Tag: سبز

  • گھاس کا رنگ سبز کیوں ہوتا ہے؟

    گھاس کا رنگ سبز کیوں ہوتا ہے؟

    پھولوں کے مختلف رنگ ہوتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ گھاس کا رنگ صرف سبز ہی کیوں ہوتا ہے؟ آئیں آج اس سوال کا جواب جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق گھاس کا سبز رنگ کلوروفل کی وجہ سے ہے، اس کا تعلق طول موج اور سیلولر اجزا سے بھی ہے جسے آرگنیلز اور فوٹو سنتھیسز کہتے ہیں، جنہیں پودے سورج کی روشنی سے خوراک بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    کلورو پلاسٹ کہلانے والے چھوٹے آرگنیلز کے اندر کلوروفل کے مالیکیول پھنسے ہوئے ہوتے ہیں۔

    سائنس، انسانیت اور ثقافت کے ایک آن لائن میوزیم وی ایگزبٹس کے مطابق، کلوروفل کا ایک مالیکیول اپنے مرکز میں ایک میگنیشیم آئن پر مشتمل ہوتا ہے جو ایک پورفرین سے منسلک ہوتا ہے، یہ ایک بڑا نامیاتی نائٹروجن مالیکیول ہے۔

    یہ مالیکیول نظر آنے والی روشنی کی کچھ طول موجوں کو جذب کرتا ہے، بنیادی طور پر سرخ (ایک لمبی طول موج) اور نیلی، ایک چھوٹی طول موج۔ برقی مقناطیسی سپیکٹرم کا سبز خطہ جذب نہیں ہوتا اور اس کی بجائے آپ کی آنکھوں کے سامنے جھلکتا ہے اور آپ گھاس کا سبز رنگ دیکھ پاتے ہیں۔

    کلوروفل آپ کے لان کو سبز رنگ سے رنگنے سے زیادہ کام کرتا ہے، یہ فوٹو سنتھیسز کے لیے اہم ہے، جس میں ایک پودا سورج کی توانائی کو نشوونما کے لیے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پانی کو خوراک میں بدلنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

    شوگر بنانے کا یہ عمل کلوروپلاسٹ کے اندر ہوتا ہے۔

    نیشنل جیوگرافک کی رپورٹ کے مطابق، اس ڈھانچے کے اندر کلوروفل (اور کچھ حد تک دیگر رنگ) سورج کی روشنی کو جذب کرتے ہیں اور اس روشنی سے توانائی کو دو توانائی ذخیرہ کرنے والے مالیکیولز میں منتقل کرتے ہیں۔

    پھر پودا اس توانائی کو کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پانی کو شکر میں بدلنے کے لیے استعمال کرتا ہے، مٹی میں موجود غذائی اجزا کے ساتھ مل کر پودے ان شکروں کو پودوں کے مزید سبز حصوں کی تعمیر کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

    لیکن کلوروفل صرف نظروں کی دیدہ زیبی کے لیے نہیں ہے۔ یہ فوٹوسنتھیسز کے عمل میں بھی اہم طور پر شمار ہوتا ہے، جس کے ذریعے پودے ایک غیر نامیاتی مواد (روشنی) کو قابل استعمال، نامیاتی مواد (شوگر) میں تبدیل کرتے ہیں۔

  • کیا ہماری زمین جامنی رنگ کی تھی؟

    کیا ہماری زمین جامنی رنگ کی تھی؟

    ہماری زمین جو اس وقت سبز نظر آتی ہے، کیا آپ کو علم ہے کہ پرانے وقتوں میں جامنی ہوا کرتی تھی؟

    اگر آپ زمین کی تصاویر دیکھیں تو آپ زمین پر ایک نیلا رنگ غالب دیکھیں گے جبکہ کہیں کہیں سبز رنگ بھی دکھائی دے گا۔ نیلا رنگ سمندر کا جبکہ سبز رنگ زمین پر اگی نباتات کا ہے۔

    تاہم سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ کروڑوں سال قبل زمین میں سبز کی جگہ جامنی رنگ ہوا کرتا تھا۔

    امریکی ریاست میری لینڈ کی یونیورسٹی اور اسپیس ٹیلی اسکوپ سائنس انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین کا قیاس ہے کہ لگ بھگ 40 کروڑ سال قبل پودوں میں کلوروفل سبز کی جگہ جامنی رنگ کو منعکس کرتا تھا جس کی وجہ سے زمین کا ایک بڑا حصہ جامنی دکھائی دیتا تھا۔

    خیال رہے کہ کلوروفل وہ مادہ ہے جو پتوں کے اندر موجود ہوتا ہے اور سورج کی روشنی سے پودے کے لیے غذا بناتا ہے، اس عمل (فوٹو سینتھسس) کے دوران سبز رنگ بھی پیدا ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق کلوروفل سورج کی شعاعوں سے نیلا اور سرخ رنگ لے کر سبز رنگ منعکس کرتا ہے۔

    تصویر: ناسا

    اسپیس ٹیلی اسکوپ سائنس انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر ولیم اسپارکس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ فوٹو سینتھسس کا عمل کلوروفل کے اندر موجود جامنی رنگ کی جھلی کے نیچے انجام پاتا ہو۔

    ان کے مطابق ممکن ہے یہ جامنی جھلی سبز رنگ کو جذب کرلیتی ہو اور کلوروفل صرف جامنی رنگ کو منعکس کرسکتا ہو۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ فوٹو سینتھسس کے دوران جامنی رنگ پیدا کرنے کا عمل، سبز رنگ پیدا کرنے کے مقابلے میں نسبتاً کم پیچیدہ ہے اور اس کے لیے کم آکسیجن درکار ہے۔

    ماہرین کے مطابق زمین کا جامنی ہونا صرف ایک مفروضہ بھی ہوسکتا ہے تاہم یہ مفروضہ زمین کے قدیم ادوار کے بارے میں اب تک کی تحقیقوں سے مماثلت رکھتا ہے۔