Tag: سدرہ عرب قتل

  • راولپنڈی : جرگہ کے سربراہ کا  غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کا اعتراف

    راولپنڈی : جرگہ کے سربراہ کا غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کا اعتراف

    راولپنڈی : جرگہ کے سربراہ نے غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کا اعتراف کرلیا اور انکشاف کیا کہ وہ سدرہ عرب کو مظفرآباد سے راولپنڈی واپس لایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ پیر ودھائی پولیس نے شادی شدہ خاتون سدرہ عرب کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے جرگے کے سربراہ عصمت اللہ خان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    نیا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں پنجاب آرمز آرڈیننس 2015 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش مرکزی ملزم عصمت اللہ نے خاتون کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ سدرہ عرب کو مظفرآباد سے راولپنڈی واپس لایا تھا اور 16 جولائی کو کلاشنکوف لیکر مظفرآباد گیا تھا۔

    مقدمے میں کہنا تھا کہ ملزم نے دوران تفتیش تسلیم کیا کہ وہ مقتولہ کے دوسرے شوہر عثمان کے گھر اسلحہ لے کر داخل ہوا تھا اور برادری کے فیصلے یعنی جرگے کے حکم پر مقتولہ کو راولپنڈی لایا گیا، جہاں اسے قتل کر دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : راولپنڈی : جرگے کے حکم پر لڑکی کے قتل کے دل دہلا دینے والے واقعے میں اہم پیشرفت

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ اس واردات میں صالح محمد، امانی گل اور دیگر افراد بھی اس کے ہمراہ تھے۔ ملزم نے سدرہ کے شوہر کو دھمکایا اور خاتون کو زبردستی واپس لے آیا۔

    تفتیش کے دوران ملزم عصمت اللہ کی نشاندہی پر پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی کلاشنکوف برآمد کر کے قبضے میں لے لی ہے۔ تاہم ملزم کلاشنکوف کا کوئی قانونی لائسنس پیش نہ کر سکا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہیں اور ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔