Tag: سربراہ ایم کیو ایم ڈاکٹر فاروق ستار

  • ایم کیو ایم پاکستان رہنماؤں کے وارنٹ جاری

    ایم کیو ایم پاکستان رہنماؤں کے وارنٹ جاری

    کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان مخالف نعروں اور میڈیا ہاؤسز پر حملے میں ایک بار پھر ایم کیوایم پاکستان کی قیادت کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت نے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار،مشہور اینکر پرسن عامر لیاقت اور خالد مقبول سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف ایک بار پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    ذرائع کے مطابق تفتیشی افسران نے مفرور ملزمان کو گرفتار کرنے سے معزرت کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ معزز عدالت آئی جی سندھ پولیس کو ان رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے ہدایات جاری کریں۔

    جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کا کہنا تھا یہ عدالت کا کام نہیں کہ وہ آئی جی سندھ پولیس کو خط لکھیں اس لیے حکم دیتے ہیں کہ پولیس اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مفرور ملزمان کو اکتیس جنوری تک پیش کریں جس کے بعد عدالت کی سماعت ملتوی کردی گئی۔

    واضح رہے گزشتہ برس 22 اگست کو پریس کلب پر بانی ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد میڈیا ہاؤسز پر حملے کیے گئے تھے جس کی ایف آئی آر میں سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، عامر لیاقت اور خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا۔

  • ڈاکٹرفاروق ستار کا سہ روزہ تبلیغی دورے پہ جانے کا ارادہ

    ڈاکٹرفاروق ستار کا سہ روزہ تبلیغی دورے پہ جانے کا ارادہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے جنید جمشید کی نمازِ جنازہ کے موقع پر تبلیغ پر جانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے سہ روزہ تبلیغی دورے پر جانے کے ارادے کا اظہار جنید جمشید کے جنازے میں مولانا طارق جمیل سے ملاقات کے دوران کیا۔

    ذرائع کے مطابق جنید جمشید کی نماز جنازہ کے موقع پر معین خان اکیڈمی گراﺅنڈ میں فاروق ستار کی مولانا طارق جمیل کے ساتھ ملاقات ہوئی اور دورانِ گفتگو مولانا طارق جمیل نے فاروق ستار کو تبلیغ پر جانے کی پیش کش کی جسے فاروق ستار نے خوش دلی کے ساتھ فوری طور پر قبول کرلیا۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم کے سربراہ نے کہا کہ وہ جنید جمشید کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں اور 3 روز کے لیے تبلیغی اجتماع میں جائیں گے۔

    واضح رہے کہ حویلیاں کے مقام پر پی آئی اے کے طیارے کو حادثہ پیش آنے کے باعث معروف شخصیت جنید جمشید سمیت 47 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جس کے بعد جنید جمشید کی میت کو شناخت کے بعد آج کراچی میں دارالعلوم کورنگی میں سپردِ خاک کیا گیا۔

  • ایم کیو ایم نے وزیر اعلیٰ کے پی کے کی نا اہلی کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

    ایم کیو ایم نے وزیر اعلیٰ کے پی کے کی نا اہلی کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی نا اہلی کے لئے قرار داد جمع کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وزیر اعلی کے پی کے پرویز خٹک کی نا اہلی کے لئے قرار داد جمع کرا دی ہے قرار داد پر ایم کیو ایم کے فاروق ستار سمیت بارہ سے زائد اراکین کے دستخط موجود ہیں۔

    قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پرویز خٹک نے پاکستان کے خلاف بات کی اور غداری کے مرتکب ہوئے قرار داد میں پرویز خٹک کے عمل کی مزمت کی گئی اور اسے قومی سلامتی اور مفاد کے منافی قرار دیا گیا۔

     اسی سے متعلق : حکومت ہمیں‌ باغی بننے پر مجبور نہ کرے، وزیراعلیٰ پرویز خٹک

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کو نا اہل قرار دے کر ان کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے،ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے قرار داد میں مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اسے قومی اسمبلی سے منظور کرایا جائے۔

    واضح رہے کہ یکم نومبر کو صوابی میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ نے قومی سلامتی کے منافی اور صوبائی منافرت کے مترادف بات کردی تھی۔

  • عوامی رابطہ اورسو دن کی خدمتی مہم کا آغاز کریں گے،فاروق ستار

    عوامی رابطہ اورسو دن کی خدمتی مہم کا آغاز کریں گے،فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ عوامی رابطہ مہم کے آغاز کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ منتخب اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی اور لوگل گورنمنٹ کے نمائندے سو دن کی خدمتی مہم چلائیں گے۔

    فاروق ستار پی آئی بی میں واقع عارضی مرکز پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ 23 اگست کو کیا گیا اقدام مہاجر قوم کو متحد رکھنے کے لیے اُٹھایا گیا تھا اور آج بھی گراؤنڈ پر متحد و منظم کھڑے ہیں اور اب بھرپورعوامی رابطہ مہم کا آغاز کرنے جا رہے ہیں اس لیے عوام اور کارکنان پریشان نہ ہوں ہماری آئینی اورسیاسی جدو جہد جاری ہے اور رہے گی۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی رابطہ مہم پر گلی گلی اور محلے محلے جائے گی،اپنے ووٹرز سے رابطہ کسی طور نہیں توٹنے دیں گے اس لیےعوام اورکارکنان سے کہوں گا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے،ہم گراؤنڈ پر کھڑے ہیں اور جلد آپ کے مسائل کے حل کے لیے آپ کے دروازے پر ہوں گے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور لوگل گورنمنٹ نمائندے سو دن کی خدمتی مہم کا آغاز کریں گے جس کی تفصیلات سے اراکین اسمبلی خود ایک دو دن میں پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کو آگاہ کریں گے،اس مہم کے دوران عوام کے بلدیاتی مسائل حل کیے جائیں گے اور صفائی ستھرائی،پانی کی کمی،سیوریج کے نظام کی بہتری سمیت دیگر شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔

    فاروق ستار نے پریس کانفرنس میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات اور فنڈز کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک کو سب سے زیداہ ریونیو دینے والا شہر بے یار و مددگار ہے لیکن ہم کراچی،حیدر آباد اور میر پورخاص کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے اور ایم پی اے ،ایم این اے فنڈز سے علاقوں میں جو بن سکا ترقیاتی کام کروائیں گے۔

    انہوں نے ایک بار پھر یہ وضاحت کی کہ ایم کیو ایم پاکستان میرے یعنی ڈاکٹر فاروق ستار کے نام سے الیکشن کمیشن میں رجسٹرد ہے اور ہم ہی ایم کیو ایم ہیں اس حوالے سے ایک دھڑے کا دعوی خود ساختہ اور بے بنیاد ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستارکا کہنا تھا کہ یہ دھڑا قوم کو 22 اگست سے ہی منسلک رکھنا چاہتا ہے تا کہ متحد مہاجر قوم کا شیرازہ بکھر جائے اور قوم کو متحد و منظم کرنے کی ہماری کاوشیں دم توڑ جائیں گے۔

    ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے شکوہ کیا کہ ہمارے منتخب نمائندوں کو دھمکیاں جا رہی ہیں،وفاداریاں تبدیل نہ کرنے پر گرفتاری اور چھاپوں کی دھمکی دی جاتی ہیں،ہمارے منتخب ضلعی چیرمین و وائس چیرمین،یونین کونسل چیرمین و وائس چیرمین اور کونسلرز پر کہیں سے استعفی دینے کی تو کہیں سے وفاداریاں دینے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

    آخر میں فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا ایک ایک کارکن گراؤنڈ پر موجود ہے اور نہ اپنی وفاداریاں بدلے گا نہ ہی استعفی دے گا بلکہ قوم کی خدمت کرنے کی جو روایات ہماری رہی ہیں اُن پر کاربند رہے گا۔

     

  • اگر متحدہ بانی کو واپس لایا گیا تو میں کام نہیں کروں گا، فاروق ستار

    اگر متحدہ بانی کو واپس لایا گیا تو میں کام نہیں کروں گا، فاروق ستار

    کراچی: سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم نے 22 اگست کو اپنی پارٹی پر خودکش حملہ کیا اور اپنا پاؤں خود کلہاڑی پر مارا تاہم میں نے قوم اور کارکنان کو بچانے کے لیے 23 اگست کو علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ’’اگر بانی ایم کیو ایم کو متحدہ میں دوبارہ لایا گیا تو میں اُس پارٹی میں مزید کام نہیں کروں گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی نے بندوق پھینک دو اور قلم تھامو کی پالیسی قابل ستائش ہے جس پر انہیں سراہا جانا چاہیے‘‘۔

    پڑھیں:   وقت آنے پراسمبلیوں سے مستعفی ہوسکتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

     کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ عزیز آباد سے برآمد ہونے والے اسلحے سے لاعلم اور لاتعلق ہیں تاہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا اور حقائق کو عوام کے سامنے بیان لانے ہوں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ عظیم احمد طارق، ڈاکٹر عمران فاروق سمیت 12 مئی کے مقدمات کی تحقیقات ہونی چاہیے تاہم میئر کراچی وسیم اختر کو شہر کی ابتر صورتحال بہتر کرنے کے لیے رہا کیا جانا چاہیے۔

    مزید پڑھیں:  ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار کنوینر مقرر

    سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ ’’ایم کیو ایم کے کچھ لوگوں سے بھارتی خفیہ ایجنسی سے تعلقات ہوں اور را نے کراچی میں کام کیا ہو، تاہم محض چند لوگوں کی وجہ سے پوری قوم کو نشانہ بنانا زیادتی ہے، تاہم ایم کیو ایم پاکستان اب مکمل چھان بین کے بعد ہی لوگوں کو پارٹی میں شامل کررہی ہے‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹرفاروق ستارکے ساتھ کام نہیں کرسکتا،امجد اللہ خان

     فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’انیس قائم خانی اور مصطفیٰ کمال پارٹی سے مایوس ہوکر گئے تھے تاہم میں نے آج تک انہیں غلط نہیں کہا مگر اُن کے طریقہ کار پر اختلاف ہے‘‘۔

     

  • بھارت آبی جارحیت پر اتر آیا، ڈاکٹر فاروق ستار

    بھارت آبی جارحیت پر اتر آیا، ڈاکٹر فاروق ستار

     کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیانات اور اقدامات خطے میں عدم توازن پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کھلی آبی دہشت گردی پر اتر ے ہوئے ہیں اُن کی جانب سے مسلسل جنگی جنون کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، جو نہ صرف قابلِ مذمت ہے بلکہ اس جنگی جنون اور آبی دہشت گردی کو دنیا کا کوئی بھی ملک درست قرار نہیں دے سکتا‘‘۔

    پڑھیں: بھارت نے پانی بند کیا تواعلان جنگ تصور ہوگا، مشیر خارجہ

     انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم اگر ایشیاء اور خطے کے امن سے مخلص ہیں تو انہیں سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کرنی چاہئے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دوستانہ ماحول پیدا کرکے خطے میں پائیدارامن کا قیام یقینی بناکر دونوں ممالک کے عوام کو بلاتفریق جنگ و جدل کے ماحول سے نکالنا چاہئے ۔
    ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کاعندیہ دینے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور نریندر مودی کے بیانات و اقدامات کو خطے میں عدم توازن پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے ۔

     مزید پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں مظالم قابلِ مذمت ہیں، ایرانی سفیر

     سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ  نریندر مودی تمام تر انتہاء پسندانہ اقدامات کے باوجود پاکستان کا کچھ نہ بگاڑ سکے تو پاکستان میں پانی کا مسئلہ پیدا کرکے اپنی دشمنی کا کھلا اظہار کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اگر بھارتی وزیرا عظم اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہے اور پاکستانی دریاؤں کا پانی روکنے کی روش برقرار رکھی تو اس کے نتائج کسی طرح بھی دونوں ممالک اور خطے کے امن کیلئے انتہائی خطرناک برآمد ہوسکتے ہیں۔

      یہ بھی پڑھیں:  کشمیرکے بعد بھارت میں بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے

     نریندر مودی کو مشورہ دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان دشمنی میں اندھے ، بہرے اور گونگے پن کا مظاہرہ کرنے کے بجائے حقائق کو تسلیم کریں اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنے جنگی جنون اور انتہاء پسندانہ اقدامات سے باز رہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا عندیہ دینے اور پاکستان کے خلاف مسلسل ہرزہ سرائی کا سختی سے نوٹس لے اور خطے میں قیامِ امن کے لیے دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو ختم کروانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

  • بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں، فاروق ستار کی ہدایت

    بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں، فاروق ستار کی ہدایت

    کراچی: ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کی زیر صدارت پی آئی بی میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز گھانچی ہال پر اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان سمیت دیگر اہم اراکین رابطہ کمیٹی و اسمبلی ممبران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل میں سیاسی جدوجہد کو جاری رکھنے کے حوالے سے اہم امور زیر غور آئے تاہم بانی ایم کیو ایم کے آڈیو پیغام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ و رابطہ کمیٹی کے ممبران نے ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

    پڑھیں:  تمام شعبہ جات ہماری بات مانیں گے، فاروق ستار

     ڈاکٹر فاروق ستار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں پاکستان زندہ باد کہنے کا مینڈیٹ دیا گیاہے، 23 اگست کے بعد صورتحال کافی تبدیل ہوگئی ہے اور اب ملک کے خلاف بات کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا‘‘

    انہوں نے تمام ممبران کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں اور اپنی جدوجہد کو اسی طرح جاری رکھیں، ہم وطن کی خدمت کا عزم لے کر ایک بار پھر میدان میں اترے ہیں تاہم کسی کارکن یا ذمہ دار کو بیرون ملک سے آنے والی کالز سے کسی قسم کا خوف نہیں ہونا چاہیے‘‘۔

    مزید پڑھیں: لندن کے بیان سے کوئی تعلق نہیں، ایم کیو ایم پاکستان

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے خاص طورپر مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران اور اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والی کسی کال کا جواب نہ دیں کیونکہ اس طرح کی تمام کالز میں سیاسی جدوجہد سے علیحدہ ہونے یا اسمبلی سے مستعفیٰ ہونے پر دباؤ ڈالا جاتا ہے‘‘۔

  • خوفناک حادثے میں محفوظ رہنا معجزہ ہے،فاروق ستار

    خوفناک حادثے میں محفوظ رہنا معجزہ ہے،فاروق ستار

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے اسپتال سے چھٹی دیے جانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ خوفناک ایکسیڈنٹ بچ جانا معجزہ ہے۔

    میڈیا مقامی اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوفناک حادثے کے باوجود محفوظ رہنا کسی مرجزے سے کم نہیں یہ میرے لئے اللہ کی طرف سے عیدی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایکسیڈنٹ بہت خوفناک تھا لیکن میری ماوں، بیٹیوں ،بھائیوں اوربہنوں کی دعائیں رنگ لائیں ان کی دعاوں کا حق ادا کرنا میرے لئے ممکن نہیں میرے صرف پٹھوں اور ہاتھوں پر چوٹیں آئیں اس لیے مجھے ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ ندیم نصرت سمیت لندن میں موجود لوگوں نے بھی دعائیں کی لیکن ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا البتہ ٹویٹر پران کے پیغامات آئے اسی طرح معلوم چلا ہے کہ متحدہ قائد نے بھی ٹویٹرپرخیریت کا پیغام بھیجا۔

    اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم ، وزیراعلی سندھ اور گورنر سندھ سمیت تمام سیاسی دوستوں،ہسپتال کے عملے اور میڈیا کے دوستوں کا بھی بہت شکریہ ادا کرتے ہیں اور بالخصوص اس بات پرسب سے زیادہ خوشی ہے کہ جماعت اسلامی نے ایک نہیں بلکہ دو دو وفد بھیجے۔

    انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے لیکن جماعت کی تنظیمی سرگرمیاں بھی شروع کرنا ہیں اس لیے میں اپنی سیاسی سرگرمیاں فوری طورپرشروع کر دوں گا۔

    بعد ازاں ڈاکٹر فاروق ستار اسپتال سے اپنے گھر کی جانب روانہ ہوگئے جہاں اُن کے پرتپاک استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں کارکنان کی بڑی تعداد ہاتھوں میں پھول لیے اپنے رہنما کی آمد کے منتظر ہیں۔

  • ایم کیو ایم اس سال کھالیں جمع نہیں کرے گی،فاروق ستار

    ایم کیو ایم اس سال کھالیں جمع نہیں کرے گی،فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے اس سال قربانی کی کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    MQM announces not to collect hides of… by arynews

    پی آئی بی کالونی میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر سینیٹرنسرین جلیل کے ہمراہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے اس سال کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے اس سال کھالیں ایدھی فاؤنڈیشن،ایس آئی یو ٹی،چھیپا اور جعفریہ ڈیزاسٹرسیل کو دیں۔

    سربراہ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہماری فلاحی سرگرمیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،2005 کا زلزلہ ہو یا سونامی یا افریقی ممالک میں درپیش انسانی المیے سے متعلق مسائل ہوں ایم کیو ایم نے ہمیشہ متاثرین کی مدد کی تاہم اب فلاحی ذمہ داریاں اورسرگرمیاں اللہ کے سپرد کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگ اپنی مرضی سے کھالیں دیا کرتے تھے جنہیں ٹرکوں میں ڈال کربڑی محنت سے مرکز ایا جاتا،تمام کھالوں کو نمک لگا کر محفوظ کر کے فروخت کیا جاتا جس کے بعدان کھالوں سے حاصل رقوم سے فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھا جاتا تھا۔

    تاہم گزشتہ برس ہم نے بڑی محنت سے کھالیں جمع کیں اور نہایت ذمہ داری سے ٹرکوں کے ذریعے مرکزی کیمپ منتقل کر رہے تھے کہ ایک ادارے نے آکر یہ کھالیں ضبط کر کے کسی اور ویلفیئر ادارے کو دے دیں اس لیے اس سال ہم اپنی مرضی سے لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ کھالیں کسی اور ادارے کو دے دیں تا کہ کسی کو کوئی ایشو نہ رہے۔

    فاروق ستار نے رواں سال فلاحی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مخیر حضرات سے ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے چلانے کی درخواست بھی کی انہوں نے کہا کہ ہم دوسرے اداروں کو فلاحی کاموں کیلئے کھلا راستہ دے رہے ہیں۔

    سربراہ ایم کیو ایم نے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے ادارے نے سیلاب اورزلزلہ متاثرین تک مدد کی جبکہ بیرونی ممالک میں پیش آنے والی قدرتی آفات میں بھی حصہ لیا مگر اس وقت خدمت خلق فاؤنڈیشن کے بینک اکاؤنٹ سب سے نچلی سطح پر ہیں اور بری طرح متاثرہیں۔

    واضح رہے کہ 1978 میں اے پی ایم ایس او کے قیام کے ساتھ ہی خدمت خلق کمیٹی قائم کی گئی تھی اور تب سے اب تک بلا تعطل خدمت خلق فاؤنڈیشن اپنی فلاحی سرگرمیوں کے لیے کھالیں،زکوۃ،فطرہ اور چندہ جمع کرتی آئی ہے۔

  • سربراہ ایم کیو ایم  فاروق ستار نے سیکیورٹی کے لیے خط لکھ دیا

    سربراہ ایم کیو ایم فاروق ستار نے سیکیورٹی کے لیے خط لکھ دیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے پی آئی بی میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز کی سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے وزیراعظم، آرمی چیف، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، کورکمانڈر کراچی، صوبائی وزیر داخلہ سمیت تمام متعلقہ حکام کو خطوط لکھے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رکن رابطہ کمیٹی اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد حکومتی شخصیات سے ذاتی طور پر ملاقاتیں کرکے انھیں سیکیورٹی خدشات سے بھی آگاہ کیا لیکن حکومت کی جانب سے اس ضمن میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں کی گئی حالانکہ ایم کیو ایم کو طالبان سمیت کئی کالعدم جماعتوں کی جانب سے شدید خطرات لاحق ہیں۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہمیں درپیش سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کئے جانے کے بعد بھی سندھ حکومت کی ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز کو سیکیورٹی فراہم نہ کیا جانا اور ان گزارشات پر مجرمانہ خاموشی اختیار کرنا انتہائی تشویش ناک ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے حکومت سے سوال کیا کہ اگر ایم کیو ایم کے سیکیورٹی مرکز پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کی ذمہ داری کس کے سر ہوگی؟۔ اس لیے ایم کیو ایم ملک مقتدر حلقوں بہ شمول وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور حکومت سندھ سمیت تمام حکومتی و سیکیورٹی حکام سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ پی آئی بی میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز کو فی الفور معقول سیکیورٹی فراہم کی جائے۔