Tag: سبق

  • ننھے ہاتھی نے یہ سبق کہاں سے سیکھا؟ (دلچسپ مگر انسانوں کے لیے سبق آموز ویڈیو)

    ننھے ہاتھی نے یہ سبق کہاں سے سیکھا؟ (دلچسپ مگر انسانوں کے لیے سبق آموز ویڈیو)

    سوشل میڈیا پر ایک ننھے ہاتھی کی اپنی ماں کے ساتھ دلچسپ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو حیرت انگیز ہونے کے ساتھ انسانوں کیلیے سبق آموز بھی ہے۔

    سوشل میڈیا پر آئے دن مختلف دلچسپ ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں، جنہیں دیکھ کر دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔ جانوروں کی شرارتوں بھری ویڈیوز بھی صارفین کو خوب لبھاتی ہیں۔

    یہ زمین قدرت کا انمول تحفہ ہے جس کو انسان خود اپنے ہاتھوں تباہ کر رہا ہے اور زمین ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہونے کے ساتھ کچرے کا ڈھیر بھی بنتی جا رہی ہے۔

    خصوصاً ہمارے معاشرے میں تو صفائی کا فقدان جگہ جگہ نظر آتا ہے۔ جس کا جہاں دل چاہا کچرا پھینک دیا، تھوک دیا، یہ سوچے بغیر یہ ان کا انفرادی عمل اجتماعی بن کر ان کے ماحول کو ہی خراب کرتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی ننھے ہاتھی کی یہ ویڈیو ایسے ہی افراد کے لیے ہے۔ جس میں ہاتھی کا بچہ اپنے عمل سے انسانوں کو زمین کو صاف ستھرا رکھنے کا درس دے رہا ہے کہ اس کی طرح ہم انسان بھی عمل کر کے اپنی دھرتی کو صاف ستھرا کر سکتے ہیں۔

    ویڈیو میں کسی جگہ کا نام تو نہیں تاہم یہ کسی یورپی یا مغربی ملک کا منظر لگتا ہے۔

    اس مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاتھی کا ننھا بچہ اپنی ماں کے ساتھ سڑک کے فٹ پاتھ پر چل رہا ہے۔ اسی دوران اس کو فٹ پاتھ پر کچرا پڑا دکھائی دیتا ہے۔

    یہ ننھا ہاتھی ناسمجھ ہوتے ہوئے بھی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے کچرا اپنی سونڈ کے ذریعے فٹ پاتھ سے اٹھا کر قریب رکھے ڈسٹ بن میں ڈال دیتا ہے۔

    مادہ ہتھنی جب اپنے بچے کو پیچھے مڑ کر دیکھتی ہے تو قریب آنے پر اس پر پیار سے اپنی سونڈ پھیرتی ہے، جیسے کہ وہ بچے کو اس عمل پر شاباش دے رہی ہو۔

     

    سوشل میڈیا پر صارفین اس دلچسپ ویڈیو کو خوب سراہ رہے ہیں۔ ساتھ ہی تبصروں میں کہا جا رہا ہے کہ جانور ہم انسانوں سے بہتر ہیں. ننھے ہاتھی نے کچرے کو کوڑے دان میں پھینک دیا۔
    کچھ صارفین اس کو صفائی کا سبق قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں‌کہ ہم سب کو اس سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے! اگر جانور زمین کو سنبھال سکتے ہیں، تو انسان کیوں نہیں ایسا کر سکتے؟

  • پاکستان بھارت کو سبق سکھادے، ثقلین مشتاق

    پاکستان بھارت کو سبق سکھادے، ثقلین مشتاق

    سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو سبق سکھائے، ویزا اجرا کے حوالے سے بھارتی رویہ نامناسب ہے۔

    چیمپنزٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے اہم ترین میچ سے قبل ثقلین مشتاق نے بی سی سی آئی کے طرز عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ انھیں بھارتی ویزا حاصل کرنے میں پچھلے سال کتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستانی مداح بھارتی ٹیم کو کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم بھارت نے کبھی بھی اس حوالے سے اچھے ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا ہے، بھارت کا عجیب طرز عمل کبھی بھی ختم نہیں ہوتا جبکہ ہم ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہیں۔

    ثقلین مشتاق نے کہا کہ آپ ٹائی پہن کر اور انگلش بول کر یہ سمجھتے ہیں کہ آپ بہت مہذب ہوگئے ہیں، پاکستان کو ان کے خلاف اسٹینڈ لینا چاہیے اور انھیں سبق سکھانا چاہیے۔

    سابق آف اسپنر نے کہا کہ یہاں بچے ویرات کوہلی اور جسپریت بمراہ کو کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، ہر نوجوان انھیں ایکشن میں دیکھنے کا خواہشمند ہے۔

    48 سالہ سابق کھلاڑی نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ وہ کس دنیا میں رہتے ہیں اور کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ کب دانشمندی کا مظاہرہ کریں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-india-not-in-semi-final/