سجاول : سندھ کے ضلع میں کل تعطیل کا اعلان کردیا گیا، جس کے تحت تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، اسکول، کالجز اور بلدیاتی ادارے بند رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سجاول کی ضلعی انتظامیہ نے بزرگ صوفی بزرگ شاہ عنایت شہید کے سالانہ عرس کے موقع پر منگل 12 اگست کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر زاہد حسین کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، اسکول، کالجز اور بلدیاتی ادارے بند رہیں گے۔
صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر، اوقاف و مذہبی امور سید ریاض حسین شاہ شیرازی عرس کی باقاعدہ افتتاحی تقریب انجام دیں گے۔
مزید پڑھیں : 15 اگست کو تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان
شاہ عنایت کے مزار پر تین روزہ تقریبات میں مذہبی و ثقافتی پروگرام شامل ہوں گے، جن میں روحانی محافل، صوفی موسیقی اور شاعری کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
صوبے بھر سے زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے، شاہ عنایت شہید کو روحانی رہنما، شاعر اور سماجی انصاف کے علمبردار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے، جن کا پیغام محبت، مساوات اور ہمدردی آج بھی لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عرس کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ زائرین کو سہولیات فراہم کی جا سکیں اور امن و امان قائم رکھا جا سکے۔