Tag: سخت کارروائی

  • سعودی عرب : سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ملازمین ہوشیار

    سعودی عرب : سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ملازمین ہوشیار

    ریاض : سعودی عہدیدار نے دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ملازمین کو سختی سے متنبہ کیا ہے، احکامات کی روگردانی پر باضابطہ کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

    سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے عہدیدار عبود آل زاحم  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران سرکاری ملازم سماجی رابطے کی ویب سائٹس استعمال کرنے کا مجاز نہیں ہے، قانون کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہوگی۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق آل زاحم نے توجہ دلائی کہ سرکاری اداروں کے ضابطہ اخلاق کے برخلاف ملازمین ڈیوٹی کے دوران اپنے موبائل فون کے ذریعے سماجی رابطہ وسائل پرسرگرم رہتے ہیں، یہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔

    زاحم کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو اس حوالے سے مزید پابند بنانے کے لیے سخت ضابطہ سازی ضروری ہوگئی ہے۔

    آل زاحم کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران نجی موبائل کا استعمال بدنظمی کی انتہا ہے۔ بہت سارے سرکاری ملازم سرکاری اداروں سے رجوع کرنے والوں کو نظر انداز کرکے اپنے موبائل سے کھیلتے رہتے ہیں یہ خلاف تہذیب بھی ہے۔

    آل زاحم نے کہا کہ بہت سی بین الاقوامی کمپنیاں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے اپنے ملازمین کو ڈیوٹی کے دوران نجی موبائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتیں، نجی نوعیت کے رابطوں تک پر پابندی لگائے ہوئے ہیں۔

  • 9 مئی: شرپسندوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل

    9 مئی: شرپسندوں اور سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل

    اسلام آباد: عوام نے سروے میں پر زور مطالبہ کیا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث ملک دشمن عناصر کے خلاف ملٹری کورٹس میں ٹرائل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے دل خراش واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عوام نے شرپسندوں اور سہولت کاروں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی اپیل کر دی۔

    عوام کا کہنا تھا کہ واقعہ 9 مئی کے شرپسندوں نے ملک میں انارکی کو پروان چڑھایا جو دراصل پاکستان کی سرحدوں کے محافظوں کے بھی دشمن ہیں۔

    عوامی رائے کے مطابق "اصل ذمہ داران اور مرکزی قیادت کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی ہونی چاہیے معافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے”۔

    عوام نے مایوس ہو کر کہا کہ سول عدالتوں کے کمزور نظامِ انصاف کی وجہ سے یہ عناصر بچ نکلتے ہیں تاہم ملٹری کورٹس کے زریعے انکو سزائیں دی جائیں۔

  • پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کیلئے آرڈینس جاری

    پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کیلئے آرڈینس جاری

    لاہور :پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے آرڈینس جاری کردیا، مجرموں کو جرمانہ اور تین سال کی سزا جبکہ اطلاع دینے والے کو برآمد ہونے والے سامان کی کل رقم کا دس فیصد انعام میں دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کرنے کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس سلسلے میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کیلئےآرڈیننس جاری کردیا۔

    جس کے تحت ذخیرہ اندوزوں کوجرمانہ اور 3سال کی سزا دی جائے گی جبکہ قبضہ میں لئے گئے سامان کو بحق سرکار ضبط کرکے نیلام کیا جائے گا۔

    آرڈیننس کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز کو ذخیرہ اندوزوں کے اسٹاک چیک کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے اور آرڈینس فوری طور پر پورے صوبے پر لاگو ہوگا۔

    آرڈیننس میں کہا گیا ذخیرہ اندوز پر ذخیرہ کئےگئے سامان کی نصف قیمت کےبرابرجرمانہ دینا ہوگا اور گودام کو چیک کرنے کیلئےوارنٹ کی ضرورت نہیں ہو گی جبکہ ذخیرہ اندوزی کی اطلاع دینے والے کو سامان کی رقم کا 10فیصد بطور انعام دیا جائے گا۔

    گذشتہ روز خیبرپختونخوا میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی روک تھام کے لیے آرڈیننس جاری کیا تھا،  وزیرقانون سلطان محمد خان کا کہنا تھا کہ  ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات دے دیئے گئے، بغیروارنٹ گرفتاری اورتلاشی لےسکیں گے،ملزمان کی ضمانت نہیں ہوگی، تین سال کی سزا اورجرمانہ دینا ہوگا۔

  • سندھ حکومت کا تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تجاوزات کےخلاف اینٹی انکروچمنٹ قانون کے تحت ایف آئی آردرج کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کی زیرصدارت تجاوزات کےخلاف کارروائی کاجائزہ اجلاس ہوا ، جس میں تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا تجاوزات کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ قانون کے تحت ایف آئی آردرج کی جائے گی۔

    چیف سیکریٹری سندھ  ممتاز علی شاہ نے کہا تجاوزات کےخلاف آپریشن میں سندھ پولیس کااہم کردارہے، کمشنرکراچی کا کہنا تھا کہ  ملیرندی میں باڑےبن گئےاورمضرصحت فصل اگائی جاتی ہے۔

    ممتاز علی شاہ نے مزید کہا ملیرندی پرباڑے،فصل اگانےوالوں کےخلاف کارروائی کی جائے، تجاوزات کےخلاف آپریشن کےبعدٹریفک کےمسائل ہورہےہیں۔

    اجلاس میں کراچی کے10بڑے روڈ پر ٹریفک سائین لگائیں جائیں گے، ممتاز علی شاہ نے بتایا ایس ایچ او،مختارکار،اسسٹنٹ کمشنر،ایس بی سی اے افسران تبدیل کئے گئے، جوافسرکام نہیں کرےگااس کےخلاف کارروائی کی جائےگی۔

    کراچی کے پارکس، نالوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، چیف سیکریٹری سندھ

    اس سے قبل 9 اکتوبر کو چیف سیکریٹری سندھ ممتازعلی کا کہنا تھا کہ شہر قائد کے تمام پارکس، نالوں اور فٹ پاتھوں سے غیر قانونی تجاوزات فوری ختم کی جائیں۔

    سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ 22 اکتوبر کو میئر کراچی، کے ایم سی اور دیگر اداروں کو فٹ پاتھوں سے تجاوزات کے فوری خاتمے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ہدایت کی تھی کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سیز حدود کے جھگڑے کے بجائے اپنے اپنے کام کریں۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا تھا عدالت عظمیٰ نے چیف سیکریٹری سندھ کو آپریشن کی نگرانی کی ہدایت بھی کی تھی۔

  • منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، سردار عثمان بزدار

    منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، سردار عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ کالا دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ہماری نئی نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والوں کی جگہ جیل ہے۔

    متعلقہ ادارے اور پولیس مل کر ایسے عناصر کی بیخ کنی کریں اور اس ضمن میں انسداد منشیات فورس سے بھی مکمل کوآرڈینیشن رکھی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔یہ کالا دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں،اس ناسور کے خاتمے کے لئے تیزی سے موثر کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے مشن میں متعلقہ اداروں کو فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔