Tag: سبزی فروش

  • میٹرک کے نتائج: سبزی فروش کے بیٹے نے والد کا سر فخر سے بلند کردیا

    میٹرک کے نتائج: سبزی فروش کے بیٹے نے والد کا سر فخر سے بلند کردیا

    طالبعلم ملک فیضان رضا نے سبزی فروش کا بیٹا ہونے کے باوجود میٹرک کے امتحان میں پوزیشن حاصل کرکے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیا کہ علم کسی کی میراث نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، بورڈ نے میٹرک کے امتحانات 2025 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کیا۔

    میٹرک کے نتائج کے اعلان کے بعد لاہور کے ایک سرکاری اسکول سے استقامت اور لگن کی ایک شاندار مثال سامنے آئی ہے جہاں ایک سبزی فروش کے بیٹے نے لاہور بورڈ کے میٹرک کے امتحانات میں سائنس گروپ میں لڑکوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

    گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 شاہکوٹ کے ہونہار طالب علم ملک فیضان رضا نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن( بی آئی ایس ایی) لاہور کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانات میں شاندار 1186 نمبر حاصل کیے۔

    میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان

    فیضان رضا نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے اساتذہ کی محنت اور والدین کی غیر متزلزل حمایت اور دعاؤں کو قرار دیا، انہوں نے کہا "میرے اساتذہ نے میرے ساتھ انتھک محنت کی، اور میرے والدین ہر قدم پر میرے ساتھ کھڑے رہے۔”

    اسکول کے پرنسپل نے فیضان کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا "اس نے اپنے اساتذہ کو قابل فخر بنا دیا ہے اور اسکول کی عزت افزائی کی ہے، اس کی کامیابی عاجزانہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے دیگر طلباء کے لیے ایک روشن مثال ہے۔”

    واضح رہے کہ ایک روز قبل بورڈ نے میٹرک کے امتحانات 2025 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کیا لاہور کی حرم فاطمہ (رول نمبر 115235) نے 1193 نمبر حاصل کر کے میٹرک کے امتحان میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

    دوسری پوزیشن نور الہدیٰ (رول نمبر 119842) اور حاجی ابو زر تنویر (رول نمبر 220365) نے حاصل کی، دونوں نے 1188 نمبر حاصل کیے، محمد علی (رول نمبر 254976) نے 1187 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    سائنس گروپ (بوائز) میں حاجی ابو زر تنویر 1188 نمبر لے کر پہلے، محمد علی 1187 نمبر لے کر دوسرے نمبر پر رہے، تیسری پوزیشن مشترکہ طور پر محمد ذہیب صدیق اور ملک فیضان رضا نے حاصل کی، دونوں نے 1186 نمبر حاصل کیے۔

  • کراچی میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    کراچی میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

    کراچی: شہر قائد میں سبزیوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، سستی سبزیاں بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہوگئیں۔

    ملک بھر میں جہاں بجلی کے بلوں نے عوام سے جینے کی رہن سہن چھین لی ہے وہی عوام پھلوں، سبزیوں، گروسری آئٹمز، اجناس وغیرہ کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کی وجہ سے بدترین مالی دباؤ سے گزر رہے ہیں۔

    کراچی میں بازار میں ٹماٹر 300 سے 350 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے جبکہ پیاز 120 روپے کلو ہوگئی ہے دیگر سبزیاں بھی مہنگی ہیں۔

    سبزی فروش کہتے ہیں پنجاب میں بارشوں کی وجہ سے سندھ سے سبزیاں وہاں بھیجی جارہی ہیں، اس قلت کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    دوسری جانب پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے لگا، لاہور میں مرغی کا گوشت 37 روپے مہنگا ہوکر 421 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا۔

    پولٹری ڈیلرز کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ میں 10 فیصد پولٹری فیڈ اور 18 فیصد پولٹری میڈیسن میں سیلز ٹیکس میں اضافہ کردیا، ٹیکسز عائد ہونے کی وجہ سے مرغی کے گوشت کی قیمتیں بڑھی ہے۔

    اگر حکومت نے کوئی موثر اقدامات نہ کیے تو مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

  • سبزی فروش 89 سالہ عمررسیدہ خاتون کا جذبہ اور لگن اب بھی جوان

    سبزی فروش 89 سالہ عمررسیدہ خاتون کا جذبہ اور لگن اب بھی جوان

    اگر محنت کا جذبہ جوان اور خود کمانے کی لگن موجود ہو تو بڑھتی عمر بھی انسان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، اسی کی تازہ مثال مصر کی 89 سالہ خاتون ہیں جو سبزی بیچ کر گزارہ کرتی ہیں۔

    مصر کی اس باہمت خاتون کا نام حجہ عزیزہ ہے اور مقامی لوگ انھیں اتنی عمر ہونے کے باوجود سڑکوں اور گلیوں میں سبزیاں بیچتا دیکھ کر ان کی ہمت کی داد دیتے ہیں۔

    عمر رسیدہ خاتون کہتی ہیں کہ وہ صبح 5 بجے اٹھ کر نماز پڑھتی ہوں، جس کے بعد وہ روزی روٹی کمانے نکل کھڑی ہوتی ہیں، سب سے پہلے وہ سبزیاں خریدنے کے لیے ہول سیلر کے پاس جاتی ہیں جب کہ گزرے 65 سالوں میں وہ ایسا ہی کرتی آئی ہیں۔

    ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں اور صارفین ان کی ہمت اور محنت کے جذبے کی تعریف کررہے ہیں، کچھ لوگوں نے ان کے رزق میں برکت کی دعا بھی کی۔

  • سبزی فروش سعودی خاتون فروٹ مارکیٹ کی مالکن کیسے بنیں؟

    سبزی فروش سعودی خاتون فروٹ مارکیٹ کی مالکن کیسے بنیں؟

    دمام: ایک سعودی خاتون کی یہ کہانی جان کر آپ حیران رہ جائیں گے، کہ وہ سڑک کنارے سبزی فروخت کرتے کرتے ایک خوب صورت فروٹ مارکیٹ کی مالکن کیسے بن گئیں۔

    یہ ہیں ام زیاد، وہ سڑک کنارے سبزی بیچتی تھیں، ایک سعودی شہری نے ان کی توہین آمیز ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جو وائرل ہو گئی۔

    ام زیاد سے توہین آمیز برتاؤ کرنے والے سعودی شہری کو اندازہ نہیں تھا کہ ان کا غیر انسانی رویہ اس غریب محنت کش کی زندگی بدل دے گا، توہین آمیز سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی دیر تھی کہ ملک کے طول و عرض سے عوام کا غم و غصہ جلد ہی ایوان اقتدار تک جا پہنچا۔

    ڈپٹی گورنر شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چھوٹے سے گھر میں رہنے والی 9 بچوں کی متاثرہ ماں سے ملاقات کی، اور ان کو حکومت کی طرف سے باقاعدہ طور پر دکان الاٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے تاکہ وہ با عزت طریقے سے بچوں کے لیے روزی کما سکے۔

    شہزادہ احمد بن فہد کا کہنا تھا کہ کسی شخص کو سوشل میڈیا کے ذریعے دوسروں کا مذاق اڑانے، کسی کی بے عزتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    دو دن قبل دمام کے مرکزی بازار میں ام زیاد کو دکان الاٹ کر دی گئی، یہ دکان ام زیاد کے گھر سے صرف 10 منٹ کے فاصلے پر ہے، وہ اپنی دکان پر آئیں تو گاہکوں کی طرف سے والہانہ استقبال پر حیران رہ گئیں، ایک مقامی تاجر نے ام زیاد کو اس کی دکان کے لیے سبزیاں اور فروٹ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

    العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے ام زیاد نے بتایا کہ جس شخص نے اس کی ویڈیو بنائی تھی وہ اکثر کالونی میں اس کے ٹھیلے پر آتا رہتا تھا، مجھے کسی کی ہم دردی کی ضرورت نہیں، میرا کام اور محنت میرے لیے فخر کا بہتر ذریعہ ہے۔

    پولیس نے خاتون کی کسمپرسی کی ویڈیو بنا کر مذاق اڑانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے، ام زیاد نے بتایا کہ ویڈیو بنانے والے شخص کو جب پولیس نے طلب کیا تو میں پریشان ہوگئی کہ شاید مجھے بھی بلایا جائے گا، ویڈیو سامنے آنے کے بعد عام لوگ بھی میرے بارے میں گفتگو کرنے لگے تھے۔

    انھوں نے کہا میری خواہش ہے کہ میں اپنا سودا مناسب قیمت پر مگر معیاری طریقے سے فروخت کروں اور مجھے روزانہ 100 ریال سے زیادہ کمانے کا کوئی لالچ نہیں۔