Tag: سحر خیزی

  • نئے سال کے ارادوں میں صبح جلدی اٹھنا بھی شامل ہے؟ پڑھیں مددگار طریقے

    نئے سال کے ارادوں میں صبح جلدی اٹھنا بھی شامل ہے؟ پڑھیں مددگار طریقے

    آج سال نو کا پہلا دن ہے۔ اگر آپ نے نئے سال میں بہت سے کام کرنے کے ارادے باندھ رکھے ہیں تو یقین جانیں ان کی تکمیل کا پہلا قدم سحر خیزی ہے۔

    صبح جلدی اٹھنا ایک بہترین طرز زندگی کی علامت ہے۔ سحر خیزی کی عادت نہ صرف طبی طور پر فائدہ مند ہے بلکہ یہ زندگی کے دیگر پہلوؤں میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

    بعض لوگوں کے لیے صبح اٹھنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ وہ لاکھ چاہیں تب بھی جلدی نہیں اٹھ پاتے نتیجتاً ان کی صبح کلاسز چھوٹ جاتی ہیں، وہ ہونے علیٰ الصبح والی میٹنگز میں شامل نہیں ہوپاتے جبکہ صبح ہونے والی تمام سرگرمیوں میں وہ دیر سے شریک ہوتے ہیں۔

    یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی تجاویز بتارہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ صبح جلدی اٹھ سکتے ہیں۔

    تھکے ہوئے ہیں تو سوجائیں

    عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ہر رات مقررہ وقت پر ہی سونا بہتر ہے۔ یہ غلط ہے۔ سونے کے لیے بستر پر اسی وقت جانا چاہیئے جب آپ تھکے ہوئے ہوں تاکہ جیسے ہی آپ لیٹیں آپ کو 5 منٹ کے اندر نیند آجائے۔

    اگر آپ مقررہ وقت پر بستر پر لیٹ گئے ہیں اور آپ کو نیند نہیں آرہی تو آپ اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ اس صورت میں آپ کو دیر سے نیند آئے گی اور آپ اگلی صبح تھکن کا شکار ہوں گے۔

    مقررہ وقت پر اٹھیں

    سونے کے برعکس اٹھنے کا وقت مقرر کریں اور روز صبح اسی وقت اٹھیں۔ اگر آپ سونے کا وقت مقرر کریں گے تو روز اسی وقت پر خود بخود آپ کی آنکھ کھل جائے گی۔

    اگر آپ رات کو دیر سے سوئے ہیں تب بھی صبح جلدی اٹھنے سے آپ جلدی تھک جائیں گے اور رات جلد سوجائیں گے یوں آہستہ آہستہ آپ کا معمول بہتر ہوتا جائے گا۔

    الارم ’سنوز‘ کو بھول جائیں

    الارم میں لگے سنوز کے بٹن کو بھول جائیں اور الارم کی پہلی گھنٹی پر اٹھ جائیں۔ اگر آپ کو 6 بجے اٹھنا ہے تو ساڑھے 5 کے بجائے 6 بجے کا ہی الارم لگائیں اور الارم بجتے ہی اٹھ جائیں۔

    انگڑائی لیں

    کیا آپ نے پالتو جانوروں کو غور سے دیکھا ہے؟ یہ نیند سے اٹھنے کے فوراً بعد بھرپور انگڑائیاں لیتے ہیں۔ انگڑائی جسم میں خون کی روانی کو تیز کرتی ہے۔

    رات سونے سے پہلے انگڑائی لینا نیند لانے میں معاون جبکہ نیند سے اٹھنے بعد سستی دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

    پانی پئیں

    نیند سے اٹھنے کے فوراً بعد ایک تو گہرے سانس لیں۔ اس کے بعد ایک گلاس پانی پئیں۔ یہ دونوں چیزیں آپ کے دماغ کو بھرپور آکسیجن فراہم کرے گی۔

    حرکت کریں

    نیند سے اٹھنے کے بعد بستر پر نہ لیٹے رہیں بلکہ اٹھ کر حرکت کریں۔ زیادہ بہتر ہے کہ اٹھنے کے بعد آپ اپنے آفس جانے کے لیے کپڑوں اور جوتوں کی تیاری کریں۔

    یہ نیند بھگانے میں آپ کی مدد کرے گی اور آپ کو تیاری کے لیے جلدی اٹھنے پر بھی مجبور کرے گی۔

  • صبح جلدی اٹھنے کے فوائد

    صبح جلدی اٹھنے کے فوائد

    صبح جلدی اٹھنا بہت سے لوگوں کے لیے ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ حالانکہ کہاوت ہے، ’جلدی سونا اور جلدی اٹھنا آپ کو صحت مند، دولت مند اور عقل مند بناتا ہے‘۔

    اگر آپ کو صبح کہیں جلدی نہیں بھی جانا تب بھی صبح جلدی اٹھنا چاہیئے کیونکہ اس کے بے شمار فائدے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں صبح جلدی اٹھنے کے کیا فوائد ہیں۔


    بہتر پڑھائی کا موقع

    ایک امریکی یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ طالب علم جو صبح جلدی اٹھتے ہیں ان کی تعلیمی کارکردگی ان طالب علموں سے بہتر ہوتی ہے جو دیر سے اٹھتے ہیں۔ وہ دوران لیکچر بھی زیادہ چاق و چوبند رہتے ہیں۔


    تخلیقی صلاحیت میں اضافہ

    صبح جلدی اٹھنے سے آپ کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور آپ کام کے حوالے سے نئے تجربات کرسکتے ہیں۔ کامیاب افراد اس گر کو سمجھتے ہیں چنانچہ دنیا کی تمام کامیاب شخصیات میں صبح جلدی اٹھنے کی عادت مشترک ملے گی۔


    دماغی صحت میں بہتری

    سحر خیزی کی عادت سے چونکہ آپ کو زیادہ وقت ملتا ہے اور آپ اپنے کام بہتر طور پر انجام دے سکتے ہیں لہٰذا سارا دن کوفت اور پریشانی سے بچے رہتے ہیں۔

    مقررہ وقت پر کام ہونے سے آپ کو ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے اور یوں آپ کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔


    مثبت خیالات

    صبح جلدی اٹھنے سے آپ میں منفی خیالات کی نشونما کم ہوتی ہے اور اس کی جگہ مثبت خیالات لے لیتے ہیں۔ آپ کی زیادہ توجہ اپنی دن بھر کی مصروفیات اور تجربات پر ہوتی ہے لہٰذا آپ منفی سوچوں سے محفوط رہتے ہیں۔


    ناشتہ کا وقت

    صبح بھرپور ناشتہ آپ کی کارکردگی، تخلیقی صلاحیت اور ذہنی نشونما میں اضافہ کرتا ہے لہٰذا ناشتہ کبھی نہ چھوڑیں۔ یہ اسی وقت ہوگا جب آپ جلدی اٹھیں گے اور آپ کے پاس ناشتے کا وقت ہوگا۔

    بھرپور ناشتہ جسمانی صحت کے لیے بھی بے حد ضروری ہے اور آپ کو موٹاپے سے بچاتا ہے۔

    تو پھر کل سے آپ صبح جلدی اٹھ رہے ہیں؟


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔