Tag: سربراہ پاک بحریہ

  • پاکستان نیول اکیڈمی میں مڈشپ مین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

    اسلام آباد : پاکستان نیول اکیڈمی میں مڈشپ مین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوی سمندری حدود کی حفاظت کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی میں ایک سو اکیسویں مڈشپ مین کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    70مڈشپ مین اور28ایس ایس سی کیڈٹس فارغ التحصیل ہوئے، بہترین کارکردگی پر کیڈٹس کو مختلف اعزازات سے نوازا، لیفٹیننٹ نویداحمد کومجموعی بہترین کارکردگی پر قائداعظم گولڈمیڈل دیاگیا جبکہ مڈشپ مین عبداللہ وحید نے اعزازی شمشیر، مڈشپ مین آفتاب احمد نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔

    اسی طرح آفیسر کیڈٹ محمد خبیب کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل اور سری لنکا سےتعلق رکھنےوالےآفیسرکیڈٹ کوچیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل دیاگیا۔

    سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب میں کرتے ہوئے کہا مڈشپ مین اور شارٹ سروس کمیشن کو کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان نیول اکیڈمی معیاری تربیت فراہم کرتی ہے اور امید ہے دوست ممالک کے کیڈٹس تعلقات کےفروغ کیلئے کردار ادا کریں گے۔

    ایڈمرل نوید اشرف کا کہنا تھا کہ بحر ہند اپنی جیو اسٹرٹیجک خصوصیات اور مختلف ہاٹ اسپاٹ کی وجہ سے ممکنہ تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اپنی سرزمین کیخلاف شدت پسندانہ سوچ اور جارحیت سے ہر قیمت پر نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

    نوید اشرف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کوکثیرالجہتی چیلنجزکاسامناہے , پاکستان نیوی سمندری حدود کی حفاظت کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور اسٹیٹ آف دی آرٹ پلیٹ فارمز سے لیس ہے۔

  • سمندروں کیلئے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے نئے اور جدید حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، نیول چیف

    سمندروں کیلئے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے نئے اور جدید حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، نیول چیف

    اسلام آباد: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ سمندروں کیلئے بڑھتےہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے نئے اور جدید حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی یومِ بحر کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ رواں سال عالمی یوم بحر کا موضوع ہے ’’کرہ بحر:لہریں بدل رہی ہیں”، اس دن کامقصدسمندروں کوبہتر حالت میں برقراررکھنا، ماحول کاتوازن برقراررکھنےکیلئےاقدامات کرناہے۔

    نیول چیف کا کہنا ہے کہ سمندروں کیلئےبڑھتےہوئےخطرات سے نمٹنے کیلئےنئےاورجدیدحل تلاش کرنےکی ضرورت ہے، پاک بحریہ سمندری وسائل کے محفوظ اور دیرپا استعمال کے فروغ میں اپنا کرداربخوبی نبھارہی ہے۔

    ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ ہم سمندروں کو پہنچنے والے نقصان سے بچاؤ، اس کاازالہ کرنے کیلئے اپنےعزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

    خیال رہے آج سمندروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن منانے کا مقصد سمندروں کی اہمیت،آبی حیات کا تحفظ اور سمندری آلودگی کے بارے میں شعور اجاگرکرنا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں دن بہ دن سمندری الودگی میں اضافہ ہورہا ہے جو نہ صرف ابی حیات بلکہ ماحول کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔

    اوشین ڈے کے موقع پر ملک بھر میں آگاہی کیلئے سمینارز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

  • آبدوز ہنگور کا واقعہ نہ ہم  بھولے ہیں اور نہ ہی ہمارا دشمن بھول سکتا ہے، سربراہ پاک بحریہ

    آبدوز ہنگور کا واقعہ نہ ہم بھولے ہیں اور نہ ہی ہمارا دشمن بھول سکتا ہے، سربراہ پاک بحریہ

    اسلام آباد: نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ آبدوز ہنگور نے کرپان کو مفلوج کرکے تاریخ رقم کی تھی ، نہ ہم یہ دن بھولے ہیں اور نہ ہی ہمارا دشمن بھول سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گولڈن جوبلی ہنگور ڈے پر نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 50 سال قبل آبدوز ہنگور نے بھارتی جہاز کُکری کو سمندر برد کیا۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ آبدوز ہنگور نے کرپان کو مفلوج کرکے تاریخ رقم کی تھی، جنگ عظیم دوئم کے بعد آبدوز سے بحری جہاز تباہ کرنے کا پہلا واقعہ ہے، نہ ہم یہ دن بھولے ہیں اور نہ ہی ہمارا دشمن بھول سکتا ہے۔

    ایڈمرل محمدامجدخان نیازی نے کہا کہ واقعہ حربی تکنیکی مہارت کی بہترین مثال ہے اور پاک بحریہ کےغیر متزلزل عزم کابھی عملی نمونہ ہے، یہ دن ہمیں ہنگور کے عملے کی بہادری، استقامت اور جذبے کی یاد دلاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیشہ وارانہ مہارت ،لگن کے ذریعے تمام مشکلات کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور اپنی سرحدی سالمیت کومحفوظ رکھ سکتے ہیں۔

    سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ آبدوزوں کے حصول کا منصوبہ سرفہرست ہے، مستقبل میں 8 ہنگور کلاس آبدوزیں ہنگور کی میراث کو آگے لیکر چلیں گی، پانچویں ہنگور کلاس آبدوز کا نام پاک بحریہ آبدوز تسنیم رکھا جائے گا۔

    ایڈمرل محمدامجدخان نیازی نے بتایا کہ نئی آبدوز تاریخی واقعے کی آبدوز ہنگور کے کمانڈنگ آفیسرکےنام پرہے، فلیٹ اورسب میرین اسکواڈرن کو شاندار خدمات پرمبارکبادپیش کرتا ہوں، مادر وطن کی حفاظت کےلیےتمام خطرات سےنمٹنےکے لیے تیار ہیں۔

    یاد رہے سنہ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں بھارتی بحریہ کو ناکوں چنے چبوانے والی آب دوز کی یاد میں آج ’ ہنگور ڈے‘ منایا جارہاہے

  • ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات

    ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات

    اسلام آباد: ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

    معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔

    بعد ازاں ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے پاک بحریہ کے سربراہ سے بالمشافہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں سمندری سلامتی، امن کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

    بعد ازاں معزز مہمان کو بریفنگ دی گئی جس میں انہیں آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا گیا۔

    معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر ایرانی بحریہ کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

  • نیول چیف سے کمانڈر امریکن سینٹرل نیول کمانڈ کی ملاقات

    نیول چیف سے کمانڈر امریکن سینٹرل نیول کمانڈ کی ملاقات

    اسلام آباد: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے کمانڈر امریکن سینٹرل نیول کمانڈ جیمز مولے کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کمانڈر امریکن سینٹرل نیول کمانڈ جیمز مولے کی نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد ہوئی۔ اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے جیمز مالے کی ملاقات ہوئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بحر ہند میں سمندری تحفظ اور دو طرفہ بحری تعاون سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

    اس سے قبل نیول چیف نے سعودی عرب میں انٹرنیشنل میری ٹائم فورم میں شرکت کی تھی جہاں کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ان کی ملاقات ہوئی تھی۔

    ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔

    قبل ازیں برطانیہ کے سرکاری دورہ کے دوران نیول چیف نے فرسٹ سی لارڈ آف رائل نیوی اور اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • نیول چیف کی سعودی ہم منصب سے ملاقات

    نیول چیف کی سعودی ہم منصب سے ملاقات

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سعودی عرب میں انٹرنیشنل میری ٹائم فورم میں شرکت کی، نیول چیف نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے بھی خصوصی ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ نیول چیف نے پہلے سعودی انٹرنیشنل میری ٹائم فورم میں شرکت کی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کو فورم کے دوسرے سیشن کا مہمان اعزازی بنایا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے فورم سے خطاب بھی کیا۔

    ترجمان کے مطابق 3 روزہ انٹرنیشنل فورم میں 13 ممالک کی بحری قیادت شرکت کر رہی ہے، فورم کے دوران علاقائی سمندری تحفظ پر بات چیت ہوئی جبکہ سمندری ماحول میں تبدیلی کے اثرات اور میری ٹائم انڈسٹری کو درپیش چیلنجز پر بھی بات ہوئی۔

    نیول چیف نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے بھی خصوصی ملاقات کی جبکہ فورم میں شریک دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔

    اس سے قبل نیول چیف نے برطانیہ کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ اپنے دورہ برطانیہ کے دوران انہوں نے فرسٹ سی لارڈ آف رائل نیوی اور اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نیول چیف کو برطانیہ رائل نیول کالج میڈل بھی تفویض کیا گیا۔ لندن میں انہوں نے اسٹریٹجک راؤنڈ کانفرنس میں شرکت کی اور نیشنل میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔

  • نیول چیف کی دورہ قطر کے آخری روز اہم ملاقاتیں

    نیول چیف کی دورہ قطر کے آخری روز اہم ملاقاتیں

    دوحہ: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے دورہ قطر کے آخری روز اہم ملاقاتیں کیں اور جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں خصوصی خطاب کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے دورہ قطر کے آخری روز کمانڈر قطر ایئر فورس اور کمانڈنٹ جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ نیول چیف نے دونوں ممالک کی افواج کے مابین رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

    سربراہ پاک بحریہ نے جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں کورس کے شرکا سے خصوصی خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں نیول چیف نے دنیا اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کا احاطہ کیا اور اس تناظر میں باہمی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

    نیول چیف نے اپنے خطاب میں کردار کی پختگی، اللہ پر کامل یقین اور سنت رسول کی پیروی کو مسلم امہ کے بلند مقام کے دوبارہ حصول سے مشروط کیا۔

    اس سے قبل اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے قطری وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصیر سے بھی خصوصی ملاقات کی تھی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نیول چیف نے قطری چیف آف اسٹاف سمیت کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات سمیت میری ٹائم وار فیئر اینڈ ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا تھا۔

    سربراہ پاک بحریہ نے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بھی اجاگر کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

  • پاک بحریہ نے3سال میں مینگروز کے40لاکھ پودے لگائے، ایڈمرل ظفر محمود عباسی

    پاک بحریہ نے3سال میں مینگروز کے40لاکھ پودے لگائے، ایڈمرل ظفر محمود عباسی

    کراچی : سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا کہنا ہے کہ سماجی اقتصادی ترقی اور پائیدار ایکو سسٹم کیلئے جنگلات کا اُگاﺅ نہایت ہی اہم ہے۔

    یہ بات انہوں نے شجرکاری مہم دو ہزارانیس کے سلسلے میں جاری ایک پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے تین سال کے دوران ساحلی پٹی میں مینگروز کے چالیس لاکھ پودے اُگائے اور ملک بھر میں پاک بحریہ کی یونٹس نے سات لاکھ درخت لگائے۔

    سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان میں شجر کاری کی مہمات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران پاک بحریہ کے تمام یونٹس ہزاروں کی تعداد میں پودے لگائیں گے۔

    مزید پڑھیں :’’ ایک پودا پاکستان کے لیے‘‘  وزیر اعظم کل شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے

    ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے شہریوں سے پاک بحریہ کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرے اور بہتر ماحول کو ممکن بنانے کیلئے کم ازکم ہرفرد ایک درخت لگانے کا عہد کرے۔

  • وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک بحریہ کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک بحریہ کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک بحریہ نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمندری حدود کی حفاظت کے لیے پاک نیوی کا کردار قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ملکی سلامتی اور پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

    اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمندری حدود کی حفاظت کےلیے پاک نیوی کا کردار قابل تحسین ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف کی ملاقات

    گزشتہ وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ خطےمیں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے الیکشن جیتنے، نئی حکومت بننے اور عمران خان کے بطور وزیر اعظم حلف اٹھانے کے بعد دونوں شخصیات کی یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔

  • پاکستان کا کوسٹل ایریا آنے والے وقت کا دبئی ہوگا: سربراہ پاک بحریہ

    پاکستان کا کوسٹل ایریا آنے والے وقت کا دبئی ہوگا: سربراہ پاک بحریہ

    لاہور: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا کوسٹل ایریا آنے والے وقت کا دبئی ہوگا۔ ملکی وسائل کا صحیح استعمال نہیں کیا جا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر میں اسکول کی تعمیر پر مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ ضرورت ہے پاکستان کے وسائل کو بنیادی معیشت میں لایا جائے۔ وسائل شامل کر کے ہم اپنی جی ڈی پی کو دگنا اور سہ گنا کر سکتے ہیں۔

    نیول چیف نے کہا کہ میری ٹائم کی ترقی اور اسے بنیادی دھارے میں لانا ضروری ہے۔ ترقی یافتہ ممالک نے ترقی کا آغاز جہاز سازی سے کیا۔ ’ہم نے سنہ 1950 میں ایک شپ یارڈ بنایا وہ آج بھی کام کر رہا ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں مزید ایک سے زیادہ شپ یارڈز کی ضرورت ہے۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں ساحلی سیاحت کے بہت مواقع ہیں۔ میری ٹائم میں بہت پوٹینشل ہے اسے آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے سوشل امپاورمنٹ کے لیے بھی بہت کام کیے ہیں۔

    نیول چیف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ پاکستان کا کوسٹل ایریا آنے والے وقت کا دبئی ہوگا۔ ملکی وسائل کا صحیح استعمال نہیں کیا جا رہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔