Tag: ستلج میں دو مقامات

  • بھارت نے پاکستان کو ستلج میں 2 مقامات پر سیلاب سے متعلق آگاہ کردیا

    بھارت نے پاکستان کو ستلج میں 2 مقامات پر سیلاب سے متعلق آگاہ کردیا

    لاہور : بھارت نے پاکستان کو ستلج میں دو مقامات پر سیلاب سے متعلق آگاہ کردیا ، جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے اضلاع کو الرٹ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے دریائے ستلج میں دو مقامات پر سیلابی صورتحال سے متعلق پاکستان کو آگاہ کیا ہے، ہریک اور فیروزپور سے نیچے ہائی فلڈ کی اطلاع موصول ہونے پر وزارت آبی وسائل نے فوری طور پر چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو آگاہ کردیا ہے۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا کہ دریائے ستلج ہریکے کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث ڈاؤن اسٹریم پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دریائے ستلج اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے، لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز سمیت قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں اور مظفرگڑھ کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    مزید برآں، لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو حساس مقامات پر تعینات کیا جائے، موسلا دھار بارشوں کی صورت میں شہریوں کو پیشگی آگاہ کیا جائے۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔