Tag: ستار ایدھی

  • عبدالستار ایدھی کی آنکھیں دو نابینا مریضوں کو لگا دی گئیں

    عبدالستار ایدھی کی آنکھیں دو نابینا مریضوں کو لگا دی گئیں

    کراچی: لوگوں کی آنکھیں اشک بار کرنے والے ایدھی صاحب نے سفر آخرت پر جاتے ہوئے بھی سماجی کام نہیں چھوڑے، دنیا سے جاتے ہوئے دو نابینا افراد کو اپنے آنکھیں عطیہ کرگئے، کامیاب سرجری کے بعد دونوں افراد کی دنیا روشن ہوگئی۔

    عبدالستار ایدھی نے دنیا فانی سے رخصت سے قبل اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کی وصیت کی تھی جس پر اہل خانہ نے عمل کرتے ہوئے ان کی آنکھیں عطیہ کردیں جو ایس آئی یو ٹی میں ٹرانسپلانٹ کرتے ہوئے دو مریضوں کو لگادی گئیں۔

    اس حوالے سے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی)کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں مریضوں کی سرجری کامیاب رہی جو کہ ایس آئی یو ٹی میں کی گئی جس کے بعد اب دونوں مریض دیکھنے کے قابل ہوگئے ہیں.

    ترجمان ایس آئی یو ٹٰی نے مزید کہا کہ ’’ایدھی صاحب کی آنکھیں ان کی وصیت کے مطابق عطیہ کی گئی ہیں، ایدھی صاحب کے اس جذبے سے لوگوں کو اعضاء عطیہ کرنے میں ترغیب ملے گی، پاکستان میں ہرسال ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد اعضاء ناکارہ ہونے سے انتقال کرجاتے ہیں، اگر لوگوں میں اعضاء کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے تو ان اموات پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’عبدالستار ایدھی ایس آئی یوٹی اسپتال میں 10 سال تک زیر علاج رہے ہیں، ایدھی صاحب نے سب سے پہلے اپنے اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد لوگوں نے متاثر ہوکر اعلانات کیے اور اب تک 2 ہزار افراد اپنے اعضاء عطیہ کرنے کی وصیت کرچکے ہیں‘‘۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے کی پالیسی کےسبب مریضوں کی شناخت ظاہر نہیں کی جارہی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک مریض کا تعلق کراچی اور دوسرے مریض کا تعلق اندرون سندھ سے ہےدونوں کی عمریں 30 سال سے 60 سال کے درمیان ہیں۔

  • عشرت العباد اور اسحق ڈار کی ایس آئی یو ٹی آمد، ستار ایدھی کی عیادت

    عشرت العباد اور اسحق ڈار کی ایس آئی یو ٹی آمد، ستار ایدھی کی عیادت

    کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار ایس آئی یو ٹی پہنچے جہاں انہوں نے معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی عیادت کی اور خیر یت دریافت کی۔

    اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر ادیب رضوی، عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی اور صاحبزادے فیصل ایدھی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کی شناخت ہیں ان کی شاندار سماجی خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔

    گورنر نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد خواہ کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتا ہو ایدھی صاحب کی خدمات کا معترف ہے کیونکہ ان کی سماجی خدمات کئی دہائیوں پر مبنی ہیں، آج مجھ سمیت ہر پاکستانی فکر مند اور ایدھی صاحب کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے ۔

    وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عبد الستار ایدھی کو بتایا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف بھی آپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

    انہوں نے وزیر اعظم کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی عبدالستار ایدھی کو دیا۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایدھی صاحب ہر پاکستانی کے لیے قابل فخر ہیں کیونکہ ان کی سماجی خدمات کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے انہوں نے ایدھی فاؤنڈیشن کے تمام مسائل حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔