Tag: سربراہ ڈنشا آواری

  • کراچی : معروف ہوٹل کے مالک اور خاندان کو دھمکیاں موصول،  ڈیجیٹل کرنسی میں رقم طلب

    کراچی : معروف ہوٹل کے مالک اور خاندان کو دھمکیاں موصول، ڈیجیٹل کرنسی میں رقم طلب

    کراچی: معروف ہوٹل بزنس مالک اور ان کے خاندان کو ای میل کے ذریعے دھمکیاں موصول ہوئیں ، جس میں ڈیجیٹل کرنسی میں رقم طلب کی گئی ہے،تاہم ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں معروف ہوٹل بزنس کے مالک اور ان کے خاندان کو ملنے والی دھمکیوں پر ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    نامعلوم افراد نے ای میل کے ذریعے دھمکی آمیز پیغام میں ڈیجیٹل اور غیر ملکی کرنسی میں رقم طلب کی ہے، آواری گروپ سے نامعلوم افراد نے بذیعہ ای میل دو سو بٹ کوائن طلب کیے ہیں اور نہ دینے کی صورت میں ڈنشا آواری اور ان کے اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔

    بٹ کوائن منتقل کرنے کے لئے ایڈریس بھی فراہم کیا گیا ہے، چودہ نومبر کو ای میل کی گئی اور ایک ہفتے کا وقت دیا گیا تاہم دو روز بعد سولہ نومبر کو ایک نئے ای میل ایڈریس سے یاددہانی کی ای میل کی گئی۔

    اٹھائیس نومبر کو ایک اور نئے اکاؤنٹ سے ای میل کی گئی اور بٹ کوائن کی تعداد دوسو کے بجائے ساٹھ کردی گئی ہے۔

    ہوٹل بزنس گروپ کی جانب سے شکایت پر ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی ہے، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے ای میل آئی ڈی اور پیغامات پر مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔

    ہوٹل بزنس گروپ کے سربراہ ڈنشا آواری کے مطابق گروپ کی جانب سے فوری طور پر ایف آئی اے میں شکایت درج کرائی گئی جبکہ سی پی ایل سی بھی آن بورڈ ہے ، اس سلسلے میں متعلقہ حکام کارروائی کررہے ہیں اور اب تک کی کارکردگی سے وہ مطئمن ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ طرز عمل بلیک میلنگ ہے کوئی انہیں بلیک میل کررہا ہے، قانونی راستہ اختیار کیا ہے، مزید تحقیقات میں ہی صورت حال واضح ہوسکے گی۔