہ قوم معاشی طور پر مرجاتی ہے۔

    تحریک انصاف کے سربراہ کہتے ہیں کہ میاں صاحب ایک طرف تو وارنٹ جاری کرتے ہیں اشتہاری قرار دیتے ہیں دوسری جانب مذاکرات کی بات کرتے ہیں لیکن وہ سن لیں کہ میں آپ سے بات کرنے پر تیار نہیں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ مجرم میں نہیں نواز شریف اورآصف زرداری ہیں جن کے خلاف عدالتوں میں حلف نامے جمع کرائے گئے۔

    انہوں نے پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف زرداری کو متنبہ کیا کہ اگلے جمعہ سونامی لاڑکانہ آرہا ہے۔

    انہوں نے ایم ڈی پی ٹی وی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوام ہرسال دس ارب روپے پی ٹی وی کو دیتے ہیں اورپھر بھی پی ٹی وی عوام کے بجائے حکومت کی ترجمانی کرتا ہے۔

    انہوں نے ساہیوال سے جڑی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ سولہ سال کی عمر میں انہوں نے یہاں پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا تھا۔