Tag: ساہیوال

  • ساہیوال میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اغوا

    ساہیوال میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اغوا

    ساہیوال: ساہیوال میڈیکل کالج کےایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ساجد مصطفیٰ اغوا ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ساہیوال پولیس کا کہنا ہے کہ 4 نامعلوم کار سوار افراد نے پیر کی شام کو پروفیسر ڈاکٹر ساجد کو ان کے کلینک کے قریب سے اغوا کر لیا ہے۔

    پولیس کو چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ساجد کی گاڑی کلینک کے قریب ہی ملی، جس سے شواہد اکھٹے کیے گئے۔

    ایسوسی ایٹ پروفیسر کے اغوا کے معاملے پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی سے رابطہ کر کے ڈاکٹر کی بازیابی کے لیے کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

    چائلڈ اسپیشلٹ ڈاکٹر ساجد مصطفیٰ

    آئی جی انعام غنی نے وزیر صحت پنجاب کو ڈاکٹر ساجد مصطفیٰ کی جلد بازیابی کی یقینی دہانی کرائی، آئی جی نے کہا کہ آر پی او ساہیوال کی سربراہی میں ڈاکٹر ساجد کی بازیابی کے لیے کوشش جاری ہے۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد نے مغوی ڈاکٹر کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہم دردی کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر کی جلد بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    ادھر ساہیوال میڈیکل کالج کے شعبہ پیڈز کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کے اغوا پر صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوی ایشن اوکاڑہ ڈاکٹر اویس نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے، ڈاکٹر اویس نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ساجد کو جلد از جلد بازیاب کرا کر ملزمان کو سخت سزا دی جائے۔

  • ساہیوال:سی ٹی ڈی نے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا

    ساہیوال:سی ٹی ڈی نے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا

    ساہیوال: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں عباد اللہ اور رضا اللہ شامل ہیں،دونوں دہشت گردوں سےدستی بم،پستول، گولیاں ،نقدی برآمد کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔دہشت گردوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

    سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، ایک دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سی ٹی ڈی نے لاہور میں دہشت گرد کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹ، دستی بم اور بارودی سامان برآمد کیا تھا۔دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اسٹیشن کے قریب بارودی مواد سمیت خودکش حملہ آور کے انتظار میں تھا، دہشت گردوں نے حساس دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔

  • ساہیوال: ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر میں تصادم، 2 خواتین جاں بحق

    ساہیوال: ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر میں تصادم، 2 خواتین جاں بحق

    ساہیوال: صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں ہڑپہ ٹول پلازہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور ٹریلر میں تصادم ہوا، افسوس ناک حادثے میں 2 خواتین جان کی بازی ہار گئیں۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 24 خواتین سمیت 25 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ٹریکٹر ٹرالی میں خواتین کپاس کی چنائی کے لیے کھیت جا رہی تھیں۔

    بونیر:گاڑی کھائی میں گر گئی، 8 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بونیر میں چلندری چغرزئی میں گاڑی کھائی میں گرنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار افراد شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل تھے۔

  • ساہیوال، کراچی، چلاس میں حادثات، 6 افراد جاں بحق، 46 زخمی

    ساہیوال، کراچی، چلاس میں حادثات، 6 افراد جاں بحق، 46 زخمی

    ساہیوال/کراچی/چلاس: ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 46 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال میں عارف والہ روڈ بائی پاس کے قریب مسافر بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 35 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ 6 مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، معلوم ہوا کہ مسافر بس فورٹ عباس سے ساہیوال آ رہی تھی کہ بائی پاس عارف والا کے قریب بس کا ٹائر بلاسٹ ہو کر باڈی سے نکل گیا اور بس درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

    کراچی میں بھی احسن آباد کے علاقے میں ایک کنٹینر سڑک پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے، ہیوی کنٹینر الٹ کر سڑک پر پارک کی گئی گاڑی پر جا گرا تھا، سڑک پر موجود افراد کنٹینر کی زد میں آئے، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے کے بعد ٹریفک معطل کر دیا گیا ہے، پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

    گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے تاریخی شہر چلاس میں بھی ایک حادثہ پیش آیا ہے، بابوسر کے مقام پر سیاحوں کی وین کو حادثہ پیش آنے سے 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    کراچی کے علاقے احسن آباد میں کنٹینر الٹنے کا حادثہ

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے سیاحوں کا تعلق کراچی سے ہے، بریک فیل ہونے پر وین بے قابو ہو کر چٹان سے ٹکرا گئی تھی، حادثے کے زخمیوں کو آر ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہونے پر اسے گلگت منتقل کر دیا گیا ہے، اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • شرط جیتنے کے لیے شہری ریل کے نیچے لیٹ گیا

    شرط جیتنے کے لیے شہری ریل کے نیچے لیٹ گیا

    ساہیوال: پنجاب کے شہر ساہیوال میں ایک شخص شرط کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالتے ہوئے ریل گاڑی کے نیچے لیٹ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ساہیوال میں ایک شخص نے مال گاڑی کے نیچے لیٹ کر رئیل لائف اسٹنٹ کھیلا، لیکن اسے یہ حرکت مہنگی پڑ گئی، ڈسٹرکٹ پولیس ساہیوال نے اسے گرفتار کر کے لاک اپ کر دیا ہے۔

    گرفتار شخص نے محض ایک شرط کے لیے پٹری کے درمیان لیٹ کر ٹرین اوپر سے گزرنے دی، اس کے ساتھیوں نے اس عمل کی ویڈیو بھی بنا ڈالی، ویڈیو کے مطابق مذکورہ ادھیڑ عمر شخص نے پٹری کے درمیان لیٹ کر مال گاڑی کا انتظار کیا اور پھر مال گاڑی آنے پر اس کے گزرنے تک لیٹا رہا۔

    پٹری کے نزدیک بیٹھے افراد اس کو گردن نیچے رکھنے کا مشورہ بھی دیتے رہے، مال گاڑی گزرنے کے بعد وہ پٹریوں سے ہٹا تو اس کے ساتھیوں نے اسے گلے لگا کر مبارکباد دی۔

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران نوجوان چلتی ٹرین سے گر گیا

    تاہم اس واقعے کی اطلاع مقامی پولیس کو بھی مل گئی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ اپنی زندگی جان بوجھ کر خطرے میں ڈالنے یا خود کشی کرنے پر بھی پولیس شہریوں کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    زندگی اتنی ان مول شے ہے کہ ایک بار چلی جائے تو واپس کبھی نہیں آتی، اس لیے اس کی حفاظت انسان پر لازم ہوتی ہے، معمولی سے فائدے کے لیے اسے خطرے میں ڈالنا بے وقوفی ہی کہلائی جا سکتی ہے۔

  • ساہیوال، محنت کش کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش

    ساہیوال، محنت کش کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش

    ساہیوال: پنجاب کے شہر ساہیوال کے نواحی گاؤں کے رہائشی محنت کش جاوید کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے نواحی گاؤں کے رہائشی محنت کش کے گھر کا آنگن خوشیوں سے بھر گیا، نواحی علاقے 6/91 آر میں غریب محنت کش جاوید کے ہاں 4 بچوں کی بیک وقت پیدا ئش ہوئی ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق چار بچوں میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔

    غریب محنت کش محمد جاوید نے حکومت سے بچوں کی پرورش کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔

    مزید پڑھیں: سرگودھا میں خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش

    جاوید کا کہنا ہے کہ انتہائی غریب ہوں چار بچوں کی پرورش کرنا بہت مشکل ہے، حکومت مدد کرے، آخری اطلاع تک زچہ و بچے خیریت سے بتائے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 4 ستمبر کوسرگودھا کے نجی اسپتال میں غزالہ نامی خاتون نے بیک وقت 6 بچوں کو جنم دیا تھا، نومولود بچوں میں 4 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل تھیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ خوش نصیب والدین کے ہاں 7 سال بعد پہلی اولاد ہوئی ہے، تمام بچے اور ان کی والدہ صحت مند ہیں۔

  • ڈینگی کی روک تھام پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، عثمان بزدار

    ڈینگی کی روک تھام پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، عثمان بزدار

    ساہیوال : وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ڈینگی کی روک تھام پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، عملہ مستعد اور چوکس رہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال میں صفائی اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس حکام جرائم کی روک تھام کیلئے نوٹالرنس کا رویہ اپنائیں، تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب ملتان سے واپسی پر اچانک ساہیوال پہنچے اور شہر میں صفائی اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔

    بعد ازاں سرکٹ ہاؤس ساہیوال میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس بھی ہوا جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن، آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈینگی پر مکمل کنٹرول کرنے کیلئے عملہ ہر وقت مستعد اور چوکس رہے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی ذمہ داری ہر حال میں پوری کی جائے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کو جرائم پر کنٹرول کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے، عوام کے حقیقی مسائل سے آگاہی کیلئے فیلڈ کے دورے جاری رہیں گے۔

    مزید پڑھیں : ڈینگی نے پنجاب میں پنجے گاڑ لیے، مزید 2 مریض جاں بحق

    واضح رہے کہ ڈینگی نے پنجاب میں پنجے گاڑ لیے ہیں، آج راولپنڈی میں ڈینگی میں مبتلا بچے سمیت مزید دو مریض انتقال کر گئے۔

    12سال کا ساجد بے نظیر بھٹو اسپتال جب کہ بزرگ شخص ہولی فیملی میں زیر علاج تھے، ایک کا تعلق راولپنڈی دوسرے کا مانسہرہ سے ہے۔اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے شہر میں اب تک 28 اموات ہو چکی ہیں۔

  • ساہیوال: مسافر وین میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق، 7 زخمی

    ساہیوال: مسافر وین میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق، 7 زخمی

    ساہیوال: صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں مسافر وین میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں گیمبر اڈا کے قریب مسافر وین میں آگ لگ گئی، افسوس ناک واقعے میں ڈرائیور سمیت 9 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

    آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اوکاڑہ اسپتال منتقل کیا جہاں 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق مسافر وین میں آگ سی این جی سلنڈر کی لیکج کے باعث لگی۔

    بھکر میں ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    دوسری جانب بھکر میں ایم ایم روڈ پر فاضل اڈا کے قریب بس اور ٹریک میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔

    کوئٹہ قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ رواں ہفتے 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں آپس میں ٹکرا گئی تھی جس کے باعث تیرہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مسافر وین کوئٹہ سے ژوب آرہی تھی۔

  • ساہیوال کی بڑی سیاسی شخصیات ایف بی آر کی نادہندہ نکلیں

    ساہیوال کی بڑی سیاسی شخصیات ایف بی آر کی نادہندہ نکلیں

    ساہیوال: پنجاب کے ضلعے ساہیوال کی بڑی سیاسی شخصیات ایف بی آر کی نادہندہ نکلی ہیں، ایف بی آر نے محکمہ مال کو نادہندگان کی فہرست ارسال کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ضلع ساہیوال کی نادہندہ نمایاں سیاسی شخصیات کی فہرست تیار کر کے محکمۂ مال کو بھجوا دی ہے۔

    سیاسی شخصیات میں 18-2012 تک کے زرعی انکم ٹیکس نادہندگان کے نام شامل ہیں، سیاست دانوں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف ار پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے۔

    ایف بی آر کی فہرست کے مطابق پی ٹی آئی کے چوہدری نوریز 20 لاکھ 12 ہزار روپے، پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز 15 لاکھ 29 ہزار 825 روپے اور پی ٹی آئی کے مظفر شاہ 11 لاکھ 85 ہزار روپے کے ٹیکس نادہندہ ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط

    ن لیگی ایم این اے چوہدری اشرف 13 لاکھ 56 ہزار روپے کے ٹیکس نادہندہ ہیں جب کہ سابق ن لیگی ایم این اے چوہدری زاہد بھی 5 لاکھ 75 ہزار 500 روپے کے نادہندہ نکلے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے ریکوری بذریعہ گرفتاری اور قرقی کے آرڈر جاری کر دیے، حکام کا کہنا ہے کہ متعدد یاد دہانیوں کے با وجود زرعی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر ساہیوال کا کہنا ہے کہ نادہندگان کو 40 دن تک حوالات میں رکھا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں انھوں نے موجودہ ٹیکس نظام کو معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

  • ساہیوال: سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

    ساہیوال: سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں 24 گھنٹے میں 8 بچے جاں بحق

    ساہیوال: ڈی ایچ کیو اسپتال میں اے سی خرابی کے باعث گرمی سے چوبیس گھنٹے میں 8 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال کے سرکاری اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں اے سی خراب ہونے سے 8 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے، ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ 5 بچوں کی اموات وارڈ میں اے سی چلتے ہوئے ہوئیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ نے واقعے کی جامع تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا۔

    عثمان بزدار نے واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد کے تعین اور ان کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ دوسری طرف ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ رفاقت علی ساہیوال ٹیچنگ اسپتال پہنچ گئے۔

    ایڈیشنل سیکریٹری ہیلتھ رفاقت علی کا کہنا ہے کہ 3 بچوں کی اموات اے سی بند ہونے کی وجہ سے ہوئیں، چلڈرن وارڈ کے اسٹاف کے بیانات قلم بند کر لیے گئے ہیں، انکوائری رپورٹ شام تک مکمل کر کے سیکریٹری ہیلتھ کو پیش کی جائے گی، ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کا اسپتال کا اچانک دورہ، والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام ’عمران خان‘ رکھ دیا

    ساہیوال کے ڈپٹی کمشنر میاں زمان وٹو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں چلڈرن وارڈ کا ایئر کنڈیشنر خراب ہو گیا تھا جس کے باعث وارڈ میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا۔

    ڈی ایچ کیو اسپتال میں بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

    ادھر ترجمان وزارت صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے، مکمل تحقیقات کر کے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تحقیقاتی رپورٹ کے بعد حقایق سامنے آئیں گے۔