Tag: ساہیوال واقعے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

  • ساہیوال واقعے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    ساہیوال واقعے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    لاہور: ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے بعد جب میتیں اُٹھائی گئیں تو انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، جاں بحق افراد کے ورثاء دھاڑیں مار مار کر روتے رہے جنہیں دیکھ کر لوگوں کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔

    دوسری جانب ساہیوال واقعے پر مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریک التوا جمع کرادی ہے، تحریک التوا پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف اور سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے دستخط موجود ہیں۔

    مزید پڑھیں: ساہیوال آپریشن 100 فیصد ٹھوس شواہد بنیاد پر کیا گیا، جے آئی ٹی کا مؤقف تسلیم کریں گے، وزیرقانون پنجاب

    تحریک التوا پر مریم اورنگزیب، ایاز صادق اور احسن اقبال کے بھی دستخط موجود ہیں، تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ ساہیوال واقعہ پر ایوان میں بحث کرائی جائے گی، نہتے شہریوں کا بچوں کے سامنے قتل اہم ترین مسئلہ ہے۔

    واضح رہے کہ کچھ دیر قبل وزیرقانون پنجاب راجا بشارت نے دیگر صوبائی وزراء کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی ٹی ڈی نے آپریشن 100 فیصد ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کیا ہے تاہم سی ٹی ڈی کی رپورٹ کو نہیں جے آئی ٹی رپورٹ کو حتمی تصور کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ تھانہ سی ٹی ڈی لاہور میں واقعے میں جاں بحق افراد پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے کہا کہ ہماری ایف آئی آر متعلقہ تھانہ میں دینے کے بجائے لاہور میں درج کروانے کا کہا جارہا ہے جبکہ پولیس ہماری نے ہماری ایف آئی آر کاٹنے کے بجائے مرنے والوں پر ہی مقدمہ درج کردیا۔