Tag: سراج الحق

  • آصف علی زرداری کا سراج الحق سے ٹیلی فونک رابطہ

    آصف علی زرداری کا سراج الحق سے ٹیلی فونک رابطہ

    کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو فون کیا جس میں سینیٹ اور ڈپٹی چیئر مین کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی سینیٹ میں اپنا چیئر مین اور ڈپٹی چیئر مین منتخب کروانا چاہتی ہے جس کیلئے پیپلزپارٹی کے شریک چیئر میں آصف علی زرداری کی طرف سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں سے رابطہ کیا جا رہاہے۔

     اسی سلسلے میں آصف علی زرداری نے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے رابطہ کیا ہے اور ان سے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے تعاون مانگاہے۔

     دونوں رہنماؤں کے درمیان 25 منٹ گفتگو جاری رہی جس میں ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل اور مفاہمتی عمل کو بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

  • معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردارہوتاہے،سراج الحق

    معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردارہوتاہے،سراج الحق

    لاہور : امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں خواتین کے عالمی دن پر بی بی خدیجہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا کے بعد سیدہ بی بی زینب نے حق اور اسلام کے پرچم کو بلند کیا اور دربار یزید میں سیدہ زینب کے خطبے نے ثابت کیا کہ امام حسین حق اور سچ کے پیکر ہیں ۔

    ان کہنا تھا کہ پاکستان آج جن مسائل کا شکار ہے ان مشکلات کے حل کیلئے پاکستانی خواتین اہم کردار ادا کرسکتی ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت اور بارش کے باوجود خواتین کی کانفرنس میں خواتین کی بڑی تعداد میں  شرکت نہ صرف خوش آئند بلکہ پاکستانی قوم کیلئے حوصلہ افزاء ہے۔

  • سینیٹ الیکشن: سید خورشید شاہ کا سراج الحق سے ٹیلیفونک رابطہ

    سینیٹ الیکشن: سید خورشید شاہ کا سراج الحق سے ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن کیلئے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی، خورشید شاہ کا سراج الحق سے ٹیلیفونک رابطہ۔

    تفصیلات کے مطابق کل بروز جمعرات ہونے والے سینیٹ کے الیکشن کے سلسلے میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈراور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سیدخورشید شاہ نے جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق کو ٹیلیفون کیا اور ان سے سینیٹ الیکشن میں پی پی امیدواروں کو ووٹ دینے کی درخواست کی۔

    سربراہ جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ وہ جماعت اسلامی کے دیگر رہنماؤں سے مشورے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت کی جائے یا نہیں،

    واضح رہے کہ کل ہونے والے سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں ارکان کےدستبردار ہونےکاوقت ختم ہوچکا ہے، کل پولنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

    تین ہزاربیلٹ پیپرچھاپ لئےگئے ہیں،جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کسی ایم پی اےنے اپنا ووٹ بیچا تو وہ خیبر پختونخواہ اسمبلی توڑ دیں گے۔

  • امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی رحمان ملک سے ملاقات

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی رحمان ملک سے ملاقات

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نےامید ظاہر کی ہے کہ حکومت اورپی ٹی آئی میں جلد مذاکرات ہونگے۔

    اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور رحمان ملک میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کوشش ہے کہ پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان جلد مذاکرات ہوں اور جلد سے جلد مسئلہ حل ہواور تحریک انصاف اسمبلی میں واپس آجائے ۔

     پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کا اس موقع پر کہنا تھا،جرگے نے قومی سیاست میں مثبت کردار ادا کیا جس کی وجہ سے بڑےبڑےاختلافات میں کمی آئی ۔

     رحمان ملک کا کہنا تھا جو ڈیشل کمیشن جلد اور عوام کی خواہشات کے مطابق بننا چاہیئے ۔

  • وزیراعظم وآرمی چیف کا دورہ کراچی اہمیت کا حامل ہے،سراج الحق

    وزیراعظم وآرمی چیف کا دورہ کراچی اہمیت کا حامل ہے،سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ کراچی اہم ہے، امید ہے سانحہ بلدیہ ٹاؤن پر پیش رفت ہو گی، جے آئی ٹی کی رپورٹ کئی ماہ کی تفتیش کے بعد تیار کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شوکت خانم ہسپتال لاہور میں کسان بورڈ کے رہنماء ظفر حسین کے بیٹے کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ کراچی اہمیت کا حامل ہے،امید ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاون پر اہم پیش رفت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ حساس اداروں کی مدد سے مہینوں کے بعد تیار کی گئی ہے ، جو وزیر اعظم کا امتحان ہے کہ وہ سیاسی مصلحتوں کا شکار ہوتے ہیں یا مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچاتے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں ایک صوبے کے افراد کو دوسرے صوبوں کی نشستوں پر انتخابات لڑانا افسوس ناک ہے، حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کےلیے بظاہر برف پگھلتی نظر نہیں آ رہی ۔

    جہانگیر ترین اور اسحاق ڈار کو سیاسی جرگہ کی طرف سے خطوط لکھ دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ آصف علی زرداری اوربلاول جیسے بڑے لوگوں کے اختلافات کی بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت دو سال میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

  • کراچی کے حالات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے،سراج الحق

    کراچی کے حالات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے،سراج الحق

    کوئٹہ : جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل صرف اور صرف شرعی نظام میں مضمر ہے گولی اور دباؤ کے ذریعے مسائل حل کرنے کا نظریہ فیل ہوگیا ہے۔،

    کوئٹہ پہنچنے پرجماعت اسلامی کے صوبائی عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات کا نوٹس نہ لیا گیا اور حالات کو درست سمت نہ دی گئی توپورا ملک متاثر رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کو درست قراردینا غلط ہے، میاں نواز شریف اپنی کابینہ کے ہمراہ یہاں آکر مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ حکومت اپنی پانچ سال کی مقررہ مدت پوری کرے ،قبل از وقت شہادت ملنے پرحکومت الزام لگائے گی کہ ہمیں کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔

    موجودہ حکومت پانچ سال پورے کریگی تو عوام جان لیں گے کہ وہ ان کے مسائل حل کرسکی یا نہیں،سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر کے محروم طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکرنے کی کوششیں کررہی ہے۔

  • فرانس نے مسلمانوں کی غیرت کو للکارا ہے،سراج الحق

    فرانس نے مسلمانوں کی غیرت کو للکارا ہے،سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی میں اسلامی جمیعت طلبہ کی ریلی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ توہین آمیز خاکے شائع کرکے فرانس نے مسلمانوں کی غیر ت کو للکارا ہے۔

    جماعت اسلامی کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملتان روڈ لاہور پر احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ یہودی اور یورپی لابی کو خوش کرنے کے لئے کراچی میں ریلی پر فائرنگ کروا رہے ہیں۔

    جماعت اسلامی آئندہ جمعہ کو گستاخانہ خاکوں کے خلاف کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ملین مارچ کرے گی، انھوں نے کہا کہ قرآن اور رسول پاک کی توہین کرنے والوں کی ہمیشہ یورپ نے حوصلہ افزائی کی ۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان تمام انبیاء اور الہامی کتابوں کو تسلیم کرتے ہیں، مگر یورپ کا رویہ انتہا پسندانہ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم او آئی سی اور سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے اسلامی ممالک سے رابطہ کریں، سراج الحق نے گستاخانہ خاکوں پرپوپ کے بیان اور قومی اسمبلی کے ممبران کے احتجاج کو بھی سراہا۔

  • ایکشن پلان دینی مدارس کی مشاورت سے بنایا جائے،سراج الحق

    ایکشن پلان دینی مدارس کی مشاورت سے بنایا جائے،سراج الحق

    لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ دہشت گرد کوئی بھی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص لابی کے دباؤ میں آ کرمدارس کے خلاف پروپگینڈے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ دینی مدارس میں پڑھنے والے 30 لاکھ طلباء بھی پاکستانی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مرکزی و صوبائی تعلیمی بجٹ میں دینی مدارس کا کوئی حصہ نہیں ہوتا،دینی مدارس کی رجسٹریشن کی درخواستیں محکموں میں پڑی ہیں۔

    حکومت خود دینی مدارس کے معاملے پر لیت و لعل سے کام لے رہی ہے، سراج الحق نے کہا کہ پشاور سانحہ کو ایک مخصوص لابی دینی مدارس کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔

    سانحہ پشاور ہمارے لیے نائن الیون سے بڑھ کر ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان میں مدارس کی رجسٹریشن اور آڈٹ کا ذکر ہے ۔

    گزشتہ پندرہ سالوں سے دینی مدارس ذمہ داران کا رجسٹریشن کا مطالبہ تھا،پاکستان کے آئین کے سب سے زیادہ وفا دار علماء اور دینی مدارس ہیں۔

    انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم جو بھی ایکشن پلان بنائیں ، دینی مدارس سے مشاورت کریں،سراج الحق پاکستان کو مغرب کے پروپگینڈے میں آکر مدارس کو بدنام نہیں کرنا چا ہیے،مساجد اللہ کا گھر ہیں ،ان کی توہین کوئی برداشت نہیں کر سکتا۔

  • حکومت ملک کو معاشی دہشتگردی سے نجات دلائے، سراج الحق

    حکومت ملک کو معاشی دہشتگردی سے نجات دلائے، سراج الحق

    بدین: امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت خصوصی عدالتیں بنانے کے بجائے ملک کو معاشی دہشتگردی سے نجات دلائے، بدین میں تھر بچاؤ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا ہے کہ تھر پارکر کے اسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں، اگر سندھ بچانا ہے تو بدین بچانا ہوگا۔

    سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور سندھ کے حکمران تھر میں تماشا لگائے ہوئے ہیں، تھر میں 1600 بچے فوت ہو چکے ہیں جبکہ سندھ حکومت 16 ملین ڈالر کا ہیلی کاپٹر خریدنے میں مصروف ہے، حکومت ملٹری کورٹس کی تشکیل میں وقت صرف کرنے کے بجائے ملک کو معاشی دہشگردی سے نجات دلائے۔

    امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ تھرپارکر کے اسپتالوں میں ڈاکٹرز نہیں ہیں، جسکی وجہ سے وہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور اسی وجہ سے پاکستان کے لوگوں کی توجہ تھر کے طرف دلانے تھر جا رہا ہوں، کوئی مذہبی جماعت دہشت گردی کی حمایتی نہیں، سندھ میں بے روزگاری اور بدحالی ہے جبکہ حکمران ملکی دولت لوٹ کر پیسہ باہر منتقل کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں چوہدری، ویڈرے، سردار ایک دوسرے کو تحفظ دے رہے ہیں، اسمبلی میں غریب کی نمائندگی وہ کرتے ہیں جنہیں غربت کا علم ہی نہیں، غریب مزدور کا بیٹا ہونے پر فخر ہے، آج بھی کرائے کے مکان میں رہتا ہوں، بدین اپنے قدرتی وسائل سے دبئی بن سکتا ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ مرکز اسپیشل کورٹ کبھی ملڑتی کورٹس بنانے کا سوچتی ہے جبکہ ملک معاشی دہشتگردی کا شکار ہے اور اسکے لئے کوئی نہیں سوچ رہا۔ عوام کے مسائل اسلامی شرعی نظام سے حل ہو سکتے ہیں ۔ پی پی پی نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگا کر عوام سے دھوکا کیا ہے۔ پی پی پی 4 اور مسلم لیگ 20 بار حکومت کے مزے لے چکی ہے لیکن عوام کے لئے کسی نے کچھ نہیں کیا۔

  • فوجی عدالتوں کا قیام آئیڈیل صورتحال نہیں، سراج الحق

    فوجی عدالتوں کا قیام آئیڈیل صورتحال نہیں، سراج الحق

    لاہور: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کا قیام آئیڈیل صورتحال نہیں، معاملہ ابھی اسمبلی میں آئے گا، کہیں خامیاں ہوئیں تو دور کر لی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ لاہور میں مسیحی برادری کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سراج الحق نے کہا کہ فوجی عدالتوں کا قیام آئیڈیل صورتحال نہیں ہے، فوجی عدالتیں صرف دہشت گردی کے معاملات دیکھیں گی، اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن بھی فوجی عدالتوں کے زمرے میں آتا ہے تو اسے دیکھنا چاہیئے۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین بھی معاملے کو فوجی عدالتوں میں لے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود سانحہ ماڈل ٹاؤن کو دیکھے اور اسے انصاف سے حل کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کا معاملہ ابھی اسمبلیوں میں آئے گا، کہیں خامیاں ہوئیں تو دور کر لی جائیں گی۔ سراج الحق نے کہا کہ وی آئی پی کلچر ختم کئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

    دہشت گردی فرد، گروہ یا حکومت کرے، جماعت اسلامی قبول نہیں کرے گی، وہ سیاسی دہشت گردی کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کے ساتھ مسلسل بے وفائی اور غداری کی گئی، جس سے مسلمان اور غیر مسلمان دونوں غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔