Tag: سراج الحق

  • طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے: سراج الحق

    طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے: سراج الحق

    ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے، آج بھی یہ محرومیوں کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی نے ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب اب بھی محرومیوں کا شکار ہے، سب سے زیادہ کاشت کار اور کسان پریشان ہیں، جنوبی پنجاب کے نوجوان بے روزگار ہیں، اسپتالوں میں عام آدمی کو علاج بھی نہیں ملتا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے، آج بھی پی ٹی آئی کابینہ میں ملتان سے نمایندگی موجود ہے، پی ٹی آئی ہو یا ن لیگ، یا پیپلز پارٹی، جنوبی پنجاب سے متعلق پالیسیوں میں فرق نہیں آیا۔

    انھوں نے کہا کل بھی جاگیرداروں کا سیاست میں قبضہ تھا آج بھی ہے، آج بھی سیاست، تھانے، پٹوار خانے یرغمال بنے ہوئے ہیں، لوگوں کے چہروں پر مایوسی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے، عثمان بزدار

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہہ چکے ہیں کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں جان بوجھ کر پس ماندہ رکھا گیا، اب ہم نے یہاں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، عوامی فلاح کے لیے وہ کام کر رہے ہیں جو ماضی میں نہیں کیے گئے۔

    انھوں نے کہا تھا تعلیم، صحت، صاف پانی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی گئی ہے، پس ماندہ علاقوں کی ترقی اور خوش حالی کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

  • سراج الحق کا بلاول بھٹو سے رابطہ، آصف زرداری کی صحت دریافت کی

    سراج الحق کا بلاول بھٹو سے رابطہ، آصف زرداری کی صحت دریافت کی

    لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوسے ٹیلی فونک رابطہ کرکے سابق صدر آصف زرداری کی خیریت دریافت کی۔

    تفصیلات کے مطابق امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بلاول بھٹو کو فون کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    سراج الحق نےبلاول بھٹو سے آصف زرداری کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور سابق صدر کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

    سراج الحق نے کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت خرابی کی خبروں پرتشویش ہے،آصف زرداری کی صحتیابی کےلئےدعاگوہوں۔

    جس پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سابق صدرنےطبی بنیادوں پرضمانت لینےسے انکارکردیاہےجب کہ سابق صدرکوذاتی معالج تک رسائی نہیں دی جارہی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی خیریت دریافت کرنےپرسراج الحق کامشکورہوں اور موجودہ ملکی حالات میں باہمی رابطےضروری ہیں۔

  • ‘ 126 دن کا دھرنا دینا مولانا فضل الرحمان کا بھی حق ہے’

    ‘ 126 دن کا دھرنا دینا مولانا فضل الرحمان کا بھی حق ہے’

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا 126 دن کا دھرنا دینا مولانا فضل الرحمان کا بھی حق ہے، حکومت وعدے کے مطابق انہیں شربت کھانے کنٹینر مہیا کرے اور دھرنے کو نہ روکے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کی زیر صدارت منصورہ لاہور میں کشمیر، ناموس رسالت اور اتحاد امت کے موضوع پر مشائخ کانفرنس منعقد کی گئی۔

    امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جو جتنا بااختیار ہے وہ اتنا ذمہ دار بھی ہے، کشمیری ہم سے توقعات رکھتے ہیں، کشمیر پر حکومت کی کوئی کارکردگی نظر نہیں آرہی، پوچھیں تو کہتے 27 ستمبر کی تقریربہت اچھی تھی۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مودی نے بنگلادیش بنانے میں کردار کا اعتراف کیا اب بنگلہ دیش کا بدلہ لینے کا وقت آگیا ہے، مودی سے انتقام سری نگر کو لے کر پوراکریں گے۔

    آزادی مارچ کے حوالے سے سراج الحق نے کہا حکومت جے یو آئی ف کے دھرنے کو نہ روکے، ایک سو 26 دن کا دھرنا دینا مولانا فضل الرحمان کا بھی حق ہے، حکومت وعدے کے مطابق انہیں شربت کھانے کنٹینر مہیا کرے، فردوس عاشق حلوے سمیت پیکج کا اعلان کریں گی تو کون نہیں آئے گا۔

    سراج الحق نے قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کرنے والی جماعتوں کو پارلیمنٹ سے مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا۔

    گذشتہ روز امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وزیر اعظم کی خطے میں امن کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کی کوشش ہےایران اورسعودی عرب کی صلح ہو، خون کےآخری قطرےتک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • پاکستان بچانا ہے تو سرینگر میں جنگ لڑنی ہوگی: سراج الحق

    پاکستان بچانا ہے تو سرینگر میں جنگ لڑنی ہوگی: سراج الحق

    حیدر آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان بچانا ہے تو ہمیں سرینگر میں جنگ لڑنی ہے، ہماری ایمانی طاقت بہت زیادہ ہے، تاریخ بتاتی ہے ہم ایمان کی طاقت سے ہمیشہ جیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی حیدر آباد کے تحت آزادی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پہلی بار حیدر آباد میں بہنوں بیٹیوں اور بھائیوں کا سمندر دیکھ رہا ہوں، آج حیدرآباد نے کشمیریوں کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا شاہ بھٹائی کی دھرتی نے ہمیشہ ظالموں کے خلاف مظلوموں کا ساتھ دیا، یہاں کے لوگوں نے مودی اور مودی کے یاروں کو للکارا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا مقبوضہ وادی میں کشمیری جمعے کی نماز پڑھنے مسجدوں میں نہیں جا سکتے، کشمیری پتھر اٹھا کر بھارتی فوج سے لڑ رہے ہیں، کشمیری صرف کلمہ اور پاکستان کے ساتھ الحاق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا قابض بھارتی فورسز نے سری نگر کو قبرستان بنا دیا، پاکستان کی حکومت کو اقوام متحدہ کی جانب نہیں دیکھنا چاہیے، وزیر اعظم کی تقریر پر دنیا نے کوئی رد عمل نہیں دیا، وزیر اعظم قومی لیڈروں سے بات کریں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ 16 تاریخ کو خواتین کی اسلام آباد میں ریلی ہوگی، پھر بھی حکومت نہیں جاگی تو پھر ہم بتائیں گے کہ کیا کریں گے، جیسے کابل روس، امریکا کے لیے قبرستان بنا، بھارتی فوج کے لیے سرینگر بنے گا۔

    یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی نے گزشتہ روز کراچی میں آزادی کشمیر کنونشن سے خطاب میں کہا تھا افغانستان عالمی طاقتوں کا قبرستان بن سکتا ہے تو ہم کس بات کے منتظر ہیں، کیرالا کے وزیر اعلیٰ نے کہا میں کشمیر کی لڑکیوں سے تمہاری شادیاں کراؤں گا، میں کہنا چاہتا ہوں آپ نے یہ جرات کی تو ہم آپ کی آنکھیں نکال دیں گے۔

  • کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں: سراج الحق

    کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں: سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیری پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں سینکڑوں گناہ شہید ہو چکے، 300 سے زاید کشمیری بیٹیوں کو بھارتی فوج نے اٹھا لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے تحت آج لاہور میں آزادیٔ کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا لاہور، کراچی، پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی لوگ کشمیریوں کے لیے نکل رہے ہیں، 16 اکتوبر کو ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس کی طرف مارچ کریں گے۔

    امیر جماعت اسلامی نے سراج الحق نے 13 اکتوبر کو حیدر آباد میں آزادی مارچ کا بھی اعلان کیا، کہا خیال تھا وزیر اعظم یو این جانے سے پہلے سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کریں گے، یو این میں 27 ستمبر کو تقریر کے بعد کئی دن گزر چکے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہوا نہ ہی نظر بند کشمیری رہا ہوئے۔

    انھوں نے کہا افسوس ہے حکمرانوں نے کشمیریوں کی محبت کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھا، کشمیری بیٹی رابعہ نے بھارتی فوج کے پیچھے لگنے پر بھی کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ لگایا اور چھت سے چھلانگ کر جان دے دی لیکن نعرہ نہیں چھوڑا۔

    تازہ ترین:  مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 63 واں روز

    سراج الحق کا کہنا تھا مودی نے گجرات میں 2 ہزار سے زاید مسلمانوں کو شہید کیا، 370 اور 35 اے کا خاتمہ اچانک نہیں ہوا، وزیر اعظم کہتے تھے مودی منتخب ہونے کے بعد کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، اگر جنگ مسئلے کا حل نہیں تو بتائیں حل ہے کیا؟ دنیا کا کون سا ملک مذاکرات سے آزاد ہوا؟

    امیر جماعت اسلامی نے کہا ٹرمپ اور مودی چکر باز اور عالمی بد معاش ہیں، انھوں نے اعلان کیا دونوں کی فوجیں مشترکہ مشقیں کریں گی، قوم انتظار کر رہی ہے وزیر اعظم کوئی عملی قدم اٹھائیں، محض تقریروں سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کشمیر کے چار دریا پنجاب اور پاکستان کو سرسبز بنا رہے ہیں، کشمیری ماؤں نے فیصلہ کیا ہے کہ 16 اکتوبر کو آزاد کشمیر سے اسلام آباد مارچ کریں گی، کوئی عملی اقدام نہ کیا گیا تو قوم معاف نہیں کرے گی۔

  • کشمیریوں کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، سراج الحق

    کشمیریوں کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، سراج الحق

    پشاور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیکڑوں کشمیری قیادت نے نیلسن منڈیلا سے زیادہ وقت جیل میں گزارا ہے، ہم کشمیریوں کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں اب تک لاکھوں کشمیری شہید ہوچکے ہیں، اس وقت بھی ساری قیادت جیلوں میں ہے، 80 لاکھ کشمیری مسلمان جیل کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی کہ 57 دنوں میں کشمیریوں پر کیا گزری ہے، اس وقت کشمیر کے چوک چوراہے خون میں رنگے ہوئے ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ حکومت بہت خوش ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں زبردست تقریر کی ہے، ہماری حکومت کہتی ہے یوٹرن لینا کامیاب لیڈر کی نشانی ہے، خطرہ ہے حکومت پھر یوٹرن لے گی۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 56 واں روز

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آزاد کشمیر کا علاقہ پاکستانی قوم نے قربانیاں دے کر آزاد کرایا ہے، خیبرپختونخوا کے عوام نے پہلے بھی قربانی دی آج بھی تیار ہے، ایسا فیصلہ کریں جس سے کشمیر بھارتی فوج کا قبرستان بن جائے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 56ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں ایک بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، سراج الحق

    مقبوضہ کشمیر میں ایک بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، سراج الحق

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو کو 52 دن گزر گئے ہیں، 80 لاکھ کشمیری اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بند ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ آٹھواں جمعہ آگیا کشمیریوں کو مساجد میں نماز ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ 70 سال سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہے، عالم اسلام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: او آئی سی مسئلہ کشمیر کو محض تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سینیٹر سراج الحق

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا رویہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب پر مبنی ہے، اسے مسلمانوں کے ساتھ رویہ بہتر کرنا ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پونے 2 ارب مسلمانوں کو ویٹو پاور اور سلامتی کونسل کی نمائندگی دی جائے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل سراج الحق کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بستیاں ویران اور قبرستان آباد ہوچکے ہیں، او آئی سی بھی اس سارے معاملے کو ایک تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سلامتی کونسل نے بحث کی لیکن اس کا بیانیہ سامنے نہیں آیا۔

    امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیت سکھ اور ہندو دلت برادری بھی خطرہ میں ہے، برہمن ٹولے نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے بھارت پر قبضہ جما کر اقلیتوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

  • اقوام متحدہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب کا رویہ ترک کرے: سینیٹر سراج الحق

    اقوام متحدہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب کا رویہ ترک کرے: سینیٹر سراج الحق

    اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب پر مبنی رویہ ترک کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر نے یو این پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکام رہا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا رویہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب پر مبنی ہے، اسے مسلمانوں کے ساتھ رویہ بہتر کرنا ہوگا۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پونے 2 ارب مسلمانوں کو ویٹو پاور اور سلامتی کونسل کی نمایندگی دی جائے۔

    بھارتی وزیر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا عالمی امن کو مودی کے جنگی جنون سے شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

    تازہ ترین:  مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے کا الزالہ ضروری ہے: عمران خان

    ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی امن کو خطرات نے گھیر لیا ہے، عالمی برادری نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو ایٹمی طاقتوں میں جنگ بھی چھڑ سکتی ہے، جنگ چھڑگئی تو جنوبی ایشیا نہیں پوری دنیا کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس وقت نیویارک میں اقوام متحدہ کی 74ویں جنرل اسمبلی کے سیشنز جاری ہیں، آج پاکستان، ترکی اور ملائشیا نے نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے اہم ترین موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے فکر انگیز خطاب کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے واضح مؤقف اپناتے ہوئے دنیا کو پیغام دیا کہ انھیں دہشت گردی کے ساتھ اسلام کا تعلق جوڑنے والے قابل مذمت رویے کو ترک کرنا ہوگا۔

  • بلوچستان کے عوام بھی مظلوم کشمیری بھائیوں سے ساتھ ہیں ، سراج الحق

    بلوچستان کے عوام بھی مظلوم کشمیری بھائیوں سے ساتھ ہیں ، سراج الحق

    کوئٹہ : امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ افسوس ہے کشمیریوں پر ظلم پر پوری دنیا خاموش بیٹھی ہے لیکن ہم کشمیریوں کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آج کا اجتماع مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے لئے پیغام ہے کہ بلوچستان کے عوام بھی کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غیرت مند بلوچ اور پشتون دشمن کو پاش پاش کرنے کو تیار ہیں، ہم کشمیریوں کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہانے کیلئے تیار ہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو کی وجہ سے کوئی بھی باہر نہیں نکل سکتا، کشمیر کے عوام نماز جمعہ ادا نہیں کر سکتے، مساجد اور اسکول بند ہیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ بے حد افسوس ہے کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر پوری دنیا خاموش بیٹھی ہے،42دن سے کرفیو کےباوجود کوئی کچھ نہیں کررہا، کشمیر میں لوگ پیاروں کی گھروں میں تدفین پر مجبور ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ70سال سے کشمیر کےلوگ آزادی کے لیےترس رہے ہیں، کشمیر پاکستان کے لیےزندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

    مقبوضہ کشمیر کے عوام بے بسی کی تصویر بنے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، عملی طور پر ہماری حکومت نے سوائے بیانات کے کشمیریوں کے لیے کچھ نہیں کیا،43دنوں سےکشمیریوں کویرغمال بناکر رکھا ہوا ہے۔

  • او آئی سی مسئلہ کشمیر کو محض تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سینیٹر سراج الحق

    او آئی سی مسئلہ کشمیر کو محض تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سینیٹر سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ او آئی سی مسئلہ کشمیر کے ماحول کو ایک تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، بھارت کے عزائم نہ صرف کشمیر بلکہ پاکستان کیلئے بھی خطرناک ہیں۔ ا

    ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اب کشمیر کے لوگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

    سید علی گیلانی نے بھی کہا ہے کہ بھارت ہمارے لئے قتل گاہ تیار کررہا ہے، ہمارا تعلق کشمیریوں کے ساتھ ایک جان کا ہے۔ ہماری شہ رگ ان کے ہاتھ میں ہے جو کٹ رہی ہے۔ ہمارے سامنے مائیں اور بیٹیاں دم توڑ رہی ہیں، ہم اُن کے ساتھ عملی تعاون کریں۔

    سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بستیاں ویران اور قبرستان آباد ہوچکے ہیں، او آئی سی بھی اس سارے معاملے کو ایک تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سلامتی کونسل نے بحث کی لیکن اس کا بیانیہ سامنے نہیں آیا۔

    یہ امتحان ہماری صلاحیت کا ہے کہ ہم صرف تماشا کریں گے یا عملی اقدام بھی کریں گے۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت میں اقلیت سکھ اور ہندو دلت برادری بھی خطرہ میں ہے، برہمن ٹولے نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے بھارت پر قبضہ جما کر اقلیتوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔