Tag: سربراہ عوامی مسلم لیگ

  • ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا حالات بہتری کی طرف لیکر جانے پڑیں گے: شیخ رشید

    ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا حالات بہتری کی طرف لیکر جانے پڑیں گے: شیخ رشید

    سربراہ عوامی مسلم لیگ اور شیخ رشید نے کہا ہے کہ ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا حالات بہتری کی طرف لیکر جانے پڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ اور شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ٹوئٹ میں لکھا کہ 13 جماعتیں اور اُس کے لیڈر عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر بھاگ گئے اور اب معاشی عذاب کا ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ  ایک لیڈر لندن، دوسر ادبئی، تیسرا سعودی عرب چلا گیا اور عوام  دھکے کھا رہے ہیں، ملک میں کل کی ہڑتال نے ثابت کیا کہ کاروباری طبقہ بھی مسائل کے شکنجے میں آگیا ہے، 48 گھنٹے میں بجلی میں ریلیف دینے کی بات کی تھی ایک ہفتہ بعد بھی اس کا کوئی نتیجہ نہ نکلا۔

    انہوں نے کہا کہ پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائےگی، بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی ملک کے مسائل کا حل نکلےگا، سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے جاتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ  ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا حالات بہتری کی طرف لیکر جانے پڑیں گے، افسوس کی بات ہے کہ عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جارہا لیکن اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی  اشد ضرورت ہے۔

     شیخ رشید نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ استحکام نہیں آئے گا تو حالات سنگین اور گھمبیر ہو جائیں گے، ستمبر اہم ترین مہینہ ہے دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کیلئے خوش آئند۔

  • عمران خان کی شادی ہوئی تو مبارک باد دوں گا، شیخ رشید

    عمران خان کی شادی ہوئی تو مبارک باد دوں گا، شیخ رشید

    راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی شادی سے متعلق خبروں کا جواب خود دے سکتے ہیں میرا اُن سے سیاسی تعلق ہے ذاتی نوعیت کا نہیں ہے.

    شیخ رشید میڈیا کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے، اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی شادی کے حوالے سے اتنا شورمچا ہوا ہے تو کوئی نہ کوئی بات تو ہوگی لیکن میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے.

    انہوں نے کہا کہ میرا عمران خان سے تعلق خالص سیاسی نوعیت کا ہے اس لیے ان کی نجی زندگی پر کوئی تبصرہ کرنے سے قاصر ہوں تاہم اگرعمران خان کی شادی کی خبر درست ہے تو میں انہیں مبارک باد دوں گا.

    خیال رہے بعض اخبارات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تیسری شادی کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم عمران خان کے قریبی ذرائع اور جن خاتون کا تذکرہ کیا جا رہا ہے اُن کے صاحبزادے نے بھی تردید کردی ہے.

    قبل ازیں چکوال میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 9 جنوری کو چکوال کی عوام پی ٹی آئی کے انتخابی نشان بلے پر مہر لگا کر کرپشن کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے شکست دے دی گی جس پر میں ابھی سے مبارک باد دیتا ہوں.

    انہوں نے کہا کہ امریکی دباؤ مودی کی وجہ سے آیا ہے اور نواز شریف مودی کا یار ہے اس لیے مودی کے یار کو ووٹ دینے والا بھی مودی کا یار ہوگا اور میں جانتا ہوں کہ چکوال کی عوام ایسی نہیں.

    شیخ رشید نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جس کے باعث چین 45 کے بجائے 13 دن میں مشرق وسطیٰ پہنچے گا جس کا پورا فائدہ پاکستان کو ہوگا.

  • مریم کسی کی نجی زندگی پر تبصرے نہ کریں ورنہ بات دور تک جائے گی، شیخ رشید

    مریم کسی کی نجی زندگی پر تبصرے نہ کریں ورنہ بات دور تک جائے گی، شیخ رشید

    لاہور : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں جس کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں، مریم نوازعمران خان کی ذاتی زندگی پر گفتگو نہ کریں ورنہ بات دور تک جائے گی.

    وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ملاقاتوں کے بعد لوگوں نے پُڑیاں واپس کردی ہیں اور اب وہاں سے کسی کو کسی قسم کی مدد این آر او کی صورت میں نہیں مل سکتی.

    انہوں نے کہا کہ شریف خاندان پہلی مرتبہ بری طرح پھنس چکا ہے اور اس بار انہیں کوئی نہیں بچا سکتا کیوں کہ سپریم کورٹ اور پاک فوج نے کرپشن سے پاک ملک کے عزم کا اعادہ کررکھا ہے.

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ بھی بدلے بدلے سے لگ رہے ہیں کیونکہ آصف زرداری بھی بدل گئے ہیں، اب الیکشن وہی جیتے گا جس کی سیاست چوک اور چوراہوں پر ہوگی.

    انہوں نے مزید کہا کہ آمریت سے جنم لینے والے جمہوریت کی بات کریں تو ہنسی آتی ہے ان کا ماضی سب جانتے ہیں اس لیے مریم نواز کسی کی ذاتی معاملات میں نہ آئیں تو بہتر ہے ورنہ باتیں دور تک جائیں گی.

    سربراہ عوامی مسلم لیگ نے آئندہ الیکشن کے منظر نامے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مختلف قسم کے اتحاد بنیں گے البتہ کامیابی صرف عوامی سیاست کرنے والوں کو ہی ملے گی.

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ خواہش ہے عمران خان اسلامی قوتوں کو آئندہ الیکشن میں اپنے ساتھ ملالیں اور اس طرح بھرپور طاقت کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کا صفایا کردیا جائے.

  • کلبھوشن کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے، حکومت نے کیس درست نہیں لڑا، شیخ رشید

    کلبھوشن کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے، حکومت نے کیس درست نہیں لڑا، شیخ رشید

    ملتان : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے وہ بھارت کا حاضر سروس نیوی افسر اور جاسوس تھا جو پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کا ذمہ دار ہے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں‌ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گرد کی اُس کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرانا بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بین الااقوامی قوانین کے احترام کا مظہر ہے اور پاکستان ہمیشہ سے ان اعلیٰ روایات کا امین رہا ہے.

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گو اقوام متحدہ میں کلبھوشن کے معاملے پر حکومت نے بے ایمانی کی اور جنیوا میں کلبھوشن کا کیس ٹھیک نہیں لڑا تاہم جنیوا قانون کے مطابق ملاقات کرانا مثبت قدم ہے لیکن دہشت گردوں اورملک دشمن جاسوسوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے.

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی ملاقات کامیاب ہوگی جس کے مثبت نتائج ملیں گے اور قوم کو نئی خوشخبری ملے گی چنانچہ اب پوری قوم لاہور جانے کے لیے تیار ہو جائے جہاں سے کرپٹ حکمرانوں کا جنازہ نکلے گا.

  • طاہر القادری نے 28 دسمبر کو کُل جماعتی کانفرنس طلب کرلی

    طاہر القادری نے 28 دسمبر کو کُل جماعتی کانفرنس طلب کرلی

    لاہور : سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 28 دسمبر کو کُل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کر رہے ہیں جہاں اپنا لائحہ عمل پیش کرکے دیگر سیاسی جماعتوں سے رائے لیں گے.

    اس بات کا اعلان انہوں نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 28 دسمبر کو ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں ملک کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو مدعو کریں گے اس موقع پر شیخ رشید نے اے پی سی میں شرکت اور مکمل تائید کا اعلان بھی کیا.

    طاہر القادری کا کہنا تھا کہ باقرنجفی رپورٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ پولیس افسران حقائق بتانے کو تیار نہیں تھے اور میری اطلاعات کے مطابق بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن مکمل منصوبہ بندی اور پنجاب حکومت کی آشیرباد سے برپا کیا گیا جس کے لیے 45 تھانوں کی نفری اور نشانہ باز بلوائے گئے تھے.

    انہوں نے مزید بتایا کہ خود سرکاری ریکارڈ میں درج ہے کہ پنجاب بھر سے 809 شوٹرز اوراسنائپرز کو ماڈل ٹاون لایا گیا چنانچہ یہ طے ہے کہ اتنا بڑا آپریشن وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے بغیرہو ہی نہیں سکتا تھا اس لیے مطالبہ کرتے ہیں کہ 31 دسمبر سے پہلے شہبازشریف اور رانا ثنا مستعفی ہوں.

    اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے طاہر القادری کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس کی حمایت کرتے ہوئے اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی اور قصاص کے حصول کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے ہمراہ جدوجہد کا اعلان بھی کیا.

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شریف برادران ڈبل گیم کھیل رہے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ملک میں رام اور شام کی فلم چل رہی ہے،نوازشریف عالمی ایجنڈے پر چل کر تباہی چاہتے ہیں اب بہت ہوگیا ہے یہ روزروز کا مذاق ختم ہوجانا چاہیے.

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنی حمایت کے لیے 9.3 بلین روپے بانٹے ہیں جو کیپٹن صفدر، شیخ آفتاب اورایک سینیٹر کے ذریعے تقسیم کیے گئے اور وکٹوں کے دونوں جانب کھیلنے والے خاقان عباسی نے جتنا خفیہ فنڈ بانٹا ہے اتنا تو اسحاق ڈارنے بھی تقسیم نہیں کیا تھا.

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان ڈاکٹر طاہر القادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں شریف خاندان عدالتوں میں تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے اگر کو اسحاق ڈار کرپشن سے پاک ہیں تو انہیں وطن واپس آکر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے.

    شہبازشریف کے وزیراعظم بننے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں طاہر القادری نے کہا کہ شریف برادران ایک ہی جسم کے دو چہرے ہیں اس لیے اگر نوازشریف ہٹے اور شہبازشریف آ جائیں تو ظلم کے راج پر کوئی فرق نہیں پڑے گا.

  • تفصیلی فیصلے نے شریف خاندان کا پوسٹ مارٹم کردیا، شیخ رشید

    تفصیلی فیصلے نے شریف خاندان کا پوسٹ مارٹم کردیا، شیخ رشید

    راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اخلاقیات شریف خاندان کے قریب سے بھی نہیں گذری ہے وگرنہ تفصیلی فیصلہ آجانے کے بعد انہیں شرم سے ڈوب مرجانا چاہیئے تھا.

    وہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے پر ردعمل دے رہے تھے انہوں نے کہا کہ میں نے کہا کہ شریف خاندان کےمستقبل پرانا للہ وانا الیہ راجعون پڑھ لیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب شریف خاندان پناہ ڈھونڈتا پھرے گا.

    شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے ان کواس نہج پر پہنچادیا ہے کہ کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں اور میرے بارہا مشورے دینے کے باوجود کسی سینیئر رہنما کے بجائے مریم نواز کو آگے کیا گیا جس کا خمیازہ پوری مسلم لیگ (ن) کو بھگتنا پڑے گا.

     یہ پڑھیں : نوازشریف نے جان بوجھ کر اثاثے چھپائے، عدالت کا تفصیلی فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ تفصیلی فیصلے نے آج شریف خاندان کا پوسٹ مارٹم کردیا ہے اور اب اس معاملے میں جنہیں تھوڑا بہت شک و شبہ تھا بھی وہ بھی نہیں رہے گا.

    شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ شریف خاندان کے کرپشن کا تابوت سپریم کورٹ سے نکلے گا اور آج تفصیلی فیصلہ آنے سے لگتا ہے کہ یہ بات پوری ہونے جا رہی ہے.

    خیال رہے سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز کیس کا 23 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کی نااہلی سےمتعلق حقائق غیرمتنازع تھے، افسوس کی بات ہے کہ نواشریف نے بد دیانتی کے ساتھ جھوٹا بیان حلفی دے کر پارلیمنٹ، عوام اور عدالت کو بے وقوف بنایا اور دھوکہ دہی کے مرتکب ہوئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نوازاور شہبازشریف کے بچوں میں اختلافات حل ہونے والے نہیں، شیخ رشید

    نوازاور شہبازشریف کے بچوں میں اختلافات حل ہونے والے نہیں، شیخ رشید

    راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف کے بچوں میں لڑائی پرانی ہے جس میں اب شدت آچکی ہے اور مریم نواز نے اس میں بڑا کردار ادا کیا ہے.

    وہ عدالت سے باہر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان کی عادت ہے کہ کام پڑنے پر وہ پیروں میں گر جاتے ہیں اور جب کام نکل جاتا ہے تو گلے پڑتے ہیں.

    سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ نواز و شہباز کے بچوں میں اختلافات حل ہونے والے نہیں کیوں کہ بڑا بھائی اپنے چھوٹے بھائی پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں اور تجربہ کار بھائی کے بجائے کل کی لڑکی کو پارٹی کی باگ دوڑ تھما دی ہے جس کے نقصانات سامنے آ رہے ہیں.

    شیخ رشید نے بتایا کہ انتخابی اصلاحات بل کے خلاف پٹیشن پر عدالت کے اعتراضات دور کرکے سپریم کورٹ میں دوبارہ داخل کرا دی ہے اور جمہوریت پر قدغن لگانے کے خلاف تمام سازشوں کو تار تار کریں گے جس کے لیے اگر روز عدالت آنا پرا تو ضرور آؤں گا لیکن جمہوریت کی پیٹھ پر چھرا برداشت نہیں کروں گا.

    انہوں نے کہا کہ اگر حدیبیہ کیس کھل جاتا ہے تو پورا ٹبر جیل جائے گا کیوں کہ اس کیس میں شواہد بھی موجود ہیں اور گواہان بھی موجود ہیں اور عدالتی فیصلہ بھی سب کے سامنے ہے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • بھارتی تاجر کی وزیراعظم سے خفیہ ملاقات حساس معاملہ ہے، شیخ رشید

    بھارتی تاجر کی وزیراعظم سے خفیہ ملاقات حساس معاملہ ہے، شیخ رشید

    راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سجن جندال جیسے لوگ شاپنگ کے لیے نہیں بلکہ وزیراعظم سے ملنے آئے ہیں جسے خفیہ رکھنا مزید شکوک و شبہات پیدا کر رہا ہے۔

    شیخ رشید اے آر وائی نیوز کی اینکرز سے گفتگو کے دوران معروف بھارتی تاجر سجن جندال اور وزیراعظم شریف کے درمیان خفیہ ملاقات پر ردعمل دے رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیا کر رہے ہیں یہ میری سمجھ میں نہیں آرہا وہ ایسے کام کر رہے ہیں جو چھپائے نہیں جا سکتے اور اس سے نوازشریف بند گلی میں داخل ہوکر اپنے لیے مسائل کھڑے کر رہے ہیں۔


    *وزیراعظم نوازشریف سےبھارتی اسٹیل ٹائیکون کی ملاقات


    شیخ رشید نے کہا کہ ملکی حالات کیسے ہیں اور سجن جندال جیسے لوگوں کا آنا سمجھ سے باہر ہے اور ایسے معاملات خفیہ نہیں رکھے جا سکتے کیوں کہ میڈیا آزاد ہے اور پاکستانی باخبر قوم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اس وقت ضد کے عالم میں ہیں اور پاناما لیکس پر نوازشریف عالمی حمایت حاصل کرنے کے لیے پر تول رہے ہیں کہیں یہ خفیہ ملاقات اسی کا شاخسانہ تو نہیں ؟ لیکن میں انہیں کہنا چاہتا ہوں کہ پاناماکیس میں عالمی حمایت کے باوجود نہیں نکل سکتے۔

    واضح رہے کہ معروف بھارتی بزنس مین سجن جندال اپنے اہل خانہ کے ہمراہ وزیراعظم سے ملنے پاکستان آئے ہیں تاہم اس بات کی کسی کو کان و کان خبر نہ ہونے دی گئی تھی بعد ازاں میڈیا نے اس خفیہ ملاقات بھانڈہ پھوڑا تو وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو ٹوئٹ میں تصدیق کرنا پڑی۔

  • پاناما کیس برصغیر کا سب سے بڑا فیصلہ ہوگا، شیخ رشید

    پاناما کیس برصغیر کا سب سے بڑا فیصلہ ہوگا، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے پاناما کیس کا فیصلہ برصغیر کی تاریخ کا سب سے بڑا فیصلہ ہو گا جب کہ حدیبیہ کیس میں اسحاق ڈار کوبھی مستعفیٰ ہونا پڑے گا۔

    وہ اے آر وائی نیوز کے معروف پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ ایسا آئے گا جسے تمام فریقین کوقبول کرنا ہوگا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قطری شہزادے کا خط اگر قانون کا حصہ بن جائے یا اسے ثبوت کے طور پر استعمال کیے جانے کی اجازت حاصل ہو جائے تو پھر سارے نظام کا ہی دھڑن تختہ ہو جائے گا۔

     اسی سے متعلق : پاناما کیس کے فیصلے کی تاریخ کا اعلان

    انہوں نے کہا کہ عدالت کا جوبھی فیصلہ آئے گا اسے دل سے قبول کروں گا اور انشااللہ اس فیصلے سے کرپشن کا تابوت نکلے گا جس کے بعد کرپٹ سیاست منوں مٹی تلے دب جائے گی۔

    شیخ رشید نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور مالی کرپشن میں ملوث ہونے پر اب تک 21 رہنماؤں کو نا اہل قراردیا جا چکا ہے اور پاناما کیس میں میگا کرپشن کے سامنے آنے پر امید ہے کہ دنیا کے 22 ویں نا اہل رہنما نوازشریف ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں خریدے گئے فلیٹ کے بارے میں ثابت ہو چکا ہے کہ یہ قطری شہزادوں کے فلیٹ نہیں ہیں بلکہ نواز شریف کے ذاتی فلیٹ ہیں جو انہوں نے اپنے بچوں کے نام پرخریدے تاکہ پکڑ میں نہ آسکیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ 20 اپریل کو آئے گا جس پر خوشی ہے کہ قوم تذبذب کا شکار تھی اور اس فیصلے سے پاکستان میں انصاف جیتےگا جس سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور  پاکستان انشا اللہ اور آگے بڑھے گا۔

  • آئندہ الیکشن ’’گو نواز گو‘‘ نعرے کے ساتھ لڑیں گے، شیخ رشید

    آئندہ الیکشن ’’گو نواز گو‘‘ نعرے کے ساتھ لڑیں گے، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ ایک ہفتے میں آجائے گا اور اسے سب کو ماننا بھی پڑے گا جو اکڑے گا وہ مار کھائے گا اور آئند الیکشن ’’گو نواز گو‘‘ کے ساتھ لڑیں گے۔

    وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’ دی رپورٹرز‘‘ میں گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ ہمارے خلاف بھی آیا تو ہم تسلیم کریں گے۔


    شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ الیکشن کوئی عام الیکشن نہیں ہوں گے قذافی اسٹیڈیم میں گو نواز گو ہوا اور اگلا الیکشن اسی بنیاد پر لڑیں گے اور پاکستان نے کرپٹ سیاست دانوں کو آوٹ کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعدرفیق، عابدشیرعلی اور راناثناء اللہ جیسےلوگ ملک نہیں چلا سکتے اس لیئے اب جو کچھ ہوگا وہ 2017 میں ہی ہوگا اور 2018 تک نوبت نہیں آئے گی۔

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ لوگ ذہنی طور پر ماننےکو تیار نہیں کہ لندن کے فلیٹ قطری شہزادے کی ملکیت تھے اور انہوں نے بہ طور سیٹلمنٹ شریف خاندان کو دیئے تھے یہ جھوٹ زیادہ اثر نہیں چلے گا اور ان کے پاس اب بچت کا کوئی راستہ نہیں رہا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو چاہیئے کہ بلاول بھٹو کو مکمل اختیار اور فری ہینڈ دے دیں اس سے ان کی پارٹی مضبوط ہو گی اور عوام میں مقبولیت حاصل کرسکے گی۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ موجودہ سسٹم میں اتنی طاقت نہیں کہ جمہوری ڈکٹیٹر شپ سے ملک کو نجات دے سکے اس لیے ایسے بوسیدہ نظام کئ خلاف عوام کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا تاکہ نئی صاف ستھری قیادت آ سکے۔

    شیخ رشید نے راناثناءاللہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے راناثناءاللہ کو مارکیٹنگ کے لیے رکھ رکھا ہے ایسی سستی شہرت کا حصول وہی لوگ چاہتے ہیں جن کی جڑیں عوام میں نہیں اور جن کی کارکردگی صفر ہے۔