Tag: ساہیوال

  • سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنہ الخوارج کا دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی کارروائی، فتنہ الخوارج کا دہشت گرد گرفتار

    ساہیوال : محکمہ انسداد دہشت گردی نے کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد سے مذہبی منافرت پھیلانے والا لٹریچر اورکتابیں برآمد ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

    حکام نے بتایا کہ امان اللہ نامی دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج سے ہے، دہشت گرد سے مذہبی منافرت پھیلانے والا لٹریچر اورکتابیں برآمد ہوئی ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔

    یاد رہے سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے سائٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگرد ہدایت اللہ عرف عبدالحکیم کو حراست میں لے لیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سوات گروپ سے ہے، گرفتار ملزم کالعدم ٹی ٹی پی کراچی ولایہ کے تعلیمی امور کا ذمہ دار بھی ہے۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کو کالعدم ٹی ٹی پی کے کارندوں کیلئے چندہ جمع کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم سے چندے کی رقم اور بک بھی برآمد کرلی گئی تھی۔

  • ڈاکوؤں نے بیوپاریوں کو لوٹ لیا

    ڈاکوؤں نے بیوپاریوں کو لوٹ لیا

    عارف والا: ساہیوال روڈ پر ڈاکوؤں نے لاہور کے بیوپاریوں کو لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع ساہیوال روڈ پر ڈاکوؤں نے لاہور کے بیوپاریوں کو لوٹ لیا، ڈاکو بکرے، موبائل فون اور نقدی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق عارف والا میں بیوپاری منڈی دنیا پور لودھراں سے قربانی کے جانور لا رہے تھے، بائی پاس پر چک 145 کے قریب کار سوار ڈاکوؤں نے روکا، ڈاکوؤں نے بیوپاریوں کو فصلوں میں لے جا کر ہاتھ پاؤں باندھ دیے۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ڈاکو گن پوائنٹ پر گاڑی سمیت 11 بکرے، 2 موبائل فون اور نقدی لے گئے، تھانہ صدرپولیس نے بیوپاری خلیل کی مدعیت میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کر لیا۔

  • پولیس کانسٹیبل بھی ہنی ٹریپ میں ملوث نکلا

    پولیس کانسٹیبل بھی ہنی ٹریپ میں ملوث نکلا

    کچے کے علاقے کے بعد ساہیوال میں بھی ہنی ٹریپ کا کیس سامنے آگیا جس میں پولیس کانسٹیبل ہی ملوث نکلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کچے کے علاقے کے بعد ساہیوال میں بھی ہنی ٹریپ کا کیس سامنے آگیا، ہنی ٹرپ کیس میں پولیس کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ساہیوال میں ماہم نامی لڑکی نے ارشد کو کال کر کے رینٹ پر گاڑی منگوائی، کالج چوک کے قریب دوسری گاڑی نے ان کی گاڑی کو روکا، پولیس کانسٹیبل رانا اکمل اور رانا ضیا نے اسلحہ کے زور پر کار مالک کو پچھلی سیٹ پربٹھایا۔

    ایف آئی آر کے مطابق پولیس کانسٹیبل اور ساتھی نے کار کے مالک سے 3 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا، پیسے نہ دینے پر پولیس کانسٹیبل نے ارشد کے اے ٹی ایم سے 43 ہزار روپے نکالے۔

    ارشد نے مزید بتایا کہ کانسٹیبل نے دھمکی دی اگر کسی کو بتایا تو منشیات کے کیس میں بند کروادوں گا، ڈی پی او نے اس واقعے کا نوٹس لیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے لڑکی اور کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا۔

  • ساہیوال اسپتال میں ماں کے سوتے ہی خاتون نومولود بچہ چرا کر بھاگ گئی

    ساہیوال اسپتال میں ماں کے سوتے ہی خاتون نومولود بچہ چرا کر بھاگ گئی

    ساہیول: پنجاب کے شہر ساہیوال کے ایک سرکاری اسپتال میں ماں کے سوتے ہی خاتون اس کا نومولود بچہ چرا کر بھاگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم اسپتال سے نومولود بچہ اغوا ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے ہاں گزشتہ رات بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلال کالونی کی رہائشی خاتون طیبہ نامی خاتون نے گزشتہ رات حاجی عبدالقیوم اسپتال میں بچے کو جنم دیا تھا، زچہ کے سونے پر وارڈ میں موجود خاتون بچے کو اٹھا کر لے گئی۔ اے آر وائی نیوز کو اغوا کار خاتون کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موصول ہو گئی ہے، فوٹیج میں خاتون کو مغوی بچے کو اسپتال سے لے جاتے دیکھا گیا۔

    ورثا کے مطابق ماں کے سونے پر وارڈ میں موجود عورت بچے کو اٹھا کر لے گئی، ورثا کی جانب سے واقعے کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس تھانہ سٹی نے اسپتال پہنچ کر تفتیش کی، اور اسپتال اور گرد و نواح میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمہ کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • ساہیوال میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

    ساہیوال میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا

    ساہیوال: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) نے ساہیوال میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات پر ساہیوال کے علاقے جنوبی کنارہ پاکپتن کینال کے قریب واقع نرسری جنگلات میں کارروائی کی گئی، اس دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کا دہشت گرد گرفتار کیا گیا۔

    حکام سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد سے دو ہینڈ گرینیڈ ، ڈیٹونیٹرز اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، گرفتار دہشت گرد کی شناخت عماد علی عرف پٹھان کے نام سے ہوئی ہے جو کہ اسلام آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

    سی ٹی ڈی ساہیوال نے وسیم اخترسی پی ایل کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے،مقدمہ انسداد دہشت گردی فور، فائیو ایکسپلوزوایکٹ کےتحت درج کیاگیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

    سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشت گردوں کا قلع وقمع کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے، گذشتہ روز شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابی ملی تھی جہاں ایک کامیاب آپریشن کے دوران کمانڈرمہتاب عرف لالہ سمیت سات دہشت گرد گرفتار کئے گئے تھے۔

    اس کے علاوہ ڈی آئی خان اور ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

  • ساہیوال پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے اور کراچی دوسرے نمبر پر

    ساہیوال پاکستان کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے اور کراچی دوسرے نمبر پر

    لاہور: صوبے پنجاب کا شہر ساہیوال پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے، جہاں آج اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس 198 ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال اور گردونواح میں ہر طرف دھند کا راج ہے،آلودگی خطر ناک حد تک بڑھ گئی ہے اس کے علاقہ شہر میں گلے اور سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان کے پڑوسی ممالک بھارت کی دارالحکومت نئی دلی میں بھی فضائی آلودگی برقرار ہے۔ فضائی آلودگی کے پیش نظر غیر ضروری کاروں اور ٹرکوں کی نوئیڈا سے دلی میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    اسموگ کے باعث دلی کے شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ شہری آنکھیں جلنے کی شکایات بھی کر رہے ہیں۔

  • ساہیوال میں اومیکرون کا کیس رپورٹ

    ساہیوال میں اومیکرون کا کیس رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک روز کے دوران کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے 17 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جبکہ ساہیوال سے بھی ایک کیس سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک ہی روز میں اومیکرون کے 17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، لاہور میں اومی کرون کے کیسز کی تعداد 288 تک پہنچ گئی۔

    ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اومیکرون کا ایک کیس ساہیوال میں بھی سامنے آگیا، پنجاب بھر میں اومیکرون کے 298 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

    محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ کو روکنا ایک چیلنج بن چکا ہے۔

    علاوہ ازیں لاہور میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح بھی 5.8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

  • سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، کالعدم تنظیم کے3 دہشت گرد مارے گئے

    سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، کالعدم تنظیم کے3 دہشت گرد مارے گئے

    ساہیوال : کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے فائرنگ کے تبادلہ میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کرکے دستی بم اوراسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے ، گرفتاردہشت گرد عمر دراز کو نشاندہی کے لیے لے جا رہے تھے کہ دہشت گرد کے ساتھیوں نے وین پر فائرنگ کردی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

    اس سے قبل کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کےتین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی مقدارمیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے تاہم 4 سے 5 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق ہلاک ملزمان یوم عاشور پر بہاولنگرمیں دہشتگردی سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

  • سی ٹی ڈی کی کارروائی، ساہیوال سے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی کارروائی، ساہیوال سے کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار

    ساہیوال : سی ٹی ڈی پولیس نے نواحی اڈہ میردادمعافی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتار کرکے دھماکا خیز مواد، دستی بم اور ڈیٹونیٹرز برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں سی ٹی ڈی پولیس نے نواحی اڈہ میرداد معافی میں کارروائی کی ، کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو گرفتارکرلیا۔

    سی ٹی ڈی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سے دھماکا خیزمواد، دستی بم اور ڈیٹونیٹرز بھی برآمد ہوا ، تاہم مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل سی ٹی ڈی کی جانب سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاع پر 71آپریشن کیے گئے تھے، آپریشنزمیں 73 مشتبہ افرادکوتفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ تفتیش کے بعد7 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ، دہشت گردوں کے قبضے سے نفرت انگیزمواد، ممنوعہ سامان برآمد کرلیا ، گرفتار مبینہ دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

  • لاہور کی 4 بچیاں کہاں سے برآمد ہوئیں، پولیس کا دل دہلا دینے والا انکشاف

    لاہور کی 4 بچیاں کہاں سے برآمد ہوئیں، پولیس کا دل دہلا دینے والا انکشاف

    لاہور: پولیس نے یہ دل دہلا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ لاہور کے علاقے ہنجروال سے اغوا شدہ 4 بچیاں ساہیوال میں ایک قحبہ خانے سے برآمد ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہنجروال سے لا پتا ہونے والی چار بچیوں کی ساہیوال سے بازیابی کے معاملے میں پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں ساہیوال کے ایک قحبہ خانے سے برآمد کیا گیا، جہاں انھیں بیچ دیا گیا تھا۔

    پولیس بیان کے مطابق ساہیوال پولیس نے قحبہ خانے پر چھاپا مارا تو ایک نوجوان شہزاد پکڑا گیا، اس نے از خود بتایا کہ چاروں بچیاں قحبہ خانے میں ہیں، شہزاد کی نشان دہی پر چاروں بچیاں قحبہ خانے سے برآمد ہوئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قحبہ خانے کی مالکن کے انکشاف پر رکشہ ڈرائیور قاسم، اور اس کی بیوی کو گرفتار کیا، معلوم ہوا کہ رکشہ ڈرائیور قاسم نے بچیاں قحبہ خانے کو بیچی تھیں، اس نے بچیوں کو لاہور سے اغوا کیا اور ساہیوال لے آیا۔

    ساہیوال : چار بچیوں کے اغوا کیس میں اہم پیش رفت، 6 ملزمان گرفتار

    ڈرائیور قاسم نے ایک رات بچیوں کو لاہور میں اپنے گھر رکھا، پھر ساہیوال لے آیا تھا، جب کہ قاسم ساہیوال جھال روڈ کا رہائشی ہے، اور لاہور میں کام کرتا ہے۔

    لاہور : بازیاب ہونے والی چاروں بچیوں کا گھر واپس جانے سے انکار

    واضح رہے کہ اس کیس میں اب تک گرفتار ملزمان میں رکشہ ڈرائیور، شہزاد، نعیم، آصف، شوکت علی، شازیہ اور زینت شامل ہیں۔

    بچیوں کو لاہور کے علاقے ہنجروال سے 30 جولائی کو اغوا کیا گیا تھا، جنھیں ساہیوال کے علاقے پاکپتن چوک سے بازیاب کرایا گیا، پولیس کو معلوم ہوا تھا کہ رکشہ ڈرائیور قاسم کا جرائم پیشہ افراد کے ساتھ رابطہ تھا، جس پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریش کے بعد پولیس تھانہ غلہ منڈی نے کارروائی کی تھی، بچیوں کو بازیاب کر کے لاہور روانہ کیا گیا۔